ہفتہ، 28 نومبر 2026ء18 جمادی الثانی، 1448 ہجریھ
بریکنگ نیوز
تاریخِ پسرور (قسط 16): باب سیزدہم — مکمل کتابیات، 46 مطبوعہ، 5 قلمی اور 15 انگریزی مآخذ — صفحات 320 تا 328پنجاب: ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں 30 دن کی توسیعلاہور: سیف سٹی پولیس نے دس سال سے لاپتہ خاتون کے اہلخانہ سے ملوادیامنشیات فروش معاشرے کا ناسورپی ایس ایل 12: ٹم پین ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ برقرارمنشیات فروش معاشرے کا ناسورشہری گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک لگائیں، لاہور میں اعلاندھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریںسیالکوٹ پولیس پنک موبائل پولیس اسٹیشن وین آج چاند چوک علاقہ حاجی پورہ میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیںسیالکوٹ پولیس بلیو موبائل پولیس اسٹیشن وین آج گاوں بونکن علاقہ تھانہ مراد پور میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیںتاریخِ پسرور (قسط 16): باب سیزدہم — مکمل کتابیات، 46 مطبوعہ، 5 قلمی اور 15 انگریزی مآخذ — صفحات 320 تا 328پنجاب: ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں 30 دن کی توسیعلاہور: سیف سٹی پولیس نے دس سال سے لاپتہ خاتون کے اہلخانہ سے ملوادیامنشیات فروش معاشرے کا ناسورپی ایس ایل 12: ٹم پین ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ برقرارمنشیات فروش معاشرے کا ناسورشہری گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک لگائیں، لاہور میں اعلاندھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریںسیالکوٹ پولیس پنک موبائل پولیس اسٹیشن وین آج چاند چوک علاقہ حاجی پورہ میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیںسیالکوٹ پولیس بلیو موبائل پولیس اسٹیشن وین آج گاوں بونکن علاقہ تھانہ مراد پور میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیںتاریخِ پسرور (قسط 16): باب سیزدہم — مکمل کتابیات، 46 مطبوعہ، 5 قلمی اور 15 انگریزی مآخذ — صفحات 320 تا 328پنجاب: ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں 30 دن کی توسیعلاہور: سیف سٹی پولیس نے دس سال سے لاپتہ خاتون کے اہلخانہ سے ملوادیامنشیات فروش معاشرے کا ناسورپی ایس ایل 12: ٹم پین ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ برقرارمنشیات فروش معاشرے کا ناسورشہری گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک لگائیں، لاہور میں اعلاندھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریںسیالکوٹ پولیس پنک موبائل پولیس اسٹیشن وین آج چاند چوک علاقہ حاجی پورہ میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیںسیالکوٹ پولیس بلیو موبائل پولیس اسٹیشن وین آج گاوں بونکن علاقہ تھانہ مراد پور میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیںتاریخِ پسرور (قسط 16): باب سیزدہم — مکمل کتابیات، 46 مطبوعہ، 5 قلمی اور 15 انگریزی مآخذ — صفحات 320 تا 328پنجاب: ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں 30 دن کی توسیعلاہور: سیف سٹی پولیس نے دس سال سے لاپتہ خاتون کے اہلخانہ سے ملوادیامنشیات فروش معاشرے کا ناسورپی ایس ایل 12: ٹم پین ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ برقرارمنشیات فروش معاشرے کا ناسورشہری گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک لگائیں، لاہور میں اعلاندھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریںسیالکوٹ پولیس پنک موبائل پولیس اسٹیشن وین آج چاند چوک علاقہ حاجی پورہ میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیںسیالکوٹ پولیس بلیو موبائل پولیس اسٹیشن وین آج گاوں بونکن علاقہ تھانہ مراد پور میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں
تاریخ•16 نومبر 2026•وقت اشاعت: دوپہر 12:59
🇬🇧 English

تاریخِ پسرور (قسط 4): باب سوم — تعلیمی ادارے، انٹرمیڈیٹ کالج 1927ء، صحافت اور نایاب مخطوطات — صفحات 50 تا 106

ڈاکٹر سید سلطان محمود حسینمصنفِ تاریخِ پسرور و ماہرِ اقبالیات
تاریخِ پسرور (قسط 4): باب سوم — تعلیمی ادارے، انٹرمیڈیٹ کالج 1927ء، صحافت اور نایاب مخطوطات — صفحات 50 تا 106
مطالعہ کی سہولیات:
ک

کتاب: تاریخِ پسرور (مستند دستاویزی اشاعت)

مصنف: ڈاکٹر سید سلطان محمود حسین (ماہرِ اقبالیات، سوانح نگار و مؤرخ) | ناشر: سنگ میل پبلی کیشنز، لاہور

کتاب کا حوالہ صفحہ نمبر: صفحات 50 تا 106 | سلسلہ اشاعت: قسط 4 از 16

تعارفِ مصنف و دیگر تصانیف: ڈاکٹر سید سلطان محمود حسین کا شمار پاکستان کے بلند پایہ محققین اور سوانح نگاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے بالخصوص علامہ محمد اقبال اور خطۂ پنجاب کے علمی و تاریخی ورثے پر بیش بہا کتب تصنیف کیں۔ ان کی دیگر معروف تصانیف میں 'علامہ اقبال کے استاد شمس العلماء مولوی سید میر حسن: حیات و افکار' (مجلس ترقی ادب)، 'اقبال کی ابتدائی زندگی' (اقبال اکادمی پاکستان، 1986ء)، 'تعلیقاتِ خطباتِ گارساں دتاسی' (پی ایچ ڈی مقالہ، مجلس ترقی ادب)، اور 'اردو کی نثری تاریخ میں سرسید کا مقام' شامل ہیں۔ یہ کتاب تاریخِ پسرور پر سب سے مستند اور معتبر ماخذ تسلیم کی جاتی ہے۔

باب سوم

تعلیم

کسی علاقے کی ترقی اور خوش حالی کا دارومدار بہت حد تک تعلیم پر ہوتا ہے۔ افراد کی ذہنی صلاحیتوں کی نشوونما اور ان کی سیرت و کردار کی تعمیر میں تعلیم بڑا اہم رول ادا کرتی ہے۔ انگریزوں نے 29 مارچ 1849ء کو جب پنجاب پر قبضہ کیا تو سب سے پہلے انہوں نے سکھوں کی پیدا کردہ دہشت زدہ فضا کو دور کرنے اور مذہب سے قطع نظر انسانی زندگی کو پختہ بنیادوں پر استوار کرنے کی طرف توجہ دی۔ اس مقصد کے پیشِ نظر انگریزی حکومت نے اپنے پہلے دس سالہ دورِ حکومت میں پنجاب بھر میں ضلع اسکولوں کا ایک جال بچھا دیا۔ ضلع سیالکوٹ کے عوام نے حکومت کے اس اقدام کو بڑی قدر کی نگاہوں سے دیکھا۔ فرانسیسی مستشرق گارساں دتاسی (GARCIN DE TASSY) اس سلسلے میں لکھتا ہے:-

”پنجاب کے اس شہر اور ضلع (سیالکوٹ) میں جس قدر تعلیم کے فوائد کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے غالباً تمام ہندوستان میں اس کی نظیر نہیں مل سکتی، کیونکہ ’فرینڈ آف انڈیا‘ نے حال ہی میں یہ خبر شائع کی تھی کہ اس کے قرب و جوار کے نو سو پچاس دیہات میں، وہ خاص ٹیکس جو حکومتِ برطانیہ نے دیسیوں کی تعلیم کے لیے قائم کیا تھا، پیشگی ادا کر دیا گیا تاکہ مجوزہ مدارس بغیر کسی توقف کے فوراً کھول دیئے جائیں۔“

منشی امین چند اپنی تالیف ”تاریخِ سیالکوٹ“ میں 1867ء میں پسرور کے دو اسکولوں کا ذکر کرتا ہے جہاں علی الترتیب 62 اور 42 طلبا تعلیم پاتے تھے۔ اول الذکر ورنیکلر مڈل اسکول تھا اور دوسرا پرائمری اسکول تھا۔ اس کے علاوہ منشی صاحب لڑکیوں کے اسکول کی بھی نشاندہی کرتے ہیں جہاں 20 طالبات زیرِ تعلیم تھیں۔

ان حوالوں سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ابتداء ہی سے پسرور تعلیم کے میدان میں کسی سے کم نہیں تھا۔ ذیل میں ان سب تعلیمی اداروں کا جدا جدا ذکر کیا جاتا ہے:

1۔ گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 1

1854ء میں سیالکوٹ شہر میں ایک ضلع اسکول قائم ہوا جس میں علامہ اقبال کے استاد مولوی سید میر حسن نے تعلیم حاصل کی۔ دو سال بعد یعنی جولائی 1856ء میں پسرور میں ورنیکلر مڈل اسکول قائم ہوا جو گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 1 کی ابتدائی شکل تھی۔ اس درس گاہ میں عربی اور فارسی زبانوں کی تعلیم بنیادی حیثیت رکھتی تھی۔ یہ درس گاہ محکمہ تعلیم کے زیرِ انتظام تھی اور چٹا کھوہ میں امجد میڈیکل ہال کے سامنے والی قلعہ نما عمارت میں قائم ہوئی تھی۔ 1865ء کے پہلے بندوبست میں یہ خسرہ نمبر 1160 میں واقع تھی۔ اس میں مدرسہ اور ملکیت سرکار بتایا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ بورڈ ایکٹ دسمبر 1883ء میں پاس ہوا۔ یکم مارچ 1884ء کو اس کا نفاذ عمل میں آیا۔ اس ایکٹ کے ذریعے ڈسٹرکٹ بورڈ سیالکوٹ نے پسرور کے اس مڈل اسکول کو اپنی تحویل میں لے لیا اور 1891ء سے قبل یہ ہائی اسکول بن گیا۔ اس موقع پر ہائی اسکول کے لیے نئی عمارت بھی تعمیر کی گئی جو تحصیل کے سامنے نارمل اسکول کی عمارت کا جنوبی حصہ ہے۔ یہ عمارت پانچ کمروں پر مشتمل تھی۔ قیاس ہے کہ اسکول میں ابتداء ہی سے طلبا کو رہائش کے لیے ہوسٹل کی سہولت بھی میسر تھی اور یہ ہوسٹل موجودہ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کی قدیم ترین عمارت میں تھا۔ یہ 1900ء کی بات ہے۔ ہوسٹل میں بسنت رام اور سری رام دو ہندو باورچی تھے۔ مسلمان طلبا کے لیے چھجو نامی مسلمان باورچی مقرر تھا۔ یہ تینوں پانچ روپے ماہوار تنخواہ پاتے تھے۔

1912ء میں اسکول کی مختصر عمارت میں مزید کمروں کا اضافہ ہوا اور اسکول کا نام ڈی بی اینگلو ورنیکلر ہائی اسکول قرار پایا۔ 1921ء تک یہ نام چلتا رہا۔ 1922ء میں حکومت نے اس درس گاہ کو اپنی تحویل میں لے لیا، اب اسے گورنمنٹ ہائی اسکول کے نام سے پکارا جانے لگا۔ جون 1922ء میں کمروں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ بورڈ سیالکوٹ سے پسرور میں واقع ذیل گھر کے پانچ کمرے پانچ روپے ماہوار کرائے پر لیے گئے۔ 1927ء میں ایک بڑی تبدیلی رونما ہوئی۔

جس کی رُو سے نویں اور دسویں جماعتیں کالج کے حصے میں چلی گئیں اور اس طرح تحصیل والے اسکول میں صرف مڈل حصہ رہ گیا۔ اسٹیشن کے قریب جو نارمل اسکول تھا، اس کی جماعتیں تحصیل والے اسکول میں آ گئیں۔ اس طرح اگست 1929ء میں اسکول کا نام گورنمنٹ کمبائنڈ انسٹی ٹیوشن پسرور ہو گیا۔ یہ نام صرف چند ماہ رہا۔ ان دنوں قاضی اکرام حسین بی اے اسکول کے ہیڈ ماسٹر تھے۔ اس دور میں پہلی بار یونیورسٹی کی سند میں تاریخِ پیدائش کو ہندسوں کے ساتھ ساتھ الفاظ میں بھی لکھا جانے لگا۔

30 اپریل 1942ء میں جب پسرور سے کالج ختم کر دیا گیا تو تحصیل کے سامنے والا اسکول کالج والی عمارت (نزد ریلوے اسٹیشن) میں منتقل ہو گیا۔ نویں اور دسویں جماعتیں ہائی اسکول میں مدغم ہو گئیں۔ پروفیسر آر سی کھنہ 16 اپریل 1942ء کو وقتی طور پر ہیڈ ماسٹر کا چارج لے لیتے ہیں۔ 9 مئی 1942ء کو کالج کے ہوسٹل کا چارج لیا جاتا ہے۔ پروفیسر موصوف نے 27 جولائی 1942ء کو سکندر خاں بی اے بی ٹی کو اسکول اور ہوسٹل کا چارج دے دیا۔ ان سے ہنس راج ہیڈ ماسٹر تین ماہ بعد چارج لے لیتے ہیں۔ 1967ء میں پسرور میں دوبارہ انٹرمیڈیٹ کالج قائم ہوا۔ 74-1973ء میں اسٹیشن کی جانب والی عمارت کالج کو دے دی گئی اور اس طرح اب اسکول ہوسٹل کی عمارت میں محدود ہو کر رہ گیا ہے۔

اسکول کی عمارت کی کمی بڑی شدت سے محسوس کی جاتی ہے کیونکہ باہر کھلے کے میدان میں کلاسیں ہوتی ہیں، موسمِ سرما ہو تو باہر دھوپ میں اور موسمِ گرما ہو تو باہر درختوں کی چھاؤں میں پڑھایا جاتا ہے۔ تقریباً نو سو طالب علم یہاں تعلیم حاصل کرتے ہیں جن کے لیے یہ عمارت ناکافی ہے۔

چند قدیم ہیڈ ماسٹر صاحبان کے نام اور ان کے ادوار:

1۔ دیس راج (قصور کے رہنے والے تھے): 1893ء تا 1907ء 2۔ بلدیو سہائے: 1902ء 3۔ تارا چند (ماہوار تنخواہ: دو سو روپیہ): 1905ء 4۔ محرم علی: 1921ء

5۔ غلام حسین: اپریل 1922ء تا نومبر 1922ء 6۔ چوہدری مبارک علی: جنوری 1922ء تا 1926ء 7۔ ناصر علی: 1926ء 8۔ لالہ پریم ناتھ: 25-1926ء 9۔ پنڈت ہنس راج ولد پنڈت رام کور: جنوری 1943ء

تقسیمِ ملک کے بعد کے ہیڈ ماسٹر صاحبان اور ان کے ادوار:

1۔ میر عبدالقیوم: 50-1944ء (یا 1952ء تک) 2۔ بشیر احمد شبلی: 52-1950ء 3۔ مرزا مسعود بیگ: 56-1954ء 4۔ شیخ ناصر علی: 61-1956ء 5۔ سید اختر سبطین: 63-1961ء 6۔ جیکب جگن ناتھ: 65-1963ء 7۔ عبدالغنی جمیل: 71-1966ء 8۔ سید محمد عالم شاہ: 73-1971ء 9۔ محمد صفدر رانا: 75-1973ء 10۔ سید محمد عالم شاہ: دسمبر 1975ء میں تبدیل ہو کر آئے۔ یہاں سے مئی 1980ء میں ملازمت سے سبکدوش ہوئے۔ 3 مئی 1980ء کو چوہدری محمد انور سیالکوٹ سے تبدیل ہو کر شاہ صاحب کی جگہ تشریف لائے ہیں۔

تقسیمِ ملک سے قبل اس اسکول میں عام مضامین کے علاوہ سنسکرت، پنجابی، گورمکھی اور ہندی بھی پڑھائی جاتی تھی۔

یوں تو اساتذہ کی تربیت کے لیے یہاں مستقل طور پر ایک نارمل اسکول موجود ہے، لیکن 72-1971ء میں حکومتِ پنجاب نے اس اسکول میں پی ٹی سی کی کلاسیں بھی شروع

کر دی تھیں۔ جو دو سال تک جاری رہیں۔ اس کورس کی رپورٹ کتابی صورت میں ضیاء محمد ضیاء معلم السنہ شرقیہ نے 1972ء میں 40 صفحات پر شائع کی تھی۔

اسکول کی ایک مختصر سی لائبریری ہے جو دو ہزار کتب پر مشتمل ہے۔ لائبریری کے انچارج سعدی صاحب ہیں۔ اسکول سے کوئی میگزین شائع نہیں ہوتا۔

مولوی محمد حسین یہاں کئی برس عربی کے معلم رہے ہیں۔ سر شہاب الدین نے اسی اسکول سے مڈل کا امتحان پاس کیا تھا۔ مشہور اردو شاعر فاخر ہریانوئی بھی اسی اسکول میں گیارہ بارہ برس ٹیچر رہے ہیں۔

ارشد محمود یہاں کا ایک معروف طالب علم ہے جس نے ملکی سطح پر کرکٹ کی دنیا میں نام پیدا کیا ہے۔ آپ ان دنوں آل پاکستان واپڈا کرکٹ ٹیم سے منسلک ہیں۔ اس ٹیم کے کیپٹن اور وائس کیپٹن بھی رہ چکے ہیں۔

2۔ گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 2

پسرور میں ایک شخص چوہدری نثار اللہ نے 62-1961ء میں پبلک پرائمری اسکول کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا۔ اس میں تقریباً 22 طلبا پڑھتے تھے۔ وہ شخص اس اسکول کو چلا نہ سکا۔ چنانچہ پسرور کے کچھ علم دوست احباب نے اس اسکول کو قائم رکھنے کے لیے 1964ء میں ’انجمن اسلامیہ‘ قائم کی۔ اور یکم اپریل 1964ء کو اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔ انجمن کے سرپرست کرنل شہباز خاں، صدر چوہدری محمد شفیع تحصیلدار پسرور، سیکرٹری شیخ محمد اکرم اور مالیاتی سیکرٹری بابو محمد حسین تھے۔ انجمن نے اسے تحویل میں لیتے ہی ہائی درجہ دے دیا اور چوہدری فیروز دین بھٹی کو ہیڈ ماسٹر مقرر کیا۔ ان کے مستعفی ہونے پر یکم دسمبر 1965ء کو محمد یاسین صدیقی ہیڈ ماسٹر تعینات ہوئے۔ انجمن اس درس گاہ کے کل اخراجات برداشت کرتی تھی۔ کرنل شہباز خاں نے انجمن کی مالی حالت کو مستحکم کرنے کے لیے بڑی کوشش کی اور اس سلسلے میں حبیب بینک لاہور سے پانچ ہزار روپے عطیہ میں حاصل کیے۔

1967ء میں انجمن نے اسکول کو میونسپل کمیٹی پسرور کی تحویل میں دے دیا۔ یکم جون

1970ء کو حکومت نے اپنی سرپرستی میں لے لیا۔

سیٹھ ابراہیم کی بیوہ برکت بی بی نے چوہدری نثار اللہ کو پرائمری اسکول قائم کرنے کے لیے عمارت کرایہ پر دی تھی۔ بعد میں وصیفہ نے یہ عمارت اور اس سے منسلک اراضی انجمن کے نام وقف کر دی۔

اس وقت یہاں تقریباً ساڑھے چار سو طلبا تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ اسکول کی لائبریری تقریب دو ہزار کتابوں پر مشتمل ہے۔ اسکول کے ہیڈ ماسٹر محمد یاسین صدیقی ہیں۔ موصوف اردو شاعری کا ذوق رکھتے ہیں اور اطہر صدیقی تخلص کرتے ہیں۔ آپ حفیظ صدیقی کے برادرِ خورد ہیں۔

3۔ گورنمنٹ نارمل اسکول

تعلیم یافتہ افراد کو تربیت دے کر استاد بنانے کے لیے سیالکوٹ شہر میں ایک نارمل اسکول قائم تھا۔ اس تربیتی ادارہ کو پسرور منتقل کرنے کے لیے موجودہ صدی کی دوسری دہائی کے آخری سالوں میں پسرور ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک پختہ عمارت تعمیر کی گئی۔ اسٹیشن کی جانب کا حصہ درس و تدریس کے لیے اور شہر کی جانب والا حصہ زیرِ تربیت اساتذہ کی رہائش کے لیے مخصوص تھا۔ چنانچہ ستمبر 1922ء میں سیالکوٹ کا گورنمنٹ نارمل اسکول پسرور منتقل ہوا اور وہاں کا سارا عملہ بھی یہاں آ گیا۔ ستمبر 1922ء میں آنے والا اسکول کا عملہ یہ تھا:

