ہفتہ، 28 نومبر 2026ء18 جمادی الثانی، 1448 ہجریھ
بریکنگ نیوز
تاریخِ پسرور (قسط 16): باب سیزدہم — مکمل کتابیات، 46 مطبوعہ، 5 قلمی اور 15 انگریزی مآخذ — صفحات 320 تا 328پنجاب: ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں 30 دن کی توسیعلاہور: سیف سٹی پولیس نے دس سال سے لاپتہ خاتون کے اہلخانہ سے ملوادیامنشیات فروش معاشرے کا ناسورپی ایس ایل 12: ٹم پین ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ برقرارمنشیات فروش معاشرے کا ناسورشہری گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک لگائیں، لاہور میں اعلاندھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریںسیالکوٹ پولیس پنک موبائل پولیس اسٹیشن وین آج چاند چوک علاقہ حاجی پورہ میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیںسیالکوٹ پولیس بلیو موبائل پولیس اسٹیشن وین آج گاوں بونکن علاقہ تھانہ مراد پور میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیںتاریخِ پسرور (قسط 16): باب سیزدہم — مکمل کتابیات، 46 مطبوعہ، 5 قلمی اور 15 انگریزی مآخذ — صفحات 320 تا 328پنجاب: ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں 30 دن کی توسیعلاہور: سیف سٹی پولیس نے دس سال سے لاپتہ خاتون کے اہلخانہ سے ملوادیامنشیات فروش معاشرے کا ناسورپی ایس ایل 12: ٹم پین ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ برقرارمنشیات فروش معاشرے کا ناسورشہری گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک لگائیں، لاہور میں اعلاندھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریںسیالکوٹ پولیس پنک موبائل پولیس اسٹیشن وین آج چاند چوک علاقہ حاجی پورہ میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیںسیالکوٹ پولیس بلیو موبائل پولیس اسٹیشن وین آج گاوں بونکن علاقہ تھانہ مراد پور میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیںتاریخِ پسرور (قسط 16): باب سیزدہم — مکمل کتابیات، 46 مطبوعہ، 5 قلمی اور 15 انگریزی مآخذ — صفحات 320 تا 328پنجاب: ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں 30 دن کی توسیعلاہور: سیف سٹی پولیس نے دس سال سے لاپتہ خاتون کے اہلخانہ سے ملوادیامنشیات فروش معاشرے کا ناسورپی ایس ایل 12: ٹم پین ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ برقرارمنشیات فروش معاشرے کا ناسورشہری گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک لگائیں، لاہور میں اعلاندھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریںسیالکوٹ پولیس پنک موبائل پولیس اسٹیشن وین آج چاند چوک علاقہ حاجی پورہ میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیںسیالکوٹ پولیس بلیو موبائل پولیس اسٹیشن وین آج گاوں بونکن علاقہ تھانہ مراد پور میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیںتاریخِ پسرور (قسط 16): باب سیزدہم — مکمل کتابیات، 46 مطبوعہ، 5 قلمی اور 15 انگریزی مآخذ — صفحات 320 تا 328پنجاب: ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں 30 دن کی توسیعلاہور: سیف سٹی پولیس نے دس سال سے لاپتہ خاتون کے اہلخانہ سے ملوادیامنشیات فروش معاشرے کا ناسورپی ایس ایل 12: ٹم پین ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ برقرارمنشیات فروش معاشرے کا ناسورشہری گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک لگائیں، لاہور میں اعلاندھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریںسیالکوٹ پولیس پنک موبائل پولیس اسٹیشن وین آج چاند چوک علاقہ حاجی پورہ میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیںسیالکوٹ پولیس بلیو موبائل پولیس اسٹیشن وین آج گاوں بونکن علاقہ تھانہ مراد پور میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں
تاریخ•20 نومبر 2026•وقت اشاعت: دوپہر 12:59
🇬🇧 English

تاریخِ پسرور (قسط 8): باب ہشتم — مساجد، مندر، گوردوارے، شاہی تالاب اور مزارات — صفحات 133 تا 161

ڈاکٹر سید سلطان محمود حسینمصنفِ تاریخِ پسرور و ماہرِ اقبالیات
تاریخِ پسرور (قسط 8): باب ہشتم — مساجد، مندر، گوردوارے، شاہی تالاب اور مزارات — صفحات 133 تا 161
مطالعہ کی سہولیات:
ک

کتاب: تاریخِ پسرور (مستند دستاویزی اشاعت)

مصنف: ڈاکٹر سید سلطان محمود حسین (ماہرِ اقبالیات، سوانح نگار و مؤرخ) | ناشر: سنگ میل پبلی کیشنز، لاہور

کتاب کا حوالہ صفحہ نمبر: صفحات 133 تا 161 | سلسلہ اشاعت: قسط 8 از 16

تعارفِ مصنف و دیگر تصانیف: ڈاکٹر سید سلطان محمود حسین کا شمار پاکستان کے بلند پایہ محققین اور سوانح نگاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے بالخصوص علامہ محمد اقبال اور خطۂ پنجاب کے علمی و تاریخی ورثے پر بیش بہا کتب تصنیف کیں۔ ان کی دیگر معروف تصانیف میں 'علامہ اقبال کے استاد شمس العلماء مولوی سید میر حسن: حیات و افکار' (مجلس ترقی ادب)، 'اقبال کی ابتدائی زندگی' (اقبال اکادمی پاکستان، 1986ء)، 'تعلیقاتِ خطباتِ گارساں دتاسی' (پی ایچ ڈی مقالہ، مجلس ترقی ادب)، اور 'اردو کی نثری تاریخ میں سرسید کا مقام' شامل ہیں۔ یہ کتاب تاریخِ پسرور پر سب سے مستند اور معتبر ماخذ تسلیم کی جاتی ہے۔

(i) آئین اکبری۔ ابوالفضل۔ تصحیح ایچ بلخمن۔ ایشیاٹک سوسائٹی آف بنگال 1872ء صفحات 279، 377

(ii) آئین اکبری۔ تصحیح سر سید احمد خاں۔ جلد اول، ص 244

(iii) تاریخ ہندوستان ذکاء اللہ۔ علی گڑھ۔ جلد 5 ص 61

(iv) AIN-AKBARI - COL. H. S. JARRET. CALCUTTA. 1891, VOL = 2, P = 111

(v) تشریحات کے لیے جان شیکسپیر کی ہندوستانی انگریزی لغت مطبوعہ 1834ء

2- رپورٹ مجموعی انتظام ملک پنجاب وغیرہ لاہور۔ 62-63ء و 70-1871ء

3- سیالکوٹ ڈسٹرکٹ گزٹیر 84-1883ء لاہور صفحہ 9

4- ایضاً صفحہ 4، 3، لاک ووڈ کپلنگ پرنسپل لاہور آرٹ کالج لاہور نے بھی اپنی رپورٹ میں اس کا ذکر کیا ہے۔

5- سیالکوٹ ڈسٹرکٹ گزٹیر 1920ء جلد 23-A لاہور 1921ء صفحہ 376، 373-126

باب 8

عبادت گاہیں — مساجد

پسرور روزِ اول ہی سے ہنود کا مسکن رہا ہے۔ ان کی قدیم ترین عبادت گاہ کون سی ہے؟ کے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ مغل دور سے قبل ہندوؤں اور مسلمان مجاہدین کے درمیان ایک جنگ ہوتی جس میں مشہور و معروف بزرگ شخصیت امام میراں برخوردار اور ان کے بیسیوں ساتھی شہید ہوئے۔ اس کے بعد سے یہاں مسلمان بھی موجود چلے آتے ہیں۔ ظاہر ہے جہاں مسلمان آبادی ہو گی وہاں مسجد بھی ہوگی۔ ان میں سے کون سی مسجد سب سے پہلے تعمیر ہوئی؟ اس کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا مشکل ہے۔ البتہ قرائن یہی ہے کہ:

1- مسلمانوں کی قدیم ترین عبادت گاہ

امام صاحب کے مزار کے قریب کی ہوگی۔ اس کی کرسی زمین سے اونچی ہے ابتدا ہی سے یہ پختہ مسجد چلی آ رہی ہے۔ 1865ء میں یہ خسرہ نمبر 80 میں موجود تھی۔

2- مسجد شاہ جلال بخاری

یہ مسجد حضرت شاہ جلال بخاری کے مزار سے متصل ہے۔ قدیم ترین مساجد میں اس کا شمار ہوتا اس وقت اسے نئی طرز پر تعمیر کیا گیا ہے۔

3- شاہی جامع مسجد

یہ مسجد اکبر اعظم کے دور سے تعلق رکھتی ہے۔ صرف اتنا معلوم ہو سکا ہے کہ کسی مسلم باجوہ نواب نے اسے اکبری دور میں تعمیر کرایا تھا۔ نئی تعمیر شدہ مسجد کی محراب پر یہ تحریر ثبت ہے:۔

سلطنتِ مغلیہ کے دور میں کسی مسلم باجوہ نواب نے تعمیر کی تھی :

اس مسجد کی تعمیر جدید 29 محرم 1378ھ مطابق 26 اگست 1958ء کو عمل میں آئی۔

بابو محمد حسین بن خیر دین بن میاں صابر دین بن امیر بخش روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے میاں صابر دین (المتوفی 1923ء) سے سنا تھا کہ ان کے والد امیر بخش کی رہائش اس مسجد کے قریب تھی۔ صرف ایک مسلم گھرانہ تھا۔ باقی سب سکھوں کے گھر تھے۔ امیر بخش کہتے تھے کہ اس مسجد میں سکھ سردار ہاتھی باندھا کرتے تھے اور مسجد کے کنوئیں میں ہاتھیوں کی لید بھر دیتے تھے سکھوں کے بعد جب انگریز آئے تو امیر بخش نے نول کو کنوئیں کی صفائی کرتے ہوئے خود دیکھا تھا۔ امیر بخش مزید کہتے تھے کہ مغل بادشاہ اکبر اعظم کے عہد میں یہ مسجد تعمیر ہوئی تھی۔ 1865ء کے بندوبست میں یہ خسرہ نمبر 1155 میں واقع تھی۔

