ہفتہ، 28 نومبر 2026ء18 جمادی الثانی، 1448 ہجریھ
بریکنگ نیوز
تاریخِ پسرور (قسط 16): باب سیزدہم — مکمل کتابیات، 46 مطبوعہ، 5 قلمی اور 15 انگریزی مآخذ — صفحات 320 تا 328پنجاب: ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں 30 دن کی توسیعلاہور: سیف سٹی پولیس نے دس سال سے لاپتہ خاتون کے اہلخانہ سے ملوادیامنشیات فروش معاشرے کا ناسورپی ایس ایل 12: ٹم پین ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ برقرارمنشیات فروش معاشرے کا ناسورشہری گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک لگائیں، لاہور میں اعلاندھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریںسیالکوٹ پولیس پنک موبائل پولیس اسٹیشن وین آج چاند چوک علاقہ حاجی پورہ میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیںسیالکوٹ پولیس بلیو موبائل پولیس اسٹیشن وین آج گاوں بونکن علاقہ تھانہ مراد پور میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیںتاریخِ پسرور (قسط 16): باب سیزدہم — مکمل کتابیات، 46 مطبوعہ، 5 قلمی اور 15 انگریزی مآخذ — صفحات 320 تا 328پنجاب: ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں 30 دن کی توسیعلاہور: سیف سٹی پولیس نے دس سال سے لاپتہ خاتون کے اہلخانہ سے ملوادیامنشیات فروش معاشرے کا ناسورپی ایس ایل 12: ٹم پین ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ برقرارمنشیات فروش معاشرے کا ناسورشہری گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک لگائیں، لاہور میں اعلاندھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریںسیالکوٹ پولیس پنک موبائل پولیس اسٹیشن وین آج چاند چوک علاقہ حاجی پورہ میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیںسیالکوٹ پولیس بلیو موبائل پولیس اسٹیشن وین آج گاوں بونکن علاقہ تھانہ مراد پور میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیںتاریخِ پسرور (قسط 16): باب سیزدہم — مکمل کتابیات، 46 مطبوعہ، 5 قلمی اور 15 انگریزی مآخذ — صفحات 320 تا 328پنجاب: ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں 30 دن کی توسیعلاہور: سیف سٹی پولیس نے دس سال سے لاپتہ خاتون کے اہلخانہ سے ملوادیامنشیات فروش معاشرے کا ناسورپی ایس ایل 12: ٹم پین ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ برقرارمنشیات فروش معاشرے کا ناسورشہری گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک لگائیں، لاہور میں اعلاندھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریںسیالکوٹ پولیس پنک موبائل پولیس اسٹیشن وین آج چاند چوک علاقہ حاجی پورہ میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیںسیالکوٹ پولیس بلیو موبائل پولیس اسٹیشن وین آج گاوں بونکن علاقہ تھانہ مراد پور میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیںتاریخِ پسرور (قسط 16): باب سیزدہم — مکمل کتابیات، 46 مطبوعہ، 5 قلمی اور 15 انگریزی مآخذ — صفحات 320 تا 328پنجاب: ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں 30 دن کی توسیعلاہور: سیف سٹی پولیس نے دس سال سے لاپتہ خاتون کے اہلخانہ سے ملوادیامنشیات فروش معاشرے کا ناسورپی ایس ایل 12: ٹم پین ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ برقرارمنشیات فروش معاشرے کا ناسورشہری گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک لگائیں، لاہور میں اعلاندھند میں غیر ضروری سفر سے گریز کریںسیالکوٹ پولیس پنک موبائل پولیس اسٹیشن وین آج چاند چوک علاقہ حاجی پورہ میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیںسیالکوٹ پولیس بلیو موبائل پولیس اسٹیشن وین آج گاوں بونکن علاقہ تھانہ مراد پور میں خدمات فراہم کرے گی اہل علاقہ سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں
تاریخ•14 نومبر 2026•وقت اشاعت: دوپہر 12:59
🇬🇧 English

تاریخِ پسرور (قسط 2): باب اول — وجہ تسمیہ، حدود اربعہ، تاریخی واقعات اور مٹیکا کا واقعہ — صفحات 17 تا 40

ڈاکٹر سید سلطان محمود حسینمصنفِ تاریخِ پسرور و ماہرِ اقبالیات
تاریخِ پسرور (قسط 2): باب اول — وجہ تسمیہ، حدود اربعہ، تاریخی واقعات اور مٹیکا کا واقعہ — صفحات 17 تا 40
مطالعہ کی سہولیات:
ک

کتاب: تاریخِ پسرور (مستند دستاویزی اشاعت)

مصنف: ڈاکٹر سید سلطان محمود حسین (ماہرِ اقبالیات، سوانح نگار و مؤرخ) | ناشر: سنگ میل پبلی کیشنز، لاہور

کتاب کا حوالہ صفحہ نمبر: صفحات 17 تا 40 | سلسلہ اشاعت: قسط 2 از 16

تعارفِ مصنف و دیگر تصانیف: ڈاکٹر سید سلطان محمود حسین کا شمار پاکستان کے بلند پایہ محققین اور سوانح نگاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے بالخصوص علامہ محمد اقبال اور خطۂ پنجاب کے علمی و تاریخی ورثے پر بیش بہا کتب تصنیف کیں۔ ان کی دیگر معروف تصانیف میں 'علامہ اقبال کے استاد شمس العلماء مولوی سید میر حسن: حیات و افکار' (مجلس ترقی ادب)، 'اقبال کی ابتدائی زندگی' (اقبال اکادمی پاکستان، 1986ء)، 'تعلیقاتِ خطباتِ گارساں دتاسی' (پی ایچ ڈی مقالہ، مجلس ترقی ادب)، اور 'اردو کی نثری تاریخ میں سرسید کا مقام' شامل ہیں۔ یہ کتاب تاریخِ پسرور پر سب سے مستند اور معتبر ماخذ تسلیم کی جاتی ہے۔

باب 1

پسرور — تاریخ کی روشنی میں

(1) عہدِ قدیم — پسرور

پسرور کا تاریخی قصبہ سیالکوٹ نارووال ریلوے لائن کے وسط میں، طول البلد 74° مشرق اور عرض البلد 32°، 17 شَمال پر واقع ہے۔ یہ ضلع سیالکوٹ کا اہم قصبہ، تحصیل اور غلہ کی بڑی منڈی ہے اور سطحِ سمندر سے 800 فٹ کی بلندی پر واقع ہے۔

وجہ تسمیہ

پسرور کا قدیم نام "پُر سرور" ہے۔ تاریخ بتاتی ہے کہ مغل بادشاہ بابر نے ابراہیم لودھی سے پانی پت کے میدان میں نبرد آزما ہونے سے قبل "پُر سرور" کے مقام پر ایک روز کے لیے قیام کیا تھا۔ یہاں لاہور کے سردار عسکری طاقت لے کر اپنے بادشاہ سے آکر ملے۔ بابر نے اپنی خود نوشت سوانح عمری "تزکِ بابری" میں اس کا ذکر کیا ہے۔ اس حوالے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ 1525ء (932ھ) میں اس کا نام "پُر سرور" تھا۔

بابر سے قبل اس قصبے کا کیا نام تھا؟ وثوق سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ زیبِ داستان کے لیے اسے چند مخصوص ناموں سے منسوب کیا جاتا ہے، جنہیں اگر تاریخ کی کسوٹی پر پرکھیں تو یہ سب نام غلط ثابت ہوتے ہیں :-

1۔ سب سے پہلے منشی امین چند کی تاریخِ سیالکوٹ میں یہ ذکر ملتا ہے کہ بابر نے مٹیکا پسر بندو کو پسرور بطور جاگیر دیا تھا۔ مٹیکا کے پروہت یعنی گورو کا نام پرس رام تھا، مٹیکا اپنے پروہت کا بڑا معتقد تھا۔ مٹیکا نے مرتے وقت پرس رام کو پسرور دے دیا۔ اس نسبت سے اس قصبہ کا نام پہلے پرس پور ہوا جو بعد میں پسرور ہوا ...... یہ وجہ قابلِ قبول نہیں۔ اس لیے کہ تزکِ بابری میں بابر خود اس بات کا ذکر کرتا ہے کہ اس نے پُر سرور کے مقام پر ایک رات قیام کیا تھا۔ گویا بابر سے قبل پُر سرور کے نام سے یہ قصبہ موجود تھا۔

