تاریخِ پسرور (قسط 7): باب ہفتم — زراعت، شال سازی، مٹی کے برتن، شوگر ملز اور بینکاری — صفحات 121 تا 132

کتاب: تاریخِ پسرور (مستند دستاویزی اشاعت)
مصنف: ڈاکٹر سید سلطان محمود حسین (ماہرِ اقبالیات، سوانح نگار و مؤرخ) | ناشر: سنگ میل پبلی کیشنز، لاہور
کتاب کا حوالہ صفحہ نمبر: صفحات 121 تا 132 | سلسلہ اشاعت: قسط 7 از 16
باب 7
زراعت
قصبہ پسرور مغل دور سے قبل ہی ایک خصوصی اہمیت کا حامل رہا ہے۔ ذرائع آب پاشی نہ ہونے کے باوجود یہاں کے کھیت مختلف قسم کی اجناس وافر مقدار میں پیدا کرتے تھے۔ اکبری دور میں یہ غلہ کے اجناس کی ایک بڑی منڈی تھی۔ فروخت کے لیے کچھ اجناس پہاڑی علاقوں یعنی جموں و کشمیر سے آتی تھیں۔ شیخ ابوالفضل علامی فہامی نے اپنی مشہورِ زمانہ فارسی تصنیف آئین اکبری میں سوادِ لاہور میں پسرور سرکار میں کاشت ہونے والی فصلوں کا ذکر کیا ہے اور اس دور کے نرخ بھی محفوظ کر دیئے ہیں۔ ملاحظہ ہوں:۔
آج ان میں سے کئی نام عجیب و غریب معلوم ہوتے ہیں۔ اس فہرست سے یہ بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پسرور اس زمانے میں خرید و فروخت کا بہت بڑا مرکز تھا۔ اس وقت کے سکوں یعنی دام اور جیتل کی تشریح سرسید نے اس طرح کی ہے:۔
ایک دام : 25 جیتل : 4 پائی
5 دام : موجودہ دو آنے
6 دام : 2 آنے 4 پائی
10 دام : 4 آنے
30 دام : 12 آنے
آج سے ایک صدی قبل کے نرخ ملاحظہ ہوں جب کہ ان دنوں ایک روپیہ میں سیروں کے حساب سے جنس مل جاتی تھی:۔
چاول کی کاشت 1954ء کے لگ بھگ یہاں شروع ہوئی ہے۔ باجرہ، جوار، مکئی کی اتنی کاشت نہیں ہوتی کہ انہیں منڈی میں لا کر فروخت کیا جا سکے۔ ایوب خان کے دورِ صدارت میں ملک کو مشینی زراعت کی راہ پر ڈالا گیا اور آب پاشی کے لیے ٹیوب ویل کا آغاز ہوا۔ چنانچہ اب پسرور اور اس کے مضافات میں بھی جا بجا ٹیوب ویل لگ چکے ہیں جس سے پیداوار کی صورت حال کافی بہتر ہو گئی ہے۔ ہر سال موسمِ برسات میں پسرور کے قریب سے بہتی ہوئی ڈیک نالوں سے باہر اچھل آتی ہے اور پانی فضول نشیبی علاقوں میں بہتا رہتا ہے۔ اگر حکومت ڈیک کے اس پانی کو ایک بڑی جھیل یا تالاب میں ذخیرہ کر لے تو زراعت کے لیے یہ پانی استعمال ہو سکتا ہے۔
صنعت و حرفت
آج کل کے مشینی دور میں کسی علاقے کی ترقی اور خوشحالی میں صنعت و حرفت کا بڑا دخل ہے۔ مگر افسوس کہ پسرور جیسا قدیم اور تاریخی قصبہ صنعتی لحاظ سے بہت پسماندہ چلا آ رہا ہے۔ کیوں کہ یہاں روزگار کا کوئی ایسا مستقل ذریعہ نہیں جو یہاں کی غربت و افلاس کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکے۔ لے دے کے ظروف سازی کی ایک معمولی صنعت ہے جو پرانے وقتوں سے چلی آ رہی ہے۔