محمد نواز خاں : ہیڈ ماسٹر نرسنگھ داس : سیکنڈ ماسٹر غلام محمد قریشی : علومِ شرقیہ نور حسین : ریاضی فضل حسین : ڈرل انسٹرکٹر محرم علی اور بلکھو : چپراسی

پسرور آ کر اب یہ گورنمنٹ نارمل ٹریننگ اسکول کہلانے لگا جسے دی کلاس کے دو سیکشن ہوا کرتے تھے۔ ہر سیکشن میں چالیس طلبا ہوتے تھے۔ اس نارمل اسکول کے ساتھ ہوسٹل کے قریب کوارٹروں میں گورنمنٹ پرائمری ماڈل اسکول بھی تھا۔ جہاں شاگرد اساتذہ کو عملی تربیت دی جاتی

تھی۔ 25-1924ء میں جے وی کے 146 طلبا تھے جنہوں نے 23 مارچ 1925ء کو اپنی تربیت مکمل کی۔ اگلے سیشن میں سیالکوٹ کے 82 طلبا اور ضلع جہلم کے 16 طلبا نے تربیت حاصل کی۔ ابتدائی سیشن یعنی 25-1924ء میں یہاں ایس وی کلاس بھی تھی جس میں طلبا کی تعداد ضلع کے لحاظ سے اور مذہبی نقطہ نظر سے اس طرح تھی:-

ضلع شاہ پور : 5، جہلم : 9، راولپنڈی : 2، گجرات : 13، اٹک : 20 مسلمان : 37، ہندو بغیر برہمن : 6، سکھ : 2، عیسائی : 3، ہندو برہمن : 1 یہ کورس 25 مارچ 1925ء کو مکمل ہوا۔ 1926ء میں اس تربیت گاہ کا نام گورنمنٹ ہائی اینڈ نارمل اسکول تھا۔

طلبا ہوسٹل میں رہا کرتے تھے۔ ریاضی کے مدرس لالہ نرسنگھ داس ہوسٹل کے انچارج تھے۔ طلبا دو گروپوں میں تقسیم ہو کر کھانا کھاتے تھے۔ پہلے گروپ میں ہندو اور سکھ اور دوسرے گروپ میں مسلمان اور عیسائی طلبا ہوتے تھے۔ ہوسٹل میں ہندو طلبا کی وجہ سے گائے کا گوشت ممنوع تھا۔ مگر کبھی کبھی مسلمان اور عیسائی گائے کا گوشت پکا لیا کرتے تھے۔

یہاں تربیت حاصل کرنے والے طلبا کو حکومت آٹھ روپے ماہوار وظیفہ دیا کرتی تھی۔ اس میں سے فی کس ہوسٹل کا خرچہ 3 روپے سے 4 روپے ماہوار تک ہوتا تھا۔ اس طرح ہر طالب علم کو چار پانچ روپے بچ جاتے تھے۔ اسکول میں باقاعدہ یونیفارم تھی۔ خاکی نیکر، خاکی قمیص، خاکی پگڑی اور سادہ جوتی استعمال کی جاتی تھی۔

1927ء میں جب اس عمارت میں کالج کا قیام عمل میں آیا تو نارمل کلاسیں ختم کر دی گئیں۔ 1927ء میں تحصیل کے سامنے صرف مڈل اسکول رہ گیا۔ 1929ء میں مڈل اسکول میں جے وی کلاسیں کھول دی گئیں، چند ماہ اس کا نام گورنمنٹ کمبائنڈ انسٹی ٹیوشن پسرور رہا۔ بعد میں یہ گورنمنٹ مڈل اینڈ نارمل اسکول کہلایا۔ نارمل کے طلبا کے لیے یہاں ہوسٹل کی سہولت بھی میسر تھی۔ 1941ء میں نارمل کلاسیں بند کر دی گئیں اور صرف مڈل اسکول ہی رہ گیا۔ 1942ء میں جب کالج بند ہوا تو چھٹی سے دسویں تک جماعتیں کالج والی عمارت میں چلی گئیں اور یہاں صرف پہلی سے پانچویں جماعت تک کے طلباء رہ گئے۔ 1950ء میں پھر یہاں نارمل کلاسوں کا اجراء ہوا اور لگاتار اٹھارہ برس تک کلاسیں

ہوتی رہیں۔

اسکول سے ملحقہ ایک نئی تعمیر کردہ مسجد بھی ہے۔ اسکول کے احاطہ میں ایک قدیم بارہ دری ہے۔ منظور شدہ اساتذہ کی تعداد 13 ہے۔ یہاں سے بے شمار اساتذہ تربیت پانے کے بعد اپنے اپنے علاقے میں تدریسی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ بشیر احمد وشیر یہاں ہیڈ ماسٹر ہیں۔ شعر و شاعری کا ذوق رکھتے ہیں۔ حلقہ احبابِ ذوق کے فعال رکن ہیں۔

اسکول کی لائبریری میں دو ہزار کے قریب کتب ہیں۔ رضی شیرازی اور طاہر شادانی اسی درس گاہ میں السنہ شرقیہ کے معلم تھے۔

4۔ گورنمنٹ پرائمری اسکول نمبر 1

منشی امین چند 1864ء میں جس دوسرے اسکول کی نشاندہی کرتا ہے، وہ یہی اسکول ہے۔ ان دنوں یہاں 42 لڑکے تعلیم پاتے تھے۔ یہ اسکول سرائے میں واقع تھا۔ میونسپل کمیٹی پسرور نے اسے قائم کیا تھا اور میونسپل بورڈ پرائمری اسکول کہلاتا تھا۔ 4 نومبر 1942ء کی معائنہ رپورٹ میں ایک استاد کی کمی کا ذکر ملتا ہے کہ عرصہ ایک ماہ سے ایک استاد فوجی خدمات کے لیے چلا گیا ہے۔ تقسیمِ ملک سے قبل منشی رستم چند اور منشی چرن داس اس اسکول میں مدرس تھے۔ پنڈت کرشن چند ہیڈ ماسٹر تھے۔ 16 مارچ 1946ء کو یہاں مندرجہ ذیل اساتذہ تھے:-

منشی صادق : جے وی منشی عبدالعزیز : جے وی سلطان علی : میٹرک جے وی

یکم اپریل 1952ء کو پانچویں جماعت کا اضافہ ہوا۔ آج کل یہ اسکول شہر کے شمال مشرق میں گوردوارہ میں ہے۔ موجودہ ہیڈ ماسٹر محمد صادق ہیں اور کم و بیش چار سو طلبا یہاں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

5۔ گورنمنٹ ماڈل اسکول

ستمبر 1922ء میں ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک نارمل اسکول کھولا گیا۔ اس تربیت گاہ سے ملحق ایک تجرباتی پرائمری اسکول ماڈل اسکول کے نام سے اپریل 1924ء میں قائم ہوا۔ یہاں مندرجہ ذیل اساتذہ تعلیم دیتے تھے:-

بوٹا رام - عمر دین - لالہ گنڈا مل - اللہ دین - اللہ لوگ -

نارمل اسکول کے ہوسٹل کے قریب سرکاری کوارٹروں میں یہ اسکول قائم تھا۔ 1931ء میں جب جے وی کی کلاسیں ختم ہوئیں تو یہ درس گاہ بھی بند کر دی گئی۔

6۔ گورنمنٹ پرائمری اسکول نمبر 2

یہ اسکول انجمن اسلامیہ پسرور نے یکم اپریل 1931ء کو قائم کیا تھا۔ وجہ ملاحظہ ہو:-

”گورنمنٹ ماڈل اسکول بند ہو گیا ہے۔ مقامی ایم بی اسکول میں طلبا کے داخلہ کے لیے گنجائش نہیں، اس لیے یہ اسکول یکم اپریل 1931ء سے جاری کیا گیا ۔“

شروع شروع میں طلبا کی تعداد 46 تھی۔ اگلے سال 21 طلبا کا اضافہ ہوا۔ 12 جنوری 1933ء کو طلبا کی تعداد 130 تک پہنچ گئی۔ اساتذہ یہ تھے:-

عبدالواحد : مدرس اول - مستقل جے وی - سلطان علی : عارضی - جے وی - محمد اسمعیل : عارضی جے وی -

11 مارچ 1934ء کو ایک اور استاد کا اضافہ ہوا۔ اسکول کے منیجر شیخ محمد علی ریٹائرڈ تحصیلدار اور منتظم چوہدری محمد اکرم ولد چوہدری شاہ نواز میونسپل کمشنر تھے۔ شہر میں یہ واحد درس گاہ تھی جو 1947ء کے فسادات سے متاثر نہیں ہوئی تھی۔ جنوری 1948ء کو میونسپل کمیٹی پسرور نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا اور اپنے ایک نئے قائم کردہ پرائمری اسکول میں مدغم کر دیا۔ 31 نومبر 1947ء کو فضل کریم اس کے ہیڈ ماسٹر تھے۔ 23 اپریل 1948ء کو اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ انسپکٹر

آف اسکولز پسرور نے چوتھی جماعت کا سالانہ امتحان لیا اور اپنی رپورٹ میں یہ لکھا:-

”مجھے مسرت ہے کہ یہ بد نصیب درس گاہ، جو محض تنخواہوں کی بے قاعدگی اور انجمن کے عدم التفات کے باعث اچھی اور خاصی تسلی بخش اساتذہ کی موجودگی میں خراب ہوتی جا رہی تھی، اب اطمینانِ قلب کی متاع سے مالامال ہو کر اور بھی بہتر درس گاہ بن کر چمکے گی ۔“

اس وقت اساتذہ یہ تھے:- مولوی محمد حسین، منشی محمد حسین، منشی عبدالغفور اور منشی محمد اقبال۔

جنوری 1949ء سے اس کا نیا نام ایم بی پرائمری اسکول ہوا۔ فروری 1952ء تک یہ اسکول سرائے میں رہا۔ اس کے بعد مارچ 1952ء تا مارچ 1958ء محمد گلے زئیاں میں سات روپے ماہوار کرایہ کی عمارت میں۔ تا یہ عمارت کافی کشادہ اور سایہ دار تھی۔ مگر عمارت کے اندر فقیر خانہ ہونے کے باعث بچوں کی پڑھائی میں مداخلت ہوتی تھی۔ 1954ء میں پانچویں جماعت کا اضافہ ہوا۔ ان دنوں یہ درس گاہ چٹا کھوہ کی پرانی قلعہ نما عمارت کے نچلے حصہ میں ہے، طلبا کے بیٹھنے کے لیے کوئی انتظام نہیں۔

7۔ گورنمنٹ پرائمری اسکول نمبر 3

مندر مکھم شاہ محلہ دہسیالی میں 13 اگست 1971ء کو حکومت نے یہ پرائمری اسکول قائم کیا۔ شروع شروع میں دو اساتذہ اور 34 طلبا تھے۔ رحمت اللہ انچارج تھے، 1971ء میں صرف تین جماعتیں شروع ہوئیں، 1974ء میں چوتھی جماعت اور 1975ء میں پانچویں جماعت کا اضافہ ہوا۔ اس وقت چار اساتذہ اور 140 طلبا زیرِ تعلیم ہیں۔ محمد اعظم مستانہ ہیڈ ماسٹر ہیں۔

8۔ امریکن مشن پرائمری اسکول

دروازہ ککے زئیاں کے باہر یورپی چرچ سے منسلک ایک پرائمری اسکول مسیحی 1898ء میں قائم ہو گیا تھا۔ امریکی مشن نے اس درس گاہ میں تعلیم کے ذریعے یہاں کے بچوں کو عیسائیت کی طرف راغب کرنے کی کوشش کی۔ یہاں پہلی سے چوتھی جماعت تک کے بچوں کو تعلیم دی جاتی

تھی۔ کسی قسم کی فیس نہیں لی جاتی تھی بلکہ چھوٹے چھوٹے بچوں کو دوسرے تیسرے روز میٹھی گولیاں وغیرہ کھانے کو دی جاتی تھیں۔

یہ صحیح طور پر معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ درس گاہ کب تک قائم رہی۔ خیال ہے کہ 1940ء کے قریب یہ اسکول بند ہو گیا تھا۔ 1917ء میں مندرجہ ذیل اساتذہ پڑھاتے تھے: 1۔ منشی کھڑک سنگھ (عیسائی) 2۔ منشی فضل دین (عیسائی) 3۔ گہنا مل (عیسائی) 4۔ فضل کریم (مسلمان) 5۔ غلام محمد (مسلمان) اس اسکول میں لڑکوں کو دستکاری کا کام بھی سکھلایا جاتا تھا۔

9۔ سینٹ ونسنٹ پرائمری اسکول

یہ درس گاہ رومن کیتھولک مشن نے پہلی جماعت سے پانچویں جماعت تک کے بچوں کو تعلیم دینے کے لیے 1926ء میں قائم کی، اس اسکول کے بانی بیلجیم کے باشندے مسٹر ونسنٹ ایلونز (VINCENT EVENS) تھے۔ پہلے سال صرف تین جماعتیں شروع کی گئیں۔ پہلی جماعت میں 24 لڑکیاں داخل ہوئیں، 1958ء میں چھٹی جماعت کا اضافہ ہوا، 1958ء میں طالبات کی تعداد ایک سو تک پہنچ گئی۔ اس وقت 1980ء یہاں 484 طلباء تعلیم حاصل کر رہے ہیں جن میں سے 300 مسلمان اور 184 عیسائی ہیں۔ اس ادارے میں مخلوط تعلیم دی جاتی ہے۔ اسے فادروں کا مدرسہ بھی کہتے ہیں۔ موجودہ ہیڈ مسٹریس کراچی کی ایم کیتھولین ہیں اور تعدادِ معلمات دس ہے، اسکول میں ایک چرچ بھی ہے جو 1927ء میں تعمیر کیا گیا۔

اسکول نہ ایک پرانی اور وسیع و عریض عمارت میں ہے اور شہر کے مشرق جنوب میں واقع ہے۔ موجودہ صدی کی دوسری دہائی میں رومن کیتھولک مشن نے یہاں اپنا ایک مشنری سنٹر قائم کیا اور اس کے ساتھ ہی بچوں کو تعلیم دینے کا سلسلہ جاری کیا۔ پہلی سے چوتھی جماعت تک

کے بچوں کو تعلیم دی جاتی تھی۔ 1916ء میں ونسنٹ ایلونز رومن کیتھولک مشن کے مشنری کی حیثیت سے پسرور میں رہائش پذیر تھے اور مشنری خدمات بھی انجام دیا کرتے تھے۔ 24-1916ء میں مشنری فیبین (FABIAN) اس درس گاہ کے انچارج تھے۔ 1918ء میں ایک بڑی عمارت تعمیر ہوئی جس پر ان دنوں 840 روپے صرف ہوئے۔ اس کے بعد ڈیڑھ سال کے لیے مسٹر سلویسٹر (SYLVESTER) آئے۔ 1925ء میں مسٹر جوزے (JOSE) آئے۔ ان کے دور میں یہ اسکول بند ہو گیا۔ اسی درس گاہ میں غلام رسول بن چوہدری صمد دین 1919ء میں مدرس تعینات ہوئے تھے۔ کالو اور کرامت مسیح بھی یہاں اساتذہ تھے۔ اسکول میں علاج معالجہ کے لیے ایک مختصر ڈسپنسری بھی ہے۔

10۔ آریہ ہائی اسکول

شہر سے ریلوے اسٹیشن کی طرف جائیں تو دائیں جانب چوہدری منظور احمد کا چاولوں کا کارخانہ ہے، ان کے والد بابو محمد دین بن قادر دین تھے اور موضع چاند کے رہنے والے تھے۔ بابو محمد دین نے یہ عمارت تقریباً 1933ء میں تعمیر کی تھی۔ 1946ء میں پسرور کے ایک آریہ سماجی ہندو نے اس عمارت کا اندرونی حصہ کرایہ پر لے کر یہاں ایک پرائیویٹ اسکول قائم کیا جس میں پانچویں جماعت سے دسویں جماعت تک کے طلباء کو تعلیم دی جاتی تھی۔ یہاں تقریباً دس ہندو اساتذہ تعلیم دینے پر مامور تھے، ہندی اور گورمکھی مضامین کو اولین حیثیت حاصل تھی۔ فارسی اور عربی نہیں پڑھائی جاتی تھیں۔ تقریب اڑھائی سو طلبا پہلے سال زیرِ تعلیم تھے۔ ڈاکٹر میلا رام کا لڑکا پریم ناتھ اس اسکول کا ہیڈ ماسٹر تھا، سکھ، ہندو اور مسلمان سب مذاہب کے طالب علم یہاں پڑھتے تھے۔

ملک بھر میں ہندو مسلم فسادات کی وجہ سے 1947ء کے اوائل میں یہ اسکول بند ہو گیا۔

11۔ موری دروازہ کے اندر ہندوؤں کا ایک اسکول تھا۔ جہاں کے مہتمم پنڈت رام داس شرما پر پہنچاری تھے۔ پنڈت صاحب موری دروازہ کے باہر کے مندر میں رہتے تھے۔ اس اسکول میں صرف ہندو لڑکے پڑھتے تھے۔

12۔ چٹاکھوہ میں قلعہ نما پرانی عمارت کے قریب بھی ہندوؤں کا ایک اسکول تھا۔ یہ صرف

ابتدائی درجوں تک محدود تھا۔

زنانہ تعلیمی ادارے

1۔ میونسپل بورڈ پرائمری گرلز اسکول

بقول منشی امین چند 1864ء میں پسرور میں لڑکیوں کا ایک اسکول موجود تھا، جہاں 20 طالبات تعلیم حاصل کرتی تھیں۔ میونسپل بورڈ اس پرائمری اسکول کو چلاتا تھا، 1925ء تک یہ اسکول قائم رہا۔ آخری دنوں میں شرابی دروازہ کے اندر یہ اسکول ہوتا تھا۔

2۔ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول

24 مئی 1923ء کو محکمہ تعلیم نے یہاں طالبات کے لیے ایک مڈل اسکول قائم کیا۔ اسکول کا آغاز نارمل اسکول کے ہوسٹل والی عمارت میں ہوا۔ مئی 1924ء میں داخل ہونے والی طالبات کی تعداد پنجم تا ہشتم 51 تھی۔ اس درس گاہ کے قائم ہوتے ہی انجمن اسلامیہ کے تحت چلنے والے گرلز ورنیکلر مڈل اسکول کے حصہ مڈل کو ختم کر دیا گیا۔ چوں کہ یہاں کوئی ہائی اسکول نہیں تھا، اس لیے طالبات کو مجبوراً آٹھویں جماعت کے بعد سلسلہ تعلیم منقطع کرنا پڑتا تھا یا مزید تعلیم کے حصول کے لیے سیالکوٹ جانا پڑتا تھا۔ اس دشواری کو مدنظر رکھتے ہوئے یکم اپریل 1945ء کو یہاں نویں اور دسویں جماعت کا اضافہ کر دیا گیا اور اس طرح یہ اسکول مڈل سے ہائی ہو گیا۔ 1950ء سے 1962ء تک گورنمنٹ گرلز اسکول نمبر 1 کی چوتھی اور پانچویں جماعتیں بھی یہاں منتقل ہو گئی تھیں۔ 1945ء میں یہاں کا اسٹاف مندرجہ ذیل معلمات پر مشتمل تھا:-

1۔ مسز سی۔ ڈی۔ نندا : بی اے، بی ٹی۔ ہیڈ مسٹریس 2۔ مس رامٹھور : بی اے، بی ٹی 3۔ مس رلیا : جے اے وی

4۔ نور سینل : ایس وی 5۔ مس ایف کریم : بی اے، بی ٹی 6۔ بندرا دیوی : ایس وی (ہندی پڑھاتی تھیں) 7۔ زہرہ بیگم : ایس وی 8۔ سردار بیگم :

تقسیمِ ملک سے قبل یہاں عربی اور فارسی کے مضامین نہیں تھے، صرف ہندی کا مضمون پڑھایا جاتا تھا۔ 1962ء میں فارسی پڑھائی جانے لگی۔ فہمیدہ فردوس فارسی کی معلمہ تھیں۔ ان دنوں عربی کی تعلیم کی کمی بڑی شدت سے محسوس کی جا رہی ہے۔

اسکول کا ایک ہوسٹل بھی ہے جو بارہ کمروں پر مشتمل ہے۔ یہاں ان دنوں (1980ء) پسرور سے باہر کی 55 طالبات رہائش پذیر ہیں۔