2۔ ڈسٹرکٹ گزٹیر میں یہ مرقوم ہے کہ باجوہ جٹ قوم کا پہلا بانی کھولو (KHOLU) تھا۔ یہ موضع پنجوانا (نزد پسرور) میں سکونت رکھتا تھا۔ اس کے چھ لڑکے تھے، جنہوں نے بیگوال، رڑکی، کھنودالی، چونڈہ، نارووال اور پسرور آباد کیے۔ ان میں سے منکہ (MANKAH) نے پسرور آباد کیا۔ اس کے بعد یہ روایت بیان کی جاتی ہے کہ ہمایوں بادشاہ پسرور میں مدفون بزرگ سید جلال شاہ بخاری کے مزار پر دو بار حاضر ہوا ۔ پہلی بار فقیری حالت میں، جب منکہ نامی شخص نے اسے ایک روپیہ بطور نذرانہ پیش کیا، جسے ہمایوں نے لینے سے انکار کر دیا۔ دوسری بار ایک بادشاہ کے روپ میں، اس بار ہمایوں نے منکہ کو بلوا کر پرگنہ پسرور اسے بطور جاگیر دے دیا۔

3۔ سیالکوٹ کے ایک شخص عبدالصمد غلام محمد نے "تواریخِ سیالکوٹ" کے نام سے 1284ھ میں ایک یادداشتوں کا مجموعہ مرتب کیا ہے، جو 1304ھ میں مطبع صمدی واقع محلہ رنگپورہ سیالکوٹ سے شائع ہوا۔ اس تاریخ میں پہلی بار بغیر کسی حوالے اور شہادت کے بتایا گیا ہے کہ پسرور کا قدیم نام جگت پور تھا۔ سیالکوٹ کے راجہ سہن پال کا بھائی جگت پال اس قصبے کا حکمران تھا۔ اس کے نام کی نسبت سے اسے جگت پور کہا جاتا تھا۔ سیالکوٹ کے امام سید علی الحق کے برادرِ خورد سید میر باز خاں المعروف سید میراں برخوردار کی جگت پور کے مقام پر راجہ جگت پال سے جنگ ہوئی۔ مسلمانوں کو فتح نصیب ہوئی۔ مگر امام صاحب اور مسلم فوج کے دوسرے بہت سے سرکردہ لیڈر شہید ہو گئے، ان سب کو یہاں دفن کیا گیا اور اس فتح کی خوشی میں جگت پور کا نام "پُر سرور" رکھ دیا گیا۔ یہ کتاب "تاریخِ صمدی" کے نام سے بھی مشہور ہے۔ اس کے دیباچہ میں مؤلف بڑے واضح الفاظ میں لکھتا ہے کہ اس نے باپ دادا اور بزرگوں سے سنی ہوئی باتوں کو اس کتاب میں محفوظ کرنے کی سعی کی ہے تاکہ آنے والے دور میں یہ کسی کے کام آ سکیں .... دراصل اس کتاب کے تمام واقعات محمد مقیم بن رحمت اللہ کی تالیف وقائع سیالکوٹ سے ماخوذ ہیں :-

عبد الصمد "وقائع سیالکوٹ" کا حوالہ نہیں دے سکا۔ وقائع سیالکوٹ میں پسرور کے امام صاحب کو سید بزرگ میراں برخوردار کے نام سے یاد کیا گیا ہے۔ امام سید علی الحق اور پسرور میں مدفون ان کے بھائی امام میراں برخوردار کے حالاتِ زندگی پردۂ راز میں ہیں اور ابھی تک تو ان کے دور کا بھی صحیح طور پر تعین نہیں ہو سکا ۔ اس لیے ہم امام میراں برخوردار کی شہادت کا سال بھی متعین نہیں کر سکتے ۔

بہر حال یہ ایک ثابت شدہ حقیقت ہے کہ بابر کے دور میں اور اس سے قبل اس قصبے کا نام "پُر سرور" تھا۔ یہ نام سکھ عہد میں بھی رہا ۔ انگریزی عہد کے ابتدائی سالوں میں یہی نام (PURSROOR) رہا ۔ ڈپٹی سروئیر جنرل کلکتہ نے جنوری 1856ء میں ضلع سیالکوٹ (SIALKOT) کا ایک نقشہ بنایا ہے ۔ اس میں پسرور کو PURSROOR لکھا ہے ۔ یہ نقشہ 53-1851ء کا ہے ۔ پسرور کے ایک دو گھرانوں میں اس دور کی عام خاندانی دستاویزات موجود ہیں ۔ ان سب سے یہ نتیجہ اخذ ہوتا ہے کہ 1845ء اور 1855ء کے درمیانی عرصہ میں یہ نام پسرور میں تبدیل ہو گیا تھا ۔

پسرور کی قدامت کے متعلق صحیح طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا ۔ البتہ ہم یہاں ان تمام روایات کو پوری تفصیل سے بیان کر دینا چاہتے ہیں ۔ جن سے اس قصبے کی تاریخ پر روشنی پڑتی ہے :-

1۔ مغل متاخرین کے دور میں محمد اسلم بن محمد حفیظ اللہ انصاری پسروری نے 1148ھ بمطابق 1735ء یا 1736ء میں "فرحت الناظرین" نامی ایک کتاب مرتب کی ہے۔ اس میں وہ پسرور شہر کا ذکر کرتے ہوئے کہتا ہے کہ یہ قدیم شہر ایک ہزار سال قبل معرضِ وجود میں آیا اور بعض روایات کے مطابق اس کی تعمیر راجا انند پال کے زمانہ میں ہوئی۔ قیاس یہی ہے کہ پسرور قبل از مسیح عہد سے تعلق نہیں رکھتا ۔ بلکہ اسلامی دور میں آباد ہوا تھا۔ محمد اسلم کے حوالے کو اگر صحیح مان لیا جائے تو ہماری قیاس آرائی درست ثابت ہوتی ہے ۔ راجا انند پال ، مندو راجا جے پال کا لڑکا تھا ۔ سبکتگین (977-997ء) کی سب سے پہلی جنگ جے پال سے 986-987ء میں ہوئی ۔ ان دنوں جے پال کی سلطنت سرہند سے جلال آباد تک اور کشمیر سے ملتان تک پھیلی ہوئی تھی ۔ جے پال نے صلح کر لی ۔ سبکتگین کی وفات کے بعد جے پال محمود غزنوی سے نبرد آزما ہوا ۔ مگر شکست کھا گیا ۔ بار بار کی شکست سے تنگ آ کر جے پال نے خود کشی کر لی ۔ اس کے بعد اس کا لڑکا انند پال تخت نشین ہوا ۔ بقول محمد اسلم اس انند پال کے عہد میں پسرور کا قصبہ آباد ہوا۔

2۔ امام میراں برخوردار کی شہادت کا واقعہ چھٹی یا ساتویں صدی ہجری میں پیش آتا ہے ۔ ابھی تک سیالکوٹ کے امام سید علی الحق کا زمانہ متعین نہیں ہو سکا ۔ اس لیے پسرور کی سر زمین میں آرام فرما بزرگ امام سید میراں برخوردار کے زمانہٴ حیات کے بارے میں بھی ہم کچھ نہیں کہہ سکتے ۔

3۔ تاریخ کی ورق گردانی کریں تو سب سے پہلے مغل حکومت کے بانی ظہیر الدین بابر (1526-1530ء) کے حملوں کے سلسلے میں پسرور کا ذکر ملتا ہے ۔ بابر پانچویں بار 1525ء (932ھ) میں ہندوستان پر فیصلہ کن حملہ کرنے کے لیے جب جہلم میں فروکش ہوا تو اس نے اپنے دو جرنیلوں سید طوفان اور سید لاچین (SAYYED TUFAN اور LACHIN) کو تیز رفتار گھوڑوں کا ایک ایک جوڑا دے کر لاہور کے سرداروں کے پاس بھیجا کہ وہ جنگ میں حصہ نہ لیں بلکہ بابر سے سیالکوٹ یا پُر سرور میں ملیں ۔ اس موقع پر بابر چند روز سیالکوٹ میں قیام کرتا ہے ۔ شہریوں کی شکایات پر ظالم جٹوں اور گوجروں کو عبرت ناک سزائیں دیتا ہے ۔ لوگ خوش ہوتے ہیں ۔ سیالکوٹ کے بعد بابر پُر سرور پہنچتا ہے ۔ یہاں ایک شب قیام کرتا ہے ۔ محمد علی خنگ جنگ ، لاہور کے دیوان خواجہ حسین اور لاہور سے آئے ہوئے دوسرے سردار بابر کی خدمت میں پیش ہوتے ہیں ۔ بابر ان سب ساتھیوں کی معیت میں کلانور پہنچا ۔ یہاں محمد سلطان مرزا اور عادل سلطان بابر کے حضور باریاب ہوئے ۔ اس سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ بابر کے دور میں یا اس سے قبل بیرونی حملہ آوروں کے لیے دہلی جاتے ہوئے پُر سرور ایک RESTING PLACE کی حیثیت رکھتا تھا ۔ بابر کے پیغام سے اس بات کا بھی پتہ چلتا ہے کہ وہ اس سے قبل پُر سرور کو جانتا تھا اور یہاں ٹھہر بھی چکا تھا ۔