مولوی محمد حسین پسروری (مدرس السنہ شرقیہ گورنمنٹ ہائی اسکول پسرور) 1925ء تک اس مسجد میں امامت کے فرائض انجام دیتے رہے سال کی زندگی ہی میں مولانا بشیر احمد نے مئی 1925ء میں یہاں امامت اور درس کا آغاز کیا۔ مولانا صاحب کے دور میں اگست 1950ء میں شدید بارش اور زلزلے کی وجہ سے اس کی مغربی دیوار گر گئی اور اس طرح پوری مسجد کو شہید کر کے نئے سرے سے تعمیر کرنے کا آغاز ہوا۔ سات سال کے طویل عرصہ میں 55 ہزار روپے کے خطیر خرچے سے 1958ء میں مکمل ہوئی۔

بشیر احمد صاحب نے 1939ء میں یہاں 'تعلیم القرآن' نامی مدرسہ قائم کیا جس میں طالب علموں کو قرآن و حدیث اور فقہ کی تعلیم دی جاتی تھی۔ 1965ء میں اس کا نام 'مدرسہ عربیہ حنفیہ قادریہ' رکھا گیا۔ 1975ء سے 'مدرسہ جامعہ حنفیہ' کہا جانے لگا۔ اس وقت یہاں 30 بیرونی طلباء قرآن و حدیث کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ان کی رہائش کے لیے ہوسٹل کی سہولت بھی میسر ہے۔ شہر کے تقریباً 150 طلباء بھی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ تعلیم دینے کے لیے درج ذیل اساتذہ کا تقرر کیا گیا ہے:۔

1- مولوی حافظ عبد الواحد : درجہ کتب عربی

2- مولوی قاری خوشی محمد : حفظِ قرآن مجید

3- قلم کا جان محمد : درجہ ناظرہ قرآن مجید

4- مولوی رشید احمد بن مولانا بشیر احمد : کتب عربی

مسلمان لڑکیوں کو حافظ قاریہ عذرا بیگم حفظ و ناظرہ کی تعلیم دیتی ہیں۔ ان سب اساتذہ کو مجموعی طور پر رہ سو روپیہ ماہوار تنخواہ ادا کی جاتی ہے۔ درس و تدریس اور تحقیق کے لیے مولانا بشیر احمد کا ایک کتب خانہ بھی موجود ہے۔ اس درس گاہ کی زیر نگرانی درج ذیل گاؤں میں بھی مذہبی تعلیم کے ادارے ہیں:۔ لوہار کے، ننگلیاں، مڈہیاں، منڈیکے، بیریاں، تلونڈی بھنڈراں۔

اس وقت مولانا بشیر احمد کے صاحبزادے قاری رشید احمد مسجد کے متولی ہیں۔ مسجد کا طول 40 فٹ اور عرض 55 فٹ ہے۔ اس میں تقریباً 300 مسلمان نماز ادا کر سکتے ہیں۔

4- شاہی مسجد لگے زئیاں

یہ مسجد شیخ عبدالرحیم نے تعمیر کرائی تھی۔ مسجد کی پیشانی پر جو تحریر ثبت ہے، وہ یہ ہے:۔

مسجد ہٰذا بنا کرد است شیخ عبدالرحیم

سال ہجرت یازدہ صد بر چہل آمد فہیم (1140ھ)

بار دیگر شد مرمت سال او کردم نگار

یک ہزار و سہ صد و بر سی و ششم اے ندیم (1336ھ)

ایک دوسری تحریر ملاحظہ ہو:

مسجد عالی مرمت شد ز لطفِ کردگار

از طفیلِ شاہ مرسل رحمتِ پروردگار

سعی و ترمیمش نواز مخدوم عبداللہ خال

شد ز دستِ نعمت اللہ بندۂ پروردگار

شیخ عبدالرحیم لگے زئی خاندان کے ایک نامور فرد تھے۔ ان کی نسل میں سے کئی گھرانے آج بھی پسرور میں موجود ہیں۔

یہ چھوٹی اینٹ کی مسجد ہے۔ نقاشی موجودہ صدی میں حافظ نعمت اللہ نے کی ہے۔ مسجد سے ملحقہ چار کمرے ہیں۔ آج کل ان کمروں میں مستورات نمازِ جمعہ ادا کرتی ہیں۔ ان کے لیے علیحدہ وضو کرنے کا انتظام بھی ہے۔ مسجد گنبد نما ہے۔ گنبد کے اندرونی حصے پر گلکاری کی ہوئی ہے اور اللہ اللہ لکھا ہوا ہے درمیانی گنبد میں اللہ تعالیٰ کے 99 صفاتی نام لکھے ہیں۔ ان کے نیچے رسول اللہ کے 99 صفاتی نام ہیں۔ مسجد کے صحن میں وضو کرنے کے لیے ایک تالاب ہوتا تھا۔ جنوبی جانب مولوی عبداللہ صاحب کے گھوڑوں کے لیے ایک اصطبل بھی تھا جو آج موجود نہیں۔

1865ء کے بندوبست میں یہ مسجد خسرہ نمبر 2149 میں موجود تھی اور مولوی احمد پسر بختیار اس کے امام تھے۔ مسجد کے ساتھ ہی ایک وقف مکان خسرہ نمبر 316 میں واقع تھا جس پر کریم ولد بھولا (تیلی) قابض تھا۔ 1890ء میں مولوی احمد دین کے لڑکے مولوی عبداللہ یہاں امامت کے فرائض انجام دیتے تھے۔ آپ مدتوں یہاں امامت کرتے رہے۔ آپ یہاں بچوں کو قرآن کی تعلیم اور عربی اور فارسی بھی پڑھایا کرتے تھے۔

5- مسجد خیاطاں

رائر اجپوت گھرانے کے لوگ پیشے کے لحاظ سے خیاط تھے۔ ان کے آباؤ اجداد نے اپنے محلے (اندرون شاہ برہن دروازہ) میں ایک پختہ مسجد تعمیر کی تھی جو 1865ء کے بندوبست میں خسرہ نمبر 494 میں واقع تھی اور اس کے ساتھ ایک مکان بھی وقف تھا۔ غلام محمد ولد محمود اس کے متولی تھے۔ یہ مسجد آج بھی آباد ہے۔

6- جامع مسجد حنفیہ رضویہ

منڈی لوہاراں میں یہ مسجد واقع ہے۔ پسرور کے رہنے والے ایک زاہد اور پارسا شخص حافظ غلام قادر نے 1240ھ میں تعمیر کرائی تھی۔ چھوٹی اینٹ کی اس مسجد کو 66-1964ء میں شہید کر کے دوبارہ پختہ بنیادوں پر تعمیر کیا گیا۔ تعمیر پر تقریباً بارہ ہزار روپیہ خرچ ہو چکا ہے۔

حافظ غلام قادر کے بعد ان کے لڑکے شادی خاں، پوتے دل محمد (م: 1916ء) اور پڑپوتے محمد سلیم (م: 1925ء) باقاعدہ امامت کرتے رہے ہیں۔ محمد سلیم کے تین لڑکے ہیں۔ محمد رفیق پسرور میں خیاط ہیں۔ محمد حفیظ لاہور میں رہائش پذیر ہیں اور چھوٹے لڑکے رؤف سرکاری ملازم ہیں۔ صوفی محمد اقبال ان دنوں یہاں خطیب ہیں اور بچوں کو حفظ اور ناظرہ کی تعلیم دیتے ہیں۔ صوفی صاحب بلدیہ کے رکن بھی منتخب ہوئے ہیں۔ آج کل یہ مسجد دو منزلہ ہے۔ اس میں تقریباً 350 آدمی نماز پڑھ سکتے ہیں۔

7- نورانی مسجد

یہ مسجد شہر کے مغرب میں سرکلر روڈ پر ہے۔ اسے محلہ ناراں کی آرائیں برادری سے تعلق رکھنے والے چار بھائیوں، قادر، دولو، کالا اور دینا نے تعمیر کرایا تھا۔ خیال ہے کہ سکھ عہد میں اس کی تعمیر ہوئی۔ مسجد خسرہ نمبر 624 میں واقع ہے۔ لیکن اس سے ملحق دائرہ اور تکیہ خسرہ نمبر 225 اور 626 میں واقع ہیں۔ کل رقبہ چھ کنال سات مرلے ہے۔ 1910ء میں دائرہ اور تکیہ میں فقیر امیر (شاہ) کے لڑکے سدھو، بدھو اور لدھو عوام کی خدمت بجالاتے تھے۔

مسجد میں آگ لگنے کی وجہ سے اسے شہید کرنا پڑا اور مئی 1972ء میں دوبارہ تعمیر کیا گیا۔ یہاں تقریباً چار سو آدمی نماز پڑھ سکتے ہیں۔ تقسیمِ ملک سے قبل غلام حیدر شاہ تقریباً 15 برس تک امام رہے۔ آزادی کے بعد غلام مصطفیٰ نامی ایک صاحب نے کم و بیش 30 برس مسلسل امامت کے فرائض انجام دیئے۔ غلام مصطفیٰ کے صاحبزادے مفتی ہدایت اللہ جمعیت علمائے پاکستان کے ذمہ دارانہ عہدے پر فائز ہیں اور ملتان میں رہائش پذیر ہیں۔ مسجد کے ساتھ چھوٹی خشت کا ایک قدیم کنواں ہے جس کا پانی کھاری ہے۔

8- مسجد غوثیہ

تحصیل دروازے کے باہر الٰہی بخش (نمبردار 1885ء) کی اولاد میں سے ایک بیوہ عورت نے اسے تعمیر کیا تھا۔ 1892ء میں علی محمد اور ولی محمد پسران کرم الٰہی قوم علماء اس کے متولی تھے۔ موجودہ صدی کے شروع میں یہ ایک مختصر سی مسجد تھی۔ 72-1971ء میں پرانی عمارت کو شہید کر کے وسیع بنیادوں پر اس کی دوبارہ تعمیر ہوئی۔ قاری محمد ایوب صابر پسر محمد نذیر 1972ء سے یہاں امام ہیں۔

9- مسجد نامی شاہ

محلہ نامی شاہ میں واقع ہے۔ اسے 'کھسر یاں دی مسجد' بھی کہا جاتا ہے۔ 1892ء کے بندوبست میں یہ خسرہ نمبر 130 میں واقع تھی۔ بڑے سائز کی خشت استعمال کی گئی ہے۔ اس کے تین گنبد ہیں ۔ احاطہ مسجد میں چھوٹی خشت کا ایک کنواں بھی ہے۔ دین نامی کھسرے (ہیجڑے) نے مسجد اور کنواں تعمیر کرایا تھا۔ حاجی عبداللہ پسر کریم بخش پسر پیر بخش نے 1915ء میں اسے آباد کیا تھا۔