لائبریری میں مجموعی طور پر 2300 کتابیں ہیں۔ اسکول سے کوئی میگزین شائع نہیں ہوتا۔

1962ء سے نویں اور دسویں جماعت کی طالبات کو سائنسی تجربات کے لیے لیبارٹری کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ اسکول کے احاطے میں پانی کا ایک کنواں اور دو نلکے ہیں۔ اندرونِ اسکول پسرور سے باہر کی معلمات کے لیے ایک رہائش گاہ 1971ء میں تعمیر کی گئی ہے جو چار کمروں اور ایک صحن پر مشتمل ہے۔ کھانے کا کمرہ اور باورچی خانہ بھی ہے۔ اسکول کی ہیڈ مسٹریس کے لیے ایک علیحدہ رہائش گاہ بھی ہے جو 1971ء میں تعمیر کی گئی ہے۔ موجودہ اسٹاف 18 معلمات پر مشتمل ہے۔

اسکول کی صدر معلمات اور ان کا دور ملاحظہ ہو:-

1۔ مسز جی نندا : 1946ء 2۔ مس این بھٹی : یکم دسمبر 1948ء، شادی کے بعد یہ 3۔ مسز این بی منصب دار ہوئیں : 15 جون 1950ء تا 1960ء 4۔ ایف راٹھور : 61-1960ء 5۔ مس چیمہ : 65-1961ء 6۔ مسز بھٹی : 1968ء

7۔ مس ایف بٹ : 70-1968ء 8۔ مس کے بخاری : 71-1970ء تا نومبر 1974ء

موجودہ ہیڈ مسٹریس حمیدہ فردوس ملک ہیں جو عنایت اللہ خاں کی صاحبزادی اور شیخ محمد نواز سابق ہیڈ ماسٹر نارمل اسکول پسرور کی پوتی ہیں۔

20 جنوری 1980ء کو لاہور بورڈ کے تحت لاہور میں طالبات کے درمیان ایک تقریری مقابلہ ہوا، عنوان ”سیرت النبیؐ قرآن کے آئینہ میں“ تھا۔ اس اسکول کی دسویں جماعت کی طالبہ شاکرہ منظور بنت منظور الٰہی ملک اول رہیں۔ انعام میں پانچ سو روپے نقد اور ایک شیلڈ حاصل کی۔ اسکول کو اپنی اس طالبہ پر فخر ہے۔

3۔ تربیت گاہ برائے معلمات

پسرور میں خاتون اساتذہ کے لیے کوئی الگ زنانہ تربیتی ادارہ موجود نہیں ہے۔ مقامی گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ہی میں تربیت مہیا کی جاتی ہے۔ اس اسکول میں پہلی بار 1950ء میں 21 معلمات کو جے وی کی تربیت دی گئی۔ پھر یہ سلسلہ سال بہ سال چلتا رہا۔ آخری کلاس 6 مئی 1956ء کو فارغ ہوئی۔ اس کے بعد 1962ء میں جے وی کلاس کا پھر سے اجراء عمل میں آیا۔ پہلے سال 55 طالبات کو تربیت دی گئی۔ اس کے بعد یہ سلسلہ منقطع ہو گیا۔ 1971ء میں جے وی کو پی ٹی سی کا نام دیا گیا اور 20 ستمبر 1976ء کو یہاں پہلی پی ٹی سی کلاس شروع ہوئی۔ 76-1974ء تک یہاں سے چار سو معلمات نے تربیت حاصل کی۔ 1976ء کے بعد نارمل کلاسیں بند ہو چکی ہیں۔

4۔ اسلامیہ گرلز ورنیکلر مڈل اسکول

1925ء کے لگ بھگ اندرونِ شرابی دروازہ (موجودہ جناح گیٹ) کا پرائمری گرلز اسکول بند ہو گیا۔ اس پر ککے زئی برادری کے ایک مخلص شخص رحمت اللہ بن شیخ محمد عبداللہ نے 1925ء میں اپنے محلے گلے زئیاں میں واقع اپنے مکان میں ایک گرلز پرائمری اسکول قائم کیا۔ اور اس کے سارے اخراجات خود برداشت کیے۔ 1941ء سے 1944ء تک یہ اسکول مختلف ناموں سے پکارا جاتا تھا مثلاً

عبداللہ خاں ایڈڈ پرائمری گرلز اسکول - عبداللہ خاں زنانہ پرائمری اسکول - رحمت اللہ نے اپنے والد ماجد محمد عبداللہ خاں کے نام یہ درس گاہ منسوب کی تھی اور انجمن اسلامیہ نامی ادارے کے زیرِ انتظام تھی۔

2 دسمبر 1931ء کو سیٹھ ابراہیم ولد سر بلند خاں ولد پیو بخش نامی ایک امیر شخص وفات پا جاتا ہے۔ اس کی بیوہ برکت بی بی 1932ء میں اپنے مکان واقع محلے زئیاں میں ایک مذہبی درس گاہ قائم کرتی ہے۔ کچھ عرصہ تک یہ اسکول (برکت بی بی والا) قائم رہتا ہے۔ اس میں مسلمان لڑکیوں کو قرآن پاک کی تعلیم دی جاتی تھی۔ چند سال بعد بعض وجوہات کی بناء پر یہ اسکول اپنا الگ وجود قائم نہ رکھ سکا اور رحمت اللہ کے قائم کردہ اسکول میں مدغم ہو گیا اور اس طرح اس کا نام ”عبداللہ خاں ابراہیم اسلامیہ زنانہ ورنیکلر مڈل اسکول“ ہو گیا۔ اب یہاں پرائمری کی بجائے مڈل درجہ تک طالبات کو تعلیم دی جانے لگی انگریزی نہیں پڑھائی جاتی تھی۔ عربی، فارسی اور دوسرے مضامین پڑھائے جاتے تھے میونسپل کمیٹی پسرور اسے سالانہ گرانٹ دیتی تھی۔ جب حکومت نے پسرور میں 1944ء میں ایک گرلز مڈل اسکول قائم کیا تو یہاں مڈل کی کلاسیں ختم کر دی گئیں۔ (بقیہ حالات کے لیے گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول نمبر 1 دیکھیں)

5۔ گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول نمبر 1

یہ اسکول امجد میڈیکل ہال چٹا کھوہ کے سامنے قلعہ نما عمارت کی بالائی منزل پر واقع ہے۔ 1944ء میں انجمن اسلامیہ پسرور کے تحت شیخ رحمت اللہ کے قائم کردہ ورنیکلر مڈل اسکول کا مڈل حصہ بند کر کے یہاں صرف پہلی جماعت سے پانچویں جماعت تک تعلیم دی جانے لگی۔ اسکول کے دو حصے تھے، لوئر پرائمری اور اپر پرائمری۔ اول الذکر میں پہلی دو جماعتیں اور مؤخر الذکر میں تیسری، چوتھی اور پانچویں جماعت تھی۔ 46-1945ء میں چوتھی اور پانچویں جماعت گرلز ہائی اسکول میں چلی گئی اور یہاں صرف تین جماعتیں رہ گئیں۔

جون 1949ء میں میونسپل کمیٹی نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔ 50-1949ء میں چوتھی جماعت

اور ایک معلمہ کا اضافہ ہوا۔ 1961ء میں پانچویں جماعت کا اضافہ ہوا اور اسی سال یہ اسکول حکومت کی تحویل میں چلا گیا۔ تقسیمِ ملک سے قبل نیاز بیگم 1945ء تک یہاں ہیڈ مسٹریس تھیں۔ ان کے بعد کنیز بیگم 1952ء تک رہیں۔ موجودہ ہیڈ مسٹریس نور صفیہ 1952ء سے کام کر رہی ہیں۔ یہاں 15 معلمات تقریباً ساڑھے سات سو طالبات کو تعلیم دیتی ہیں۔

6۔ گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول نمبر 2

یہ درس گاہ محکمہ تعلیم حکومت پنجاب نے یکم مئی 1971ء کو محلہ کھوکھراں میں ایک کرایہ کی عمارت میں قائم کی۔ پہلے سال پہلی سے چوتھی تک چار جماعتیں تھیں کل 70 طالبات داخل ہوئیں رقیہ بیگم ہیڈ مسٹریس تھیں، 1972ء میں چوتھی جماعت پانچویں جماعت میں ترقی پا گئی۔ اس وقت طالبات کی تعداد اڑھائی سو کے لگ بھگ ہے۔ زاہدہ بانو ہیڈ مسٹریس ہیں۔ تدریسی عملہ نو معلمات پر مشتمل ہے۔

7۔ گورنمنٹ گرلز مشن مڈل اسکول

قیاس ہے کہ اس اسکول کی ابتداء موجودہ صدی کی ابتداء میں ہوئی تھی یہ مدرسہ جماعتوں تک تھا۔ 1918ء تک 503 طلباء کا اندراج ہوا۔ اس کی ابتداء لڑکوں سے کی گئی تھی۔ مگر بعد میں آہستہ آہستہ لڑکیاں بھی یہاں داخل ہونے لگیں۔ سب سے پہلے ایک ہندو لڑکی 14 اکتوبر 1917ء کو پانچویں جماعت پاس کر کے یہاں سے چلی جاتی ہے، 1920ء میں پہلی بار ایک مسلمان لڑکی تعلیم حاصل کرنے کے لیے یہاں داخل ہوتی ہے اسی دوران یہ پرائمری اسکول مڈل درجے تک ترقی کر گیا۔ کیونکہ الوتھہ نامی پہلی لڑکی مڈل کا امتحان پاس کر کے 15 مارچ 1927ء کو یہاں سے جاتی ہے۔ اسی دور میں اسے صرف لڑکیوں کے لیے مخصوص کر دیا گیا۔

اس اسکول میں عورتوں کے لیے تقریباً 1902ء میں ایک دستکاری مرکز یعنی انڈسٹریل ہوم بھی قائم کیا گیا۔ اس کا خاص مقصد یتیم عیسائی لڑکیوں کو گھریلو دستکاری سکھلا کر انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا تھا۔ جونہی لڑکی سنِ بلوغت کو پہنچ جاتی، اسے اس مرکز سے فارغ کر دیا جاتا۔ 4 جنوری 1911ء کو پہلی یتیم لڑکی یہاں سے فارغ ہوئی۔ جنوری 1913ء میں یہاں پانی کی شدید قلت

محسوس کی گئی، پینے کے لیے پانی میسر نہیں تھا۔ اس لیے مرکز کے اربابِ اقتدار نے اسے بند کر دینے کی تجویز پیش کی۔ اسی سوچ بچار میں تھے کہ مئی کے مہینے میں پینے کے لیے پانی وافر مقدار میں دستیاب ہو گیا اور اس طرح اس کو بند کر دینے کا منصوبہ ختم ہو گیا اور اسے WOMEN'S GENERAL MISSIONARY SOCIETY OF UNITED PRESBYTERIAN CHURCH کے تحت کر دیا گیا، 1920ء میں اس دستکاری مرکز میں 169 طالبات تھیں جن میں 148 ہوسٹل میں رہتی تھیں اور 21 باہر سے آتی تھیں اس وقت یہ انڈسٹریل ہوم اسکول میں نہیں ہے۔

اس اسکول میں نابینا طالبات کو بھی تعلیم دی جاتی ہے۔ قدیم ترین معلمہ میں حسینہ رحمت مسیح رہنما، ان کو تعلیم دیتی ہیں بالغ عورتوں کو بھی تعلیم دینے کا مرکز ہے۔

یہاں معلمات کی تعداد تیرہ ہے۔ زاہدہ خانم ہیڈ مسٹریس ہیں ہوسٹل کی سہولت بھی میسر ہے۔ 1980ء میں 79 طالبات ہوسٹل میں رہائش رکھتی ہیں۔

اس اسکول کی عمارت کے کچھ حصے میں لڑکیوں کا کالج ہے۔

8۔ ہندی اسکول برائے ہندو طالبات

یہ اسکول 1937ء میں ہندو قوم نے اپنی لڑکیوں کو ہندی اور سنسکرت کی تعلیم دینے کے لیے قائم کیا تھا۔ جو آزادیِ وطن تک چلتا رہا۔ شروع شروع میں پنڈت میانہ اس لڑکیوں کو پڑھاتا تھا بعد میں عورتوں نے تعلیم دینی شروع کی۔ ان معلمات کو تنخواہیں ٹاؤن کمیٹی ادا کرتی تھی۔ یہاں پانچ جماعت تک تعلیم دی جاتی تھی۔ تقسیمِ ملک کے بعد یہ ادارہ بند ہو گیا۔

تین چار سال سے تجارتی بنیادوں پر مندرجہ ذیل اسکول بھی قائم ہوئے ہیں: (1) الفلاح پبلک پرائمری اسکول محلہ مغلپورہ (2) شاہین انگلش نرسری اسکول (3) پبلک انگلش ماڈل اسکول (4) ڈان انگلش اسکول

حالی ہی میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیالکوٹ نے عارضی طور پر دو سال کے لیے الفلاح اسکول کو منظور کر لیا ہے۔

گورنمنٹ انٹرمیڈیٹ کالج (1927-42ء)

1927ء میں گورنمنٹ نارمل ٹریننگ اسکول کی عمارت (نزد ریلوے اسٹیشن) میں حکومت نے پسرور اور اس کے گرد و نواح کے لوگوں کو اعلیٰ تعلیم کی سہولتیں مہیا کرنے کے لیے ایک کالج قائم کیا۔ نویں اور دسویں جماعتیں ہائی اسکول سے علیحدہ کر کے اس انٹرمیڈیٹ کالج میں منتقل کر دی گئیں۔ اس کے علاوہ گیارہویں جماعت کا اضافہ بھی کیا گیا۔ 1928ء میں بارہویں جماعت کا اضافہ ہو گیا اور اس طرح 1928ء میں نویں جماعت سے بارہویں جماعت تک کے طلبا کو یہاں تعلیم دی جانے لگی۔ مڈل حصہ علیحدہ کر دیا گیا اور اسے تحصیل کے سامنے والی عمارت میں منتقل کر دیا گیا۔

1942ء کے اوائل میں ہندو مسلم تنازعات کا ایک سلسلہ شروع ہو گیا جس کا نزلہ کالج پر گرا اور مارچ 1942ء میں پسرور کی یہ اعلیٰ درس گاہ بند ہو گئی اور یہاں کے عملے کو منٹگمری (موجودہ ساہیوال) کالج میں تبدیل کر دیا گیا۔ 1927ء سے 1942ء تک یہ کالج قائم رہا۔ جب ہم اس دور پر نظر ڈالتے ہیں تو یہ ہمیں پسرور کی تاریخ کا ایک سنہری دور معلوم ہوتا ہے۔ ناخواندگی کو دور کرنے کے لیے اور طلبا میں علم کی جوت جگانے کے لیے کالج کا پورا عملہ ہمہ تن مشغول نظر آتا ہے۔

ذیل میں کالج کی غیر نصابی سرگرمیوں کا ایک مختصر جائزہ پیش کیا جاتا ہے:-

کالج میں پروفیسر صاحبان علمی دنیا میں اپنا ایک مقام رکھتے تھے۔ ان میں سے چند شخصیتیں ایسی ہیں جنہیں آج بھی لوگ عزت و تکریم نے یاد کرتے ہیں، پروفیسر آذر صاحب جیسا عالم و فاضل استاد اسی درس گاہ میں تعلیم دیتا تھا۔ عبداللطیف تپش اردو کا معروف شاعر بھی اسی کالج سے وابستہ تھا۔ اگست 1931ء میں کالج اسٹاف مندرجہ ذیل 20 اساتذہ پر مشتمل تھا:-

1۔ پروفیسر ایس پریم سنگھ : پرنسپل 2۔ سراج الدین آذر : پروفیسر انگریزی 3۔ کندن لال ملہوترا : پروفیسر تاریخ 4۔ ایش کمار : تاریخ 5۔ سرداری لال ملہوترا : انگریزی 6۔ بدری ناتھ چڈھا : انگریزی 7۔ رام چند : تاریخ 8۔ دھرم سنگھ : سائنس 9۔ دیس راج سنگھ ہانڈا : ریاضی 10۔ بشیر احمد : کیمسٹری 11۔ جسونت سنگھ : کیمسٹری 12۔ عبداللطیف تپش : فارسی 13۔ مولوی عبدالحق : عربی 14۔ گیانی شیر سنگھ : فلاسفی 15۔ بھائی کرم سنگھ : گورمکھی 16۔ پنڈت امر ناتھ : سنسکرت 17۔ ست دیو : پی ٹی 18۔ بھائی اتم سنگھ 19۔ لالہ چونی لال 20۔ راجو رام سنگھ

ستمبر 1931ء میں سردار پریم سنگھ پرنسپل تبدیل ہو کر گورنمنٹ کالج کیمبل پور چلے گئے۔ ان کی جگہ اکتوبر کے مہینے میں لالہ برکت رام کھوسلہ پرنسپل ہو کر آئے ۔ لالہ صاحب ریاضی اور انگریزی کے ایم اے تھے 1905ء میں ان کی پہلی تقرری بطور LECTURER IN MATHEMATICS IN ADVANCED CLASSES FOR EUROPEANS ہوئی۔ نارمل اسکول ملتان، گورنمنٹ ہائی اسکول شملہ اور سنٹرل ماڈل اسکول لاہور میں ہیڈ ماسٹر رہ چکے تھے۔ 1920ء میں شاہ پور میں ڈسٹرکٹ انسپکٹر آف اسکولز کے عہدہ پر متمکن تھے۔ پسرور آنے سے قبل سنٹرل ٹریننگ کالج لاہور میں انگریزی کے لیکچرار تھے۔ یہاں بھی انگریزی پڑھایا کرتے تھے۔ برکت رام کے بعد 1937ء میں بی ایل بھاٹیہ پرنسپل ہو کر آئے۔ وہ تقریباً ایک سال رہے۔ 1939ء میں پریم سنگھ تبدیل ہو کر آئے۔ اسی سال سید سعادت علی شاہ آئے جو کالج کے خاتمہ تک پرنسپل رہے۔ شاہ صاحب ایم اے انگریزی تھے۔ ان کے علاوہ مندرجہ ذیل اساتذہ بھی اس درس گاہ سے وابستہ رہ چکے ہیں:-

1۔ غلام محمد : اردو 1940ء 2۔ بول چند : اردو 1931ء 3۔ راجا رام کماریہ : ستمبر 1931ء میں تبدیل ہو کر گورنمنٹ کالج لاہور چلے گئے ۔ 4۔ عبدالحمید : تاریخ 42-1936ء 5۔ نذیر احمد : تاریخ 6۔ پرکاش لال گپتا : انگریزی 1940ء 7۔ ہر دت سنگھ : انگریزی 8۔ آر۔ سی۔ کھنہ : انگریزی 9۔ بی آر سراف : انگریزی 42-1936ء 10۔ سردار پریم سنگھ : ڈرائینگ 1932ء 11۔ بدری ناتھ چڈھا : ریاضی 37-1931ء، بڑے سنجیدہ طبع انسان تھے۔ چائے سے نفرت تھی۔ دودھ کے شوقین تھے۔ کالج ٹائم ٹیبل کے انچارج اور والی بال ٹیم کے صدر تھے۔

12۔ ایم اے دولا (عیسائی تھے) : تاریخ، ستمبر 1931ء تا دسمبر 1932ء، 1932ء میں آپ نے لندن یونیورسٹی سے تاریخ میں پی ایچ ڈی کی اعلیٰ ڈگری حاصل کی۔ 1927ء میں سرکاری ملازمت اختیار کی۔ اس سے قبل آپ مرے کالج سیالکوٹ میں تاریخ کے پروفیسر تھے۔ سیالکوٹ کے بعد گورنمنٹ کالج ہوشیار پور میں پروفیسر تاریخ تھے۔ پسرور سے لدھیانہ تبدیل ہو کر چلے گئے۔ 13۔ لیکھ راج پوری : سراج الدین آذر کی جگہ 16 فروری 1937ء کو پسرور آئے۔ 14۔ قاضی محمد نذیر : فزکس 24 اکتوبر 1938ء تا مارچ 1942ء 15۔ قاضی عبدالرشید : فزکس 42-1937ء 16۔ سعید ہارون : کیمسٹری 42-1936ء 17۔ غلام محمد : فزکس، 20 اکتوبر 1931ء کو یہاں تبدیل ہو کر آئے۔ 18۔ ڈاکٹر ایس ایل بھاٹیہ : کیمسٹری، صدر شعبہ سائنس، کالج میگزین کے انچارج اور کالج کی ہاکی ٹیم کے کیپٹن تھے۔ 19۔ غلام محمد راٹھور : کیمسٹری 1939ء 20۔ قاری بشیر احمد : کیمسٹری، ہاکی کے کھلاڑی اور ٹیم کے صدر تھے۔ ستمبر 1932ء میں تبدیل ہو کر لدھیانہ چلے گئے۔ 21۔ نریندر سنگھ لدا : تاریخ، 24 مئی 1936ء کو تبدیل ہو کر آئے۔ 22۔ پرکاش چند : کیمسٹری، 1935ء میں تبدیل ہو گئے۔ 23۔ لالہ کانشی رام نارنگ : 19 اکتوبر 1935ء کو پسرور آئے۔ 24۔ گیانی اتر سنگھ اور 25۔ گیانی ساون سنگھ : گورمکھی، پنجابی 42-1931ء 26۔ عبدالعزیز : تاریخ کے پروفیسر تھے۔ گنتوں ان کا عُرف (NICKNAME) تھا۔ بڑے خوبصورت اور وجیہہ انسان تھے۔ شیعہ عقائد کے حامل تھے۔ تھوڑا عرصہ کالج میں ملازمت کرنے کے بعد مقابلے کے امتحان میں کامیابی حاصل کر کے پوسٹل سروس میں کسی اعلیٰ عہدہ پر فائز ہوئے۔ 1962ء میں کراچی میں ان کا انتقال ہوا اور علی نامی قبرستان میں دفن ہوئے۔ کراچی میں مقیم پسرور کالج کے قدیم طالب علم محمد شریف اس واقعہ پر اپنے

