تاریخِ پسرور (قسط 5): باب چہارم و پنجم — صحت اور پولیس نظام کی تاریخ — صفحات 107 تا 114

کتاب: تاریخِ پسرور (مستند دستاویزی اشاعت)
مصنف: ڈاکٹر سید سلطان محمود حسین (ماہرِ اقبالیات، سوانح نگار و مؤرخ) | ناشر: سنگ میل پبلی کیشنز، لاہور
کتاب کا حوالہ صفحہ نمبر: صفحات 107 تا 114 | سلسلہ اشاعت: قسط 5 از 16
باب چہارم
صحت
سول ہسپتال
انگریزی عہد میں ضلع سیالکوٹ کے لوگوں نے جس طرح تعلیم کے لیے ٹیکس دینا قبول کیا تھا، اسی طرح علاج و معالجہ کی سہولتیں حاصل کرنے کے لیے ہر گھرانے نے اضافی چندہ ڈیڑھ آنہ دینا منظور کیا۔ تعلیم کی طرح یہ تجویز بھی ضلع سیالکوٹ کے ڈپٹی کمشنر مسٹر مرسر (MERCER) کی تھی۔ جس کے تحت 66-1865ء کے مالی سال میں پسرور شہر میں ایک شفا خانہ قائم ہوا اور ایک ہندوستانی ڈاکٹر (NATIVE) کا تقرر عمل میں آیا۔ یہ ڈاکٹر باقاعدہ تربیت یافتہ ہوتے تھے اور لاہور کے میڈیکل اسکول (کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کی ابتدائی شکل) سے تین سال کا کورس مکمل کرنے کے بعد تعینات کیے جاتے تھے۔ اس کے علاوہ اس شفا خانہ میں دیسی طبیب بھی تھے جو ہندوستانی ڈاکٹر کی زیرِ نگرانی علاج و معالجہ کیا کرتے تھے۔ یہ ہسپتال سیالکوٹ کے انگریز سب اسسٹنٹ سرجن کے تحت تھا۔ ہندوستانی ڈاکٹر 20 روپے ماہوار اور کمپاؤنڈر (دوا ساز) آٹھ روپے مشاہرہ پاتے تھے، 66-1865ء کی سرکاری رپورٹ ملاحظہ ہو:-
”ضلع سیالکوٹ میں لوگوں نے شفا خانے کے واسطے تجویز کی ہے کہ ضلع کے ہر تحصیل کے مقام پر ایک شفا خانہ کے مقرر کیے جانے کے واسطے روپیہ بہم پہنچے۔ یہ چندہ ذیلدار وصول کرتے ہیں اور سرکار کی عہدہ داروں کی مداخلت نہیں ہوتی اور خرچ کا ضبط لوکل کمیٹیوں پر عموماً ایک کمیٹی ضلع کی نگرانی کرتی رہتی ہے جس کے چار ارکان ہوتے ہیں۔ یعنی ایک شخص نائب تحصیل دار اور اس کمیٹی کے ڈپٹی کمشنر میر مجلس ہیں۔“
اس رپورٹ سے مزید انکشاف ہوتا ہے کہ پہلے سال جب ہر گھر نے ڈیڑھ آنہ خوشی سے چندہ دینا قبول کیا تو دس ہزار روپے کی خطیر رقم اکٹھی ہوئی۔ اس روپے سے ضلع میں چار شفا خانے قائم کئے گئے یعنی ہر تحصیل میں ایک ایک باقی روپیہ بچ بچا، اس میں سے سات جوان آدمی جن میں اکثر دیسی طبیبوں کے لڑکے تھے، مدرسہ ڈاکٹری لاہور میں ڈاکٹری کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے بھیجے گئے۔
اس کا آغاز قلعہ نما شاہی رہائش گاہ میں ہوا۔ جو امجد میڈیکل ہال کے سامنے واقع ہے، شہر کے پہلے بندوبست 1865ء میں یہ عمارت خسرہ نمبر 1160 میں موجود تھی اور ملکیت سرکار ظاہر کی گئی ہے اور مدرسہ بھی بتایا گیا ہے، ہسپتال کے قیام کے وقت مدرسہ کو نچلے حصہ میں منتقل کر دیا اور اوپر کی منزل میں ہسپتال قائم ہوا۔ 1947ء میں پنجاب کے محکمہ صحت نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا، 30 جون 1971ء کو موجودہ نئی عمارت میں منتقل ہوا۔