یہاں کے مٹی کے برتن مثلاً ہانڈی، کنالی، مٹکے اور صراحیاں جو عام پاکستانی گھروں میں روزانہ استعمال کیے جاتے ہیں، بڑے مشہور ہیں۔ یہ سب اشیاء یہاں کے کمہار گھروں میں بناتے ہیں۔ اس لیے اسے ہم گھریلو صنعت کہہ سکتے ہیں۔ مٹی کی یہ گھریلو صنعت صدیوں پرانی نہیں ہے۔ مغل دور میں اس کا تذکرہ نہیں ملتا۔ آج سے دو صدی قبل کشمیر سے ایک مسلمان گھرانہ وہاں کے ہندو راجا کے ظلم و ستم سے تنگ آکر پسرور میں آیا اور یہاں مستقل طور پر آباد ہو گیا۔ یہ گھرانہ ایک باپ اور تین بیٹوں پر مشتمل تھا۔ ایک لڑکا لاولد رہا۔ دو لڑکوں کی نسل آگے چلی جو آج بھی پسرور میں محلہ ککے زئی کے بیرونی جانب آباد ہے۔ اس کے علاوہ محلہ کھوکھراں میں بھی انہی کی نسل کے لوگ آباد ہیں۔ اسٹیشن کے قریب محلہ مراد پورہ کے کمہار 1944ء میں قاضی پہاڑنگ نامی گاؤں سے آ کر یہاں آباد ہوئے ہیں۔ کچی دکوٹ کے کمہار بھی بعد میں یہاں آئے ہیں۔ ان سب کمہاروں نے مٹی کی گھریلو صنعت کو بہت فروغ دیا ہے۔
آج سے ایک صدی قبل برتنوں کے لیے مٹی لنڈا نالہ سے لائی جاتی تھی مگر ان دنوں لنڈا نالے کے علاوہ بوڑھے کی، مالوپتیال اور زام کے کی بھی مٹی استعمال کرتے ہیں: مالی پور گاؤں کی بھی مٹی استعمال کی جاتی ہے۔
انیسویں صدی کی آٹھویں دہائی میں یہاں سادہ کپڑے پر چھپائی کا کام ہوتا تھا اس کے علاوہ پیتل کے برتن بھی بنائے جاتے تھے۔
1920ء میں یہاں کی بڑی صنعت شال سازی تھی تقریباً 12 دکانوں پر شال کے بارڈر بنانے کا کام ہوتا تھا جہاں 35 کاریگر کام کرتے تھے اور پوربی دھاگہ استعمال کیا جاتا تھا۔ اس صنعت سے وابستہ لوگ کشمیر سے ہجرت کر کے اس علاقہ میں آئے تھے اور قلعہ سوبھا سنگھ کے بعد انہوں نے پسرور میں اس صنعت کو اپنایا۔ اس دور میں یہاں چھینٹ کاری بھی بنائی جاتی تھی۔
پسرور کے محلہ اسلام آباد (موجودہ مغلپورہ) میں ان دنوں امام بخش و ہدایت اللہ پسران اللہ دتہ نے الیکٹرو پلیٹنگ کا کام شروع کیا۔ یہ لوگ پیتل کے چمچوں اور گھریلو استعمال کے برتنوں پر ملمع سازی کرتے تھے۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ لوگ مٹی کے تیل سے جلنے والی لالٹینیں بھی تیار کرتے تھے چند سال تک یہ صنعت قائم رہی بعد ازاں سرپرستی نہ ہونے کی وجہ سے یہ کام بند ہو گیا۔
1940ء کے قریب عبداللطیف بن رحمت اللہ وغیرہ نے محلہ مغلپورہ میں خاد اور انجن سازی کا آغاز کیا اور روئی انجن تیار کرنے شروع کئے۔ 1962ء میں مستقل طور پر ڈسکہ چلے گئے ہیں اور ان دنوں بھی وہاں روئی انجن تیار کرتے ہیں۔ 1940ء سے قبل پسرور کے کچھ دستکار (محنت پیشہ افراد) امرتسر کی برش فیکٹری میں کام کیا کرتے تھے۔ بعد میں جب یہ سلسلہ بند ہو گیا تو انہوں نے خود کام کو جاری کرنے کا ارادہ کیا۔ چنانچہ محمد عالم بن میاں کریم بخش نے مستری دین محمد بن علم دین کے ساتھ مل کر 1940ء میں اسٹینڈرڈ برش فیکٹری کے نام سے پسرور میں ایک صنعتی ادارہ قائم کیا جس میں بوٹ پالش اور دیگر کئی قسم کے برش تیار کئے جاتے اور ملک کے دور دراز حصوں میں سپلائی کئے جاتے تھے ان سے چند ماہ پہلے پسرور کے اسمعیل نامی ایک کاریگر نے بھی چھوٹے پیمانے پر مستری دین محمد کے تعاون سے برش سازی کا کام شروع کیا تھا مگر وہ زیادہ عرصہ تک جاری نہ رہ سکا اسی زمانے میں صدر دین نامی ایک شخص نے 'کراؤن برش فیکٹری' کے نام سے پسرور میں یہ صنعت قائم کی کچھ عرصہ بعد اس نے اس فیکٹری کو راولپنڈی منتقل کر دیا۔ آج کل صدر دین کا پوتا 'اسٹار برش فیکٹری' کے نام سے راولپنڈی چھاؤنی میں اس کام کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ 1966ء سے پسرور میں مستری دین محمد نے دوبارہ اپنے بیٹوں کے ساتھ مل کر برش بنانے کا کام شروع کر رکھا ہے یہ لوگ اوسطاً تین درجن بوٹ کے برش روزانہ تیار کرتے ہیں۔
محلہ مغل پورہ میں مرزا محمد شریف بن فضل دین نے 1944ء میں شاہین انجینئرنگ ورکس کے نام سے چھوٹے پیمانے پر ایک فیکٹری قائم کی ہے۔ جہاں سائیکل کے پرزہ جات خراد پر تیار کیے جاتے ہیں۔
اڈہ لاریاں کے نزدیک سیالکوٹ روڈ پر ASIATIC ASBESTOS MILLS 1966-67ء سے قائم ہے موضع کمال پور چشتی کے محمد اختر چشتی پسر محمد شاہ چشتی اس کے مالک ہیں اور یہاں ASBESTOS SHEETS / MILL BOARD تیار کرتے ہیں۔ ملک کی مختلف کمپنیوں کو مال سپلائی کیا جاتا ہے۔ FIRE PLY اس کا ٹریڈ مارکہ ہے۔ موصوف چار پانچ سال کی جدوجہد کے بعد اس کو بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ چند ماہ سے STEAM JOINTING SHEETS بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ فضل اللہ کی اعلیٰ قسم ہے۔
پسرور شوگر ملز
پسرور میں شوگر ملز کا قیام اس قصبے کی تاریخ کا ایک بہت اہم واقعہ ہے۔ اس سلسلے میں سب سے زیادہ رول سوشل ویلفیئر کونسل پسرور نے ادا کیا ہے۔ بیشتر لوگوں کے نزدیک یہاں چینی کے کارخانے کا قیام سیاسی حالات کا مرہونِ منت ہے، کیونکہ بارانی علاقہ ہونے کی وجہ سے پسرور اور اس کے گرد و نواح میں گنے کی کاشت بہت کم ہوتی ہے۔ اس لیے ضروری معلوم ہوتا ہے کہ تمام واقعات بلا کم و کاست بیان کر دیئے جائیں تاکہ لوگوں کو صحیح صورت حال معلوم ہو جائے۔
پسرور میں ابتدا سے ایوبی دور تک کئی معروف شخصیتیں پیدا ہوئیں مگر افسوس کہ کسی شخص، کسی ادارے یا کسی طبقے نے مستقل بنیادوں پر یہاں کوئی ایسا کام نہیں کیا جو یہاں کے باشندوں کی غربت و افلاس کو ختم کر سکے اور لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کر سکے۔