تاثرات بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں:-

”وہ اچانک رات کے سناٹے میں فون کی گھنٹی بجی۔ میں ہڑبڑا کر اٹھا۔ پیغام تھا۔ ’گنتوں چل بسا‘۔ ہائیں، یہ کیا ؟ گنتوں ؟ کون سا گنتوں ؟ وہی جس کا چہرہ ایک کھلے ہوئے گلاب کی طرح دہکتا تھا؟ وہی جس کی خوش اخلاقی اور شگفتہ مزاجی رفتہ رفتہ ضرب المثل ہو چکی تھی؟ ہاں ہاں وہی گنتوں جو ہر محفل میں شمعِ محفل اور ہر مجلس میں روحِ مجلس تھا.... مجھے معاً پسرور یاد آ گیا۔ 1940ء کا پسرور۔ کالج ہال میں متعدد سوٹ پوشوں کے درمیان علی گڑھی سفید شیروانی میں ملبوس گنتوں کی کرسی تھی۔ پروفیسروں کی اس قطار کے سامنے میرے ارد گرد کالج کے پرانے احباب بیٹھے تھے۔ گپ شپ اور ہنسی مذاق کا دور دورہ تھا۔ پرنسپل بغیر فریم کی عینک میں سے بار بار ہمیں گھورتا، لیکن کون تھا جو اس کے دور سے گھورنے کو خاطر میں لاتا؟ آج تو تقسیمِ انعامات کا جلسہ تھا۔ آج تو اختتامِ سال کے جشن کا دن تھا۔“

1932ء تک کالج کا ماحول ایک گاؤں کی درس گاہ کا سا تھا۔ اس وقت کے طالب علم اسے ’ساڈا کالج‘ ایک پنڈ ڈا کالج کہا کرتے تھے۔ مگر 39-1938ء میں کالج کی فضا کچھ اس قسم کی تھی:-

”یہاں تو پروفیسروں کے علاوہ کتنے ہی طالب علم ایسے موجود تھے جو کوٹ پتلون اور ٹائی کے علاوہ کسی دوسرے لباس کو جانتے ہی نہ تھے۔ یہاں تو منشی جی تھے اور نہ ماسٹر صاحبان! یہاں تو ہر بڑی سے بڑی ہستی کو بے تکلف نام سے پکارا جاتا تھا۔ مسٹر ہانڈہ اور مسٹر حمید تو خیر پروفیسر تھے۔ یہاں تو پرنسپل تک سے گفتگو مسٹر کھوسلہ کہہ کر ہوتی تھی۔ یہاں طلبا بستے اور قلم دواتوں سے بے نیاز خالی ہاتھ کلاس میں آتے تھے۔ پروفیسر سوائے انگریزی کے کسی دوسری زبان میں گفتگو کرنا گناہ سمجھتے تھے اور طلبا کی طرف سے بھی کوئی سوال سوائے انگریزی کے کسی اور زبان میں پوچھا نہیں جا سکتا تھا۔ یہاں استاد پڑھاتے وقت کتاب کو چھوتے تک نہ تھے اور وہ طلبا کے ناموں سے نا آشنا رہنا خود پر واجب سمجھتے تھے!‘“

کالج میں موجودہ دور کے برعکس عیالدار لوگ بھی تعلیم حاصل کرتے تھے۔ 37-1936ء میں جے سنگھ شادی شدہ اور صاحبِ اولاد شخص آٹھویں جماعت کا طالب علم تھا۔ کالج کی زندگی میں مختلف قسم کی مجالس اساتذہ اور طلبا کی علمی زندگی کو رواں دواں رکھنے میں بڑی کارگر ثابت ہوتی ہیں۔ اس کالج میں ایسی مجلسوں کی کمی نہ تھی۔ آئیے ان پر ایک نظر ڈالیں:-

1۔ بزمِ اردو

1928ء میں ’بزمِ سخن‘ کے نام سے اس کا آغاز ہوا۔ مگر یہ بزم چل نہ سکی، چنانچہ 1931ء میں اسے نیا نام ’بزمِ اردو‘ دیا گیا۔ صدر پروفیسر شیخ عبداللطیف تپش تھے، سیکرٹری ظہیر الدین احمد اور جائنٹ سیکرٹری عبدالواحد تھے۔ اس بزم کے تحت کالج میں مشاعرے بھی ہوا کرتے تھے، جن میں نامور شعراء کو مدعو کیا جاتا۔ کالج کے سخنور طلبا اور مقامی شعراء کو اپنا کلام سنانے کا موقع دیا جاتا۔ 4 مارچ 1932ء کو ابو الاثر حفیظ جالندھری کی زیرِ صدارت شام کے پانچ بجے ایک مشاعرے کا اہتمام کیا گیا۔ طرحِ مصرع تھا:-

گل کو خنداں دیکھ کر بلبل کو گریاں دیکھ کر

تقریباً پندرہ بیس طلبا نے اس پر طبع آزمائی کی۔ کالج کے قدیم طالب علم خدا بخش مضطر نظامی (پسرور کے نوجوان شاعر طاہر نظامی کے والدِ ماجد) کے کلام کو بہت پسند کیا گیا۔ آذر صاحب کا کلام عالمانہ اور فلسفیانہ شان لیے ہوئے تھے۔ حکیم سید امداد حسین نے توحید پر اشعار کہے۔ مسلم صاحب نے انگریزی خیالات کو اردو نظم میں پیش کیا۔ رات کے نو بجے یہ مشاعرہ ختم ہوا۔

محمد شریف (قدیم طالب علم) اپنے دورِ طالب علمی 39-1938ء میں کالج ہال میں منعقدہ ایک تاریخی مشاعرے کا ذکر کرتے ہوئے کہتے ہیں:-

”دو ہفتے پہلے سے طرح مصرع ’نہیں شکوہ مجھے کچھ آسماں سے‘ کالج بورڈ پر لکھ دیا گیا۔ صبح و شام ہونے والے مشاعرہ کے چرچے تھے۔ کلاسوں کے اندر اور کلاسوں کے باہر کھیل کے میدانوں میں اور بورڈنگ ہاؤس میں، ہر جگہ اس مشاعرہ کا انتظار تھا۔ آخر کار وہ دن آ گیا اور مشاعرہ شروع ہوا۔ ایک کے

بعد ایک اپنی غزل لیے ہوئے اسٹیج پر آیا اور داد لیتا ہوا رخصت ہوا۔ ان میں طلبا بھی تھے اور پروفیسر بھی۔ ان میں وہ بھی جن کی شاعری اور جن کے ادبی ذوق کا کالج میں شہرہ تھا اور وہ بھی جن کے بے تکے کلام میں مضحکہ خیزی کے علاوہ اور کچھ نہ تھا۔ معاً میرا نام پکارا گیا۔ میں لرزتے ہاتھوں میں کاغذ کا ایک پرچہ لیے آگے بڑھا۔ مطلع پڑھا:-

مجھے بہتر ہے عمرِ جاوداں سے نہ اُٹھوں مر کے بھی اس آستاں سے

مجمع خاموش ہو گیا۔ میں نے دو شعر اور پڑھے:-

پھنسیں گے حلقۂ گیسو میں وہ بھی کسے اُمید تھی پیرِ مغاں سے

وہ کہتے ہیں ہمیں ملنے نہ آؤ جگر لاؤں کہاں سے دل کہاں سے

واہ! واہ! اور سبحان اللہ کی آوازیں آنے لگیں۔ میں نے مقطع پڑھا:-

اُمیدِ آمدِ فصلِ بہاری بندھے جب کہ ہوائے گل فشاں سے

جو باغِ آرزو اپنا بھی ہو خشک ہمیں الفت نہ ہو پھر کیوں خزاں سے

سامعین جھومنے لگے۔ میں نے گرہ کا قطعہ پڑھا:-

یہ میرا آشیاں خشک واللہ جلاتے گرمیِ آہ و فغاں سے

ہوا ہوں دشمنِ جاں آپ اپنا نہیں شکوہ مجھے کچھ آسماں سے

اب جو دیکھا تو پورا مجمع اُٹھ اُٹھ کر داد دے رہا تھا۔ چاروں طرف سے

مکرر مکرر کی فرمائش ہو رہی تھی اور پورا ہال تالیوں کے شور سے گونج رہا تھا۔ معلوم نہیں اس ہنگامہ میں کسی نے مقطع سنا یا نہیں:-

وطن آدم کا جب باغِ جناں تھا ہمیں نفرت نہ ہو پھر کیوں یہاں سے

شریف اس دارِ فانی سے نہ لپٹو مکان اپنا ملا لو لامکاں سے

2۔ پنجابی سوسائٹی

یہ تقریباً 1930ء میں قائم ہوئی۔ 32-1931ء میں اس کے سیکرٹری راجندر سنگھ تھے۔ صدر گیانی شیر سنگھ صدر شعبہ پنجابی تھے اس سوسائٹی کے تحت پنجابی کے تین اچھے شعراء کو انعامات دیئے گئے اور پنجابی مباحثہ میں اول آنے والے کو ایک سلور میڈل دیا گیا۔ 11 جون 1932ء کو ہوسٹل کے کمپاؤنڈ میں ایک پنجابی ڈراما شبھدرا (SHBHADRA) کھیلا گیا جو گورنمنٹ انٹرمیڈیٹ کالج لائل پور (موجودہ فیصل آباد) کے لیکچرار آئی سی نندا کا لکھا ہوا تھا۔ ڈراما میں پنجابی بھنگڑا بھی ڈالا گیا جس سے وڈیرا باڈ کے بیساکھی کے میلے کی یاد تازہ ہو گئی۔

3۔ ہسٹاریکل سوسائٹی

یہ سوسائٹی 1929ء کے اوائل میں قائم ہوئی۔ اس کے صدر شعبۂ تاریخ کے صدر ہی ہوا کرتے تھے 1932ء میں اس کے صدر پروفیسر اے ایم ڈولا تھے 4 جون 1932ء کو اس کے ممبر سیالکوٹ کے تاریخی مقامات کی سیر کرنے گئے تھے۔

4۔ سرسوتی سماج

1931ء میں موسمِ گرما کی تعطیلات کے موقع پر ہندو اساتذہ اور طلباء نے ہندو سوسائٹی کے نام سے ایک انجمن قائم کی۔ سرما 1932ء میں اس کا نام سرسوتی سماج یعنی سنسکرت ہندی

لٹریری سوسائٹی رکھا گیا۔ اس کے صدر آر سی کھنہ اور نائب صدر پریم ناتھ تھے۔ سیکنڈ ایئر کے طالب علم مدن موہن سیکرٹری تھے۔ 1932ء میں بسنت کے تہوار کو بڑی شان و شوکت سے منایا گیا۔ اس خوشی کے موقع پر ایک بابی ڈرامہ BASANT VARNAM VYAYOG کھیلا گیا۔ اسی سال اس سوسائٹی کے تحت کالج میں خوشخطی، سلائی، کڑھائی، نیٹڈل ورک اور برتن سازی کی نمائش بھی ہوئی جس میں اسٹاف کی بیگمات اور لڑکیوں نے حصہ لیا۔

5۔ سوسائٹی (میجک لینٹرن لیکچرز)

کالج کے اساتذہ نے مل کر 1929ء میں ایک ایسی سوسائٹی قائم کی جو سال میں کم از کم چھ لیکچرز کے انتظامات کیا کرتی تھی۔ ان کو MAGIC LANTERN LECTURES کہا جاتا تھا۔ ان کے موضوعات سائنس، تاریخ اور ادب ہوا کرتے تھے۔ ڈاکٹر ایس ایل بھاٹیہ صدر شعبہ سائنس اس کے سیکرٹری تھے، لیکچرز اردو میں کالج ہال میں کالج کے پروفیسر صاحبان دیا کرتے تھے۔ 1931ء کے لیکچرز ملاحظہ ہوں:-

1. Mind You Do Not Know - R. R. Kumaria 2. Electric Light - Dharam Singh 3. Persia And Persians - S. D. Azhar 4. Leather Tanning - Dr. S. L. Batia 5. The History of Urdu Journalism in the Panjab - Bool Chand

6۔ رورل اپ لفٹ سوسائٹی

1930ء میں اس کا آغاز ہوتا ہے۔ کالج کے اساتذہ اور طلبا کی شرکت سے پسرور کے ملحقہ دیہات میں ناخواندہ اور جاہل لوگوں کو حفظانِ صحت کے بنیادی اصولوں سے آگاہ کیا جاتا تھا۔ موسمی بخار سے بچاؤ کے لیے ہیلتھ آفیسر اور ڈسٹرکٹ بورڈ سے کونین کی ٹکیاں حاصل کر کے ارد گرد

کے دیہات میں تقسیم کی جاتی تھیں۔ ان لوگوں کو اپنی حالت سدھارنے کے طریقوں سے بھی آگاہ کیا جاتا تھا۔ اس سوسائٹی کی طرف سے پہلے سال ہی پسرور سے دو میل دور بھگت پور میں ایک اسکول کھولا گیا تاکہ گاؤں کے چھوٹے چھوٹے بچے علم کی روشنی سے بہرہ ور ہو سکیں پہلے سال پندرہ طلبا تھے، اگلے سال یعنی 1931ء میں چھ طلبا کا اضافہ ہوا۔ ان کو اردو، ہندی اور پنجابی پڑھائی جاتی تھی اور قاعدے مفت مہیا کیے جاتے تھے۔ 1932ء میں موضع بدھیاں میں بھی ایک اسکول کھولا گیا۔ مگر فنڈ کی کمی کی وجہ سے یہ اسکول جاری نہ رہ سکا۔ کالج کے اساتذہ فنڈ جمع کر کے یہ رفاہی کام کیا کرتے تھے۔ اس دور میں ایسی سوسائٹی کا قیام حیرت انگیز معلوم ہوتا ہے۔

7۔ یونین

کالج کے طلبا کی باقاعدہ ایک یونین تھی جس کا آغاز اپریل 1931ء میں کیا گیا۔ تاریخ کے پروفیسر لالہ کندن لعل ملہوترا اس کے صدر تھے۔ پہلی بار اپریل 1931ء میں طلبا کا انتخاب ہوا اور سیکنڈ ایئر کے طالب علم عبدالوحید کو سیکرٹری اور جماعت دہم کے محمد عالم کو اسسٹنٹ سیکرٹری چنا گیا۔ یونین کے تحت مباحثے بھی ہوتے تھے۔ اساتذہ بھی ان میں حصہ لیتے مئی 1932ء میں ایک مباحثہ ہوا۔ عنوان تھا:-

”Art And Literature Have Done More For the Happiness Of ..“

کالج کے اساتذہ میں سے ایش کمار نے بہترین تقریر کی۔ سائنس اور آرٹس کے آٹھ آٹھ طلبا کی دو ٹیمیں تھیں۔ اس مباحثہ میں سائنس کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔

کالج میگزین

کالج کی طرف سے ایک میگزین بھی شائع ہوتا تھا جس کا نام ”سپورٹس مین“ (SPORTSMAN) تھا۔ اس کا ماٹو ”PLAY THE GAME“ تھا۔ یہ رسالہ تین زبانوں میں چھپتا تھا، انگریزی، اردو اور پنجابی۔ پنجابی حصہ گورمکھی اور فارسی رسم الخط میں چھپتا تھا۔ میگزین کے منیجر ایس ایل بھاٹیہ

تھے۔ ہر حصے کا علیحدہ بورڈ ہوتا تھا۔ بورڈ کے صدر سینئر پروفیسر صاحبان ہوا کرتے تھے۔ ان کے ساتھ کالج کے طلباء بھی ہوتے تھے۔ مثلاً انگریزی حصہ کے صدر ایس ڈی آزر، اردو کے عبداللطیف تپش، پنجابی کے گیانی شیر سنگھ اور سنسکرت وہندی کے آر سی کھنہ۔ کالج میگزین کا پہلا شمارہ جون 1930ء میں شائع ہوا۔ دوسرا شمارہ نومبر 1931ء میں، اپریل کے مہینے میں سالنامہ شائع ہوا تھا۔ سال میں تین بار میگزین شائع ہوتا۔ میگزین کے مطالعے سے چند طالبعلم ابھرتے ہوئے شعراء کی صورت میں سامنے آتے ہیں۔ مثلاً ظہیر الدین، محمد منیر اکبر، محمد شریف غافل، سریندر ناتھ رامپال انور۔

پروفیسر عبداللطیف تپش اور خدا بخش مضطر کا کلام بالعموم ان رسالوں کی زینت ہوا کرتا تھا۔

کالج لائبریری

کالج کے قیام کے ساتھ ہی لائبریری قائم ہو گئی تھی 1931ء میں اس میں 2578 کتابیں تھیں اگلے سال یہ تعداد 3144 تک پہنچ گئی، طلبا کے مطالعے کے لیے ایک ریڈنگ روم بھی تھا۔ جس میں دو روزنامے، چار ہفتہ وار رسالے، پندرہ ماہوار رسائل اور پانچ چار ماہی رسائل آیا کرتے تھے، چند ایک کے نام یہ ہیں:

Modern Review, Red Cross, Panjabi Darbar, My Magazine, The Strand, Punjab Educational Journal. اور ماہوار اردو رسالہ نیرنگِ خیال۔

ان اخبارات و رسائل کا سالانہ خرچہ 170 روپے ہوتا تھا جو یونین فنڈ سے ادا کیا جاتا تھا لائبریری کے انچارج پروفیسر سراج الدین آزر تھے روزانہ کی تازہ خبریں لائبریری کے باہر بورڈ پر لکھی جاتی تھیں۔ لائبریری اور مطالعہ کے کمرے کے تقدس کا اندازہ اس اقتباس سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے: ”لائبریری، جہاں ہفتہ کے پانچ دن علم و فضل آنکھوں پر خوردبینی کی عینک چڑھاکر

صبح و شام سر جھکائے غور و خوض میں غرق رہا کرتا تھا۔ جہاں پرنسپل بھی آتا تو دبے پاؤں اور جہاں کے قرب و جوار میں دور دور تک شور و ہنگامہ پھٹک نہ سکتے تھے.... جہاں ہر فن کا متلاشی گوہرِ مقصود پا سکتا تھا، جہاں ہر نئی راہ کی جستجو منزل ڈھونڈ سکتی ہے اور جہاں ہر تشنہ لب کے لئے سیرابی کا سامان موجود تھا۔ ہفتہ کے چھٹے روز اچانک اس فضا میں ایک انقلاب آتا۔ اس روز یہاں کی خاموشی اور سنجیدگی دلیس بدر کر دی جاتی۔ علم کی پری سہم کر الماریوں کے اندر دبک جاتی اور اپنی حفاظت کے لئے ان الماریوں کو مقفل کر لیتی۔ ہنگامہ کا دیو آج عنانِ حکومت چھین کر اپنے ہاتھ میں لے لیتا اور پھر اس ہال میں کس کی مجال ہوتی جو اس کی آمریت میں دخل اندازی کر سکے۔ طلبا اور پروفیسر اس ہفتہ وار جلسہ میں ایک ہی پلیٹ فارم سے تقریریں کرتے....“

کھیلیں

طلبا کی جسمانی نشوونما کے لیے کھیلوں کا کردار کسی بیان کا محتاج نہیں، لائبریری کی طرح کھیل کے میدان کی اہمیت ہمیشہ سے مسلم چلی آئی ہے، اس پہلو سے بھی پسرور کا یہ قدیم کالج دورِ فتنوں سے کسی طرح کم نہ تھا۔ ذیل میں ہم کالج کی مختلف ٹیموں کا جائزہ لیتے ہیں:-