84-1883ء میں یہ درجہ سوم کی ڈسپنسری تھی اس دور کا ایک گوشوارہ ملاحظہ فرمائیں:
1909ء میں ہوشیار پور کے تفضل حسین یہاں ڈاکٹر تھے۔ 1940ء سے اب تک کے ڈاکٹر صاحبان کے نام ملاحظہ ہوں:- سید آغا حسین، امرناتھ، محمد الدین بہادر پسروری، فیض اللہ منہاس، کیپٹن محمد سعید، 2۔ ڈاکٹر مس لال چند، 3۔ ڈاکٹر بویئر (BOWAIR)، 4۔ ڈاکٹر مسز حاکم دین : ان کے دور میں 1950ء میں ہسپتال بند ہو گیا۔
ہسپتال کی عمارت پر جو کتبہ نصب ہے وہ یہ ہے:- ”This Building Is Erected In Loving Rememberance Of George Washington And Susannah Kerr By Their Daughter Maria White.“
شہر میں ڈاکٹر محمد دین بہادر، ڈاکٹر فیروز دین اور ڈاکٹر اندر لال وغیرہ کے کلینک تھے، تقسیمِ ملک کے بعد ڈاکٹر صوفی محمد اسحاق نے 1947ء میں صوفی کلینک قائم کیا، یہاں اعلیٰ درجہ کی لیبارٹری اور ایکسرے کی سہولت بھی میسر ہے۔
ہسپتال برائے حیوانات
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جانوروں اور مویشیوں کے علاج و معالجہ کے لیے 82-1881ء میں ایک ویٹرنری ہسپتال قائم ہوا تھا۔ سیالکوٹ میں ڈسٹرکٹ بورڈ کا نفاذ یکم مارچ 1884ء کو عمل میں آیا، اسی بورڈ کے تحت پسرور شہر میں ویٹرنری ہسپتال 1890ء کے قریب قائم ہوا۔ زراعت کے لحاظ سے یہ علاقہ خصوصی اہمیت کا حامل رہا ہے، اس لیے کسانوں کے مویشیوں کو یہاں علاج و معالجہ کی سہولتیں مہیا کی گئیں۔
اس ہسپتال میں سالانہ تقریباً 3600 جانوروں کا علاج کیا جاتا ہے، تحصیل پسرور کی ہر یونین کونسل میں اس ہسپتال کی طرف سے ایک اسٹاک اسسٹنٹ مقرر ہے جو جانوروں کو مہلک بیماریوں کے خلاف قوتِ مدافعت پیدا کرنے کے لیے ٹیکے لگاتا ہے، تقریباً بیس ہزار جانوروں کو سالانہ ٹیکہ لگایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ پولٹری وغیرہ کے تحت اوسطاً دس ہزار مرغ مرغیوں کو ٹیکہ لگایا جاتا ہے۔
اس وقت ہسپتال کے انچارج ڈاکٹر صابر علی ہیں۔ موصوف رحمت علی کے لڑکے ہیں اور شکر گڑھ کے رہنے والے ہیں۔ ان کے علاوہ ہسپتال میں ایک کمپاؤنڈر، ایک پانی والا اور ایک خاکروب تعینات ہے۔
مآخذِ باب چہارم
1۔ رپورٹ نمائش انتظام ممالک پنجاب وغیرہ، 67-1866ء لاہور، صفحہ 223 2۔ سیالکوٹ ڈسٹرکٹ گزٹیر 84-1883ء لاہور، ٹیبل 38، صفحہ 21 3۔ رپورٹ مجموعی انتظام ممالک پنجاب وغیرہ بابت سال 82-1881ء لاہور 1883ء صفحہ 142
باب پنجم
پولیس
پسرور انگریزی عہد (1849ء) کے آغاز ہی سے تحصیل کا صدر مقام چلا آتا ہے۔ جب 1861ء میں برصغیر پاک و ہند میں پولیس ایکٹ کا نفاذ ہوا تو اس کے ساتھ ہی محکمہ پولیس کا قیام عمل میں آ گیا تھا۔ موجودہ صدی کے ابتدائی سالوں میں جبکہ پسرور شہر کی آبادی 9537 افراد پر مشتمل تھی، یہاں پولیس کی نفری اس طرح تھی:-