4۔ 930ء میں کلانور کا قلعہ محمد علی خنگ جنگ کے تحت تھا، غازی خاں نے وعدے کی پاسداری نہ کی اور کلانور پر حملہ کر دیا ۔ محمد علی اس حملے کی تاب نہ لا سکا اور بھاگ کر لاہود میں پناہ گزیں ہوا ۔ غازی خاں نے کلانور پر قبضہ کر لیا اور خود پسرور میں ٹھہرا ۔ لیکن جب غازی خاں کو بابر کی فوجوں کے آنے کی اطلاع ملی تو وہ ملوٹ (MALOT) کی طرف بھاگ گیا ۔

5۔ بابر کے بعد دوسرا مغل بادشاہ ہمایوں (1530-56ء) پسرور میں دو بار آتا ہے ۔ 1540ء میں قنوج کی جنگ میں ہمایوں شیر شاہ سوری سے شکست کھا جاتا ہے اور جان بچانے کے لیے کشمیر جانے کی کوشش کرتا ہے ۔ کشمیر کی طرف جاتے ہوئے فقیرانہ حالت میں پُر سرور شہر میں سید جلال شاہ بخاری کے مزارِ پُر انوار پر حاضری دیتا ہے ۔ راقم کے خیال میں ہمایوں نے سید صاحب کے مزار پر باری تعالیٰ سے دعا کی ہوگی کہ ان کے طفیل اُسے تختِ ہندوستان دوبارہ حاصل ہو جائے ۔ مزار پر ایک ہندو ساہوکار مٹیکا (MATIKA) نے جو بندو (BANDO) کا لڑکا تھا، ہمایوں کو ایک روپیہ بطور نذرانہ پیش کیا ۔ ہمایوں نے یہ نذرانہ قبول نہ کیا ۔ چودہ پندرہ برس بعد ہمایوں دوبارہ شہنشاہِ ہندوستان کے روپ میں سید صاحب کے مزار پر حاضر ہوا ۔ مٹیکا ہمایوں کو بادشاہ کے روپ میں دیکھ کر بڑا خوش ہوا ۔ ہمایوں بھی اس کے اخلاق و کردار سے متاثر ہوا اور خوش ہو کر پُر سرور کا پرگنہ بطور جاگیر اسے دے دیا ۔ اس کے بعد دو روایتیں بیان کی جاتی ہیں :- پہلی روایت یہ ہے کہ مٹیکا یا منکہ نے مرتے وقت اپنے گرو پرس رام کو یہ پرگنہ دے دیا تھا ۔ دوسری روایت یہ ہے کہ مٹیکا کی وفات کے بعد اس کا بھائی فتح چند حاکمِ پُر سرور ہوا کیوں کہ اس کے بیٹے کی عمر کم تھی ۔

6۔ گورنمنٹ نارمل اسکول پسرور میں السنہ شرقیہ کے مدرس سید رضی شیرازی کے پاس خاندانِ سادات علی پور، خیر اللہ پور و فتح پور کا شجرہٴ نسب ہے ۔ اس شجرہ کے مقدمہ سے پتہ چلتا ہے کہ شیر شاہ سوری کے دورِ حکومت میں سید شمس الدین بخاری قصبہ پُر سرور کے داروغہ تھے ۔

7۔ اکبر اعظم (1556-1605ء) کی رسمِ تخت نشینی پُر سرور سے تھوڑے فاصلے پر کلانور کے مقام پر 14 فروری 1556ء کو ادا کی گئی ۔ اکبر اعظم نے اپنی سلطنت کو 1580ء میں بارہ صوبوں میں تقسیم کیا تھا ۔ بعد میں برار ، خاندیش اور احمد نگر تین صوبوں کا اور اضافہ ہوا ۔ ہر صوبہ ایک صدر یعنی گورنر کے ماتحت تھا ۔ یہ سب صوبے 82 پرگنوں میں منقسم تھے ۔ ہر پرگنہ ایک کروڑی کی تحویل میں تھا ۔ جس کا کام مالیہ اکٹھا کرنا تھا ۔ اسی دور میں تمام زمین کی پیمائش کرائی گئی ۔ صوبہ لاہور آٹھ حصوں (سوادوں) میں تقسیم تھا ۔ یعنی :- (1) سوادِ لاہور (2) سرکار جالندھر (3) سرکار بٹالہ (4) پٹی ہیبت پور (5) سرکار پُر سرور (6) سرکار رہتاس (7) سرکار سیالکوٹ (8) سرکار ہزارہ ۔ اکبر اعظم کے عہد میں سرکارِ پُر سرور میں یہ علاقے شامل تھے : پُر سرور ، میکری ، مہاشٹر ، پتی ظفروال ، پتی بارک ۔ ہیم نگر ۔ اس عہد میں پُر سرور غلہ کی ایک مشہور منڈی بھی تھا ۔ ابوالفضل نے اپنی مشہورِ زمانہ تصنیف "آئین اکبری" میں سرکارِ پُر سرور کی فصلوں اور ان کے نرخوں کا تفصیلی ذکر کیا ہے (اس کے لیے ملاحظہ ہو "زراعت" کا باب) ۔ اکبر اعظم نے شروع شروع میں پرگنہ پُر سرور فتح چند پسر نارو ہی کے پاس رہنے دیا ۔ اکبر کا جب تخت پر مکمل طور پر تسلط ہو گیا اور وہ خود مختار ہو کر حکومت کرنے لگا تو اس نے پرگنہ پُر سرور خواجہ مظفر علی المعروف مظفر خاں تربتی کی تحویل میں دے دیا، مظفر علی کی تحویل میں یہ پرگنہ کب تک رہا ؟ یہ معلوم نہیں ہو سکا ۔ تاریخوں میں صرف اتنا اشارہ ملتا ہے کہ کچھ دنوں تک مظفر علی پرگنہ پُر سرور کا عمل دار رہا ۔

8۔ عہدِ اکبری میں ایک بزرگ شاہ دین المعروف بہ شاہ ابن یا شاہ ہین بن سید محمد شاہ ہو گزرے ہیں جو سیالکوٹ کی معروف علمی شخصیت اور علامہ اقبال کے استادِ گرامی علامہ سید میر حسن کے اجداد میں سے ہیں ۔ آپ کا مزار ریلوے اسٹیشن کی جانب جاتے ہوئے بائیں جانب ایک قبرستان میں واقع ہے ۔ یہ قبرستان بھی انہی کے نام سے منسوب ہے ۔ اسی مغل بادشاہ کے دور میں یہاں کا ایک ہندو باجوہ نواب اسلام قبول کر کے پسرور میں ایک پختہ مسجد تعمیر کراتا ہے جو آج شاہی مسجد کے نام سے موسوم ہے ۔ شہر کے شمالی جانب ایک ہندو شاہی ملازم کالومل کھتری ہشت پہلو پختہ تالاب تعمیر کراتا ہے جو آج بھی اچھی حالت میں موجود ہے ۔

9۔ عہدِ جہانگیری (1605-1626ء) میں پسرور سے متعلق کوئی معلومات دستیاب نہیں ہو سکیں ۔