10- اونچی مسجد

محلہ لگے زئیاں میں دروازہ لگے زئیاں کی جانب جاتے ہوئے مین روڈ کے کنارے دائیں جانب یہ مسجد واقع ہے۔ اس کی کرسی مکان کی ایک منزل تک بلند ہے۔ 1865ء کے بندوبست میں یہ مسجد خسرہ نمبر 2193 میں موجود تھی۔ حاکم علی ولد شمس الدین پلمیش امام تھے۔ اس میں ایک کنواں بھی ہے۔ محمد بخش لگے زئی نے مسجد اور کنواں تعمیر کرایا تھا۔ ان دنوں صوفی عبدالمجید پسر شیر محمد لگے زئی اس میں امامت کراتے ہیں۔

11- مسجد محلہ کھوکھراں

یہ مسجد انگریزی عہد سے قبل کی ہے کیوں کہ 1865ء کے بندوبست میں خسرہ نمبر 310 میں اس کی موجودگی کا پتہ چلتا ہے۔ علی محمد ولد شریف الدین قوم علماء اس کا متولی تھا۔ علی محمد کے بعد اس کا لڑکا حافظ فضل الٰہی امام مقرر ہوا۔ ان کے بعد ان کا چھوٹا لڑکا حافظ فضل الٰہی امام مقرر ہوا۔ ان کے بعد ان کا چھوٹا لڑکا حافظ ظہور اللہ 1929ء سے امام مقرر ہوا۔ ان دنوں بھی یہی امامت کرتے ہیں، ظہور اللہ کے بڑے بھائی ہدایت اللہ کا پسرور کے معززین افراد میں شمار ہوتا ہے۔

12- مسجد الحبیب

ہشت پہلو تالاب کے قریب بابا بوٹا نے اسے تعمیر کرایا تھا۔ معمولی سی مسجد ہے۔ اسے جن والی مسجد بھی کہا جاتا ہے۔ مولوی عبداللہ کے شاگرد بابا بوٹا یہاں بچوں کو قرآن پاک پڑھاتے تھے۔ روایت ہے کہ ایک جن بھی آپ سے تعلیم حاصل کرتا تھا۔

بابا بوٹے کا نام عبدالحق ہے۔ آپ منہاس زمیندار گھرانے کے فرد تھے۔ ریاست کشمیر کے رہنے والے تھے۔ تعلیم کے سلسلے میں پسرور آئے اور یہاں کے علما و فضلا کے سامنے زانوئے ادب تہہ کیا۔ مولوی عبدالحق نے 19 ربیع الاول 1332ھ (مطابق 14-1912ء) میں وفات پائی اور مسجد سے متصل دفن ہوئے۔ مولوی صاحب کی بیوی جیون نے 8 نومبر 1893ء کو 45 برس کی عمر میں وفات پائی۔ مولوی صاحب کی اولاد یہ تھی:۔

1- مولوی محمد یعقوب : لاولد رہا۔ اس کی زوجہ کا نام آمنہ بیگم بنت عبدالرحمن ہے۔

2- مولوی محمد اسحاق : شادی سے قبل 21 برس کی عمر میں 26 مئی 1880ء کو انتقال ہوا۔

3- فاطمہ بیگم : تارک الدنیا تھی۔ 65 برس کی عمر میں 14 جنوری 1941ء کو وفات پائی۔

4- خیر نشاں : 29 برس کی عمر میں 22 دسمبر 1899ء کو وفات پائی۔

5- محمد یوسف : دس ماہ کی عمر میں 20 ستمبر 1875ء کو چل بسا۔ پیدائش نومبر 1874ء میں ہوئی تھی۔

13- جامع مسجد اہلحدیث

دروازہ لگے زئیاں کے باہر سرکلر روڈ پر واقع ہے تقسیم ملک سے قبل مسجد جھنڈے والی کے نام سے مشہور تھی۔ ایک ضعیف العمر درویش صفت کشمیری نژاد بزرگ میاں جھنڈا چھوٹی خشت کی اس مختصر سی مسجد میں امامت کے ساتھ ساتھ بچوں کو قرآن پاک کی تعلیم دیتے تھے۔ یہاں کسی زمانے میں کھجور کا ایک درخت بھی تھا۔ میاں جھنڈا نے تقریباً 1910ء میں اسی نوے برس کی عمر میں وفات پائی۔ وہ حصولِ معاش کے لیے چاول کا کارو بار کرتے تھے اور گل قند بنا کر بھی فروخت کرتے تھے۔ سکھ عہد کی اس مسجد میں ایک کنواں بھی تھا جس کا پانی کھاری تھا۔ میاں جھنڈا کے بعد حافظ رحمت، میاں جلال اور عبدالوہاب یہاں امام رہے ہیں۔

پسرور کی مشہور و معروف شخصیت میاں محمد ابراہیم عرف میاں کا کا نے 1374ھ (1955ء) میں اسے شہید کر کے پختہ بنیادوں پر نئے سرے سے تعمیر کرایا۔ یہاں تقریباً 400 آدمی نماز پڑھ سکتے ہیں۔ مولوی محمد رفیق اس مسجد کے خطیب تھے جنہوں نے 1947ء میں بچوں کو قرآن مجید کی تعلیم دینے کا سلسلہ شروع کیا تھا جو ان کی وفات (5 جنوری 1952ء) تک جاری رہا اور اب بھی جاری ہے۔

14- مسجد مائی رکھی

یہ مسجد مائی رکھی کے مزار سے متصل ہے جو ان کی زندگی ہی میں تعمیر ہو گئی تھی۔ یہاں مستقل طور پر کوئی امام نہیں ہے۔

15- مسجد محلہ معماراں

چوں کہ معمار قوم کے افراد دو تین صدی سے اس محلے میں آباد ہیں اور یہ سب لوگ مسلمان ہیں۔ اس لیے آغاز ہی سے انہوں نے اپنے محلے میں مسجد تعمیر کر لی ہو گی۔ 1865ء میں یہ مسجد پختہ تھی اور خسرہ نمبر 771 میں موجود تھی۔ ان دنوں قطب دین اور محی الدین وغیرہ اس کے متولی تھے۔ 1890ء میں قطب دین کا لڑکا نور احمد امامت کے فرائض انجام دیتا تھا۔

16- مسجد گھاڑ ھواں

پولیس چوکی کے عقب میں یہ مسجد کوٹر کے نام سے اس وقت موجود ہے۔ اس کے قریب پیر جھولا کا مزار ہے۔ 1865ء میں بھی یہ مسجد موجود تھی۔ قیاس ہے کہ مغل یا سکھ عہد کی تعمیر ہے۔ 1865ء میں الٰہی بخش پسر کرم بخش اس مسجد کے متولی تھے اور خسرہ نمبر 330 میں واقع تھی۔

17- مسجد محلہ سیداں

چونکہ خاندانِ سادات یہاں صدیوں سے آباد ہے اس لئے یہ عبادت گاہ ابتدا ہی سے قائم ہو گی۔ 1892ء کے بندوبست میں یہ خسرہ نمبر 494 میں واقع تھی اور عبدالرحیم ولد حاجی قوم علماء اس کا متولی تھا ان دنوں مولوی عبدالغنی صاحب اس مسجد میں امامت کراتے تھے۔

18- مسجد محلہ مغلپورہ

اس محلے کا پہلا نام اسلام آباد ہے 1915ء میں یہ محلہ قائم ہوا تھا۔ محلے کے ساتھ ہی اس مسجد کی بنیادیں رکھ دی گئی تھیں روایت ہے کہ اس مسجد کے نام پر اس محلہ میں رہنے والے ایک شخص نظام دین پسر جان محمد نے ایک مکان وقف کیا ہے اس مکان میں مذکورہ مسجد کا امام و خطیب رہائش رکھ سکتا ہے۔

19- مسجد شیخ دین محمد

اعزازی مجسٹریٹ شیخ عطاء اللہ کے برادرِ کلاں شیخ دین محمد نے محلہ لگے زئیاں میں ایک مسجد تعمیر کی تھی جو آج آباد نہیں ہے۔

20- مسجد ٹیلہ محلہ

انگریزی عہد سے قبل کی یہ مسجد ہے۔ چھوٹی اینٹ کی مسجد تھی 1976ء میں اسے دوبارہ تعمیر کیا گیا ہے۔ حاجی سراج الدین (فصیل آباد) اور محترمہ عذرا امتیاز (بحرین) نے ایک خطیر رقم اس کی تعمیر کے لئے دی۔ اس مسجد میں بچوں کو دینی اور دنیاوی تعلیم بھی دی جاتی ہے بیرونی طلباء کے لئے رہائش کا انتظام بھی ہے۔ پنجابی کے معروف مقامی شاعر سائیں حیات اس مدرسہ میں بڑی دلچسپی لیتے ہیں اس لئے مدرسے کے نام بھی ان سے کچھ نسبت ہے۔ یعنی مدرسہ کا نام 'مدرسہ عربیہ حیات القرآن' ہے غلام فرید، حافظ ظفر اقبال اور ماسٹر سلطان احمد یہاں بچوں کو تعلیم دیتے ہیں۔

21- مسجد گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 2

گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 2 کے جنوب مغرب میں 1940ء کے قریب ایک مسجد تھی۔ جس کے آخری امام مولوی غلام علی تھے۔ ہماری مسلمان قوم کی پستی کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ آج اس عبادت گاہ کا وجود نہیں ہے بلکہ اس کی جگہ رہائشی مکانات تعمیر ہو چکے ہیں مضطر نظامی نے 14 اشعار پر اس مسجد کا ایک مرثیہ کہا ہے جس کا مقطع یہ ہے:

حرم فروغِ مسلمان تو اٹھ گئے مضطر

حرم فروش مسلمان سبھی دیکھتے جاؤ

اس خانہ خدا کے قریب قبرستان بھی تھا جو آج ہموار ہو چکا ہے۔

غیر مسلموں کی عبادت گاہیں

ہنود قدیم عرصے سے یہاں رہ رہے ہیں، ان کا قدیم ترین مندر کون سا ہے کچھ نہیں کہا جا سکتا، افتادِ زمانہ کے ہاتھوں ہندوؤں کی پرانی عبادت گاہ ختم ہو چکی ہوگی۔ تقسیم ملک سے قبل شہر میں ہندوؤں کی اکثریت تھی اس لئے ان کے مندروں کی تعداد بھی زیادہ تھی۔ اس وقت ان میں سے کئی ایک موجود نہیں ہیں، کئی شکست و ریخت سے دوچار ہیں مجموعی طور پر سب کا یہاں ذکر کیا جاتا ہے۔