1۔ ہاکی

اس ٹیم کے صدر قاری بشیر احمد تھے۔ تقریباً 22 طلبا اس کے ممبر تھے یہ ٹیم راولپنڈی، کیمبل پور، گجرات، گوجرانوالہ، جموں، امرتسر، سیالکوٹ میچ کھیلنے کے لیے جایا کرتی تھی۔ 1931ء میں ٹیم کے کپتان ظہیر الدین، نائب کپتان مدن لال اور راجپال اور سیکرٹری راجندر سنگھ اور پیتل تھے۔

2۔ والی بال

50 طلبا اس ٹیم کے ممبر تھے، پروفیسر بدری ناتھ چڈھا اس کے صدر تھے۔ پنجاب یونیورسٹی لاہور کی کھیلوں میں یہ ٹیم باقاعدہ حصہ لیا کرتی تھی اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ اولمپک سپورٹس سیالکوٹ میں بھی شرکت کرتی، 1931ء میں ٹرافی بھی جیتی تھی۔ دسویں جماعت کا طالبعلم امر سنگھ ضلع بھر میں

بہترین کھلاڑی تسلیم کیا گیا تھا۔ 1932ء میں دسویں جماعت کا طالب علم امر سنگھ کپتان تھا۔

3۔ ٹینس

یہ ٹیم 1931ء میں میچ کھیلنے امرتسر گئی تھی۔

4۔ فٹ بال

اس ٹیم کے صدر دیس راج سنگھ ہانڈا تھے۔ یہ ٹیم سیالکوٹ، لاہور اور راولپنڈی میچ کھیلنے جایا کرتی تھی۔ پنجاب یونیورسٹی کی کھیلوں منعقدہ 1932ء میں راولپنڈی میں بھی حصہ لیا تھا۔ سیالکوٹ میں ڈسٹرکٹ اولمپک سپورٹس میں بھی شرکت کرتی تھی۔

5۔ کرکٹ

انگلستان میں دو سال تحقیق کرنے والے تاریخ کے پروفیسر ایم اے دولا نے 1930ء میں یہ ٹیم تشکیل دی۔ اگلے سال اس ٹیم نے تین میچ بھی کھیلے تھے۔ دولا صاحب تو اگلے سال تبدیل ہو کر لدھیانہ چلے گئے مگر ان کے بعد بھی کالج کے پروفیسر صاحبان کی نگرانی میں یہ ٹیم قائم رہی۔ 39-1938ء کے دور کا طالب علم محمد شریف 1964ء میں کالج کے کھیلوں کی تصویر کشی اس طرح کرتا ہے:- ”اس کے کھیل کے میدان یوں تو گرد و غبار سے اٹے ہوئے تھے اور ان کی زمین ناہموار تھی جسے مدتوں سے آراستہ نہیں کیا گیا تھا۔ لیکن ان کے ذرہ ذرہ میں پرانا شور و غوغا اور مدتوں پہلے کے ہنگامے اور قہقہے تڑپ رہے تھے۔ ڈاکٹر دہرا اور اس کی ہاکی، پروفیسر ہانڈا اور اس کی مانو کل دلجیت سنگھ اور اس کی نئی کیپ اور حسین باورچی اور اس کا فٹ بال، میں ایک ایک کو سامنے دیکھ رہا تھا اور چاروں طرف طلبا تماشائی بنے کھڑے تھے اور واہ واہ اور بک اپ کے فلک شگاف نعروں سے ان کا دل بڑھا رہے تھے“ (شب و روز)

کو آپریٹو شاپ

کالج کے طلبا اور اساتذہ کے لیے جون 1929ء میں ایک کو آپریٹو شاپ قائم کی گئی تھی۔ جس کے انچارج آر سی کھنہ تھے۔

ہوسٹل

نارمل اسکول کے طلبا کے لیے ہوسٹل کی سہولت بھی میسر تھی اس لیے یہی ہوسٹل کالج کے طلبا کو مہیا کیا گیا۔ اس ہوسٹل کے انچارج فزیکل ٹریننگ کے انچارج ست دیو تھے۔ یکم مارچ 1932ء کو ہوسٹل میں رہائش رکھنے والے طلبا کی تعداد 77 تھی۔ ایک باورچی خانہ مسلمان طلبا کے لیے اور دو باورچی خانے ہندو طلبا کے لیے تھے۔ کھانا پکانے کے لیے باورچی بھی علیحدہ علیحدہ تھے۔ ایک وقت کے کھانے کا خرچ فی طالب علم بارہ پائی سے لے کر اٹھارہ پائی (ایک آنے سے ڈیڑھ آنہ) تک ہوا کرتا تھا۔ ہوسٹل میں باقاعدہ ریڈنگ روم بھی تھا، گائے کے گوشت کی سخت ممانعت تھی۔ جو لڑکا اس کالج سے انٹرمیڈیٹ کا امتحان پاس کر لیتا اسے مزید دو سال تک ہوسٹل میں رہنے کی اجازت تھی یعنی مرے کالج سیالکوٹ میں بی اے میں پڑھنے والا طالب علم پسرور کالج کے ہوسٹل میں اپنی رہائش رکھ سکتا تھا۔ ہوسٹل کا چوکیدار تارا سنگھ اور نائی اللہ رکھا ولد نانک تھا۔ ہوسٹل کے قریب ہی ایک کنواں تھا جس سے بیلوں کے ذریعے پانی نکالا جاتا تھا۔ ارجن سنگھ کے پاس بیلوں کی جوڑی ہوا کرتی تھی۔

وظائف

غریب اور ذہین طلبا کو وظائف بھی دیے جاتے تھے۔ 1931ء میں کل دس وظائف تھے۔ اگلے سال دو وظائف کا اضافہ ہوا۔ ان کی تفصیل یہ ہے: حکومت کی طرف سے : 7، فوجی : 4، پنجاب یونیورسٹی : 1 سال میں ایک بار سالانہ تقسیمِ انعامات کی تقریب پر شکوہ انداز میں منائی جاتی اور مارچ

1932ء کو ایسی ہی ایک تقریب کالج گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔ پسرور کے مشن ہسپتال کی بانی ڈاکٹر ماریہ وائٹ صدارت کی کرسی پر فائز تھیں۔ کالج میں پڑھائے جانے والے مضامین میں اعلیٰ نمبر حاصل کرنے والوں، بہترین کھلاڑیوں اور دوسری تعلیمی سرگرمیوں میں نمایاں حیثیت حاصل کرنے والوں کو ڈاکٹر موصوف نے انعامات تقسیم کیے۔

کالج میں اعلیٰ اور تجربہ کار اساتذہ کی وجہ سے یہاں کا سالانہ نتیجہ دوسرے تعلیمی اداروں کی نسبت کافی بہتر رہتا تھا۔ یہاں یہ ضروری معلوم ہوتا ہے کہ چند معروف پروفیسر صاحبان کے حالاتِ زندگی بیان کر دیئے جائیں تاکہ ان کی علمی شخصیت ہمارے سامنے زیادہ واضح ہو سکے۔

عبداللطیف تپش (1895 - 1943ء)

تپش صاحب 29 اکتوبر 1895ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ اپنے مولد و مسکن لاہور ہی میں تعلیم و تربیت پائی۔ منشی فاضل اور بی اے کے امتحانات پاس کرنے کے بعد کچھ عرصہ پنجاب یونیورسٹی میں ملازمت کی۔ پھر گورنمنٹ انٹرمیڈیٹ کالج پسرور میں السنہ شرقیہ کے پروفیسر مقرر ہوئے۔ پسرور میں ملازمت کے دوران انہوں نے پرائیویٹ ایم اے فارسی کا امتحان پاس کیا اور یونیورسٹی میں اول آئے۔ 1937ء میں ان کا تبادلہ ایمرسن کالج ملتان میں ہو گیا۔ صد افسوس کہ ملازمت کے دوران ہی میں بہ عارضہ قلب 14 فروری 1943ء کو اس دارِ فانی سے کوچ کر گئے۔

آپ بڑے زیرک، ملنسار اور خوش اخلاق انسان تھے۔ اردو اور فارسی کا اعلیٰ ذوق رکھتے تھے۔ اردو میں بہت عمدہ شعر کہتے تھے۔ پنجاب کے علمی حلقوں میں بڑی عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ موصوف سر عبدالقادر کے داماد تھے۔ پسرور کے معروف اردو شاعر خدا بخش مضطر کو ان کی شاگردی اور قربت کا فخر حاصل رہا ہے۔ مضطر صاحب تپش صاحب ہی کے پروردہ ہیں۔ دونوں میں بڑے گہرے مراسم تھے۔ تپش صاحب کے صاحبزادے ابوالظفر حنیف سابق لیکچرر ایمرسن کالج لاہور کو کچھ عرصہ مضطر صاحب نے اردو اور فارسی بھی پڑھائی تھی۔

سراج الدین آذر (1892 - 1947ء)

سراج الدین آذر 1892ء کے لگ بھگ فیروز پور میں پیدا ہوئے۔ جہاں ان کے والد عزیز اللہ بسلسلہ ملازمت مقیم تھے۔ فیروز پور ہی سے آپ نے میٹرک کا امتحان پاس کیا۔ مزید تعلیم کے لیے لاہور چلے آئے اور گورنمنٹ کالج لاہور سے فارسی اور انگریزی میں ایم اے کے امتحانات پاس کئے۔ اس کے بعد آپ نے محکمہ تعلیم میں شمولیت اختیار کر لی اور 1915ء میں اسلامیہ کالج لاہور میں انگریزی کے پروفیسر مقرر ہوئے۔ ان دنوں علامہ یوسف علی جیسی علمی شخصیت پرنسپل تھی۔ 1928ء میں آذر صاحب نے سرکاری ملازمت اختیار کر لی اور گورنمنٹ انٹرمیڈیٹ کالج پسرور میں انگریزی کے پروفیسر کی حیثیت سے آ گئے۔ پسرور کالج میں ان دنوں عبداللطیف تپش بھی کام کر رہے تھے اس طرح ایک دوسرے کی صحبت میں ان کا وقت بہت اچھا گزرا، علمی اور ادبی محفلوں کی جان تھے، مشاعروں میں بھی بڑی سرگرمی سے حصہ لیتے تھے۔

آذر صاحب انگریزی زبان و ادب کے ساتھ ساتھ اردو اور فارسی زبان و ادب کا بھی اعلیٰ ذوق رکھتے تھے۔ پسرور میں ملازمت کے دوران انہوں نے پسرور اور اس کے قرب و جوار سے قلمی نسخے اکٹھے کئے، آباؤ اجداد چونڈہ کے رہنے والے تھے۔ اس لئے چونڈہ سے سبھی قلمی نسخے حاصل کئے تنخواہ کا ایک بڑا حصہ قلمی کتابوں کو حاصل کرنے میں صرف کر دیتے تھے، آذر تخلص کی مناسبت سے آپ نے اپنی رہائش گاہ کا نام آتش کدہ رکھا تھا۔

ان کے شوقِ علم کا اندازہ ان مخطوطات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے جو پنجاب یونیورسٹی میں محفوظ ہیں۔ اردو اور فارسی کے یہ قلمی نسخے تعداد میں 374 ہیں اس کے علاوہ بیس پچیس ہزار کتابیں اپنی لائبریری کے لئے اکٹھی کیں۔ پنجاب یونیورسٹی لائبریری میں محفوظ قلمی نسخوں میں آفرین لاہوری کی فارسی مثنوی ناز و نیاز بھی ہے جس پر دلشاد پسروری نے اپنی مہر 1160ھ کی ثبت کی ہے۔ اس بات سے اس نادر ذخیرہ کتب کی قدر و قیمت کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے افسوس ہے کہ آذر صاحب کی دوسری مطبوعہ کتابیں محفوظ نہیں رہ سکیں، اس وقت ان کے بڑے صاحبزادے ظفر الدین کے پاس چونڈہ میں تقریباً اڑھائی ہزار کتب ہیں۔ جو ایک بند

الماری میں پڑی ہیں اور کچھ ادھر ادھر بکھری پڑی ہیں اس مجموعے میں جرمن، فرانسیسی، ہندی، گورمکھی، پنجابی، انگریزی اور اردو کی نادر کتابیں بھی شامل ہیں۔ کاش قلمی نسخوں کی طرح پنجاب یونیورسٹی لائبریری اس بچے کھچے حصہ کو بھی خرید کر محفوظ کر لے تاکہ یہ علمی خزانہ ضائع ہونے سے بچ جائے اور آنے والے محققین اور مورخین اس سے خاطر خواہ استفادہ کر سکیں۔

پسرور کالج میں آپ 1937ء تک رہے۔ اس کے بعد ڈسٹرکٹ انسپکٹر آف اسکولز ترقی پا کر دہلی چلے گئے۔ 1943ء میں آپ ہوشیار پور گورنمنٹ کالج میں وائس پرنسپل کی حیثیت سے تشریف لے گئے دو سال بعد گورنمنٹ کالج سرگودھا کے پرنسپل مقرر ہوئے۔ 1947ء میں آپ کے صاحبزادے ضمیر آذر کی دہلی میں شادی تھی، آپ شادی کے لئے دہلی گئے۔ وہیں 4 جولائی 1947ء کو آپ کا انتقال ہو گیا۔ آپ کی زوجہ عزیز بیگم بنت عبداللہ نے پسرور میں 31 اگست 1935ء کو وفات پائی اور شاہ ملوک قبرستان میں دفن ہوئیں۔

اولاد میں چھ لڑکے اور تین لڑکیاں ہیں، ان کے نام یہ ہیں: ظفر الدین، ظہیر الدین، ظہور الدین آذر، ضمیر الدین آذر، صغیر الدین آذر، خورشید بیگم، بلقیس بیگم۔ اختر بیگم اور نصیر الدین بچپن میں انتقال کر گئے۔

ڈاکٹر عبدالحمید (1910 - 1980ء)

کرامت علی بن صادق علی کے فرزندِ ارجمند ہیں، مولد و مسکن نونار (تحصیل نارووال) ہے۔ 2 مارچ 1910ء کو پیدا ہوئے۔ گورنمنٹ مڈل اسکول شیخوپوره سے مڈل کیا اور شیخوپورہ ہی سے میٹرک کا امتحان پاس کیا۔ 1931ء میں اسلامیہ کالج لاہور سے بی اے کی ڈگری لی۔ 33-1932ء میں فارمن کرسچن کالج لاہور سے تاریخ میں ایم اے کیا۔ 1936ء میں پنجاب کے محکمہ تعلیم میں تاریخ کے پروفیسر مقرر ہو گئے اور 1942ء تک گورنمنٹ انٹرمیڈیٹ کالج پسرور میں خدمات انجام دیتے رہے۔ 30 اپریل 1942ء کو جب پسرور کالج بند ہوا تو آپ کا تبادلہ گورنمنٹ ڈگری کالج منٹگمری ہو گیا۔ جہاں آپ 10 اکتوبر 1947ء تک پڑھاتے رہے۔ اس کے بعد گورنمنٹ کالج لاہور میں 15 اکتوبر 1947ء سے 11 ستمبر 1965ء تک تعینات رہے۔ بعد میں پنجاب یونیورسٹی کے شعبۂ تاریخ نے آپ کی خدمات حاصل کر لیں جہاں آپ 30 اپریل 1970ء

تک تاریخ کے استاد کی حیثیت سے کام کرتے رہے۔ یکم مئی 1968ء سے 30 اپریل 1973ء تک ٹیکسٹ بک بورڈ لاہور کے ڈائریکٹر رہے۔ اسی سال آپ ملازمت سے سبکدوش ہو گئے۔ مگر 20 نومبر 1975ء کو پنجاب یونیورسٹی نے دوبارہ آپ کی خدمات حاصل کر لیں اور ڈائریکٹر ریسرچ سوسائٹی آف پاکستان مقرر کر دیا۔ دسمبر 1980ء میں لاہور میں ان کا انتقال ہو گیا۔

آپ نے 1953ء میں پنجاب یونیورسٹی سے تاریخ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی، تحقیق کا موضوع تھا:- ”SIR SAYED AHMED KHAN AND THE GENESIS OF MUSLIM SEPERATIST MOVEMENT IN POLITICS“ یہ مقالہ آکسفورڈ یونیورسٹی پریس سے 1967ء میں چھپ چکا ہے۔

یہاں اس کالج کے ایک پرانے طالب علم کا ذکر بھی کیا جاتا ہے جس کی یاداشتوں سے کالج کی تاریخ مرتب کرنے میں مدد ملی ہے۔

محمد شریف

شیخ چاند ماہی بن غلام حیدر کے صاحبزادے اور موضع سنکھترہ کے رہنے والے ہیں۔ شریف صاحب مارچ 1920ء میں پیدا ہوئے 1932ء میں ڈسٹرکٹ بورڈ ہائی اسکول سنکھترہ سے مڈل کا امتحان پاس کیا۔ خالصہ ہائی اسکول نارووال سے 1937ء میں میٹرک کیا۔ اس کے بعد پسرور چلے آئے اور گورنمنٹ انٹرمیڈیٹ کالج سے 1939ء میں ایف ایس سی نان میڈیکل پاس کیا، مزید تعلیم کے لیے لاہور جانا پڑا۔ فارمن کرسچن کالج سے 1941ء میں بی ایس سی کی ڈگری لی۔ 1943ء میں اورینٹل کالج لاہور سے ایم اے فارسی کیا۔ اس کے بعد مئی 1944ء میں ملازم ہو گئے اور ملٹری اکاؤنٹس کلکتہ میں اسٹنٹ کنٹرولر مقرر ہوئے، چند ماہ بعد انکم ٹیکس آفیسر ہو گئے۔ 1950ء میں کراچی میں اسٹنٹ کمشنر انکم ٹیکس کے عہدہ پر ترقی پائی۔ 1969ء میں کمشنر انکم ٹیکس لاہور مقرر ہوئے جنوری 1976ء میں انہیں ملازمت سے جبراً سبکدوش کر دیا گیا مگر مارشل لاء کی حکومت نے جولائی 1977ء میں آپ کو باعزت طور پر آپ کے سابقہ عہدہ

پر بحال کر دیا۔

پسرور کالج میں (39-1937ء) تعلیم کے دوران آپ علمی اور ادبی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا کرتے تھے۔ اس دور میں اردو شاعری سے بھی لگاؤ رہا، کالج کے میگزین میں ان کا کلام شائع ہوا کرتا تھا۔ اس سلسلے میں فارسی کے استاد غلام محمد اعجاز ان کے بڑے مداح تھے، دورانِ ملازمت آپ نے دو کتابیں مرتب کی ہیں:-

1۔ شب و روز : لارک پبلشرز، بندر روڈ کراچی، 1963ء 2۔ مذہب کیوں ؟ : شیخ غلام علی اینڈ سنز لاہور، 1969ء

”شب و روز“ نامی تالیف میں ان کا کلام جا بجا ملتا ہے۔ اپنے والدِ ماجد کی وفات کے موقع پر آپ نے 16 اشعار پر مشتمل ایک مرثیہ کہا ہے جس کا پہلا شعر ہے: یوں تو آباد رہے گا یہ جہاں تیرے بعد کیسے بدلے گی بہاروں میں خزاں تیرے بعد

اس کتاب سے ہمیں یہ بخوبی اندازہ ہو جاتا ہے کہ آپ فارسی زبان و ادب کا گہرا مطالعہ رکھتے ہیں اور اعلیٰ ذوق کے حامل ہیں۔ اردو نثر میں جا بجا فارسی الفاظ اور تراکیب استعمال کر کے نثر کو دلکش اور دل آویز بنا دیا ہے۔ اسی کتاب میں پسرور کالج میں گزرے ہوئے لمحات کو بڑے خوشنما پیرائے میں بیان کیا ہے۔

گورنمنٹ ڈگری کالج

پسرور میں دو ہائی اسکول تھے، جو ناخواندگی کو دور کرنے کے لیے بڑا اہم رول ادا کر رہے تھے، پسرور اور اس کے قرب و جوار کے طلبا میٹرک کرنے کے بعد مزید تعلیم کے لیے دوسرے بڑے شہروں کا رُخ کرتے تھے۔ اس کمی کو شہریوں نے بڑی بری طرح محسوس کیا۔ شہر کے چند معززین اور علم دوست احباب نے یہاں کالج کی سطح پر اپنے بچوں کو تعلیم کی سہولت مہیا کرنے کے لیے تگ و دو کی۔ ڈسٹرکٹ کونسل سیالکوٹ نے اس سلسلے میں بھر پور تعاون کیا اور 1967ء