10۔ شاہ جہاں (1627-1658ء) کے دورِ حکومت میں کالومل کھتری کے تعمیر کردہ ہشت پہلو تالاب میں پانی لانے کے لیے شاہ جہاں کے بڑے لڑکے داراشکوہ نے ایک نہر کھدوائی جس کے ذریعے نالہ ڈیک سے تالاب میں پانی لایا گیا ۔ اس دور میں گجرات کے بزرگ شاہ دولہ سیالکوٹ پسرور روڈ پر پسرور کے قریب ایک پل تعمیر کراتے ہیں ۔ اس کے علاوہ موصوف شہر کے شمالی جانب ایک تالاب بھی تعمیر کراتے ہیں جسے ان دنوں "کچا تالاب" کہا جاتا ہے ۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ پسرور کے لوگوں کو پینے کے پانی کی بڑی تکلیف تھی ، شاہ دولہ نے تالاب بنوا کر یہاں کے لوگوں کی اس تکلیف کو بڑی حد تک دور کر دیا ۔

11۔ اورنگ زیب عالم گیر (1658-1707ء) کے عہد میں بھی ضلع سیالکوٹ پسرور سے الگ حصہ تھا ۔ پُر سرور ایک علیحدہ پرگنہ 16 تھا ۔ پسرور کا حاکم دیوان سکت رائے تھا ۔ موصوف نے ہشت پہلو تالاب کی مرمت کرائی ۔ ایک بارہ دری بھی بنوائی جو نارمل اسکول کے احاطے میں آج بھی موجود ہے ۔ بارہ دری کے گرد دیوانِ مذکور نے ایک باغ بھی لگوایا تھا ۔ بارہ دری کے جنوب مشرقی کونے میں ہی اس کی سمادھ (قبر) تھی جو 1958ء میں بارش کی وجہ سے گر گئی تھی ۔

عالمگیر کے دورِ حکومت میں سیالکوٹ اور پُر سرور کے علاقوں کا وقائع نویس (رپورٹر) پسرور کے نزدیکی گاؤں شہزادہ باجوہ کا رہنے والا تھا ۔ موصوف کا نام محمد مقیم تھا ۔ اس کے باپ کا نام شیخ رحمت اللہ ہے ۔ محمد مقیم نے وقائع سیالکوٹ 1071ھ (1661ء) میں لکھی ۔ اس میں اس نے سیالکوٹ شہر میں مدفون بزرگ حضرت سید امام علی الحق کا واقعہٴ جہاد اور ان کی کرامات بیان کی ہیں، مزید برآں اس میں ضلع سیالکوٹ کی بھی کچھ تاریخی حیثیت بیان کی گئی ہے ۔

12۔ حاکم دہلی فرخ سیر (16-1713ء) کی طرف سے عبد الصمد خاں لاہور کا صوبے دار تھا ۔ سکھوں کے گرو بندہ بہادر اور اس کے ساتھیوں کا قلع قمع کرنے کے لیے فرخ سیر نے عبد الصمد خاں کو حکم دیا ۔ ان دنوں نور محمد خاں فوجدارِ پسرور اورنگ آباد تھا ۔ اس نے دوسرے فوجداروں کے ساتھ مل کر بندہ بہادر کا قلع قمع کرنے کے لیے نواب عبد الصمد خاں کی مدد کی اور کامیابی حاصل کی ۔

اورنگ زیب عالم گیر کی وفات (1707ء) کے بعد کا زمانہ افراتفری کا زمانہ ہے ۔ جس کسی کا زور چلا ، اس نے کچھ عرصہ تک اپنی حکومت قائم کر لی ۔ اس دور میں یہاں مختلف طاقتیں حکمرانی کرتی رہیں :-

(ا) نادر شاہ (1737-47ء):

اسے ایران کا نپولین کہا جاتا ہے ۔ 1838ء میں ہندوستان پر حملہ آور ہوا ۔ ان دنوں مغل بادشاہ محمد شاہ (1719-48ء) کی جانب سے نواب زکریا خاں گورنر لاہور تھا ۔ اسی کے تحت گجرات ، ڈسکہ ، سیالکوٹ ، پسرور اور ظفروال کے علاقے تھے ۔ نادر شاہ نے واپسی پر زکریا خاں سے ایک کروڑ روپیہ مانگا ۔ جسے نواب نے لاہور کے شہریوں سے لے کر ادا کر دیا ۔ اس کے علاوہ نواب نے وعدہ کیا کہ وہ ضلع گجرات ، سیالکوٹ ، پُر سرور اور خدایار خاں ملتان کی زمینداری کے کچھ اضلاع کا لگان بھی سالانہ اسے دیا کرے گا 19!

نادر شاہ نے 1738ء میں دہلی میں قتلِ عام کا حکم جاری کیا تھا ، دلشاد پسروری نے درج ذیل شعر میں اس کی طرف اشارہ کیا ہے ؎

قتلِ عام است در جہاں آباد آخر ایں غمزۂ تو نادر نیست

(ب) احمد شاہ ابدالی :

نادر شاہ جون 1747ء میں قتل ہو گیا ۔ اس کے بعد اس کا قابل جرنیل احمد شاہ ابدالی (1747-73ء) بادشاہ بنا ۔ 1748ء میں لاہور کے گورنر شاہ نواز خاں نے احمد شاہ ابدالی کو ہندوستان پر حملہ کرنے کی دعوت دی ۔ ابدالی نے اسی سال موسمِ بہار میں پہلا حملہ کیا ۔ اس سال کے آخر میں وہ دوبارہ حملہ آور ہوا ۔ اس وقت معین الملک گورنر لاہور تھا ۔ معین الملک (میر منو) نے سوہدرہ کے مقام پر احمد شاہ ابدالی کا مقابلہ کیا ۔ مگر اسے طاقتور سمجھ کر صلح کا ہاتھ بڑھایا اور وعدہ کیا کہ وہ پُر سرور ، گجرات ، سیالکوٹ اور اورنگ آباد کا لگان سالانہ اسے ادا کیا کرے گا ۔ میر منو نے 52-1751ء میں احمد شاہ ابدالی کو ان چار محال کا لگان دینا بند کر دیا ۔ احمد شاہ ابدالی پھر حملہ آور ہوا ۔ محمود بوٹی (نزد لاہور) کے قریب جنگ ہوئی ۔ میر منو نے دوبارہ صلح کی درخواست کی اور مذکورہ علاقے ابدالی کے سپرد کر دیئے ۔ ابدالی نے گجرات 20، اورنگ آباد 21، پُر سرور اور سیالکوٹ 22 پر ناصر خان کو اپنا گورنر مقرر کر دیا ۔ ان چار محال کے لگان سے کابل اور پشاور کے اخراجات پورے کیے جاتے تھے 23۔

میر منو 1753ء میں انتقال کر گیا ۔ 1756ء میں ابدالی نے چوتھی بار ہندوستان پر حملہ کیا ۔ وہ 28 جنوری 1757ء کو دہلی پہنچا ۔ کرنال کے مقام پر میر منو کی بیوہ مغلانی بیگم اس سے مل گئی ۔ ابدالی نے تختِ دہلی پر قبضہ کر لیا اور شہر کو تہ و بالا کر کے رکھ دیا ۔ ابدالی نے راجا رنجیت دیو کو جموں کا علاقہ سپرد کیا ۔ اس کے جانے کے بعد مرہٹے پھر طاقت پکڑ لیتے ہیں اور دہلی کے تخت پر قبضہ کر کے آدینہ بیگ کی درخواست پر سکھوں کو لاہور سے خالی کرا لیا اور لاہور میں بھی اپنا گورنر مقرر کر دیا ۔

احمد شاہ ابدالی 1759ء کے موسمِ سرما میں پھر حملہ آور ہوتا ہے ۔ اس نے مرہٹوں کے مقرر کردہ لاہور کے گورنر شاما جی کو شکست دے کر لاہور پر قبضہ کر لیا اور کریم داد کو لاہور کا گورنر مقرر کر دیا ۔ نواب زین خان کو گورنر چار محال (گجرات ، سیالکوٹ ، پُر سرور ، اورنگ آباد) مقرر کر کے خود دہلی کی جانب پیش قدمی کی ۔ زین خاں کی پُر سرور میں آمد کے موقع پر یہاں کا فارسی شاعر دلشاد پسروری کہتا ہے ؎

پژمردگاں نشاطِ دل از سر گرفتہ اند ہنگامِ نوبہار ، بوقتِ خزاں رسید یعنی بہ پُر سرور ، ز فرخندگی بخت با زیب و زین و زینت و شاہا ، زین خاں رسید