1- مندر گیند اں

یہ مندر شاہ برہن دروازے سے باہر ریلوے روڈ پر واقع ہے۔ اسے لالہ کرپا رام گیند نے 1929 بکرمی میں تعمیر کرایا تھا کتبہ ملاحظہ ہو:۔

مندر گیند اں : 'یہ مندر و دیگر استھان لالہ کرپارام گیند پسر لالہ روپ چند قوم کھتری سپرو نواسی نے رفاہ عام کے لئے بنایا، چیت 1929 بکرمی'

یہ مندر چھوٹی خشت کا ہے۔ اس میں بڑی خشت سے 1931ء میں ایک کمرہ تعمیر کیا گیا جس پر یہ کتبہ لگا ہوا ہے:۔

اوم : یہ کمرہ فنڈ سے سرگباشی لالہ کرپارام گیند کی یاد میں تعمیر کیا گیا۔

2- مندر محلہ امام صاحب

ایک کنواں اور مندر ٹھاکر داس پسر پوہ مل نے پوہ 1960 بکرمی مطابق 1904ء میں تعمیر کرایا۔ ان کی چار دیواری اور بنیادیں تقریباً منہدم ہو چکی ہیں۔

3- مندر محکم چند

شاہ برہن دروازہ میں داخل ہوتے ہی بائیں جانب محلہ دھسیالی میں ایک ہندو محکم چند (محکم شاہ) ولد دیوی دتامل نے 1937ء میں ایک مندر تعمیر کرایا تھا۔ یہ مندر کالکا دیوی کہلاتا تھا۔ مندر کی عمارت کے اندرونی حصہ میں کتبہ لگا ہوا ہے جس پر مذکورہ سنہ عیسوی اور اس کے معمار غلام رسول کا نام بھی کندہ ہے۔ مگر مندر کا اصل حصہ اور کنواں اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ یہاں بہت قدیم عرصے سے ہندوؤں کی عبادت گاہ موجود تھی۔

4- مندر شوجی مہاراج

مندر گیند اں کے ساتھ ہی جنوبی جانب شوجی کا مندر تھا جو تقسیم ملک سے قبل مسمار ہو گیا تھا بقول پنڈت مایا دیوی اسے مہاراجہ کشمیر کے سرکاری محکمہ دھرم ارتھ نے بنوایا تھا۔ اس مندر سے منسلک اراضی بھی تھی جو مہاراجہ نے بطور عطیہ دی تھی۔ اس مندر کے گرد ایک خوبصورت باغیچہ بھی تھا۔ ان کے گرد چار دیواری بھی تھی۔ اس مندر کے اخراجات مہاراجہ کشمیر برداشت کرتا تھا۔

5- جین مندر

محلہ بھابھڑیاں میں بھابھڑے یا جینی عقیدے کے ہندو رہا کرتے تھے۔ انہوں نے اپنے محلے میں اپنا ایک الگ مندر بھی بنوا رکھا تھا جس کا انتظام جین سبھا چلاتی تھی۔

6- مندر شوجی

یہ مندر شرابی دروازہ میں تھا۔ آج کل اس کی جگہ دکانیں تعمیر ہو گئی ہیں۔

7- مندر پنڈت ہری رام

شرابی محلہ کے بیرونی جانب ہری رام ولد شو دیو پنڈت نے ایک پختہ مندر بنوایا تھا۔ اس کے ساتھ ایک مسافر خانہ بھی تھا۔ یہ دونوں 1865ء کے بندوبست میں خسرہ نمبر 645 میں واقع تھے۔ خسرہ نمبر 644 میں دھرم شالہ بھی موجود تھا۔ ان دنوں یہاں عبدالحمید وغیرہ نے لکڑی کا ٹال بنا لیا ہے۔

8- موڑی دروازہ کے باہر چوہدری محمد عظیم کے مکان کے قریب

ایک مندر اس وقت بھی موجود ہے۔ جس سے ملحق ایک باغیچہ بھی تھا۔ 1892ء میں گنگا داس یہاں کے پنڈت تھے۔ اس سے منسلک ایک ٹھاکر دوارہ بھی تھا۔

9- موری دروازہ کے اندر

بھی ایک مندر تھا جس کا آج وجود نہیں ہے۔

10- دیوی دوارہ

چٹاکھو کے قریب ایک دیوی دوارہ تھا۔ 1892ء کے بندوبست میں یہ خسرہ نمبر 514 میں واقع تھا۔ جگبو یہاں قابض تھا۔ تقسیم ملک تک یہ موجود تھا۔ یہاں کالی ماتا کا بت تھا اب یہ رہائشی مکان میں شامل ہو گیا ہے۔

11- دیوکاں (شمشان بھومی)

میں بھی ایک مندر تھا جس کو جے کشن مہاجن نے بنوایا تھا۔ اس مندر کے نزدیک چند سمادھیاں بھی تھیں جن میں ایک بنجارہ رائے چیف کمانڈر مہاراجہ رنجیت سنگھ والی پنجاب کی تھی۔

12- گوردوارہ

جس جگہ پر آج کل گورنمنٹ پرائمری اسکول نمبر 1 ہے۔ یہاں تقسیم ملک سے قبل سکھوں کی ایک عبادت گاہ ہوا کرتی تھی۔ جسے یہاں کے سکھ کیپٹن کرتار سنگھ نے تعمیر کرایا تھا۔ اس کے مشرقی جانب سکھوں کے مڑھ ہوا کرتے تھے۔

13- ٹھاکر دوارہ

جامع مسجد کے قریب ایک ٹھاکر دوارہ تھا جو دیوی چند باوا کی ملکیت تھا۔ 1865ء کے بندوبست میں یہ خسرہ نمبر 100 میں واقع تھا۔

14- ٹھاکر دوارہ

چوک نائیاں میں بھی ایک ٹھاکر دوارہ تھا۔ جہاں اقبال شاہ حکیم نے مکانات تعمیر کر لیے ہیں۔ 1892ء کے بندوبست میں یہ خسرہ نمبر 204 میں واقع تھا۔ اسے باوا ٹھاکر داس کا مندر بھی کہتے تھے۔

قادیانی عبادت گاہ

قومی اسمبلی نے 7 ستمبر 1974ء کو قادیانی اور لاہوری جماعت کے اراکین کو غیر مسلم قرار دیا ہے۔ مرزا غلام احمد قادیانی کے پیروکاروں نو پسرور شہر میں انیسویں صدی کی آٹھویں دہائی میں مل جاتے ہیں مثلاً مشہور شاعر فتح دین المتخلص گلگار وغیرہ۔ مگر ان کی مخصوص کوئی عبادت گاہ نہیں تھی، 1970ء میں ملک نذیر احمد پسر شاہ دین نے محلہ کھوکھراں میں ذاتی مصارف سے اپنے ہم خیال لوگوں کے لئے ایک عبادت گاہ تعمیر کرائی ہے۔

عیسائیوں کی عبادت گاہیں

پسرور میں عیسائیوں کی رہائش 1876ء کے قریب ثابت ہوتی ہے اجتماعی طور پر 1898ء میں یوپی مشن لگے زئیاں دروازہ سے متصل ایک گرجا گھر تعمیر کرایا تاکہ عیسائی لوگ یہاں عبادت کر سکیں اس گرجا سے منسلک ایک تعلیمی ادارہ بھی تھا (2) عیسائیوں کی دوسری عبادت گاہ سینٹ ونسنٹ پرائمری اسکول میں ہے جو 1927ء میں تعمیر ہوئی تھی (3) مشن گرلز مڈل اسکول میں بھی تھوڑا عرصہ ہوا ایک چرچ تعمیر ہوا ہے (4) 1957ء میں سویڈن کی مشنری نے محلہ عنایت پورہ میں فل گاسپل اسمیلی چرچ قائم کیا ہے جو سہائی مشن کے تحت ہے۔

گوجرانوالہ تھیولاجیکل سینمری کے تحت تدریسی کام پسرور میں بھی 1900-1897ء تک ہوتا رہا جہاں ریورنڈ بوٹول تعلیم دیتے تھے۔

قبرستان

جہاں انسانی آبادی ہوگی وہاں قبرستان بھی ضرور ہوگا۔ ہندوؤں کے قبرستان کو شمشان بھومی یا عام الفاظ میں مڑھ کہا جاتا ہے پسرور کے قدیم ترین مڑھ کون سے ہیں؟ اس کی نشاندہی نہیں کی جا سکتی، بہرحال اس وقت یہاں غیر مسلموں کے مندرجہ ذیل قبرستانوں کے آثار موجود ہیں:۔

1- مانگے دا مڑھ : نئے بس سٹینڈ سے سیالکوٹ جاتے ہوئے شہر کی شمالی جانب ایک چھوٹا سا ٹیلہ ہے، جسے 'مانگے دا مڑھ' کہتے ہیں اس کے تفصیلی حالات 'تاریخی آثار' میں بیان کر دیئے گئے ہیں۔

2- دیوکاں : شہر کی مشرقی جانب 'دیوکاں' نامی ایک جگہ ہے جہاں ہندو اپنے مردوں کو جلایا کرتے تھے اس کے قریب ہی ایک تالاب تھا جہاں وہ جلانے کے بعد غسل کیا کرتے تھے

3- سکھوں کے گوردوارہ جہاں ان دنوں گورنمنٹ پرائمری اسکول نمبر 1 ہے کے قریب سکھوں کے مڑھ تھے یہاں ان کی سمادھیاں بھی تھیں۔ تقسیم ملک کے بعد اب یہاں مکانات تعمیر ہو گئے ہیں۔

4- مندر گیند اں کے شمالی جانب بھی ہندوؤں کے مڑھ ہوا کرتے تھے۔

قادیانیوں کا قبرستان

پسرور کا قادیانی ملک نذیر احمد ولد ملک شاہ دین جب 30 مارچ 1976ء کو فوت ہو گیا تو اس موقع پر ایک کنال گیارہ مرلے کا قطعہ اراضی تقریباً گیارہ ہزار روپے میں خرید کر قبرستان بنایا گیا اور متوفی کو یہاں سپرد خاک کیا گیا۔