صورتِ واقعہ یہ ہے کہ محمد ایوب خان کے دورِ حکومت میں تحصیل پسرور سے ایک شخص شاہ نواز نے نجی طور پر پسرور میں شوگر ملز قائم کرنے کا منصوبہ بنایا۔ سیاسی بنیادوں پر حکومت نے باقاعدہ منظوری دیدی۔ موصوف اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کا آغاز کرنے ہی والا تھا کہ 1965ء میں بھارت نے پاکستان پر اچانک حملہ کر دیا۔ اس ناگہانی افتاد سے یہ حقیقت سامنے آئی کہ پسرور بارڈر ایریا میں واقع ہے اور یہاں کثیر سرمائے سے کوئی صنعت قائم کرنا خطرے سے خالی نہیں اس طرح شاہ نواز نے پسرور میں شوگر ملز لگانے کا منصوبہ ترک کر دیا اور منڈی بہاؤالدین میں 'سرتاج شوگر ملز' کے نام سے چینی کا ایک کارخانہ قائم کر دیا۔ یہ کارخانہ ابتدائی دو سال تک 'پسرور شوگر ملز' کے نام سے چلتا رہا۔
بھٹو دور میں سوشل ویلفیئر کونسل کے صدر کرنل خان محمد خان نے پنجاب کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ ملک معراج خالد کو پسرور آنے کی دعوت دی تاکہ انہیں کونسل کی کارکردگی سے آگاہ کیا جا سکے اور ان سے کونسل کے منصوبوں کی تکمیل کے لئے مالی اعانت حاصل کی جا سکے ملک صاحب نے یہ دعوت قبول کر لی سوشل ویلفیئر کونسل نے وزیر اعلیٰ کی پسرور میں آمد کا پروگرام طے کرنے کے لئے فوراً اپنا اجلاس طلب کیا۔ کونسل کے نائب صدر چوہدری محمد عظیم نے ایک قرارداد پیش کی کہ وزیر اعلیٰ سے پسرور میں ایک شوگر ملز قائم کرنے کی استدعا کی جائے تاکہ یہاں کے پسماندہ عوام کو روزگار کی سہولتیں میسر ہو سکیں۔ کرنل خان محمد خان کی زیر صدارت کونسل نے اس قرارداد کو منظور کر لیا وزیر اعلیٰ بے پناہ مصروفیات کی بناء پر پسرور نہ آسکے مگر کونسل کے صدر اور دوسرے ارکان نے اس قرارداد کو عملی جامہ پہنانے کا ارادہ کر لیا۔ ڈاکٹر امتیاز احمد خاں کی وساطت سے کرنل صاحب ایک وفد لے کر اس وقت کے وزیر زراعت نواب صادق حسین قریشی سے ملے اس کے بعد کابینہ کے ایک دوسرے رکن حنیف رامے سے ملاقات کی۔ انہیں پسرور میں شوگر ملز قائم کرنے کا احساس دلایا۔ ان دنوں کوثر نیازی کا بڑا لڑکا ایک حادثے کا شکار ہو گیا اس کے چہلم پر کرنل صاحب پسرور سے ایک وفد لے کر لاہور گئے اور چہلم میں شرکت کی۔ فاتحہ خوانی کے موقع پر کرنل صاحب نے کوثر نیازی کو پسرور میں شوگر ملز قائم کرنے کی استدعا کی اس کے کچھ عرصہ بعد کوثر نیازی جب حج بیت اللہ سے واپس آئے تو ان کے استقبال کے لئے کرنل موصوف پسرور سے ایک وفد لے کر لاہور ریلوے اسٹیشن پر پہنچے۔ اس وفد میں پسرور کے مرحوم کرنل شہباز خاں بھی شامل تھے کرنل صاحب نے شہباز خاں کی وساطت سے کوثر نیازی کو پسرور میں شوگر ملز لگانے کی ایک عرضداشت پیش کی اسی دوران اس وقت کے صدرِ مملکت اور چیف مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر ذوالفقار علی بھٹو مہاجرین سے ملنے کے لئے شکرگڑھ آئے، سوشل ویلفیئر کونسل ایک بہت بڑے وفد کی صورت میں شکرگڑھ گئی۔ اس وفد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چند ممبر بھی شامل تھے۔ بھٹو صاحب فوجی میس میں کھانا کھانے کے لئے جاتے ہوئے وفد کے اراکان سے ملے اور ان کی گزارشات سنیں خضر اور حنیف رامے سے مشورہ کر کے بھٹو صاحب نے پسرور میں شوگر ملز قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔ پاکستان انڈسٹریل ڈویلپمنٹ بورڈ نے FEASIBILITY رپورٹ دی اس بناء پر اس وقت کے وزیر اعلیٰ حنیف رامے نے یہاں شوگر ملز قائم کرنے سے انکار کر دیا۔ کونسل نے پھر تگ و دو شروع کر دی۔ ذوالفقار علی بھٹو اور دوسرے ذمہ دار عہدیداروں کو تار دینے جانے لگے اور یادداشتیں بھیجی شروع کر دیں اخبارات میں مراسلے شائع کروائے گئے کہ حکومت اگر پرائیویٹ سیکٹر میں پسرور میں شوگر ملز قائم کر سکتی ہے تو پھر وہ پبلک سیکٹر میں یہاں شوگر ملز قائم کیوں نہیں کرتی۔ لا تعداد تاروں، عرضداشتوں اور مراسلوں پر حکومت حرکت میں آئی بھٹو صاحب نے حنیف رامے کو ان کے فیصلے پر تنبیہ کی۔ حنیف رامے کو مجبوراً اپنے الفاظ واپس لینے پڑے۔ اور پسرور آکر ایک بہت بڑے جلسے میں اعلان کرنا پڑا کہ پسرور میں شوگر ملز ضرور قائم ہوگی اس حتمی فیصلے کے بعد حکومت کی مشینری حرکت میں آگئی فوراً تعمیراتی کام کا آغاز ہوا بھٹو صاحب کے زوال کے بعد مارشل لاء انتظامیہ نے بھی اس منصوبے کو اہمیت دی اور اسے مکمل کرنے کی کوششیں تیز تر کر دیں۔ بالآخر پنجاب کے گورنر جنرل سوار خاں نے 31 مئی 1979ء میں اس کا افتتاح کیا۔
اس تفصیل سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ سوشل ویلفیئر کونسل کے صدر اور معزز ارکان کو اپنے پسماندہ شہر کی پسماندگی دور کرنے کے لئے اور اسے صنعتی لحاظ سے آگے بڑھانے میں کن کن مراحل سے گزرنا پڑا۔ ان کا یہ کارنامہ واقعی قابلِ داد ہے۔
بینکاری
پسرور کی سرزمین مغلیہ دور ہی سے زراعت میں خصوصی اہمیت کی حامل رہی ہے یہاں کے قدیم گھرانے اپنی دولت و امارت کی وجہ سے ضلع بھر میں اچھی نظروں سے دیکھے جاتے تھے ایسے کاروباری اور متمول شہر کے لیے بینکاری کی سہولتوں کا مہیا ہونا از حد ضروری ہے۔ بینکاری کی ضرورت محتاج بیان نہیں۔ یہاں کے لوگ کاروبار، صنعت و حرفت اور سرکاری ملازمتوں میں بھی پیش پیش آ رہے ہیں۔ درج ذیل میں پسرور میں قائم ہونے والے بینکوں کا سرسری ذکر کیا جاتا ہے:۔
1- دی پسرور سنٹرل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ
اس بینک کے سالِ قیام کے بارے میں صحیح طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ کس سال میں قائم ہوا۔ ریکارڈ سے صرف اس قدر معلوم ہو سکا ہے کہ جنوری 1910ء میں یہ شاخ یہاں موجود تھی۔ یکم نومبر 1921ء کو اس بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹر یہ تھے:۔
صدر: ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ
حصہ داراں: نائب صدر: سردار شیو دیو سنگھ اعزازی مجسٹریٹ سراں والی، چودھری الطاف علی ذیلدار