کی دوسری ششماہی میں کالج کی بنیاد ڈال دی۔

سیالکوٹ کے ڈپٹی کمشنر میاں اصغر علی (سی ایس پی) کی سرکردگی میں ایک بورڈ تشکیل دیا گیا۔ جس کے ذمے کالج کے پروفیسر صاحبان کا تقرر تھا۔ یکم ستمبر 1967ء کو پرنسپل کے عہدہ کے لیے انٹرویو ہوا جس میں ملک امجد حسین بطور پرنسپل منتخب ہوئے۔ دوسرے اساتذہ کا 15 ستمبر کو چناؤ ہوا۔ چنانچہ مندرجہ ذیل حضرات کا تقرر عمل میں آیا:-

1۔ اسلامیات : میاں حسام الدین، ایم اے عربی، اسلامک سٹڈیز، ایم او ایل 2۔ سوکس : محمد صدیق، ایم اے، ایل ایل بی 3۔ اُردو : چوہدری بشیر الٰہی احسن، بی اے آنرز، ایم اے 4۔ معاشیات : سید سجاد حسین بخاری، ایم اے 5۔ تاریخ : محمد منظور الحق، ایم اے 6۔ فارسی : خانزادہ محمد رشید طارق، ایم اے، ایم او ایل 7۔ ڈی پی ای : این ایم جیون، بی اے، ڈپلوما فزیکل ایجوکیشن

12 اکتوبر کو انگریزی کے لیے مقبول احمد اور اس سے اگلے روز ریاضی کے لیے چوہدری عبدالرشید شاد کا تقرر ہوا۔

اگست کے مہینے میں کالج کے آفس کے لیے تین کلرک تعینات کیے گئے۔ 10 اگست کو ہائی اسکول نمبر 2 میں فرسٹ ایئر کے 100 طلبا داخل کیے گئے۔ 9 ستمبر کو باقاعدہ فرسٹ ایئر کے طلباء کی کلاسیں شروع ہوئی۔ گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 1 کے قریب ملک نذیر احمد ولد شاہ دین نے ایک مختصر سی عمارت تعمیر کروا کر کالج کو کرایہ پر دے دی۔ جہاں کالج 1973ء تک چلتا رہا۔ اس کے بعد اسی ہائی اسکول کے ہوسٹل والا حصہ کالج کو دے دیا گیا جہاں تقریباً ایک سال تک کالج رہا۔ اگست 1974ء میں موجودہ عمارت میں منتقل ہو گیا۔ یہ عمارت وہی ہے جہاں پہلے نارمل اسکول تھا اور پھر 1927ء سے لے کر 1942ء تک انٹرمیڈیٹ کالج ہوا کرتا تھا۔

کالج میں پری انجینئرنگ کلاسوں کا اجراء 1974ء میں ہوا۔ کالج لائبریری میں اس وقت دو ہزار کتابیں ہیں۔ نیشنل بک فاؤنڈیشن راولپنڈی نے عطیہ میں کافی تعداد میں کتابیں دی ہیں۔

لائبریری میں انگریزی کا اخبار ”دی پاکستان ٹائمز“ اور دو اردو روزنامے ”نوائے وقت“ اور ”مشرق“ طلباء کے پڑھنے کے لیے آتے ہیں، کوئی میگزین نہیں آتا، اور نہ ہی طلباء کے لیے کوئی ادبی پرچہ ہوتا ہے۔ محمد اجمل لائبریرین ہیں۔ ان کی جگہ سیالکوٹ سے عبدالمجید تبدیل ہو کر آئے ہیں۔

امجد حسین کے بعد چوہدری اصغر علی پرنسپل کی حیثیت سے تشریف لائے، ان کے بعد نعیم کلیم آئے۔ نعیم صاحب نے 25 جنوری 1974ء سے جون 1975ء تک یہاں کام کیا بد قسمتی سے 7 جون 1975ء کو آپ ٹریفک کے ایک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔ مرحوم یہاں آنے سے قبل جناح اسلامیہ کالج سیالکوٹ، اوکاڑہ اور بورے والا میں پرنسپل رہ چکے تھے اور بہترین انتظامی صلاحیتوں کے مالک تھے۔

موجودہ پرنسپل بشیر احمد ریاض 4 جنوری 1976ء کو یہاں تشریف لائے ہیں۔ موصوف سیالکوٹ کے رہنے والے ہیں۔ ان کے علاوہ کالج کے دوسرے پروفیسر صاحبان یہ ہیں: (1) عبدالرشید شاد ایم اے ریاضی (2) محمد ابراہیم ایم اے انگریزی (3) شہباز بیگ، ایم اے انگریزی (4) ڈاکٹر سید سلطان محمود حسین، ایم اے اردو، انگریزی پی ایچ ڈی، اردو (5) دلاور حسین ایم اے فارسی (6) رفیق احمد صدیقی ایم اے عربی، اسلامک سٹڈیز (7) محمد اکبر ڈوگر ایم اے معاشیات (8) محمد عبداللہ ایم اے تاریخ (9) گل شیر محمد ایم اے سوکس (10) چوہدری ممتاز احمد ایم ایس سی کیمسٹری (11) فرید یونس صاحبہ ایم ایس سی فزکس (12) منظور احمد ڈی پی ای۔

کالج میں باقاعدہ طلبا کی ایک یونین ہے جس کے انچارج پروفیسر گل شیر محمد ہیں کالج ایک میگزین بھی شائع کرتا ہے 1978ء میں اس کا پہلا شمارہ شائع ہوا، میگزین کا نام ’محافظ‘ ہے انگریزی اور اردو دونوں حصوں میں شائع ہوتا ہے۔ 75-1974ء کے بعد پھر محافظ شائع نہیں ہوا۔ یہ شمارہ صرف اردو پر ہی مشتمل تھا۔

کالج میں طلباء کی تعداد 1980ء میں یہ ہے: فرسٹ ایئر = 68 + 22 = 90 سیکنڈ ایئر = 95 + 38 = 133 تھرڈ ایئر = 16 فورتھ ایئر = 8 محمد اکبر ڈوگر لیکچرار ان مکس تخلیقی ذہن کے استاد ہیں۔ آپ نے انٹرمیڈیٹ کے طلباء کے

لیے ”تعارفِ معاشیات“ مرتب کی ہے۔ اس کا پہلا حصہ ستمبر 1979ء میں لاہور سے شائع ہوا تھا اور دوسرا حصہ 1980ء میں شائع ہوا ہے۔

محمد یونس صابر لیکچرار فزکس حال ہی میں یہاں سے تبدیل ہو گئے ہیں پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ لاہور کی تیار کردہ اردو میں کتاب ”ریڈیو ریپیئر اینڈ سروسنگ“ کے مرتبین میں سے آپ ایک ہیں۔ ان کی جگہ احسن سعود بٹ تشریف لائے ہیں، ممتاز احمد کی جگہ ناظر ظفر اقبال بھٹی تشریف لائے۔ یہاں کے ایک ذہین طالب علم قمر الزماں کراچی میں ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس کے عہدے پر فائز ہیں۔

گورنمنٹ گرلز انٹرمیڈیٹ کالج

اس کالج کا قیام 1976ء میں عمل میں آیا، اگرچہ کاغذات میں یہ کالج 1976ء میں قائم کر دیا گیا تھا مگر طالبات کا داخلہ باقاعدہ 11 اگست 1977ء کو ہوا۔ پہلے سال 22 طالبات فرسٹ ایئر میں داخل ہوئیں۔ اکتوبر تک یہ تعداد 43 تک پہنچ گئی۔ ان دنوں (1980ء) میں فرسٹ ایئر میں 26 اور سیکنڈ ایئر میں بھی 62 طالبات زیرِ تعلیم ہیں۔ 1980ء سے پری میڈیکل کی کلاس شروع ہوئی ہے۔

کالج کی اپنی علیحدہ عمارت نہیں بلکہ مشن گرلز مڈل اسکول کے ایک حصے میں قیام پذیر ہے کالج کی تحویل میں صرف تین کمرے ہیں ان میں سے ایک کمرہ پرنسپل کا آفس ہے اور باقی دو کمرے بطور کلاس روم استعمال ہوتے ہیں۔ کالج چونکہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، اس لئے لائبریری میں بہت کم کتابیں ہیں، مسز عذرا ناصر نسیم کالج کی پرنسپل ہیں، ان کے علاوہ دوسرا سٹاف یہ ہے: (1) مس نزہت شاہین، ایم اے اردو (2) مس نسیم حسین : ایم اے انگریزی (3) مسز راشدہ زاہد ایم اے اسلامک سٹڈیز (4) مسز ضیاء، ایم اے تاریخ (5) مس نوشابہ مغل، ایم اے ریاضی (6) مس کشور آرا : ایم اے عربی (7) مسز ممتاز اختر : ایم اے پولیٹیکل سائنس (8) مسز مسرت علی : ایم ایس سی کیمسٹری (9) مسز فرحت امیر : ایم ایس سی بیالوجی (10) مسز اختر جمیل ایم ایس سی، فزکس (11) مسز عابدہ یوسف : ایم اے سائیکالوجی (12) مس شاہین : ڈی۔ پی۔ ای۔

صحافت

تقسیمِ ملک سے قبل یہاں سے کوئی اخبار یا رسالہ شائع نہیں ہوتا تھا۔ سوشل ویلفیئر کونسل جب پسرور میں قائم ہوئی تو کونسل کے صدر کرنل خان محمد خان نے پسرور سے ایک ہفت روزہ ”نوائے پسرور“ جاری کیا۔ اس کا پہلا شمارہ 24 اگست 1974ء کو شائع ہوا۔ آغا وفا ابدالی اس کے ایڈیٹر مقرر ہوئے۔

چھاپہ خانہ

حبیب اللہ خاں ایڈووکیٹ پسرور نے 9 مئی 1979ء کو یہاں ایک چھاپہ خانہ ”پسرور پرنٹنگ پریس“ کے نام سے قائم کیا ہے معمولی درجے کا پریس ہے صرف اشتہار، ہینڈ بل اور رسیدیں وغیرہ چھاپی جاتی ہیں۔ شیخ محمد اقبال اسسٹنٹ کمشنر پسرور نے اس کا تاریخ مذکور کو افتتاح کیا تھا۔

کتب خانے

پسرور کی جتنی بھی پرانی علمی شخصیتیں تھیں، ان کے ذاتی کتب خانے تھے، مگر افسوس معدودے چند ایک کے ان کے نام و نشان بھی ملتے، مثلاً 1۔ مولوی شمس الدین : سینکڑوں نادر مطبوعہ کتابیں تھیں اور کئی قلمی نسخے بھی تھے ۔ 2۔ مستری چراغ دین : ان کی پوتی نور جہاں بنت فتح محمد کی تحویل میں مستری صاحب کی چند کتابیں دیکھنے کا اتفاق ہوا ہے، بڑی نایاب کتابیں ہیں۔ فارسی کے چند قلمی نسخے بھی موجود ہیں۔ یقیناً ان کے کتب خانے میں کتابوں کی اچھی خاصی تعداد ہو گی۔ 3۔ فتح دین گلکار : ان کا کتب خانہ مختلف لوگوں کے پاس بکھرا پڑا ہے۔ ان کے پوتے غیاث نے ان کے غیر اسلامی عقیدے کی وجہ سے ان کی ساری کتابیں بہت سے لوگوں کو خصوصاً مبشر احمد طاہر (قادیانی) کو دے دیں۔ 4۔ مولوی نیاز علی : مولوی صاحب ایک علمی و ادبی شخصیت تھے، یقیناً ان کے پاس

اچھا خاصا ذخیرہ کتب ہو گا۔ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ وہ کتابیں کہاں ہیں؟ 5۔ ثار احمد سعدی، مدرس السنہ شرقیہ، گورنمنٹ ہائی اسکول پسرور کے پاس تقریباً ایک ہزار کتابیں ہیں۔ یہ کتابیں اعلیٰ پائے کی ہیں، موصوف عربی، فارسی اور اردو کا اعلیٰ اور ستھرا ذوق رکھتے ہیں۔ چوں کہ آپ اسلامی ذہن کے انسان ہیں، اس لیے دینی کتابوں کی تعداد زیادہ ہے قرآن پاک کے فارسی اور اردو میں مختلف تراجم اور تفاسیر ہیں۔ مذہبی رسائل کی جلدیں بھی ہیں۔ سعدی صاحب مولانا نظامی کے عزیزوں میں سے ہیں اور سنجیدہ طبیعت کے مالک ہیں۔ 6۔ قاری رشید احمد بن مولانا بشیر احمد خطیب جامع مسجد پسرور کے پاس تقریباً تین ہزار کتابیں ہیں، یہ کتابیں اسلامی علوم یعنی حدیث، تفسیر، فقہ، فلسفہ، منطق، نجوم اور تصوف کے متعلق ہیں۔ یہ ذخیرہ عربی، فارسی اور اردو کتابوں پر مشتمل ہے، ہر شخص اس کتب خانے سے استفادہ کر سکتا ہے۔ 7۔ مضطر نظامی کا کتب خانہ ان کے صاحبزادے طاہر نظامی کے پاس ہے۔ 8۔ عبداللہ شوق کا کتب خانہ ان کے لڑکے سردار فاروق چا ہنا کے پاس ہے، بہت کم کتابیں بچی ہیں۔ 9۔ سراج الدین آذر پروفیسر گورنمنٹ انٹرمیڈیٹ کالج پسرور (28-1927ء) کا کتب خانہ ملک گیر شہرت کا حامل رہا ہے، تقریباً ڈیڑھ ہزار قلمی نسخے پنجاب یونیورسٹی لائبریری لاہور میں محفوظ ہیں۔ ان کے کتب خانے میں لگ بھگ 20/24 ہزار کتابیں تھیں۔ ان میں سے اڑھائی ہزار کے قریب چونڈہ میں ان کے صاحبزادے ظفر الدین کے پاس بڑی خستہ حالت میں موجود ہیں۔ 10۔ ضیاء محمد ضیاء کے پاس تقریباً ایک ہزار کتب ہیں۔ یہ کتابیں زیادہ تر شاعری کے متعلق ہیں، اردو اور فارسی شعراء کے دیوان بڑی تعداد میں ہیں۔

میونسپل لائبریری

اسسٹنٹ کمشنر محمد اقبال شیخ نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی پسرور کی حیثیت سے، ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے ایک لائبریری قائم کی تا کہ پسرور کے لوگوں کو مطالعہ کتب، رسائل اور اخباروں کی سہولتیں میسر ہو سکیں۔ ایک خطیر سرمائے سے باقاعدہ عمارت تعمیر کی گئی۔ سیالکوٹ کے ڈپٹی کمشنر میاں محمد اکرم

نے 4 مئی 1979ء کو اس لائبریری کا افتتاح کیا اور شیخ صاحب کے اس نیک کام کی تعریف کی۔ لائبریری میں اس وقت صرف 594 کتابیں ہیں جن میں سے 221 کتب سوشل ویلفیئر کونسل پسرور نے بطور عطیہ دی ہیں۔ زمانے کے ساتھ ساتھ ان میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا جائے گا۔ راجہ محمد پرویز پسرور کا اٹھارہ سالہ اردو کے نوجوان شاعر، اس لائبریری کے ابتدائی دور میں کچھ عرصہ انچارج رہے ہیں۔

محمد اقبال شیخ کا یہ کارنامہ قابلِ تعریف ہے، اس ملازمت میں آنے سے قبل موصوف راولپنڈی کے ایک کالج اور پنجاب یونیورسٹی میں ایک پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس لیے شروع ہی سے آپ کو کتب خانوں کی اہمیت کا اندازہ تھا، آپ نے اس تاریخی شہر میں جو پودا لگا دیا ہے، یہاں کے لوگ اس سے خاطر خواہ فائدہ اٹھا سکیں گے اور امید ہے یہاں کی پسماندگی اور ناخواندگی کو دور کرنے کے لیے ایک اہم کردار ادا کرے گی۔

یہ ضروری معلوم ہوتا ہے کہ اس کتب خانے کے بانی کے حالاتِ زندگی ”تاریخِ پسرور“ میں محفوظ کر لیے جائیں تاکہ اربابِ اقتدار کو معلوم ہو سکے کہ تاریخ ان لوگوں کو اپنے اوراق میں جگہ دیتی ہے جو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی کام کر جاتے ہیں۔

محمد اقبال شیخ

آپ کے والدِ ماجد کا نام شیخ عبدالمجید بن شیخ علم دین ہے جو قصور میں ایک اسکول میں معلم تھے، مولد و مسکن قصور ہے۔ شیخ صاحب 14 فروری 1950ء کو پیدا ہوئے، 1965ء میں اسلامیہ ہائی اسکول چنیوٹ سے میٹرک کا امتحان پاس کیا۔ گورنمنٹ کالج ملتان سے 1967ء میں پری میڈیکل اور 1969ء میں بی ایس سی کی ڈگری لی۔ 1971ء میں پنجاب یونیورسٹی لاہور سے ریاضی میں ”ایم ایس سی“ کی ڈگری حاصل کی، اس کے بعد آپ کنٹونمنٹ بورڈ سرسید کالج راولپنڈی میں لیکچرار ریاضی مقرر ہو گئے۔ یہاں آپ نے اکتوبر 1972ء سے ستمبر 1973ء تک کام کیا۔ اس کے بعد پنجاب یونیورسٹی لاہور کے شعبۂ ریاضی میں دسمبر 1974ء تک ریاضی پڑھاتے رہے۔ ملازمت کے دوران 1974ء میں سی ایس پی کا امتحان پاس کیا۔ مطلوبہ تربیت حاصل کر لینے کے بعد اکتوبر 1975ء سے مئی 1976ء تک آپ نے راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر

کے اسسٹنٹ کی حیثیت سے کام کیا۔ اس طرح عملی تربیت مکمل کرنے کے بعد 18 جون 1977ء کو چکوال میں اسسٹنٹ کمشنر تعینات ہوئے، یہاں آپ نے 12 فروری 1978ء تک کام کیا۔ 23 فروری 1978ء کو پسرور تبدیل ہو کر آئے۔ یہاں سے آپ دسمبر 1979ء میں شیخوپورہ تبدیل ہو گئے ہیں۔ موصوف بڑے خوش اخلاق اور ملنسار انسان ہیں۔ تعلیم سے وابستہ افراد سے آپ بڑی محبت سے پیش آتے ہیں۔

مخطوطات

یوں تو پسرور شہر صدیوں پرانا ہے، کئی علمی خاندان زمانہ قدیم سے یہاں آباد چلے آ رہے ہیں، مگر افسوس ہے کہ ان گھرانوں سے کوئی قدیم دستاویز، تحریر یا کوئی قلمی کتاب دستیاب نہیں ہو سکی، چند ایک مخطوطات جو راقم کے علم میں آئے ہیں، ان کی تفصیل یہ ہے:-

1۔ اٹھارہویں صدی عیسوی میں فارسی گو شاعر دلشاد پسروری ہوا ہے، اس کی نسل سے پسرور کے مولانا فدا احمد امرتسری ہیں اور لاہور کے محمد اکبر وغیرہ۔ دلشاد کا دیوان ملک کے نامور محقق جناب غلام ربانی عزیز نے ادارہ تحقیقاتِ پاکستان، دانشگاہِ پنجاب کے توسط سے اگست 1970ء میں 241 صفحات پر شائع کر دیا ہے۔ دیوان کا قلمی نسخہ پنجاب یونیورسٹی لائبریری میں مجموعہ مخطوطات شیرانی کے نمبر 442 پر موجود ہے۔ یہ قلمی نسخہ نامکمل ہے 88 ورق ہیں کہیں کہیں پورا صفحہ اور کئی صفحات کے کچھ حصے خالی بھی ہیں، اس سے پتہ چلتا ہے کہ دلشاد ان خالی جگہوں پر بعد میں لکھنا چاہتا تھا۔ ہر صفحے پر 14 اسطور (اشعار) ہیں متن کا سائز 9 × 20 سم ہے۔

2۔ دلشاد ہی سے منسوب ایک قلمی تصنیف ”خلاصۃ التواریخ“ ڈاکٹر محمد باقر کے پاس ہے یہ تاریخ 346 اوراق پر مشتمل ہے اور محرم الحرام 1186ھ کا تحریر کردہ ہے۔ اس قلمی نسخے پر ڈاکٹر موصوف نے بشریٰ شفیع سے 1967ء میں کام بھی کرایا ہے جو جامعہ پنجاب کی طالبہ تھیں۔