احمد شاہ ابدالی نے 1761ء میں پانی پت کے میدان میں مرہٹوں کو شکست دے کر ان کی طاقت کو بڑی حد تک ختم کر دیا ۔ اس دوران میں اس نے پنجاب میں مقرر کردہ گورنر کریم داد اور زین خان کو اپنے پاس بلا لیا ۔ ان کی غیر حاضری میں سکھوں نے لاہور پر قبضہ کر لیا ۔ سکھوں کی بغاوت فرو کرنے کی ابدالی نے بڑی کوشش کی مگر وہ کامیاب نہ ہو سکا ۔ سکھوں نے احمد شاہ ابدالی کا دریائے سندھ تک پیچھا کیا ۔ واپسی پر سکھوں کا مقابلہ خواجہ مرزا خاں سے ہوا جو زین خان کے بعد چہار محال (گجرات ، سیالکوٹ ، پُر سرور، اورنگ آباد) کا حاکم تھا ۔ دلشاد پسروری کہتا ہے ؎

نہ بزمِ عیش تو نواب خواجہ مرزا خاں بکامِ کینہ وران ، غیر ریش خندہ مباد

(ج) رنجیت دیو :

رنجیت دیو نے 1747ء میں حملہ کے وقت احمد شاہ ابدالی کی مدد کی تھی ۔ اس لیے احمد شاہ نے اس کو 1750ء میں جموں کے علاقے کا راجا مقرر کیا ۔ ابدالی کی زندگی تک تو اس نے اس کے دوسرے علاقوں کو حریصانہ نظروں سے نہ دیکھا مگر احمد شاہ کے ہندوستان سے جاتے ہی چار محال کو اپنی حدود میں شامل کرنے کی کوشش کی اور پُر سرور، سیالکوٹ اور اورنگ آباد پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہو گیا ۔

رنجیت دیو بڑا ظالم حکمران تھا ۔ خصوصاً مسلمانوں پر اس نے عرصہٴ حیات تنگ کر رکھا تھا ۔ یہاں تک کہ جمعہ کی اذان دینے کی ممانعت 24 تھی۔ دلشاد پسروری 25 اس کے متعلق کہتا ہے ؎

بسکہ منع است ، دریں شہر اذانِ جمعہ نکند گوش کسی ، نالہٴ بی کاراں را

رنجیت دیو کے دور میں دیوان نرائن داس معاملاتِ سیالکوٹ اور پُر سرور کا دیوان یعنی حاکم ہوا ہے ۔ اس ہندو دیوان نے یہاں کے لوگوں پر بڑی سختی سے کام لیا ۔ لوگ اس کی سختیوں سے بلبلا اٹھے ۔ چنانچہ دلشاد نے اہلِ وطن کی تکلیف سے متاثر ہو کر دیوان نرائن داس کے حضور میں بارہ اشعار پر مشتمل ایک غزل بطورِ طنز پیش کی، جس کا مطلع یہ ہے ؎

ای مبارک فال دیوان نرائن داس ما ! جزءِ مدّ لطفت دریں دوران کہ دارد پاس ما

نرائن داس کے کارندے سرکار کا چہارم (چوتھ) وصول کرنے میں ایسے قصاب واقع ہوئے ہیں کہ مویشیوں کی ایک ٹانگ اڑا لے جانے سے بھی دریغ نہیں کرتے ، بقول دلشاد ؎

در تقاضای چہارم ہای این قصاب ہا وضع میخواہند پای چارمین از راس ما

رنجیت دیو کے بعد اس کا بیٹا لڑکا برج راج 1782ء میں گدی نشین ہوا ۔ سکھوں کا ٹڈی دل لشکر آئے دن اس کے علاقے کو لوٹتا رہتا تھا ۔ آخر ایک فیصلہ کن لڑائی میں برج راج مارا گیا ۔ برج راج کے بعد سکھوں میں طوائف الملوکی کا دور شروع ہوا ۔ ہر سردار نے چند گاؤں فتح کر کے حکمرانی شروع کر دی ۔

(د) ناہر سنگھ 25:

یہ سکھ چمار کی کا رہنے والا تھا اور الہو والیہ مثل سے تعلق رکھتا تھا ۔ ناہر سنگھ کے دادا کا نام نتھا سنگھ تھا ۔ تقریباً 1730ء میں نتھا سنگھ نقل مکانی کر کے ضلع گورداسپور سے ضلع امرتسر میں آ گیا ۔ اس کے لڑکے سورجن سنگھ نے نہ صرف گاؤں امیہ درشے میں پایا بلکہ اپنے چچا دل سنگھ جو سردار سیوا سنگھ ادیکھ والا کے ساتھ ایک لڑائی میں مارا گیا تھا ، کی جاگیریں بھی حاصل کیں ۔ یہ جاگیریں بہت بڑی تھیں ۔ جن میں بہت سے پرگنہ جات اور ڈسکہ ، پُر سرور اور اجنالہ کے گاؤں شامل ہے 26۔ اس سکھ سردار نے لالہ ، سنکھترا ، دھمتھل ، مراڑہ ، سیوال ، بٹھروہ ، چونڈہ ، شہزادہ ، منڈیکے ، بڈیانہ اور خانانوالی کے موضعات کو بھی فتح کیا ۔ ناہر سنگھ کے پاس پرگنہ چاری بھی تھا ۔ پُر سرور اور چاری دو لاکھ روپے کی آمدنی کا ذریعہ تھے ۔ ناہر سنگھ کے دور میں فضا بڑی پُرسکون رہی ۔ اس سکھ حاکم نے پُر سرور کو وسعت دی ۔ ناہر سنگھ 1807ء میں انتقال کر گیا ۔ اس کی موت کے وقت اس کے لڑکے چھوٹے تھے ۔ اس لیے

(س) رنجیت سنگھ (1780-1839ء) :

نے بڑی آسانی سے 1807ء 27 میں پُر سرور اور چاری 28 کے پرگنوں پر قبضہ کر لیا اور ناہر سنگھ کے یتیم لڑکوں اور بیواؤں کی گذر اوقات کے لیے پانچ گاؤں مخصوص کر دیئے ۔ رنجیت سنگھ نے پرگنہ پُر سرور ، نہال سنگھ اٹاری والے سکھ سردار کو بطور جاگیر دے دیا اور پسرور شہر میں ناہر سنگھ کی رہائشی عمارت بھی نہال سنگھ اٹاری والے کو دے دی 29۔

قیاس ہے کہ یہ عمارت چھے ڈکھو میں امجد میڈیکل ہال کے سامنے والی قلعہ نما عمارت ہے جو پہلے بندوبست ہی سے ملکیتِ سرکار قرار دی گئی 30 اور جس میں ہسپتال اور مڈل اسکول ہوا کرتا تھا ۔ نہال سنگھ کے بعد اس کا لڑکا شام سنگھ پرگنہ پسرور کا مالیہ وصول کیا کرتا تھا 31۔

(ii) عہدِ جدید

انگریزوں نے پسرور پر کب اور کس طرح قبضہ کیا ؟ یہ معلوم نہیں ہو سکا ۔ تاریخ اس سلسلے میں خاموش ہے ۔ تاہم 29 مارچ 1849ء کو انگریزوں نے پنجاب کو مکمل طور پر اپنے قبضہ میں لے لیا تھا ۔ مال کے ریکارڈ سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ پسرور کے الہی بخش نامی ایک شخص نے 1848ء میں پسرور پر قبضہ کرتے وقت انگریزوں کی معاونت اور سکھوں کی مخالفت کی تھی ۔ جس کے صلے میں انگریز حکمرانوں نے اسے معافی دار قرار دیا ۔ معافی نامہ کا متن یہ ہے :

"یہ معافی نامہ الہی بخش ولد پیر بخش قوم شیخ کے حسب الحکم جناب صاحب فنانشل کمشنر بہادر مورخہ 15 فروری 1853ء تا حیاتِ الہی معافیدار معاف رہی ۔ (پسرور کا پہلا بندوبستِ مال)"

اس کے علاوہ مندرجہ ذیل لوگ بھی معافی دار تھے ۔ ان لوگوں نے بھی پسرور پر قبضہ کرتے وقت انگریزوں کی مدد کی تھی :-