اعزازی سیکرٹری: لالہ اتم چند رئیس پسرور
ممبران: مولوی نیاز علی ریٹائرڈ انسپکٹر آف اسکولز، لالہ محکم چند پسر دیوی دیال رئیس پسرور، لالہ امر چند پسرور، لالہ رلہ رام وکیل پسرور
ان کے علاوہ سات ممبر مختلف سوسائٹیوں کے تھے۔
1927ء میں اس برانچ کے دو ہزار حصص تھے۔ ہر حصہ پچاس روپے مالیت کا تھا۔ اسی سال ایک کنال اور ایک مرلہ قلعہ اراضی پر 32000 روپے کی لاگت سے پختہ عمارت تعمیر کی گئی، جس کا سنگِ بنیاد پنجاب کے گورنر سر دیم میکلوم ہیلی نے 1927ء میں رکھا۔ مولوی نیاز علی اس بینک کے بڑے سرگرم رکن تھے اور بینک کو لوگوں سے زیادہ سے زیادہ متعارف کرانے کے لیے پُروقار تقریبات بھی منعقد کیا کرتے تھے۔
2- یونائیٹڈ بینک
19 اگست 1964ء کو یونائیٹڈ بینک۔ زونل آفس گوجرانوالہ کے نائب صدر محمد یوسف نے پسرور میں یونائیٹڈ بینک کی شاخ کا افتتاح کیا۔
3- نیشنل بینک آف پاکستان
19 مئی 1961ء کو نیشنل بینک آف پاکستان کی سب برانچ پسرور میں قائم ہوئی۔ شروع شروع میں بینک کا عملہ پانچ افراد پر مشتمل تھا۔ چوہدری عبدالغنی اس کے منیجر مقرر ہوئے۔ 7 مئی 1965ء یہ سب برانچ اپ گریڈ ہوئی اور چھ سو روپے ماہوار کرایہ کی عمارت میں سبزی منڈی کے سامنے موجودہ جگہ پر منتقل ہوئی۔ اس بینک کو اپنی مستقل عمارت کی اشد ضرورت ہے۔ بینک کے عملے کی تفصیل یہ ہے:۔
(i) منیجر: 1، آفیسر: 5، کلرک: 3، خزانچی: 5، ملازمین درجہ چہارم: 7
(ii) نیشنل بینک شعبہ قرضہ جات۔ نزد سول ہسپتال: اکتوبر 1977ء میں قائم ہوئی۔
(iii) نیا اڈہ لاریاں کے قریب پسرور۔ سیالکوٹ روڈ پر نیشنل بینک کی شوگر ملز کی شاخ 29 مارچ 1978ء کو قائم ہوئی۔
(iv) شوگر ملز میں بھی نیشنل بینک کی ایک شاخ ہے۔
4- مسلم کمرشل بینک
یہ شاخ 23 دسمبر 1972ء کو قائم ہوئی۔
5- حبیب بینک
یہ بینک 12 دسمبر 1974ء کو قائم ہوا۔
6- الائیڈ بینک
4 دسمبر 1977ء کو یہ شاخ کھلی۔
7- نیشنل سیونگ سینٹر
قومی بچت کا مرکز ہے مئی 1975ء میں قائم ہوا۔
8- سٹینڈرڈ بینک
1966ء میں سٹینڈرڈ بینک کی پسرور میں شاخ قائم ہوئی تھی۔ جون 1974ء میں یہ مدغم ہو گئی اور کھاد فیکٹری ملتان چلی گئی۔
مآخذ باب ہفتم
نوٹ برائے قارئین و محققین:
یہ تاریخی دستاویز اصل مطبوعہ کتاب سے من و عن قارئین کی علمی و تحقیقی رہنمائی کے لیے ڈیجیٹائز کی گئی ہے۔ اگر کوئی غلطی ہوئی ہے تو یہ ٹائپنگ کی غلطی ہو سکتی ہے۔ اگر کسی صاحبِ علم کو کسی مقام پر املا، تاریخ یا نام میں سہو نظر آئے تو برائے مہربانی تصحیح کے لیے ادارہ اپنا پسرور (pasrur.pk) کو مطلع فرمائیں تاکہ اسے فوری درست کیا جا سکے۔
اپنا پسرور کا آفیشل واٹس ایپ چینل فالو کریں
تمام بریکنگ نیوز، فوری الرٹس اور تصویری خبریں براہِ راست اپنے واٹس ایپ پر مفت پائیں