3۔ ”فرحت الناظرین“ جو محمد اسلم ابن محمد حفیظ انصاری پسروری کی تالیف ہے، کا اردو ترجمہ مع حواشی میرے دوست پروفیسر محمد ایوب قادری نے کراچی سے 1974ء میں شائع کر دیا ہے اس کے نسخے برٹش میوزیم لندن، بوڈلین لائبریری، کپور تھلہ لائبریری اور کتب خانہ

مولوی احسان الکریم بدایونی میں موجود ہیں۔ روہیل کھنڈ کے نواب تقی خاں اور لندن کے ڈاکٹر تقی کے پاس بھی اس کے قلمی نسخے ہیں، بوڈلین اور کپور تھلہ کے نسخوں کے روٹوگراف پنجاب یونیورسٹی کی لائبریری میں محفوظ ہیں۔

4۔ ”وقائع سیالکوٹ“ موضع شہزادہ باجوہ تحصیل پسرور کے ایک شخص محمد مقیم بن رحمت اللہ کی تصنیف ہے۔ ڈاکٹر محمد عبداللہ چغتائی نے لاہور سے 1967ء میں اسے شائع کیا ہے اس کا قلمی نسخہ ڈاکٹر موصوف کے کتب خانے میں ہے، اور دوسرا برٹش میوزیم کے کتب خانے میں محفوظ ہے۔

5۔ پنجاب یونیورسٹی لاہور کی لائبریری میں احمد بن عبداللہ کی انشاء نگاری پر ایک کتاب ”مفتاح المطالب“ نامی موجود ہے، احمد 1119ھ اور 1259ھ کے درمیانی دور سے تعلق رکھتا ہے اور موضع لالو چندن مضافات پرگنہ پسرور کا باشندہ تھا۔

سراج الدین آذر گورنمنٹ انٹرمیڈیٹ کالج پسرور (42-1927ء) میں پروفیسر تھے، آپ کو قلمی کتابیں جمع کرنے کا شوق جنون کی حد تک تھا ان کے مخطوطات کا مجموعہ پنجاب یونیورسٹی کے کتب خانے میں محفوظ ہے، اس مجموعے میں مندرجہ ذیل پانچ قلمی نسخے دستیاب ہوئے ہیں:-

6۔ ایک قلمی نسخہ حکیم قمر الدین خاکی چونڈوی کی فارسی شاعری پر مشتمل ہے جس کا نام اسرارِ حقیقت ہے، جو 1204ھ کا لکھا ہوا ہے۔ مادہ تاریخ ملاحظہ ہو:- گشت چو این گنج گہر نامدار بود سن بست و سہ صد یک ہزار خاکی صاحب آذر صاحب کے سگے ماموں تھے، آپ نے 12-1911ء میں چونڈہ میں وفات پائی۔

7۔ دوسرا قلمی نسخہ مثنوی ”نان و حلوا“ مصنفہ فرید الدین عطار ہے جسے پسرور کے صوفی محمد پناہ نے خوشخط تحریر کیا ہے، اس کے کل 46 صفحات ہیں اور ہر صفحہ پر گیارہ سطریں ہیں۔

8۔ تیسرا قلمی نسخہ غلام محی الدین خیاط کی اسلامی عقائد پر مبنی ایک تالیف ہے جس کا نام درج نہیں، یہ تالیف 85 صفحات پر مشتمل ہے اور ہر صفحہ پر 14 سطریں ہیں، آخری شعر ملاحظہ ہو:- محی الدین نام من محکم چوں نوشت دین من زندہ دارد ہر بہ نوشت

1262ھ کا یہ نسخہ ہے، سائز 15 × 24 سم ہے۔ غلام محی الدین پروفیسر سراج الدین آذر کے آبا و اجداد میں سے ہیں۔

8۔ شاہ آفرین لاہوری فارسی شاعر تھا جو دلشاد پسروری کے دور سے تعلق رکھتا ہے۔ آفرین کی فارسی مثنوی ”ناز و نیاز“ کا قلمی نسخہ دلشاد پسروری کے پاس تھا، اب یہ نسخہ پنجاب یونیورسٹی لائبریری میں مخطوطاتِ آذر کے نمبر 240 پر موجود ہے، اس پر محمد دلشاد 1160ھ کی مہر ثبت ہے، اس نسخے سے پتہ چلتا ہے کہ محمد دلشاد نے رمضان المبارک 1156ھ میں یہ قلمی نسخہ خریدا تھا۔

9۔ مخطوطاتِ آذر کے مجموعے میں حکیم قمر الدین خاکی چونڈوی کے صاحبزادے شمس الدین کا ایک منظوم اردو قلمی رسالہ ”بے نیازاں“ شامل ہے، جو پانچ صفحات پر مشتمل ہے، پہلا شعر ملاحظہ ہو:- میاں بی نماز و خدا کو نہ بھولو بہت سو چکی ہو بس اب تو نہ لوٹو شمس الدین نے 1244ھ میں تقریباً 52 - 54 برس کی عمر میں سیالکوٹ میں وفات پائی، انہوں نے معمولی تعلیم مسجد میں حاصل کی تھی۔

10۔ حکیم محمد ابراہیم بن حکیم محمد عبداللہ بن حکیم محمد جان محمد بن حکیم گلاب کے پاس فارسی میں اسلامی طب کا ایک قلمی نسخہ ہے جس کا سائز 25 × 14.5 سم ہے، سیالکوٹی دبیز خاکی کاغذ ہے، ہر صفحہ پر 17 سے 20 سطریں ہیں، اس کے مصنف امیر بیگ بن شمس الدین ہیں جنہوں نے جہان خان کی فرمائش پر اسے لکھا، جہان خاں تیمور شاہ حاکمِ لاہور کا سپہ سالار تھا، اس میں فارسی منظوم نسخے بھی ہیں۔

11۔ ابراہیم کے پاس حکیم گلاب کے صاحبزادے حکیم عبدالمجید کے کلام کا مجموعہ بھی ہے یہ عبدالمجید اردو میں شاعری کرتے تھے اور مجید تخلص رکھتے تھے، محلہ تلکہ پسرور میں رہنے والے چراغ دین مستری کے کتب خانے میں چار قلمی نسخے ہیں جو ان کی پوتی نور جہاں کی تحویل میں ہیں۔

12۔ یوسف زلیخا فارسی مثنوی کا نسخہ ہے، اس کا سائز 11 × 17.5 سم اور ہر صفحہ پر 13 سطریں ہیں۔

13۔ ایک قلمی نسخہ فارسی مثنوی لیلیٰ مجنوں کا ہے، سائز 13 × 21 سم ہے، ہر صفحہ پر 15 سطریں ہیں۔

14۔ تیسرا نسخہ ”انشائے ہر کرن“ کا ہے جو ہر کرن ولد متھرا داس کینبوئی ملتانی کی تصنیف ہے، سائز 11 × 17 سم ہے اور ہر صفحہ پر 11 سطریں ہیں۔ قیاس ہے کہ متذکرہ تینوں نسخے انیسویں صدی عیسوی سے تعلق رکھتے ہیں۔

15۔ مستری چراغ دین نے 22 اشعار پر مشتمل ایک مجموعہ اپریل 1848ء میں مرتب کیا تھا، اس کا نام ہے:- حساب تاریخوار ماہ قمری رجال الغیب مستری صاحب نے اسے 17 دسمبر 1930ء کو دوبارہ نقل کیا ہے، اس کا پہلا شعر ملاحظہ ہو:- خدایا بفضل کر اپنا بہرحال رجال الغیب کا لکھتا ہوں احوال آخری شعر ہے:- اگر ہو وے تجھے عزم جنوبی بروزِ پنج شنبه کیا ہے خوبی

16۔ جناب ضیاء محمد ضیاء کے پاس ضیار نامی فارسی شاعر کے دیوان کے 41 صفحات ہیں، ضیار پسرور کے باشندے اور فارسی زبان کے شاعر تھے، ان کے حالاتِ زندگی معلوم نہیں ہو سکے، پسرور کے عبداللہ شوق (وفات 1904ء) اپنی ایک نظم میں ضیار نامی شاعر کا ذکر کرتے ہیں:- اور حضرتِ ضیار کی ضیائیں تھیں چار سو ملکِ لہوپ میں جن کی ستم تھی گفتگو ممکن ہے یہ اسی ضیار کے بارے میں ہو۔

17۔ طاہر نظامی کے پاس گلکار کی نظموں اور قصائد کا ایک مجموعہ ہے جو 256 صفحات پر مشتمل ہے، اس میں غزلیں بھی ہیں اور غزلوں کے اوپر عربی بحریں بھی درج ہیں، اس مجموعے کی ابتدا 18 اشعار

پر مشتمل ایک قصیدہ سے ہوتی ہے، ایک قصیدہ میجر ہارٹ کی مدح میں 1889ء میں کہا گیا ہے جو 21 اشعار پر مشتمل ہے، اس کا مطلع اور مقطع ملاحظہ ہوں:- جو کہ مارے مدح کا دم کیا تجھے امکان ہے نارسا عقل کب تجھ سا کوئی نادان ہے قائم آمد عیسوی گلکار یوں ہاتف کہے ہے غیاث دردمنداں حاتمِ دَوراں ہے

فاروق احمد چا ہنا پسر محمد عبداللہ شوق کی تحویل میں درج ذیل قلمی نسخے ہیں:- 18۔ انشائے مادھو رام، تصنیف منشی مادھو رام، جسے پسرور کے محلہ دھوسیاں (دہسیال) کے ایک شخص ہر نام داس پسر لالہ روپ چند پسر لالہ صاحب ہرام داس عرف کمید نے بتاریخ 26 پھاگن 1906 بکرمی (1266ھ) خوشخط انداز میں لکھا ہے، ہر صفحہ پر 13 سطریں ہیں، سائز 13 × 21 سم ہے اور کاغذ خاکی سیالکوٹی ہے، کتاب کے اندرونی صفحات پر ”مالک این کتاب مادھورام ولد لشی داس“ کے الفاظ ثبت ہیں، اس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ نسخہ صاحبِ تصنیف کی ملکیت میں تھا، بقول ہرنام داس (کاتب) اس نے یہ کتاب مسجد مخدوم صاحب قطب الدین میں بیٹھ کر لکھی ہے۔

19۔ جنسی معاملات یعنی مرد اور عورت کے تعلقات سے متعلق 80 صفحات پر مشتمل ایک فارسی قلمی نسخہ ہے، ہر صفحہ پر 11 سطر، سائز 13 × 18.5 سم ہے، جا بجا حکایات بھی بیان کی گئی ہیں، بڑی خستہ حالت میں ہے اور جگہ جگہ سے کرم خوردہ ہے۔

20۔ دو قلمی نسخوں کا ایک مجموعہ ہے، اس مجموعے کا مالک رلیا رام پدہ ولد ہر پج رائے تھا۔ ایک نسخہ مکتوب نگاری کے فن پر ہے جو چار ابواب پر مشتمل ہے، سائز 11.5 × 21 سم ہے، ہر صفحہ پر 10 یا 11 سطریں ہیں، کتاب میں دو جگہ ”پر غلام حسینم از دل و جان“ اور ”دلیپ رام“ کی بیضوی مہریں ثبت ہیں، یہ فقیر عبدالرحمن کی تصنیف ہے، جو اس نے اپنے بیٹے محمد حسین کے واسطے لکھی ہے، عبدالرحمن نقشبندیہ سلسلے سے تعلق رکھتا تھا۔ دوسرا نسخہ ”گلشنِ بہار“ ہے جسے غلام نقشبند نے زمانہ طالب علمی میں جالندھر میں لکھا۔

اس نسخے سے معلوم ہوتا ہے کہ غلام نقشبند نے کپورتھلہ میں کچھ تعلیم حاصل کی تھی اور وہ امام ناصر الدین کے عرس میں شرکت بھی کیا کرتا تھا، غلام نقشبند نے اس نسخے میں ان مکتوبات کو محفوظ کیا ہے جو اس نے دوسروں کو لکھے اور وہ مکتوبات بھی درج ہیں جو دوسروں نے اسے تحریر کئے تھے، یہ قلمی نسخہ 49 صفحات پر مشتمل ہے اور 1189ھ کا مرتب کردہ ہے۔ اس میں اردو سے قریبی زبان کا ایک دوہا بھی درج ہے:- جیسے نین ہم دکھتے دو ہی ہمارے نین برہب کہیئے نکہہ اب جلو بہیکے لا کے نین اس نسخہ پر ”سنت رام“ کی مہر بھی ثبت ہے، اس کتاب کے آخر میں اضافی سفید کاغذ پر 1879ء کے لعل عرضی نویس کی مہریں بھی لگی ہوئی ہیں۔

21۔ فاروق چا ہنا صاحب کے پاس گلکار کا کلام اور نثری تحریریں مختلف صورتوں میں موجود ہیں، گلکار کا اردو دیوان بھی قلمی شکل میں موجود ہے جو 1892ء بمطابق 1310ھ یا 1949 بکرمی کا مرتب کردہ ہے، مادہ ہائے تاریخ ملاحظہ ہوں:- (i) بسال عیسوی ہاتف نے یوں بشارت دی بذوق غنچہ ہے وہ عندلیبِ جان نثار (1892ء) (ii) بہائے بحرمی سمت نوید ہے یہ عطاء خواجہ یا غمی ۔ دیکھو ہے دلیر ہوشیار (1949 بکرمی) (iii) شمارِ ہجرتِ نبوی کو یوں کیا ہاتف غزلتی - درطۂ وحدت ہے دائماً گلکار (1310ھ) دیوان میں سب ردیفوں کی غزلیں موجود ہیں اور تقریباً سبھی اصنافِ سخن پر طبع آزمائی کی گئی ہے، فنِ عروض پر ان کا کلام پورا نہیں اترتا۔

شاہی جامع مسجد پسرور کے خطیب مولانا رشید احمد بن مولانا بشیر احمد کے پاس مندرجہ ذیل قلمی نسخے ہیں:- 22۔ فن لغت کی ایک نادر کتاب موسوم بہ ”مفتاح المغلقات“، اس کا سائز 11 × 19 سم

ہے، اس کی ابتداء میں بتایا گیا ہے کہ یہ الفاظِ مشکلۂ اشعارِ گلستاں، الفاظ اور دیگر الفاظ کے تراجم پر مشتمل ہے۔ 23۔ ”فرهنگ بہار دانش“، فتح الدین نے میاں حسین کی خواہش پر اسے لکھا ہے، یہ غلام مرتضیٰ کے انتخاب بہارِ دانش کی نقل ہے۔ 24۔ ایک قلمی نسخہ ایسا ہے جو گلستان کے عرفی ایڈیشن کے فارسی ترجمہ پر مشتمل ہے۔ 25۔ ”تفسیر بغوی“ کا قلمی نسخہ جو 25 ذوالحجہ 1040ھ کو مبارک بن محمد بن حسین عدسانی نے لکھا ہے، کاتب شافعی اشعری اعتقاد کا حامل ہے، یہ تفسیر امام بغوی کی ہے، اس کی صرف دو جلدیں مولانا رشید صاحب کے پاس ہیں، یہ پارہ 15 سے پارہ 20 تک کی تفسیر ہے، کل صفحات 454، سائز 20 × 26.5 سم اور ہر صفحہ پر 35 سطریں ہیں، ان نسخوں کے مالک ملتان کے رہنے والے عبدالرحمن بن شیخ عبداللہ تھے۔ 26۔ ایک حمائل شریف ہے جو 1313ھ کی لکھی ہوئی ہے، مولانا غلام محمد کے شاگرد عبد الصمد دین محمد نے اسے خوشخط لکھا ہے، سائز 10 × 20 سم ہے، فارسی ترجمہ بھی ساتھ دیا ہوا ہے، ہر صفحے پر عربی متن کی 14 سطریں ہیں، یہ نسخہ سنہری حاشیہ سے مزین ہے۔ 27۔ محمد اسحاق بن محمد ابراہیم بن نظام الدین (زرگر) کے پاس ”طوطی نامہ“ کا ایک قلمی نسخہ تھا، اسحاق صاحب نے یہ نسخہ راقم کو عنایت کر دیا ہے، طوطی نامہ مولانا مولوی ضیاء الدین نخشبئی کی تصنیف ہے، دین محمد ابن میاں صاحب عبدالرحیم متوطن قصبہ کافی جعفر آباد تحصیل رعیہ ضلع سیالکوٹ نے 29 ساون 1955ء بکرمی، بمطابق 23 ربیع الاول 1316ھ کو اسے خوشخط انداز میں 34 صفحات پر لکھا ہے، متن کا سائز 17.5 × 8.5 سم ہے، سیالکوٹی دبیز خاکی کاغذ استعمال کیا گیا ہے، بہت ہی خستہ حالت میں ہے اور جا بجا کرم خوردہ ہے۔ 28۔ صاحبزادہ فتحی شیرانی کے پاس ذیل نسخے ہیں:- ایک نسخہ فارسی لغت کا ناتمام خطی نسخہ ہے، نامکمل حالت میں ہے، ”حرف رے“ ردیف تک ہے شاہ جہاں بادشاہ کے دور کی تصنیف ہے، مصنف عبدالرشید الحسینی المدنی ہے جو اپنے آپ کو التتوی (تتوی؟) کہلواتا ہے، اس فارسی لغت کی

خصوصیت یہ ہے کہ ہر ردیف کے پہلے اور آخری حرف کی مناسبت سے عام الفاظ لکھے گئے ہیں، مثلاً ب سے پہلے وہ الفاظ ہیں جن کے پہلے الف آتا ہے اور بعد میں بھی الف آتا ہے، اس کے بعد وہ الفاظ جن میں پہلے الف آتا ہے اور آخر میں ب، اس طرح الف کی ردیف مکمل کی ہے، متن کا سائز 17.5 × 11.75 سم ہے، کل صفحات 275 ہیں، دو قسم کے قلم استعمال کیے گئے ہیں ایک باریک اور دوسرا موٹا اور صفحے پر 23 اور 19 سطریں ہیں۔ 29۔ دوسرا قلمی نسخہ ”نادر نامہ“ ہے، اس میں نادر شاہ کے حملہ ہندوستان کے مفصل حالات نظم میں لکھے گئے ہیں، شاعر کا تخلص عشرت ہے اور سیالکوٹ کا رہنے والا ہے، وہ حملے کے وقت لاہور سے اپنے بھاگنے کا بھی ذکر کرتا ہے، 1031ھ میں احمد شاہ (48-1762ء؟) کے دورِ حکومت میں محمد سلطان شینری سلطانپوری نامی کاتب نے اسے لکھا، اصل نسخہ بوسیدہ اور خستہ ہونے کی وجہ سے 1327ھ میں مولوی محمد شیر عالم کوٹ فتاحہ بخش تانڈاں ضلع گوجرانوالہ نے 294 صفحات پر خوشخط انداز میں دوبارہ نقل کیا، مولوی صاحب نے نقل کرتے وقت بعض مگر اصل اشعار نہ پڑھے جانے کی وجہ سے چھوڑ دیئے ہیں، ہر صفحہ پر 24 فارسی اشعار ہیں، متن کا سائز 10.5 × 16.5 سم ہے، سیالکوٹی خاکی دبیز خاکی ہے، ہر باب کے عنوان بھی شعر میں دیئے ہوئے ہیں، لیکن دوسری بحر میں، اس نسخہ کے صفحہ 264 پر ہم کو پتہ چلتا ہے کہ نادر شاہ دہلی سے واپسی کے وقت کلانور سے بہرام پور آیا، بہرام پور سے وہ پسرور کے راستے سیالکوٹ گیا تھا 30۔ گورنمنٹ پرائمری اسکول نمبر 1 پسرور کے مدرس سید قلب عباس کے پاس سادات بخاری کا شجرہ کتاب کی شکل میں موجود ہے قلمی نسخہ ہے، 25 صفحات پر مشتمل ہے، فارسی نظم و نثر میں ہے، سیالکوٹی دبیز خاکی کاغذ ہے، متن کا سائز 10.5 × 19 سم ہے، پسرور کے سید جلال شاہ بخاری کا شجرۂ نسب ہے، اس کا مرتب کرنے والا سید بوٹے شاہ ولد گلاب شاہ ہے اور ماہ چیت 1962 بکرمی کا مرتب کردہ ہے۔ 31۔ ضیاء محمد ضیاء کے پاس چار قلمی کتابوں کا ایک مجموعہ ہے جن کی تفصیل یہ ہے، پہلا نسخہ انتخاب فوائد الفواد ہے جسے غلام محی الدین نے 1276ھ میں نقل کیا ہے، اس نسخہ