1۔ علی محمد ولد کرم الہی ولد حافظ فضل قوم علما بھٹی ۔

2۔ قطب الدین ولد علی محمد و خادم محی الدین ولد ولی محمد ۔ قوم علما ۔

3۔ احمد بخش ولد جمال قوم لوہار ۔

الہی بخش کو انگریزوں نے پسرور کا نمبردار بھی مقرر کیا تھا ۔ اس کی والدہ نورا بی بی نے ساٹھ برس کی عمر میں 8 ستمبر 1897ء کو پسرور میں وفات پائی ۔ بیوی کا نام حاکم بی بی تھا ۔ الہی بخش کے تین لڑکے تھے ۔ جن کے نام یہ ہیں : (1) امام دین (2) نتھو (3) چراغ دین ۔

الہی بخش نے ہیضہ سے 7 اکتوبر 1875ء کو انتقال کیا ۔

تحریکِ جنگِ آزادی (1857ء) میں اہلِ پسرور نے کیا کردار ادا کیا ۔ سرکاری ریکارڈ اس بارے میں بالکل خاموش ہے ۔

بہر حال انگریزوں نے آتے ہی یہاں کی زندگی کو نئے خطوط پر استوار کرنا شروع کیا ۔ سکھوں ، مرہٹوں ، افغانوں اور پہاڑی راجاؤں کی لوٹ مار سے لوگوں کو نجات ملی ۔ خوف و دہشت کا خاتمہ ہوا اور لوگ امن و سکون کی فضا میں سانس لینے لگے ۔

انگریزی قبضہ سے قبل پسرور کی اپنی ایک علیحدہ حیثیت تھی ۔ انگریزوں نے 50-1849ء میں امرتسر کو ایک نیا ڈویژن بنایا جس کا صدر دفتر لاہور میں تھا ۔ اس ڈویژن میں تین اضلاع ، سیالکوٹ ، امرتسر اور گورداسپور شامل تھے ۔ پسرور ضلع سیالکوٹ کے تحت تھا ۔ یہ سلسلہ نومبر 1884ء تک رہا 32۔

سیٹلمنٹ کمشنر مسٹر پرنسپ (PRINCEP) نے ضلع سیالکوٹ کا بندوبست اراضی فروری 1863ء میں شروع کیا اور مارچ 1866ء میں مکمل کیا 33۔ 21 دسمبر 1863ء کو ضلع سیالکوٹ چار سب ڈویژن یا ذیل (ZAIL) یعنی ظفروال ، سیالکوٹ ، ڈسکہ اور پسرور میں تقسیم کیا گیا ۔ ہر ذیل میں ایک ذیل دار مقرر ہوا ۔ اس سے قبل چودھری ہوا کرتے تھے ۔ پرنسپ نے نبی بخش بن حیات علی کو پسرور کا ذیلدار مقرر کیا ۔ ذیل دار کے فرائض مندرجہ ذیل تھے :-

1۔ اعلیٰ حکام سے احکام وصول کرنا ۔ 2۔ پولیس کو مجرموں سے آگاہ کرنا اور بدنام لوگوں کی فہرست تیار کرنا ۔ 3۔ سرکاری بنگلہ میں مقیم سرکاری افسر سے ملاقات کرنا اور اس کی مدد کرنا ۔ 4۔ شادی کا ریکارڈ مرتب کرنا ۔ 5۔ سرکاری درختوں کی حفاظت اور مزید درخت لگانا ۔ 6۔ سرکاری احکامات کو ترتیب سے محفوظ رکھنا ۔ 7۔ سرکاری کرایہ کی وصولی کے لیے ایک ماہ قبل چوکی پر فہرست چسپاں کرنا ۔

پٹواری کے لیے ذیلدار کے احکامات بجالانا لازم تھا ۔ مگر ذیلدار پٹواری کے سرکاری فرائض میں دخل نہیں دے سکتا تھا ۔ نمبردار بھی ذیلدار کی مدد کرنے کا پابند تھا ۔ ذیلدار شفاخانہ کے لیے ہر گھر سے ایک آنہ سالانہ چندہ بھی وصول کیا کرتا تھا 35۔

ذیلدار کے علاوہ نمبردار اور ایک سے زیادہ نمبردار پر اعلٰی نمبردار یا چیف ہیڈمین ہوتے تھے ۔ پہلے بندوبست 1865ء کے وقت الہی بخش پسرور کے نمبردار تھے ۔ اس بندوبست میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پسرور میں : (1) کوئی چاہ لائقِ آب پاشی نہیں ۔ (2) کوئی جندب و جبل واقع نہیں ۔ (3) کوئی نہر و نالہ نہیں ۔ (4) تین چھپڑ ، ایک ملکیت الہی بخش ، علاوہ اس کے مٹی اور پانی جس کسی کو ضرورت ہو لے جاوے کہ ممانعت نہیں ہے ۔

منشی امین چند ایکسٹرا اسسٹنٹ کمشنر بندوبست نے 1854ء میں تاریخِ سیالکوٹ مرتب کی تھی ۔ اس کا انگریزی ترجمہ چارلس اے رو نے کیا ہے ۔ اس کے صفحہ 49 پر منشی صاحب اس چیز کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ان کے دور میں پسرور میں پرس رام کی اولاد میں سے ایک شخص موجود ہے مگر اس کے پاس کوئی جائداد نہیں ۔ کاش منشی صاحب مذکورہ ہندو شخص کا نام بھی بتا دیتے تاکہ مزید تحقیق کی راہ نکل آتی ۔

اس کتاب کی ترتیب میں پسرور کے تحصیل دار میر نثار علی نے منشی امین چند کی معاونت کی تھی ۔ جس کا پیش لفظ 35 میں شکریہ ادا کرتے ہیں ۔

جولائی 1856ء میں یہاں گورنمنٹ ورنیکلر مڈل اسکول قائم ہوا ۔ 66-1865ء کے مالی سال میں یہاں ایک ڈسپنسری کا قیام عمل میں آیا ۔ 1867ء میں ٹاؤن کمیٹی وجود میں آئی ۔ انہی دنوں ڈاک خانہ اور 1870ء کے قریب ٹاؤن کمیٹی کے تحت ایک گرلز پرائمری اسکول قائم ہوا ۔ 1861ء میں سیالکوٹ کے ڈپٹی کمشنر مسٹر آرمسٹون (ARMSTON) نے سرکاری خرچہ سے ہشت پہلو تالاب کی مرمت کرائی ۔ خیال ہے کہ مرمت اور صفائی کے بعد اس میں پانی کا ذخیرہ کیا جاتا ہو گا ، مگر 84-1883ء میں اور اس کے بعد اس میں پانی کی موجودگی کی کوئی ٹھوس شہادت نہیں ملتی ۔

1867ء میں ڈسکہ تحصیل ختم کر دی گئی ۔ اس کا کچھ حصہ تحصیل سیالکوٹ میں اور کچھ حصہ تحصیل پسرور میں شامل کر دیا گیا ۔ 1881ء تک تحصیل ڈسکہ معطل رہی ۔ کام زیادہ ہونے کی وجہ سے 1881ء میں ڈسکہ تحصیل دوبارہ قائم کر دی گئی ۔ اسی دوران پانچویں تحصیل رعیہ کا اضافہ ہوا ۔ 1861ء اور 70-1869ء میں بارش نہ ہونے کی وجہ سے سخت خشک سالی کا سامنا کرنا پڑا ۔ نتیجہ غلہ کی نایابی کی وجہ سے قحط پڑ گیا ۔

ان دنوں پسرور میں ایک تحصیل دار تھا ۔ جسے مجسٹریٹ درجہ دوم کے اختیارات حاصل تھے ۔ اس کے علاوہ ایک نائب تحصیل دار بھی تھا مگر اسے جوڈیشل اختیارات حاصل نہیں تھے ۔ نارووال تحصیل دار کے تحت بھی پسرور کا کچھ حصہ تھا ۔

دسمبر 1884ء میں ضلع سیالکوٹ کو راولپنڈی ڈویژن میں شامل کر دیا گیا ۔ 1912ء میں ضلع شیخوپورہ وجود میں آیا اور رعیہ تحصیل ضلع شیخوپورہ میں شامل کر دی گئی ۔ اس طرح ضلع سیالکوٹ میں چار تحصیلیں رہ گئیں ۔ 1922ء میں ظفروال تحصیل توڑ کر نارووال کو تحصیل کا درجہ دے دیا گیا ۔ 1947ء میں ضلع گورداسپور کی تحصیل شکر گڑھ پاکستان میں آگئی جسے ضلع سیالکوٹ میں مدغم کر دیا گیا ۔ اس طرح اب ضلع سیالکوٹ میں پانچ تحصیلیں ، سیالکوٹ ، ڈسکہ ، پسرور ، نارووال اور شکرگڑھ ہیں ۔