عیسائیوں کا قبرستان

گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 2 کے قریب جنوبی جانب ڈیک چوبڑ یا نوالی پر عیسائیوں کا ایک قبرستان ہے یہ انیسویں صدی کا ہے دوسرا قبرستان اسی زمانہ میں سول ہسپتال کے جنوب مغرب میں بنا ہے۔

مسلمانوں کے قبرستان

مسلمانوں کا قدیم ترین قبرستان کونسا ہے؟ اس کے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا، قیاس آرائی سے ان کی تاریخی ترتیب کچھ یوں بنتی ہے۔

1- امام صاحب : چونکہ امام صاحب کی شخصیت مغل دور سے قبل گزری ہے اس لئے یہی قبرستان سب سے پہلا ہوگا جہاں آپ آسودہ خاک ہیں آپ کے مزار کے علاوہ بیرونی جانب بھی چند قبور ہیں۔

2- قبرستان سیداں محلہ شاہ بخاری یا محلہ دو برجی : مغل بادشاہ ہمایوں سے قبل یہاں سید شاہ جلال بخاری ہو گزرے ہیں ان کا مزار محلہ دو برجی میں ہے۔ مزار کے قریب ایک مسجد ہے اور مسجد کے جنوبی جانب ایک مختصر سا قبرستان ہے۔ جسے لوگ 'قبرستان سیداں' کے نام سے پکارتے ہیں قیاس ہے کہ جلال شاہ بخاری اسی محلے میں قیام رکھتے تھے اور مستعار زندگی بسر کرنے کے بعد آپ اور ان کے عزیز و اقارب اور پیروکار یہیں سپرد خاک ہوئے ۔

3- قبرستان شاہ برہن : شاہ دین عرف شاہ برہن یا شاہ برہن کے پردادا سید شیر علی بن سید بہاؤ الدین ہمایوں کے ہمراہ شیراز سے سر زمین پاک و ہند میں داخل ہوئے تھے۔ خیال ہے کہ شاہ برہن اکبر اعظم کے دور سے تعلق رکھتے ہیں۔ آپ جس جگہ دفن ہیں اسے ان کے نام کی نسبت قبرستان کہا جاتا ہے جو شہر سے اسٹیشن کی طرف جاتے ہوئے بائیں جانب واقع ہے۔ ڈاکٹر محمد الدین بہادر، فاخر ہریانوی، مولانا بشیر احمد اور بڈھے شاہ اسی قبرستان میں آرام فرما ہیں۔

4- قبرستان شاہ ملوک : شاہ ملوک نامی ایک بزرگ شخصیت اس قبرستان میں دفن ہے اس قبرستان کو قبرستان ککے زئیاں بھی کہا جاتا ہے کیونکہ ککے زئی خاندان کے لوگ یہاں سپرد خاک کئے جاتے ہیں۔ یہ قبرستان 1250 مربع فٹ کے رقبہ میں پھیلا ہوا ہے۔ اس میں بڑے بڑے درخت ہیں اور گھاس پھونس سے اٹا پڑا ہے۔ یہاں مولوی نیاز علی، ان کی بیگم، شیخ محمد علی تحصیلدار۔ اور دوسرے سرکردہ لگے زئی لوگوں کی قبریں ہیں مشہور ادیب سراج الدین آزر کی زوجہ کی قبر بھی یہیں ہے۔

5- قبرستان پیر جہانیاں : یہ قبرستان ہشت پہلو تالاب کے قریب ہے یہاں پیر جہانیاں نامی بزرگ کا مزار ہے۔ یہیں پسرور کے مشہور فارسی گو شاعر دلشاد پسروری آرام فرما ہیں۔ اس شاعر کی قبر کی نشاندہی سب سے پہلے اس کی اولاد میں سے ڈاکٹر عبدالواحد نے 1947ء میں کی تھی اور قبر پختہ تعمیر کروا کر ایک کتبہ لگوایا۔ اس کے بعد پسرور کے طاہر نظامی نے 26-27 برس بعد اس مزار کا کھوج لگایا اور روزنامہ امروز لاہور کی 17 اپریل 1979ء کی اشاعت میں مزار کی فوٹو کے ساتھ کچھ مختصر سے حالات بھی شائع کروائے جس کا ذکر غلام ربانی عزیز نے دیوانِ دلشاد پسروری کے پیش لفظ میں کیا ہے۔ اس قبرستان میں بیریوں کے بہت سے درخت ہیں۔

6- قبرستان محلہ اسلام پورہ : تحصیل دروازہ کے قریب اسلام پورہ محلہ میں ایک قبرستان ہے۔ جہاں بابا میر شاہ کا مزار ہے۔ اس سے چند فٹ کے فاصلے پر ایک اور قبرستان ہے۔ جسے قبرستان شیخان کہتے ہیں۔ اس قبرستان میں الٰہی بخش (نمبردار 1885ء) اور حافظ ظفر علی کی قبریں ہیں۔

7- قبرستان محلہ کھوکھراں : میاں ابراہیم عرف میاں کا کا کی کوٹھی کے سامنے سڑک کی دوسری جانب ایک قبرستان ہے جسے کھوکھراں کی نسبت سے پکارا جاتا ہے۔ یہاں بابا محبت شاہ ولی شہید کا مزار ہے۔

8- قبرستان کشمیری کمہاراں : کشمیر سے کمہاروں کا ایک گھرانہ ہجرت کر کے سکھ عہد میں پسرور آیا اور شہر سے باہر رہائش پذیر ہوا۔ موجودہ کمہار حاجی محمد رمضان (پ: 1905ء) ولد محمد دین ولد احمد اس کی اولاد میں سے ہیں۔ قبرستان کا رقبہ 19 کنال اور 16 مرلے ہے۔ جو لگے زئیوں نے بغیر کسی معاوضے کے دیا تھا ۔

قدیم دروازے اور موری

6- دروازہ بھابھڑیاں : تحصیل دروازے سے آگے بڑھیں تو غلام رسول پسر چراغ اور ابراہیم پسر نواب دین آرائیں کے مکانوں کے درمیان یہ دروازہ واقع تھا۔ اس دروازے کے اندر ہندو بھابھڑے رہا کرتے تھے۔ قیامِ پاکستان سے دو تین سال قبل تک یہ دروازہ قائم تھا۔ آج اس کا نام و نشان نہیں ملتا۔

7- موری کھوکھراں : دروازہ بھابھڑیاں سے چند گز فاصلے پر شہر کے گندے پانی کے نکاس کے لیے ایک راستہ ہوا کرتا تھا جس میں لوہے کی سلاخیں جڑی ہوئی تھیں۔ ہدایت اللہ بن حافظ فضل الٰہی نے خود اس موری کو اصل حالت میں دیکھا تھا۔ یہ موری محمد حنیف پسر محمد رمضان اور خان محمد پسر خان بہادر کے مکانوں کے درمیانی راستہ میں واقع تھی۔

8- دروازہ لگے زئیاں : شہر کے جنوب میں واقع ہے۔ آج بھی اصل حالت میں موجود ہے۔ شاہ برہن دروازے کو ایک ٹیڑھے میڑھے راستے سے ملاتا ہے اس دروازے کے اندر مدتوں سے لگے زئی قوم کے لوگ رہ رہے ہیں۔ اس کے بیرونی جانب گرجا گھر ہے جو 1898ء میں تعمیر ہوا تھا۔ اور سامنے مسجد اہل حدیث واقع ہے۔

9- جناح گیٹ : اس کا پرانا نام شرابی دروازہ ہے۔ یہاں انیسویں صدی کے وسط میں شراب کشید کی جاتی تھی اور سیالکوٹ، ظفروال اور تحصیل رعیہ کو شراب سپلائی کی جاتی تھی۔ اس لیے یہ شرابی دروازہ کے نام سے مشہور ہو گیا۔ 27 اکتوبر 1961ء کو اسے نئے سرے سے تعمیر کر کے جناح گیٹ کا نام دیا گیا۔ اس دروازہ کے شمالی ستون کے قریب گندے پانی کی نکاسی کے لیے 2x3 فٹ کی ایک نالی (موری) ہوا کرتی تھی۔

آج کل چوکیداروں کی جگہ پولیس چوکی قائم ہے۔ 29 مئی 1928ء کو حکومتِ پنجاب نے پانچ مہینوں کی جگہ پولیس فورس قائم کرنے کا حکم صادر کیا۔ کیونکہ میونسپل کمیٹیاں پانچ مہینوں کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتی تھیں۔ اگست 1937ء میں گورکھا واچ مین مقرر کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ کیونکہ چوکیدار رات کو ڈیوٹی کے فرائض اچھی طرح انجام نہیں دیتے تھے۔ پھر سیکرٹری ڈسٹرکٹ سولجرز بورڈ دھرم سالا (ضلع کانگڑہ) کو سابقہ گورکھا فوجیوں کے لیے لکھا گیا۔ اس درخواست میں پندرہ روپے مین مشاہرہ نقد روپے اور ایک دفعہ وردی شاہراہ گیارہ روپے بھیجنے کے لیے استدعا کی گئی۔ مگر باہر سے کوئی بھی آنے کے لیے تیار نہ تھا اور پھر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سیالکوٹ بھی گورکھوں کی حمایت میں نہ تھے۔ وہ ہندو اور سکھ سابقہ فوجی چاہتے تھے۔ اس طرح کئی سال تک یہ اسکیم پوری نہ ہو سکی۔ تقسیم ملک سے کچھ عرصہ قبل حکومت نے یہاں چوکیداروں کی جگہ پولیس چوکی قائم کر دی اور چوکیداروں کا عمل دخل ختم ہو گیا۔

مزارات

پنجاب کے بعض دوسرے شہروں اور قصبوں کی طرح پسرور شہر میں بھی بزرگوں کے مزارات موجود ہیں۔ بڑے بڑے اخیار و اولیاء یہاں آسودہ خاک ہیں۔ ان بزرگوں کا مختصر تذکرہ یہاں کیا جاتا ہے۔