ڈپٹی انسپکٹر : 1 سارجنٹ : 11 فٹ کانسٹیبل : 12
اس دور میں شہر اور تحصیل کے دیہات کے چوکیدار بھی پولیس کے ماتحت ہوا کرتے تھے جو اپنے اپنے گاؤں کے مشتبہ اور جرائم پیشہ لوگوں سے پولیس کو آگاہ کیا کرتے تھے۔ ان چوکیداروں کی تعداد یہ تھی:- شہر کے چوکیدار : 22 دیہات کے چوکیدار : 157 تھانہ میں مردوں اور عورتوں کے لیے علیحدہ علیحدہ حوالاتیں تھیں جن میں بیک وقت تین تین افراد کے رہنے کی گنجائش تھی۔
اب چوکیدار تھانے کے تحت نہیں ہیں، البتہ عملہ میں اچھا خاصا اضافہ ہو چکا ہے، چنانچہ اس وقت پولیس کا عملہ ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ، ایک سب انسپکٹر، چار اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور دس فٹ کانسٹیبل پر مشتمل ہے، مردانہ اور زنانہ دو علیحدہ علیحدہ حوالاتوں میں دس دس افراد کی گنجائش ہے۔ پولیس ملازمین کے لیے رہائش کی سہولتیں مہیا نہیں۔
محمد لطیف قریشی
23-1922ء میں پسرور تھانے میں ایس ایچ او کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ آپ اردو اور فارسی کے نامور محقق و ادیب ڈاکٹر وحید قریشی کے والدِ گرامی ہیں، قریشی صاحب 1949ء میں پولیس کی ملازمت سے سبکدوش ہوئے اور ان دنوں سمن آباد لاہور میں اپنے صاحبزادے کے پاس رہائش پذیر ہیں۔
موجودہ ڈی ایس پی چوہدری نثار اللہ ہیں، آپ رحمت خاں بن جھنڈے خاں کے صاحبزادے ہیں۔ 43-1942ء میں زمیندارہ کالج گجرات سے انٹرمیڈیٹ پاس کر کے پولیس میں سپاہی کی حیثیت سے بھرتی ہوئے، محکمانہ امتحانات پاس کر کے یکم جون 1976ء کو ڈی ایس پی جیسے ذمہ دار عہدہ پر ترقی پائی۔ جنوری 1975ء میں آپ پاکپتن تبدیل ہو گئے ہیں۔
شہر میں تحصیل دروازہ کے اندرونی جانب ایک پولیس چوکی ہے جو تقسیمِ ملک سے کچھ عرصہ قبل قائم ہوئی تھی۔ ابھی حال ہی میں چوکی کے لیے ایک مستقل عمارت تعمیر ہوئی ہے، یہاں کی نفری میں ایک اے ایس آئی، ایک ہیڈ کانسٹیبل اور دس کانسٹیبل ہیں۔
مآخذِ باب پنجم
نوٹ برائے قارئین و محققین:
یہ تاریخی دستاویز اصل مطبوعہ کتاب سے من و عن قارئین کی علمی و تحقیقی رہنمائی کے لیے ڈیجیٹائز کی گئی ہے۔ اگر کوئی غلطی ہوئی ہے تو یہ ٹائپنگ کی غلطی ہو سکتی ہے۔ اگر کسی صاحبِ علم کو کسی مقام پر املا، تاریخ یا نام میں سہو نظر آئے تو برائے مہربانی تصحیح کے لیے ادارہ اپنا پسرور (pasrur.pk) کو مطلع فرمائیں تاکہ اسے فوری درست کیا جا سکے۔
اپنا پسرور کا آفیشل واٹس ایپ چینل فالو کریں
تمام بریکنگ نیوز، فوری الرٹس اور تصویری خبریں براہِ راست اپنے واٹس ایپ پر مفت پائیں