4 اپریل 1897ء کو ضلع سیالکوٹ کے مسلمان قیصرۂ ہند کی ساٹھ سالہ تخت نشینی کے موقع پر ایک جلسہٴ عام منعقد کرتے ہیں ۔ پسرور کے تحصیلدار منشی فیروز الدین اس جلسہ میں شرکت کرتے ہیں اور ایک قرارداد پیش کرتے ہیں :- "کہ مسلمانانِ ضلع سیالکوٹ کی طرف سے 20 جون 1897ء کو ایک تارِ مبارک باد حضور وائسرائے ہند ، ایک تارِ مبارک باد حضور ملکہ معظّمہ قیصرۂ ہند کی خدمت میں بتوسط صاحب ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ارسال کی جائے ۔" 36

پچھلی صدی کی آخری دہائی میں یہاں جانوروں کا ہسپتال قائم ہوتا ہے ۔ 1897ء میں عیسائی یہاں ایک چرچ تعمیر کرتے ہیں ۔ موجودہ صدی کے ابتدائی سالوں میں یہاں ایک زلزلہ آتا ہے ۔ جس سے کوئی جانی نقصان نہ ہوا ۔ معمولی سا مالی نقصان ہوا ۔ 1901ء میں جین سبھا قائم ہوئی ۔ پہلی اور دوسری دہائی میں طاعون اور انفلوئنزا جیسی مہلک بیماریوں سے پسرور کے ایک ہزار سے زائد شہری لقمہٴ اجل بن جاتے ہیں ۔ 1904ء میں یہاں ایک تحصیلدار اور ایک نائب تحصیلدار اور ایک منصف موجود تھا ۔ پہلی دہائی میں یہاں ایک کوآپریٹو بینک بھی قائم ہوا ۔ پہلی جنگِ عظیم کے دوران یہاں سے سینکڑوں جوان فوج میں بھرتی ہو کر تاجِ برطانیہ کا دفاع کرتے ہیں ۔ دوسری اور تیسری دہائی میں یہاں کے مخیر مسلمان انجمنیں قائم کر کے تعلیمی اور سماجی کاموں میں بھرپور حصہ لیتے ہیں ۔ 1916ء میں نارووال اور سیالکوٹ کے درمیان ٹرین چلتی ہے ۔ نارمل اسکول اور انٹر میڈیٹ کالج بھی اس عرصہ میں قائم ہوئے ۔ اس زمانہ میں سیاسی اور مذہبی جماعتیں جنم لیتی ہیں ۔ 1941ء میں مارکیٹ کمیٹی قائم ہوئی ۔ 1942ء میں یہاں کے کالج کو بند کر کے ٹوبہ ٹیک سنگھ (موجودہ ساہی وال) منتقل کر دیا گیا ، اسی سال حکومت یہاں مڈل اسکول برائے طالبات کھولتی ہے جو تین سال بعد ہائی درجہ تک پہنچ جاتا ہے ۔

14 اگست 1947ء کو ہندوستان کا وسیع و عریض ملک دو حصوں میں تقسیم ہو جاتا ہے اور پاکستان قائدِ اعظم کی زیرِ قیادت معرضِ وجود میں آجاتا ہے ۔ یہاں کے ہندو اور سکھ نقل مکانی کر کے بھارت چلے جاتے ہیں ۔

1955ء میں پسرور کے لوگوں کو بجلی کی سہولت میسر ہوئی ۔ 1960ء میں ڈسٹرکٹ بورڈ سیالکوٹ یہاں ایک انٹرمیڈیٹ کالج قائم کرتا ہے ۔ 1970ء میں طالبات کے لیے حکومت انٹرمیڈیٹ کالج قائم کرتی ہے ۔ 1974ء میں پہلی بار پسرور کی سرزمین سے ایک ہفت روزہ اخبار سوشل ویلفیئر کونسل پسرور کے تحت آغا وفا ابدالی کی ادارت میں نوائے پسرور کے نام سے جاری ہوتا ہے ۔ اسی دور میں سول ہسپتال اپنی مستقل پختہ عمارت میں منتقل ہوا ۔ یکم جنوری 1970ء کو پسرور میں اسسٹنٹ کمشنر کا عہدہ قائم ہوا ۔ 1977ء میں یہاں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کا تقرر ہوا ۔ 1959ء میں یہاں سرکاری سطح پر شوگر ملز قائم ہوئی ۔

تحصیل

53-1851ء میں ضلع سیالکوٹ میں سیالکوٹ ، ڈسکہ ، ظفروال اور پسرور تحصیلیں تھیں ۔ انگریزوں نے پسرور کو ضلع سیالکوٹ میں شامل کر کے اس کی وقعت کو کم کرنے کی کوشش کی جس میں وہ بڑی حد تک کامیاب رہے ۔ اگر پسرور کی وہ حیثیت برقرار رہتی جو اسے مغل عہد میں حاصل تھی تو یہ لازمی امر ہے کہ پسرور سیالکوٹ شہر کی طرح روز افزوں ترقی کرتا اور اس کی رونق میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا ۔ اسی دہائی میں تحصیل قائم کرتے وقت یہاں باقاعدہ عملہ بھی تعینات کیا گیا ، جو ایک تحصیل دار اور ایک نائب تحصیلدار پر مشتمل تھا ۔ تحصیلدار مجسٹریٹ درجہ دوم کے اختیارات رکھتا تھا جبکہ نائب تحصیلدار کو جوڈیشل اختیار حاصل نہیں تھے ۔ اس کے علاوہ 1880ء میں یہاں ایک منصف بھی موجود تھا جو قانون کے مطابق مقدمات کے فیصلے کیا کرتا تھا ۔

پچھلی صدی کی نویں دہائی میں تحصیل پسرور میں دو 37 اعزازی مجسٹریٹ بھی تھے جو قانون کے مطابق فیصلے کرتے تھے ۔ ان کے نام یہ ہیں :- (1) سردار بھگوان سنگھ : مجسٹریٹ درجہ سوم کے اختیارات ۔ کلال والہ یعنی کلاسن والا کا رہنے والا تھا ۔ (2) سردار رجپال سنگھ : سرانوالی میں عدالت لگاتا تھا ۔

تحصیل قائم کرنے سے حکومت کو اس علاقے سے بڑی آمدنی ہوئی ۔ یہاں کے لوگ بقول سیٹلمنٹ کمشنر مسٹر پرنسپ ، بڑے دھوکہ باز واقع ہوئے ہیں 38۔ 21 نومبر 1905ء کو سردار شیو دیو سنگھ مجسٹریٹ درجہ دوم اور سول جج درجہ سوم اعزازی طور پر مقرر ہوئے ۔ 1920ء میں بھی یہاں ایک اعزازی مجسٹریٹ تھے جنہیں درجہ دوم کے اختیارات حاصل تھے ۔ وہ سول جج بھی تھے ۔

1922ء میں منصف کی جگہ سول جج کا سرکاری طور پر تقرر ہوا ۔ یہ تبدیلی اس لیے رونما ہوئی کہ 1921ء میں لاہور چیف کورٹ کو لاہور ہائی کورٹ کا درجہ دے دیا گیا ۔ 25 اگست 1977ء کو سید مسعود الحسن شاہ سول جج پسرور کی حیثیت سے تشریف لائے ۔ حال ہی میں ان کا یہاں سے تبادلہ ہو گیا ہے ۔

پسرور کے بعض مقامی افراد بھی اپنے شہر میں اعزازی مجسٹریٹ رہے ہیں مثلاً :-

1۔ شیخ اصغر علی : 1938ء ۔ درجہ اول کے اختیارات حاصل تھے ۔ 2۔ (کرنل) خان محمد خاں ۔ 65-1962ء 3۔ شیخ عطاء اللہ : جون 1970ء سے اس اعزازی عہدہ پر فائز ہیں ۔