1- امام میراں برخوردار

یہ مزار بہت قدیم ہے۔ امام صاحب کی لحد کے پاس ہی ایک اور لمبی سی قبر ہے جسے نوگز ا کہا جاتا ہے۔ مزار کے اوپر ایک بڑا سا گنبد تعمیر کیا گیا ہے۔ خیال یہی ہے کہ سیالکوٹ کے امام صاحب کے مزار کی طرح اس مزار کی گنبد نما عمارت بھی گجرات کے شاہ دولہ نے تعمیر کی ہوگی۔ ان کے مزار کے پاس چند قبریں اور ہیں۔

2- سید جلال شاہ بخاری

آپ کا مزار شہر کے مشرقی جانب محلہ دو برجی میں ایک اونچے ٹیلے پر واقع ہے۔ مزار کے قریب ہی ایک مسجد ہے، یہاں کوئی عرس نہیں ہوتا۔

3- شاہ برہن

شاہ ابن کے نام سے بھی مشہور تھے۔ ان کا مزار شہر سے ریلوے اسٹیشن کی جانب جاتے ہوئے بائیں جانب ایک قبرستان میں واقع ہے۔ مزار پختہ ہے۔ چار دیواری بھی ہے۔

4- شاہ دیا دیوان

پسرور شہر کے مشرقی جانب مائی تابی کے قبرستان میں پختہ مزار ہے۔ جہاں ہر جمعرات چراغ جلائے جاتے ہیں۔ شوق مرحوم کے نانا اللہ داد نے پختہ مزار تعمیر کیا تھا: ہر سال 15 ساون کو میلہ لگتا ہے۔

5- پیر مہریاں والا پنج تن

ہشت پہلو تالاب کے مغربی جانب چھوٹی اینٹ کا مزار ہے۔ روایت ہے کہ آپ امام میراں برخوردار کے ساتھیوں میں سے ہیں۔ کوئی عرس نہیں ہوتا۔

6- پیر مادے شاہ

میاں ابراہیم کا کا کی کوٹھی کے احاطے میں ایک کچی قبر ہے جس کے حالات صیغہ راز میں ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ کسی زمانے میں یہ چھوٹی اینٹ کی پختہ قبر تھی۔

7- پیر جہانیاں

شہر کے مغربی قبرستان میں جو ہشت پہلو تالاب کے قریب واقع ہے، پیر جہانیاں نام کے ایک بزرگ کا مزار ہے۔ تفصیلی حالات معلوم نہیں ہو سکے۔ انہی کے نام کی نسبت سے قبرستان کا نام بھی قبرستان پیر جہانیاں مشہور ہو گیا ہے۔ اس مزار کے سرہانے فارسی کے شاعر دلشاد پسروری کی قبر ہے۔

8- پیر نامی شاہ

نامی شاہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کے دور میں حیات تھے۔ وفات انگریزی عہد میں ہوئی۔ شہر کے مشرق میں سرکلر روڈ کے کنارے ان کا مزار ہے۔ یوں تو یہ محلہ دھسیالی میں واقع ہے مگر ان کے نام کی نسبت سے یہ علاقہ محلہ نامی شاہ کہلاتا ہے۔

9- شاہ ناگا ولی

موری دروازے کے باہر ایک غیر معروف مزار ہے جسے ناگا ولی کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ تفصیلی حالات ابھی تک پردہ خفا میں ہیں۔

10- محب شاہ ولی

قبرستان کھوکھراں میں ان کا مزار ہے۔ روایت ہے کہ آپ امام میراں برخوردار کے ساتھیوں میں سے تھے اور کفار سے جنگ کرتے ہوئے اسی جگہ شہید ہوئے تھے۔

11- پیر جھولا

پولیس چوکی کے عقب میں مسجد گھاڑ ھواں کے قریب ایک مزار ہے۔ یہاں آرام کرنے والے بزرگ کا نام کیا ہے؟ کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔ ویسے پیر جھولا کے نام سے مشہور ہیں۔ شہر کے پہلے بندوبست 1865ء میں یہ مزار خسرہ نمبر 3509 میں واقع تھا۔ پیر جھولا کے قریب ہی حافظ ظفر علی کی رہائش ہوا کرتی تھی۔

12- مزار شاہ بدر

بازار کلاں سے لگے زئی دروازہ کی جانب جاتے ہوئے بائیں ہاتھ پر ایک بزرگ کا مزار ہے جن کا نام 1892ء کے بندوبست میں 'شاہ بدر' ہے اور مزار خسرہ نمبر 49 میں واقع ہے۔ پہلے بندوبست میں خسرہ نمبر 1935 میں نام درج نہیں، صرف خانقاہ ہی درج ہے۔ ان دنوں اس مزار کو کئی ناموں سے منسوب کیا جا رہا ہے۔

13- مزار نزد چاہ دین مسجد

محلہ لگے زئی میں چاہ دین مسجد کے قریب ایک مزار ہے، جس کی تفصیلات ابھی تک پردہ راز میں ہیں۔ 1865ء کے بندوبست میں یہ خسرہ نمبر 326 میں موجود تھا۔

14- مزار کچے تالاب کے شمال میں

کچے تالاب کے شمال میں درختوں کے جھنڈ میں ایک مزار ہے۔ نام اور تفصیلی حالات معلوم نہیں ہو سکے۔ ویسے 'بھنگی شاہ' کے نام سے مشہور ہیں۔

15- بابا عظیم شاہ

شہر کے مشرق میں محبوب محل سینما کے جنوبی جانب بابا عظیم شاہ کا مزار ہے۔ مزار پختہ ہے۔ اس کے قریب دس گیارہ دوسری قبریں ہیں۔ ایک مختصر سی مسجد بھی ہے جس کی بنیادیں چھوٹی اینٹ کی ہیں۔ اس سے اس کی اور مزار کی قدامت کا اندازہ ہوتا ہے۔ پیپل، بڑ اور آم کے بڑے بڑے تین درخت ہیں۔ گندم کی گہائی کے بعد مزار سے منسلک اراضی پر کاشت کرنے والے مزارع ایک دو چاول کی دیگ پکا کر عرس منا لیتے ہیں۔ یہاں ایک کنواں بھی ہے جس کا پانی پچھلے سال کاشت کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ پانی کی کمی کی وجہ سے اب یہ کنواں زیر استعمال نہیں ہے۔

تاریخی آثار

1- تالاب ہشت پہلو

پسرور کی شہرت کا سبب یہاں کا ایک ہشت پہلو پختہ تالاب ہے جو شہر کے مغرب میں واقع ہے مغل شہنشاہ اکبر اعظم (1556-1605ء) کے عہدِ حکومت میں کاٹول فقیر نے اس تاریخی تالاب کو تعمیر کرایا۔ شاہ جہاں کے عہد (1627-58ء) میں مغل شہزادے داراشکوہ نے ایک نہر کھدوائی۔ جس کے ذریعے ڈیک سے اس میں پانی لایا گیا۔ اورنگ زیب عالمگیر کے عہد (1658-1707ء) میں پسرور کے دیوان سنکت رائے (SANKAT RAE) نے اس کی مرمت کرائی۔ انگریزی عہد میں سیالکوٹ کے ڈپٹی کمشنر ارم سٹن (URMSTON) نے 1861ء میں سرکاری مصارف سے اس کی مرمت کرائی اور دارا شکوہ کی تعمیر کردہ نہر کو از سر نو کھدوا کر تالاب میں پانی لایا گیا۔

تالاب کے آٹھ پہلو ہیں۔ اس کی بیرونی دیواریں زمین سے تقریباً پانچ فٹ بلند ہیں۔ دیوار کا عرض یعنی چوڑائی سوا تین فٹ ہے تالاب کے شمال میں زنانہ حصہ الگ بنا ہوا ہے۔ اس حصہ کا ایک بڑا سا دروازہ ہے جو 24 فٹ اونچا ہے۔ تالاب چھوٹی اینٹوں کا بنا ہوا ہے۔ اینٹ کا سائز یہ ہے: طول 16 1/2 سم، عرض 11 سم، موٹائی 2 سم۔

انیسویں صدی عیسوی کی آخری دہائی تک ڈیک سے پانی لانے والی نہر بند ہو چکی تھی اور اس طرح تالاب پر خشکی نے قبضہ کر لیا۔ موسمِ برسات میں شہر کا پانی اس میں جمع ہو جاتا ہے اور شہر کی عورتیں یہاں کپڑے دھوتی ہیں تالاب کے اندر بڑی بہتات میں جڑی بوٹیاں اگی ہوئی ہیں، جنہوں نے سطح آب کو پوری طرح ڈھانپ لیا ہے۔

بھٹو دورِ حکومت میں اس کے ایک قریبی ساتھی نے اس تالاب کو خرید کر مچھلی فارم بنانے کا منصوبہ بنایا تھا مگر یہ منصوبہ پروان نہ چڑھ سکا۔ اب پھر اسے مچھلی فارم کے لیے ٹھیکے پر دینے کی بات چیت ہو رہی ہے۔

اٹھارہویں صدی عیسوی کا فارسی گو شاعر دلشاد پسروری نے اپنے کلام میں جا بجا اس تاریخی تالاب کا ذکر کیا ہے۔ عجیب بات ہے کہ دلشاد اس ہشت پہلو تالاب کا ذکر شش پہلو تالاب کے طور پر کرتا ہے۔ مثلاً:

یکی در دستِ عجب تال آبِ شش پہلو

بخشش جہات بہ پنجاب ، ہوبہ شانی آنست

2- تالاب کچا

دلشاد کے دو اشعار ملاحظہ فرمائیں:

(1) از دو چشم خود بیادِ پسرور

تا بسر غرقِ دو تالابیم ما

(2) شکر فیضی دو تالابش

مردم و مرغ و مور میگویند

ان سے معلوم ہوتا ہے کہ ہشت پہلو تالاب کے علاوہ یہاں ایک دوسرا تالاب بھی ہے۔ جس کی اپنی ایک اہمیت ہے اور جس سے بہت کم لوگ واقف ہیں یہاں تک کہ پنجاب یونیورسٹی کی طرف سے شائع ہونے والے اردو دائرۃ المعارف اسلامیہ میں بھی پسرور شہر کے حالات میں صرف ہشت پہلو تالاب کا ذکر کیا گیا ہے ۔ دوسرے تالاب کو نظر انداز کر دیا ہے ۔