کے 30 برگ ہیں، اصل کتاب 1039 اوراق پر مشتمل تھی اور ہر صفحہ پر 19 سطریں تھیں۔ 32۔ میاں محمد صالح گنجاہی نے ”نغمہ توحیدی“ نامی مجموعہ مرتب کیا ہے جو حضرت علیؓ کے اقوال پر مشتمل ہے، اس قلمی نسخے کے 24 برگ ہیں اور 3 محرم الحرام 1290ھ کا تحریر کردہ ہے۔ 33۔ مولوی نعیم اللہ نے احوالِ حضرت مرزا جانِ جاناں مظہر لکھے تھے، اس کا انتخاب شاہ عبداللہ المعروف شاہ غلام علی نے 32 برگ پر کیا، یہ انتخاب رسالہ شاہ غلام علی کے نام سے بھی معروف ہے۔ 34۔ شاہ غلام علی دہلوی نے اپنے پیر حضرت مرزا جان جاناں مظہر کے حالاتِ زندگی قلمبند کیے تھے اس کی تلخیص شاہ عبدالغنی مجددی نے 17 اوراق پر کی ہے، اس تلخیص کا متن 7 × 14 سم ہے اور ہر صفحہ پر 15 سطریں ہیں، اس قلمی نسخے سے مرزا صاحب کے حالات ٹھوس اور جامع شکل میں ملتے ہیں۔ 35۔ مرزا محمد صادق کے پاس فارسی زبان کا ایک قلمی نسخہ ہے جو انیسویں صدی عیسوی کے وسط کا لکھا ہوا معلوم ہوتا ہے، یہ نسخہ مکتوبات و فرامینِ شاہی پر مشتمل ہے متن کا سائز 10 × 20.5 سم ہے اور ہر صفحہ پر 19 - 20 سطریں ہیں، مرزا صاحب اس کھوج میں ہیں کہ پسرور کے قریب و جوار میں بسنے والے لوہار اور ترکھان افراد کو نسلاً مغل ثابت کیا جاسکے۔

رفاہی ادارے اور مخیر حضرات

راقم نے برصغیر کی تاریخ کا مطالعہ کرتے ہوئے ہمیشہ یہ محسوس کیا کہ انیسویں صدی میں رفاہِ عام کے کاموں میں اگر کسی قوم نے فراخدلی کا مظاہرہ کیا ہے تو وہ پارسی قوم ہے مگر تاریخِ پسرور کو کھنگالتے وقت اس چیز کی نشاندہی ہوئی ہے کہ ککے زئی خاندان میں بھی ایسے افراد موجود رہے ہیں جو ملک و قوم کا درد رکھتے تھے اور وہ رفاہی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے ہیں، ان میں سب سے نمایاں خدمات مولوی نیاز علی مرحوم کے خاندان نے سرانجام دی ہیں، مولوی صاحب اولادِ نرینہ سے محروم تھے مگر ان کی صاحبزادیوں اور پھر ان کی اولاد نے مختلف رفاہی اور

سماجی کاموں پر بڑی فراخدلی سے روپیہ صرف کیا ہے، ان کاموں کی تفصیل یہ ہے:- 1۔ بیگم سردار ٹرسٹ فنڈ یہ ٹرسٹ مولوی نیاز علی کی صاحبزادی اور شیخ رحمت اللہ کی زوجہ سردار بیگم نے قائم کیا، اس ٹرسٹ نے سوشل ویلفیئر کونسل پسرور کو بیس ہزار روپیہ نقد دیا اور دس ہزار روپے کے پیکو (PECO) کے حصے دیئے۔ 2۔ بیگم سعیدہ حبیب اللہ سعیدہ صاحبہ، سردار بیگم بنت مولوی نیاز علی کی صاحبزادی اور مرحوم سجاد ترین لیڈر حبیب اللہ کی بیوی ہیں، گنگارام ہسپتال لاہور کے مرنگ بلاک کی تعمیر میں چالیس ہزار روپے سے زائد کی رقم دی ہے۔ 3۔ شیخ رحمت اللہ شیخ رحمت اللہ بن محمد عبداللہ کی جانب سے گلاب دیوی ہسپتال لاہور کو ادویات کے لیے ساڑھے چار لاکھ روپیہ کے پیکو کے حصص خرید کر ایک ٹرسٹ قائم کر دیا گیا ہے۔ 4۔ اختر مجید ٹرسٹ پسرور کے ایک مخیر شخص شیخ محمد عبدالمجید نے یہ ٹرسٹ ایک لاکھ روپے سے 1956ء میں قائم کیا، ان کی زوجہ اختر بیگم مولوی نیاز علی کی صاحبزادی ہیں، مستقل رہائش لاہور چھاؤنی میں ہے، پیکو کے حصے مالیت ایک لاکھ روپے کے خرید کر سرمایہ محفوظ کیا ہوا ہے، اس ٹرسٹ سے غریب اور ہونہار و قابل طلبا کو ان کی تعلیم کے لیے ماہوار وظائف دیے جاتے ہیں، شیخ محمد عبدالمجید کے صاحبزادے عابد مجید 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں شہید ہو گئے، آپ نے اپنے اس شہید لڑکے کی یاد میں پسرور کے ہسپتال میں پچاسی ہزار کی خطیر رقم سے ایک آئی وارڈ 1969ء میں تعمیر کیا، عابد مجید کے نام سے لاہور چھاؤنی میں طلبا کے لیے ایک ہائی اسکول

بھی قائم کیا گیا ہے۔ 5۔ مولوی نیاز علی چیریٹی ٹرسٹ فنڈ اور مولوی نیاز علی میڈل ٹرسٹ فنڈ 25 فروری 1936ء کو مولوی صاحب کی یاد میں سنٹرل کو آپریٹو بینک پسرور میں دو اکاؤنٹ کھولے گئے، انچارج خان بہادر شاہ نواز اور شیخ رحمت اللہ تھے، فنڈوں کے ناموں سے ان کے اغراض و مقاصد ظاہر ہو جاتے ہیں۔

6۔ غریب عیسائی بچوں کا گھر

پرانے مشن ہسپتال کی وسیع و عریض عمارت میں کرسچین ہوم فار پور چلڈرن کے نام سے ایک رفاہی ادارہ مغربی جرمنی کے باشندے ہنس اوڈو ہوسٹر (HANS-UDO-HOSTER) نے 1967ء میں قائم کیا، اس سے قبل یہ ہاؤس دسمبر 1965ء میں شیخوپورہ میں قائم تھا، شیخوپورہ سے ظفروال یہ گھر چند ماہ کے لیے منتقل ہوا، اب مستقل طور پر پسرور میں ہے۔

یہاں غریب اور یتیم عیسائی بچوں کو خوراک، رہائش اور لباس کی سہولتیں مفت مہیا کی جاتی ہیں، یہ عیسائی بچے مختلف اسکولوں میں پہلی جماعت سے دسویں جماعت تک تعلیم بھی حاصل کرتے ہیں، اس وقت یہاں تقریباً 55 بچے ہیں جن میں سے 43 لڑکے اور 12 لڑکیاں ہیں، بالغ لڑکیاں گرلز اسکول کے ہوسٹلوں میں رہتی ہیں اور ان کے اخراجات یہی ادارہ برداشت کرتا ہے، اس کے علاوہ ایسے بالغ لڑکے جو دسویں جماعت کے بعد ٹیکنیکل ادارے کے ہوسٹل میں رہائش رکھتے ہیں، ان لڑکوں کا خرچ بھی یہ ہاؤس ادا کرتا ہے۔

پور ہاؤس کے انچارج ڈاکٹر امانت پسر لال دین ہیں، آپ یہاں دسمبر 1970ء میں آئے ہیں، اس سے قبل آپ کرسچین ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ گوجرانوالہ میں تھے، ہاؤس کے سالانہ اخراجات تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپیہ ہے جو جرمن کے مخیر لوگ اپنے دوست ہو سٹر کی معرفت ہر سال باقاعدگی سے بھیجتے ہیں۔

یہ ہاؤس باقاعدہ ایک ہوسٹل ہے، ہر کام سلیقے سے ہوتا ہے، طلبا و طالبات کے لیے

ایک مختصر سا کتب خانہ بھی ہے۔

7۔ دی سٹار لیڈیز سوشل ویلفیئر اینڈ انڈسٹریل سنٹر

حکومت کی سرپرستی میں یہ رفاہی ادارہ 1965ء میں قائم ہوا، اس کے اغراض و مقاصد مندرجہ ذیل ہیں:- 1۔ عورتوں کو کپڑے کی کٹائی، سلائی، گوٹہ کناری، تلہ، مسلمہ، نٹنگ، مشین ایمبرائڈری وغیرہ کا کام سکھانا۔ 2۔ مربہ جات، جام، شربت، اچار، چٹنی وغیرہ بنانے اور دیگر عوامی ضروریات کی اشیاء تیار کرنے کی تعلیم دینا۔ 3۔ تعلیمِ بالغاں، صحت اور صفائی وغیرہ کی تربیت دینا۔ 4۔ بیواؤں اور یتیم بچوں کی امداد کرنا اور ان کو اپنا روزگار کمانے کے قابل بنانا۔ 5۔ امداد باہمی کے اصولوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے عورتوں کو کفایت شعاری اور بچت کی تعلیم دینا۔

رکنیت حاصل کرنے والی خاتون کی عمر چودہ سال یا اس سے زیادہ ہونی چاہئے، ممبر شپ دو روپیہ اور سالانہ چندہ بھی دو روپے ہے، یکمشت پندرہ روپے ادا کرنے والی خاتون لائف ممبر تصور کی جاتی ہے، سال میں کم از کم ایک بار اس کا اجلاس ہوتا ہے۔

اس ادارے کی موجودہ انچارج نسرین ناز بنت چوہدری فیروز ہے، دوسری معلمہ خورشید بیگم ہے، تقریباً پچاس لڑکیاں یہاں مختلف کاموں کی تربیت حاصل کر رہی ہیں، اس ادارے کو حکومت کی طرف سے گرانٹ بھی ملتی ہے۔

سوشل ویلفیئر کونسل

پسرور کا سب سے بڑا رفاہی ادارہ ہے، یہ ادارہ 22 ستمبر 1971ء کو بہ اجلاس عام زیر صدارت لطیف احمد گھمن ویلفیئر آفیسر پسرور معرضِ وجود میں آیا، 31 جنوری 1973ء کو حکومت نے باقاعدہ

اسے تسلیم کر لیا اور محکمہ معاشرتی بہبود حکومتِ پنجاب نے مالی معاونت کی ہامی بھری، کرنل خان محمد خاں (ریٹائرڈ) اس کے صدر مقرر ہوئے، چوہدری محمد عظیم اور شیخ محمد اکرم ایڈووکیٹ اس کے نائب صدر، دوسرے عہدہ دار یہ تھے:- 1۔ مرزا عبداللطیف : سیکرٹری جنرل 2۔ حافظ بشیر احمد : جائنٹ سیکرٹری 3۔ شیخ عطا اللہ : پروپیگنڈا سیکرٹری 4۔ حاجی محمد بشیر (رقم) : فنانشل سیکرٹری 5۔ عبدالحمید بٹ : سیکرٹری نشر و اشاعت

ادارے کے نام ہی سے اس کے اغراض و مقاصد ظاہر ہوتے ہیں، اس کونسل نے ایک مقامی ہفت روزہ ”نوائے پسرور“ 24 اگست 1974ء کو جاری کیا، اس کے علاوہ کونسل کے تحت دستکاری مرکز برائے خواتین اور ٹائپ رائٹر ٹریننگ سنٹر بھی جاری ہے، مزید برآں انٹرمیڈیٹ کالج برائے خواتین اور پسرور شوگر ملز کے قیام میں بھی کونسل کی کوششوں کا بڑا دخل ہے۔

حکومت کی طرف سے تقریباً چھ ہزار روپے سالانہ گرانٹ ملتی ہے، شیخ رحمت اللہ پسر شیخ محمد عبداللہ کے لواحقین نے کونسل کے اغراض و مقاصد کو مدنظر رکھتے ہوئے 20 ہزار کا عطیہ دیا، اس فنڈ کی آمدنی سے کونسل ہر سال غریب اور ذہین طلبا کو اس طرح وظائف دیتی ہے:- 1۔ گورنمنٹ ڈگری کالج پسرور : ایک وظیفہ مالیتی : 25 روپے ماہوار 2۔ گورنمنٹ ہائی اسکول پسرور 1 : ایک وظیفہ مالیتی : 15 روپے ماہوار 3۔ گورنمنٹ ہائی اسکول پسرور 2 : ایک وظیفہ مالیتی : 15 روپے ماہوار 4۔ گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول پسرور : ایک وظیفہ مالیتی : 15 روپے ماہوار 5۔ گورنمنٹ گرلز نارمل اسکول پسرور : ایک وظیفہ مالیتی : 15 روپے ماہوار 6۔ گورنمنٹ نارمل اسکول پسرور : ایک وظیفہ مالیتی : 15 روپے ماہوار 7۔ دینی مدارس : 15 روپے اور 100 روپے ماہوار

کونسل کے 35 لائف ممبر ہیں جو پچاس روپیہ سالانہ چندہ دیتے ہیں اور 175 جنرل باڈی کے ممبر ہیں۔ ان دنوں یہ ادارہ رفاہی اور سماجی کاموں میں بڑی خوش اسلوبی سے خدمات انجام دے رہا ہے، اگر میں یہ کہہ دوں کہ کرنل خان محمد خان کی تگ و دو کی وجہ سے یہ ادارہ جاری و ساری ہے تو بے جا نہ ہوگا۔

مآخذ

1۔ مشہور محقق اور ماہر لسانیات جسے اردو زبان و ادب سے بے انتہا محبت تھی۔ اس نے 1828ء سے 1878ء تک فرانس کے مدرسہ السنہ شرقیہ میں اردو زبان و ادب کی تعلیم دی۔ تقریباً 158 کتب اردو زبان سے متعلق تصنیف و تالیف کیں۔ مکمل اور جامع حالات کے لیے دیکھئے راقم کا مقالہ قومی زبان کراچی۔ شمارہ : 9 جلد نمبر 48 : بابت ماہ ستمبر 1974ء

2۔ راقم کا مقالہ برائے پی ایچ ڈی۔ خطباتِ گارساں دتاسی، ترتیب و تعلیقات خطبہ 67ء مورخہ 2 دسمبر 1855ء۔ صفحہ 246-

3۔ تاریخِ سیالکوٹ۔ منشی امین چند۔ لاہور 1874ء صفحات 162 - 161 -

4۔ (قلمی) لاگ بک۔ مشن ہائی اسکول سیالکوٹ، مملوکہ تھیولاجیکل سیمینری گوجرانوالہ اور مزید تفصیل کے لیے راقم کی زیر طبع تصنیف ”مولوی سید میر حسن۔ حیات و افکار“۔

5۔ تاریخِ سیالکوٹ۔ منشی امین چند۔ لاہور ۔ 1874ء صفحہ 29 (انگریزی)

6۔ سیالکوٹ ڈسٹرکٹ گزٹیر 84-1883ء لاہور صفحہ 86

7۔ عام طور پر یہ روایت مشہور ہے کہ ایک سکھ سردار نے ایک مربع اراضی عطیہ میں حکومت کو دی تھی جو سراسر غلط ہے۔ صحیح صورت حال یہ ہے کہ یہ عمارت اور اس سے ملحق کھیلوں کے میدان تقریباً 26 کنال میں واقع ہیں۔ پتی دوہٹہ اور سرائے بھائی کرم سنگھ کا یہ رقبہ تھا۔ امام دین، احمد پسران پیراں دتہ، کھیڑا ولد میراں بخش، دینا ولد رولدو اور سنت سنگھ ولد نہال سنگھ وغیرہ کی یہ ملکیت تھی ۔ حکومت نے اراضی کا باقاعدہ سالانہ معاوضہ ادا کیا تھا۔

8۔ پنڈت صاحب برہمن چروہنڈ تھے، امین شاہ گاؤں کے رہنے والے تھے۔ تقسیم ملک کے بعد مستقل طور پر دہلی میں رہائش اختیار کر لی۔ ان کا لڑکا اونکار شرما دہلی میں ایم سی انجینئرنگ کمپنی کا مالک ہے۔ اس کمپنی میں بارہ سو کے قریب آدمی کام کرتے ہیں اور تقریباً دس کروڑ روپے کا سالانہ مال تیار کیا جاتا ہے۔ یہاں ٹیلی ویژن، ریڈیو اور الیکٹرونکس کے پرزے تیار کیے جاتے ہیں۔

9۔ راوی محمد زکریا بن منشی چراغ دین۔ موصوف محمد یوسف ایڈووکیٹ پسرور کے منشی ہیں اور 1946ء میں اس اسکول میں نویں جماعت میں داخل ہوئے تھے۔

10۔ تاریخ ککے زئی۔ ابوالحمد سودھروی 1933ء صفحہ 176-

11۔ History Of The Schools of the Sialkot Mission - Wilbur g. Christy - Pittsburgh Pennsylvania - 1964 P=83. (Copy in theological Seminary Gujranwala)

12۔ راوی پنڈت مایا دہاری۔ حال مقیم نئی دہلی ۔

13۔ شب و روز۔ محمد شریف۔ کراچی 1964ء صفحہ 94-

14۔ اسپورٹس مین میگزین گورنمنٹ انٹرمیڈیٹ کالج لیسٹر جلد 2۔ نمبر 4۔ جولائی 1942ء صفحہ 24-

15۔ شب و روز۔ محمد شریف ۔ صفحہ 56

16۔ شب و روز۔ محمد شریف کراچی 1964ء صفحہ 63

17۔ شب و روز۔ محمد شریف ۔ صفحہ 59

18۔ سید غضنفر علی شاہ علی پور سیداں کا رہنے والا تھا اور پنجاب بھر میں والی بال کا بہترین کھلاڑی مانا جاتا تھا۔ آج کل ریٹائرڈ تھانیدار کی حیثیت سے علی پور سیداں میں رہائش پذیر ہے۔ (راوی سید رضی شیرازی)

نوٹ برائے قارئین و محققین:

یہ تاریخی دستاویز اصل مطبوعہ کتاب سے من و عن قارئین کی علمی و تحقیقی رہنمائی کے لیے ڈیجیٹائز کی گئی ہے۔ اگر کوئی غلطی ہوئی ہے تو یہ ٹائپنگ کی غلطی ہو سکتی ہے۔ اگر کسی صاحبِ علم کو کسی مقام پر املا، تاریخ یا نام میں سہو نظر آئے تو برائے مہربانی تصحیح کے لیے ادارہ اپنا پسرور (pasrur.pk) کو مطلع فرمائیں تاکہ اسے فوری درست کیا جا سکے۔

← پچھلی قسط (3) سلسلہ تاریخِ پسرور — قسط 4 از 16 اگلی قسط (5) →

اپنا پسرور کا آفیشل واٹس ایپ چینل فالو کریں

تمام بریکنگ نیوز، فوری الرٹس اور تصویری خبریں براہِ راست اپنے واٹس ایپ پر مفت پائیں

چینل جوائن کریں ↗

شاید آپ یہ بھی پڑھنا چاہیں

تمام خبریں دیکھیں
28 نومبر 2026•1 گھنٹے پہلے•عائشہ نور

پنجاب: ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں 30 دن کی توسیع

پنجاب میں کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں 30 دن کی توسیع کر دی گئی۔

28 نومبر 2026•2 گھنٹے پہلے•طاہر محمود

لاہور: سیف سٹی پولیس نے دس سال سے لاپتہ خاتون کے اہلخانہ سے ملوادیا

لاہور(28 نومبر 2026): لاہور سیف سٹی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دس سال قبل لاپتہ ہونے والی خاتون کا سراغ لگا کر اسے بحفاظت اہلخانہ کے سپرد کر دیا۔

28 نومبر 2026•3 گھنٹے پہلے•وقاص احمد

منشیات فروش معاشرے کا ناسور

منشیات فروش معاشرے کا ناسور

28 نومبر 2026•3 گھنٹے پہلے•عائشہ نور

پی ایس ایل 12: ٹم پین ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ برقرار

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز ملتان سلطانز نے پی ایس ایل 12 کےلیے بھی سابق آسٹریلوی کپتان ٹم پین کو کوچ برقرار رکھا۔

28 نومبر 2026•4 گھنٹے پہلے•وقاص احمد

منشیات فروش معاشرے کا ناسور

منشیات فروش معاشرے کا ناسور

28 نومبر 2026•4 گھنٹے پہلے•طاہر محمود

شہری گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک لگائیں، لاہور میں اعلان

لاہور: لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک سطح پر پہنچ گئی ہے، اے کیو آئی 330 ریکارڈ کی گئی۔

تاریخِ پسرور (قسط 4): باب سوم — تعلیمی ادارے، انٹرمیڈیٹ کالج 1927ء، صحافت اور نایاب مخطوطات — صفحات 50 تا 106 | اپنا پسرور