یہ کچا تالاب ہشت پہلو تالاب کے شمالی جانب تھوڑے سے فاصلے پر واقع ہے اور انتہائی خستہ حالت میں ہے۔ اس پر تالاب کا گمان نہیں ہوتا۔ اب یہ محض پانی کا ایک جوہڑ ہے۔ چھوٹی اینٹ کی دیواریں تھیں جن کے بچے کچھے نشانات آج بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ شاہ دولہ گجراتی (1646-1581ء) نے یہ تالاب بنوایا تھا۔ تالاب کے دوسرے کنارے پر شمال کی جانب سرائے بھائی کرم سنگھ تھی جہاں اس کی اولاد میں سے کیسر سنگھ ریٹائرڈ ڈپٹی کلکٹر نے 1940ء میں ایک پختہ حویلی تعمیر کرائی تھی۔ اس حویلی کے آثار آج بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ تالاب کے کنارے بڑ کا ایک درخت ہے جس کی شاخوں کی جڑیں بھی زمین سے مل کر ایک تناور درخت کا تنا بن گئی ہیں۔ اس جڑ نما تنے کی عمر تقریباً 125 برس سے زیادہ ہے۔ سکھ عہد میں اس تالاب پر ہندو اور سکھ عورتیں اشنان کرتیں اور بڑ کے درخت میں جھولے ڈالا کرتی تھیں۔ یہ تالاب تقریباً 32 کنال رقبہ میں ہے۔ چھوٹی اینٹ کا سائز 11x16x2 سم ہے۔

اس کچے تالاب کے کنارے پر مشرقی جانب باوا منگل داس کی مڑھی (سمادھی) بھی ہے جو 50x10 فٹ کے رقبہ میں چھوٹی خشت کے دس فٹ بلند چبوترے کی شکل میں موجود ہے۔ یہاں ایک ہندو منگل داس نامی پنڈت کو جلایا گیا اور اس کی راکھ کو 1916ء میں دفن کیا گیا ہے۔

یہاں ایک سوال ذہن میں ابھرتا ہے کہ کیا وجہ ہے؟ ہشت پہلو تالاب تو آج بھی اچھی حالت میں ہے مگر دوسرے تالاب کے آثار بھی ناپید ہو کر رہ گئے ہیں؟ اس کا سبب یہی سمجھ میں آتا ہے کہ کچے تالاب کو تعمیر کرانے والا ایک مسلمان درویش 'شاہ دولہ' تھا۔ اس کے تعمیر کردہ تالاب کی کسی نے پروا نہ کی۔ اس کے برعکس اکبر اعظم کے عہد میں 'کاٹول' ہندو فقیر کے تعمیر کردہ تالاب کی مرمت داراشکوہ اور پھر عالمگیری عہد میں ہندو دیوان سنکت رائے نے کرائی۔ انگریزی عہد میں سیالکوٹ کے ڈپٹی کمشنر نے بھی اسی ہندو فقیر کے تالاب کی ضروری مرمت سرکاری سطح پر کرائی۔ اس لیے کاٹول کا ہشت پہلو تالاب قائم رہا اور شاہ دولہ کا تالاب گردشِ زمانہ کے ہاتھوں ختم ہو گیا۔ دونوں تالابوں کا فرش پختہ نہیں بلکہ کچا ہے۔

3- پل نالہ

پسرور سے ایک فرلانگ کے فاصلے پر ایک نالہ گزرتا ہے جو پسرور سے سیالکوٹ جانے والی سڑک کو کراس کرتا ہے اور جو نالہ ہسری کے نام سے مشہور ہے۔ برسات کے دنوں میں ڈیک کے ساتھ ساتھ اس نالے میں بھی طغیانی آ جاتی تھی اور سیالکوٹ جانے کا راستہ بند ہو جاتا تھا۔ اس طرح لوگوں کو بڑی مصیبت کا سامنا کرنا پڑتا۔ عوام کی اس تکلیف کا احساس کرتے ہوئے مشہور بزرگ حضرت شاہ دولہ گجراتی نے تالاب کے علاوہ یہ پل بھی تعمیر کرایا تھا۔ اس کی بنیادوں پر اب ایک نیا پل تعمیر ہو چکا ہے۔

4- بارہ دری

تحصیل کے سامنے اور نارمل اسکول کے قریب چھوٹی اینٹ سے بنی ہوئی ایک تاریخی عمارت ہے جو بارہ دری کے نام سے مشہور ہے۔ یہ سطح زمین سے سوا چھ فٹ کی اونچی کرسی پر 9×32 فٹ مربع شکل میں ہے۔ یہ بارہ دری مغل دورِ حکومت میں دیوان لالہ سنکت رائے عرف تلیار دھوسہ نے تعمیر کی تھی۔ اس کے چاروں طرف ایک باغ بھی لگوایا تھا۔

5- مہر منگا کی مڑھی

پسرور کے شمال میں ایک کچا ٹیلہ ہے جسے مہر منگا کی مڑھی کہا جاتا ہے۔ اس کی وجہ تسمیہ یہ ہے کہ کلاس (KILAS) نامی ایک ہندو باجوہ جٹ تھا۔ اس کے باپ کا نام مانگا تھا۔ مانگا کے مرنے کے بعد اس کی راکھ کو یہاں دفن کیا گیا اور اس پر پختہ سمادھی تعمیر کر دی۔ اور اس طرح یہ مڑھی 'مانگے دامڑھ' کہلانے لگی۔ موجودہ صدی کے شروع تک باجوہ قوم کے ہندوؤں اور مسلمانوں کے لیے یہ جگہ بڑی متبرک سمجھی جاتی تھی اور پسرور کے مناظر میں سے ایک خوشنما منظر پیش کرتی تھی۔ مانگا کے مرنے کے بعد اس کے لڑکے 'کلاس' نے پسرور چھوڑ کر ایک اور گاؤں آباد کیا جو اس کے نام کی نسبت سے کلاشن والا کہلاتا ہے۔ تقسیمِ ملک تک یہ جگہ مشہور تھی۔ یہاں ایک بہت بڑا بڑ کا درخت بھی تھا جسے سکھوں نے کاٹ کر فروخت کر دیا تھا۔

6- دیوکاں

شہر کے مشرقی جانب پانی کا ایک ذخیرہ ہے جو تقسیم ملک سے قبل باقاعدہ پختہ تالاب ہوا کرتا تھا۔ اس تالاب کا طول تین سو فٹ اور عرض 135 فٹ ہے۔ اس وقت اس کی سیڑھیاں پختہ ہیں اور چھوٹی اینٹ کی بنی ہوئی ہیں۔ اردگرد کی دیواریں شکست و ریخت سے دوچار ہو چکی ہیں۔ یہاں ایک چھوٹی اینٹ کا چھوٹا سا غسل خانہ بھی تھا۔ سیلاب کے دنوں میں ڈیک سے پانی لا کر اس میں جمع کر لیا جاتا تھا۔

یہ ہندوؤں کی شمشان بھومی تھی یعنی یہاں مردوں کو جلاتے تھے۔ اس کے قریب ایک مندر بھی تھا۔ جسے جے کشن مہاجن نے بنوایا تھا۔ اس مندر کے نزدیک ایک بڑی سمادھ بنجارہ رائے کی تھی جو مہاراجہ رنجیت سنگھ کا کمانڈر انچیف تھا۔ اس سمادھ کے ساتھ اس کی بیوی کی سمادھ تھی جو خاوند کے ساتھ جل کر مر گئی تھی۔ ان دو سمادھیوں کے علاوہ اور بھی سمادھیاں ان عورتوں اور لڑکیوں کی تھیں جو چھوت چھات میں جل کر راکھ ہو گئی تھیں۔ اب ان سمادھیوں کا نام و نشان نہیں ہے۔

دیوکاں کے قریب ایک 36 فٹ مربع کی ایک پختہ بارہ دری ہے جس کی کرسی سوا دو فٹ اونچی ہے۔ تقسیمِ ملک سے چند سال قبل یہ تعمیر ہوئی۔ اس کے قریب ہی ایک کنواں ہے۔

7- شاہی رہائش گاہ

عہدِ قدیم سے پسرور کسی نہ کسی حکمران کے تابع رہا ہے۔ یہ حکمران یقیناً شہر میں بود و باش رکھتا ہوگا سکھ راجہ رنجیت سنگھ نے جب 1807ء میں پسرور پر قبضہ کیا تو اس نے شہر کا شاہی مکان نہال سنگھ اٹاری والے کو دے دیا۔ یہ شاہی مکان چٹا کھوہ میں امجد میڈیکل ہال کے سامنے والی قلعہ نما دو منزلہ عمارت ہی ہو سکتی ہے جسے پہلے بندوبست (1865ء) میں (خسرہ نمبر 1160) ملکیت سرکار قرار دیا گیا ہے اور جس میں انگریزوں نے ابتدا میں اس کی بالائی منزل پر ہسپتال اور نچلی منزل کے مشرقی حصہ میں ورنیکلر مڈل اسکول اور مغربی حصہ میں میونسپل کمیٹی کا دفتر قائم کیا تھا۔ عام روایت بھی یہی ہے کہ یہ کسی جاگیردار کی رہائش گاہ تھی۔

8- سرائے بھائی کرم سنگھ

شہر کے شمال میں شاہ دولہ کے تالاب سے متصل ایک دیہہ ہے جسے سرائے بھائی کرم سنگھ کہا جاتا ہے۔ اس کی تاریخی اہمیت اس طرح ہے کہ:

عہدِ عہبد اکبر بادشاہ کے مسمی سوہند قوم جٹ گوت ہندل مورث۔ اعلیٰ موضع دید کا ضلع امرت سر میں باجازت بردمان اٹھ کر پسرور خاص آیا اور اس اراضی ویران میں باجازت حاکم وقت سکونت خاص پسرور میں سکھ اور یہ ایک سرائے بادشاہی رقبہ دیہہ ہذا میں واقع ہے۔ اس واسطے نام گاؤں کا مشہور ہوا۔ بعد میں اس کے مسمی کرم سنگھ من جملہ برادر موروث قبضہ پسرور میں دھرم سالا تعمیر کر کے رہنے لگا۔ نام اس کا بھائی کرم سنگھ مشہور ہوا۔ اس لیے نام گاؤں کا سرائے بھائی کرم سنگھ مشہور ہو گیا۔ تین پشت تک باکمال (اکیلا مالک) رہا۔ اس کا کل رقبہ 161 کنال ہے۔ 1865ء کے پہلے بندوبست میں کرم سنگھ کا شجرہ نسب یہ تھا:۔

شجرہ نسب سرائے بھائی کرم سنگھ:

سوہندا

پرجا | بولاقی

بولاقی کی اولاد: جسا | کرم سنگھ | گورو دتا | گورا | گودا

جسا -> جی چند -> پردنا

کرم سنگھ -> دھرم سنگھ -> پریم ان

گورا -> دسا سنگھ -> (صاحب سنگھ و امر داس) -> (چندن سنگھ، آس سنگھ، تلوکا، گربخش سنگھ)

گودا -> ملہی -> دل سنگھ -> گربخش -> تلوک سنگھ -> بھگوان سنگھ -> کاہن سنگھ -> اتم سنگھ -> جھنڈا -> شام

بھائی کرم سنگھ کی اولاد کی تفصیل حسبِ ذیل ہے:۔

1- گنڈا سنگھ: ان کا لڑکا اتم سنگھ 1865ء میں موجود تھا۔ اتم سنگھ کے دو لڑکے ہری سنگھ اور دیوا سنگھ تھے۔ ہری سنگھ کا لڑکا ڈپٹی کیسر سنگھ تھا جو تقسیمِ ملک سے قبل مر گیا۔ اس کا دوسرا بھائی الیسر سنگھ بھارت چلا گیا تھا۔

2- جھنڈا سنگھ: اس کی پہلی بیوی سے جوالا سنگھ اور جیون سنگھ تھے۔ دوسری بیوی سے خوشحال سنگھ، نہال سنگھ، گلاب سنگھ اور مہتاب سنگھ تھے۔ 1892ء کے دوسرے بندوبست میں اس کے لڑکے موجود تھے۔

3- بھگوان سنگھ: 1865ء میں یہ نمبردارِ اعلیٰ تھا ۔ 1892ء میں پہلی بیوی سے بوٹا سنگھ اور دوسری بیوی سے لال سنگھ اور گوپال سنگھ تھے۔

4- شام سنگھ: اس کا ایک لڑکا ہیرا سنگھ تھا جو تقسیم ملک سے قبل راہی ملک عدم ہوا۔ شام سنگھ کو انگریزی حکومت نے اپنے اقتدار کے ابتدائی سالوں میں اپنی نوازشات سے نوازا بھی تھا۔ پہلے بندوبست میں شام سنگھ کے لیے یہ حکم صادر ہوا تھا:

'جاگیر بنام شام سنگھ چک بھائی کرم سنگھ ساکن پسرور خاص حسب الحکم جناب چیف کمشنر نمبر 1120 تین ستمبر 1857ء تا حیات معاف ہے۔ بعد مرنے اس کی چہارم تاقیام دھرم سالہ کے معاف ہے:'

5- کاہن سنگھ: 1865ء میں یہ خود زندہ تھا۔ کچے تالاب کے شمالی کنارے پر ڈپٹی کیسر سنگھ کے لڑکے الیسر سنگھ نے ایک پختہ حویلی بنائی تھی جو آج شکستہ و ریختہ حالت میں ہے۔

خوش قسمتی سے دیہہ سرائے بھائی کرم سنگھ کا پہلا بندوبست ریکارڈ آفس سیالکوٹ سے دستیاب ہو گیا ہے۔ جس کی وجہ سے ٹھوس معلومات حاصل ہوئی ہیں۔

9- عید گاہ

شہر کے مغرب میں سول ہسپتال کے قریب چھوٹی اینٹ کی ایک قدیم عید گاہ ہے جو 19 کنال 12 مرلے میں واقع ہے۔ قرین قیاس ہے کہ لگے زئی خاندان کے جد امجد شیخ عبدالرحیم نے شہر میں مسجد کے ساتھ ہی اسے بنوایا تھا۔ تقسیم ملک سے قبل شہر کے تمام مسلمان یہاں عیدین کی نماز ادا کیا کرتے تھے۔ آج کل بھی یہاں عیدین کی نمازیں پڑھی جاتی ہیں۔ عید گاہ میں بہت سے درخت ہیں خصوصاً بیریوں کے درختوں کی بہتات ہے۔

10- وکٹوریہ سرائے

جہاں ان دنوں میونسپل کمیٹی کا دفتر ہے کسی زمانے میں یہاں سرائے ہوا کرتی تھی جو اس وقت کی حکمراں ملکہ وکٹوریہ (1837-1901ء) کے نام سے منسوب تھی۔ اس کی جہتوں کی پیمائش اس طرح تھی:۔

152.8 × 104 اور 142.6 × 102.3

کل رقبہ: 16047 مربع فٹ تھا۔

ابتدا سے لے کر 1951ء تک یہاں ایک پرائمری اسکول بھی ہوا کرتا تھا جو میونسپل کمیٹی کے تحت تھا۔ دائیں اور بائیں جانب چھوٹے چھوٹے کمرے ہوا کرتے تھے جو سرائے کا کام دیا کرتے تھے اور مسافر لوگ ان میں رہائش رکھتے۔ ایک چوکیدار بھی مقرر تھا جو مسافروں کو کمرے اور چارپائیاں مہیا کیا کرتا تھا۔ موجودہ صدی کی ابتدا میں یہاں ایک کنواں لگایا گیا تھا جس پر یہ کتبہ نصب تھا:۔

یہ چاہ ماہ جون 1905ء میں شروع ہو کر ماہ اگست 1905ء میں باجازت مسٹر آر سائیکس صاحب بہادر ڈپٹی کمشنر باہتمام لالہ دلیپ سنگھ تحصیلدار پسرور و ارکان تحصیل پسرور تیار ہوا۔

اس سرائے کا مین گیٹ 1902ء میں پختہ تعمیر ہوا تھا۔ اس پر جو کتبہ لگا ہے اس کی تحریر ملاحظہ ہو:۔

پتھر جناب والا شان ٹالنٹن صاحب بہادر کے دست مبارک سے رکھا گیا، 2 جنوری 1902ء

اپریل 1952ء میں یہاں میونسپل کمیٹی کا دفتر منتقل کیا گیا اور نئے کمرے بھی تعمیر کیے گئے۔

11- سرائے بی بی مایا دیوی

لالہ کرپارام اشٹام فروش اور وثیقہ نویس تھا۔ اس کا باپ لالہ اٹو ڈہ مل مہاجن تھا۔ کرپارام کا لڑکا پنا لعل لا ولد تھا۔ پنا لعل کی بیوہ مایا دیوی نے 1921ء میں اسٹیشن روڈ پر ایک سرائے تعمیر کی، ریلوے اسٹیشن کے وہ مسافر جو رات کی گاڑی سے آتے یا جو رات کی گاڑی سے رہ جاتے تھے، ان کے لیے یہاں سرائے میں چارپائی اور بستر کی سہولتیں مہیا کر رکھی تھیں۔ مسافروں سے دو پیسے فی کس کے حساب سے کرایہ وصول کیا جاتا تھا۔ سرائے کے بیرونی بڑے دروازے پر یہ کتبہ نصب ہے:۔

بانی سرائے : بی بی مایا دیوی بیوہ پنالعل خلف کرپارام بن اٹو ڈہ مل مہاجن پسرور۔ کتک 1978 سمبت مطابق 1921ء

سرائے کے اندر ایک کنواں بھی ہے جس میں یہ پتھر لگا ہے:۔

پانی چاہ : بی بی مایا دیوی بیوہ پنالعل مہاجن پسرور سمت 1975

مآخذ باب ہشتم

نوٹ برائے قارئین و محققین:

یہ تاریخی دستاویز اصل مطبوعہ کتاب سے من و عن قارئین کی علمی و تحقیقی رہنمائی کے لیے ڈیجیٹائز کی گئی ہے۔ اگر کوئی غلطی ہوئی ہے تو یہ ٹائپنگ کی غلطی ہو سکتی ہے۔ اگر کسی صاحبِ علم کو کسی مقام پر املا، تاریخ یا نام میں سہو نظر آئے تو برائے مہربانی تصحیح کے لیے ادارہ اپنا پسرور (pasrur.pk) کو مطلع فرمائیں تاکہ اسے فوری درست کیا جا سکے۔

← پچھلی قسط (7) سلسلہ تاریخِ پسرور — قسط 8 از 16 اگلی قسط (9) →

اپنا پسرور کا آفیشل واٹس ایپ چینل فالو کریں

تمام بریکنگ نیوز، فوری الرٹس اور تصویری خبریں براہِ راست اپنے واٹس ایپ پر مفت پائیں

چینل جوائن کریں ↗

شاید آپ یہ بھی پڑھنا چاہیں

تمام خبریں دیکھیں
28 نومبر 2026•1 گھنٹے پہلے•عائشہ نور

پنجاب: ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں 30 دن کی توسیع

پنجاب میں کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں 30 دن کی توسیع کر دی گئی۔

28 نومبر 2026•2 گھنٹے پہلے•طاہر محمود

لاہور: سیف سٹی پولیس نے دس سال سے لاپتہ خاتون کے اہلخانہ سے ملوادیا

لاہور(28 نومبر 2026): لاہور سیف سٹی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دس سال قبل لاپتہ ہونے والی خاتون کا سراغ لگا کر اسے بحفاظت اہلخانہ کے سپرد کر دیا۔

28 نومبر 2026•3 گھنٹے پہلے•وقاص احمد

منشیات فروش معاشرے کا ناسور

منشیات فروش معاشرے کا ناسور

28 نومبر 2026•3 گھنٹے پہلے•عائشہ نور

پی ایس ایل 12: ٹم پین ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ برقرار

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز ملتان سلطانز نے پی ایس ایل 12 کےلیے بھی سابق آسٹریلوی کپتان ٹم پین کو کوچ برقرار رکھا۔

28 نومبر 2026•4 گھنٹے پہلے•وقاص احمد

منشیات فروش معاشرے کا ناسور

منشیات فروش معاشرے کا ناسور

28 نومبر 2026•4 گھنٹے پہلے•طاہر محمود

شہری گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک لگائیں، لاہور میں اعلان

لاہور: لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک سطح پر پہنچ گئی ہے، اے کیو آئی 330 ریکارڈ کی گئی۔

تاریخِ پسرور (قسط 8): باب ہشتم — مساجد، مندر، گوردوارے، شاہی تالاب اور مزارات — صفحات 133 تا 161 | اپنا پسرور