تحصیل پسرور کے چند تحصیلدار :-

(i) میر نثار علی : انہوں نے منشی امین چند ایکسٹرا اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کو 1854ء میں تاریخِ سیالکوٹ لکھنے میں مدد دی تھی ۔ (ii) دیوان فتح چند : جنوری 1897ء (iii) منشی فیروز الدین : 1897ء ۔ ضلع سیالکوٹ کے مسلمانوں نے ملکہ برطانیہ کے ساٹھ سالہ جشنِ تاجپوشی کے موقع پر 4 اپریل 1897ء کو سیالکوٹ میں ایک جلسہ کیا تھا ۔ اس اجلاس میں آپ نے بھی شرکت کی ۔ (iv) ولیس راج : جون 1905ء ۔ انہوں نے سرائے میں ایک کنواں بھی لگوایا تھا ۔ (v) کرم چند : 1940ء (vi) سردار کرتار سنگھ 42-1941ء (vii) اجیت سنگھ 1945ء (viii) پریتھم سنگھ 1945ء (ix) سردار ڈکاز اللہ 1947ء

نائب تحصیلدار : منشی رلارام ۔ 72-1970ء (2) لالہ دیوی داس 1897ء چند منصف صاحبان : (1) شیخ علی بخش 1905ء (2) جھنڈا سنگھ (3) نند لال (4) منشی محمد اشرف ، 1897ء ۔ سب جج صاحبان : ملک ٹیک چند 1934ء (2) لالہ پریتم سنگھ ، 1945ء (3) چوہدری محمد الدین بی اے ۔ ایل ایل بی ۔ 1946ء

یکم جنوری 1970ء کو یہاں اسسٹنٹ کمشنر کا عہدہ قائم ہوا ۔ سید آغا حیدر پی سی ایس پہلے اے ۔ سی تبدیل ہو کر یہاں آئے ۔ 7 اکتوبر کو ان کا یہاں سے تبادلہ ہو گیا ۔ ان کے بعد (2) مرزا محمد ابراہیم ۔ پی سی ایس 9 اکتوبر 1970ء کو یہاں آئے ۔ (3) رانا محمد نواز خاں پی سی ایس 19 دسمبر 1971ء کو تشریف لائے ۔ (4) نوید احسن سی ایس پی ۔ 25 نومبر 1971ء کو تبدیل ہو کر آئے ۔ (5) مولوی محمد اسلم : 18 جولائی 1972ء کو پسرور آئے ۔ (6) چوہدری محمد خلیل بھٹی : 29 مئی 1973ء کو آئے ۔ (7) چوہدری محمد ایوب 24 دسمبر 1974ء تا 20 نومبر 1975ء ۔ (8) محمد اکرم 8 جنوری 1976ء تا 28 اگست 1977ء ۔ (9) سردار احمد شیر ۔ یکم ستمبر 1977ء تا 22 فروری 1978ء ۔

آپ کے بعد شیخ محمد اقبال 23 فروری 1978ء کو بطور اے سی یہاں تشریف لائے ۔ شیخ اقبال صاحب حال ہی میں تبدیل ہو کر شیخوپورہ تشریف لے گئے ہیں ۔ آپ کی جگہ عبد المجید جمیل صاحب اسسٹنٹ کمشنر کی حیثیت سے تشریف لائے ہیں ۔ جمیل صاحب (پ 4 اکتوبر 1923ء) چوہدری فضل کریم (المتوفی 1950ء) کے صاحبزادے ہیں اور چک 47 فتح تحصیل حاصل پور کے رہنے والے ہیں ۔ چوہدری فضل کریم کو منڈی حاصل پور کی بنیاد رکھنے اور اس منڈی کو جدید اور معروف بنانے کے صلے میں بابائے حاصل پور کے نام سے یاد کیے جاتے ہیں ۔ 20 جون 1980ء کو جمیل صاحب کی جگہ قاضی جاوید احمد تشریف لائے ہیں ۔

1970ء ہی میں یہاں ایک ریزیڈنٹ مجسٹریٹ کا عہدہ قائم ہوا اور چوہدری محمد لطیف سب سے پہلے آر ، ایم کی حیثیت سے تشریف لائے ۔ آپ کے بعد چند آنے والے ریزیڈنٹ مجسٹریٹ صاحبان یہ ہیں : قیصر امین ، مظفر اللہ چیمہ ، آغا جاوید ، سید ظفر عباس ۔ سلطان محمود مہر ، حال ہی میں سلطان محمود مہر کی جگہ عبدالوہاب خاں تشریف لائے ہیں ۔ موصوف ایم ۔ اے عربی اور اسلامک سٹڈیز ہیں ۔

جمیل احمد 1971ء سے 1980ء تک یہاں تحصیلدار کے عہدہ پر فائز رہے ۔ ان کی جگہ سید نجم الحسن نقوی آئے ہیں ۔ حکیم امجد حسین نائب تحصیلدار ہیں ۔

آزادی سے قبل یہاں کے معروف وکلاء یہ تھے :- لالہ رلارام تکیار ۔ لالہ رام چند تلک ۔ لالہ چرن جیت لال کھتری ۔ لالہ روشن لال تگیار ۔ لالہ منوہر لال ۔ لالہ رتن چند ۔ کرتار سنگھ بھلا ۔

ریسٹ ہاؤس

ڈسٹرکٹ بورڈ ایکٹ دسمبر 1883ء میں پاس ہوا ۔ مگر اس کا نفاذ یکم مارچ 1884ء کو عمل میں آیا ۔ اس بورڈ نے پچھلی صدی کے آخری سالوں میں پسرور میں تحصیل کے قریب افسران کی رہائش کے لیے ایک ریسٹ ہاؤس تعمیر کیا ۔ آج بھی یہ ریسٹ ہاؤس موجود ہے ۔ غلام حسین بھلا چوکیدار ہے جو گورنمنٹ انٹرمیڈیٹ کالج پسرور میں دس سال باورچی گیری کرنے کے بعد مستعفی ہو کر 1934ء میں ریسٹ ہاؤس کا چوکیدار مقرر ہوا ۔ بقول غلام حسین پی ڈبلیو ڈی نے 1925ء میں اس ریسٹ ہاؤس کو اپنی تحویل میں لے لیا تھا اور ابھی تک اسی کے زیر ہے ۔

مآخذ

1۔ سیالکوٹ ڈسٹرکٹ گزٹیر 84-1883ء لاہور 1884ء ۔ صفحہ 4

2۔ گیزیٹیر آف دی سیالکوٹ ڈسٹرکٹ کمپٹیشن جے آر ۔ ڈنلپ اسمتھ 95-1894ء لاہور 1895ء صفحہ 21 اور سیالکوٹ ڈسٹرکٹ گیزیٹیر 84-1883ء لاہور 1884ء صفحہ 13

3۔ تذکرہ حضرت امام سیدنا علی الحق از میاں اخلاق احمد 333 شاد باغ لاہور 1978ء صفحہ 22-68 ۔

4- The Memoirs of Babur - Annette S. Beveridge. London: FAS III P=453. تزکِ بابری کا فرانسیسی ترجمہ A PAVET DE COURTEILLE نے کیا تھا ۔ اس کے صفحہ 138 پر PERSEROUR لکھا ہے ۔

5۔ تاریخِ فرشتہ : مترجم عبدالحی خواجہ ۔ لاہور 1962ء ص 649 - فارسی نسخہ ۔ تاریخ فرشتہ ۔ جلد اول ۔ مقالہ دوم ، ص 37 -

6۔ سیالکوٹ ڈسٹرکٹ گزٹیر 84-1883ء لاہور ص 13 -

7۔ سیالکوٹ ڈسٹرکٹ گزٹیر میں بارہ برس بعد کا ذکر ہے جو صحیح نہیں ۔ کیونکہ بابر 1540ء میں جنگِ قنوج میں شکست کھانے کے بعد دسمبر 1555ء میں قسمت آزمائی کے لیے پشاور پہنچتا ہے اور فروری 1555ء میں لاہور پر قبضہ کرتا ہے ۔

8۔ انڈیا آف اورنگ زیب (انگریزی) جادوناتھ سرکار ۔ کلکتہ 1901ء باب : دوم ۔ صفحہ 15

9۔ آئین اکبری ۔ بیفن ۔ ایشیاٹک سوسائٹی آف بنگال ۔ کلکتہ 1873ء ۔ جلد اول صفحہ 34

10۔ مآثر الامراء ۔ صمصام الدولہ شاہنواز خاں ۔ مرکزی اردو بورڈ لاہور 1968ء جلد 3 ۔ ص 191 -

11۔ روایت ہے کہ قلعہ دیوی موئی خاں کے بانی نواب موئی خاں نے یہ مسجد تعمیر کرائی تھی ۔

12۔ تاریخِ سیالکوٹ ۔ منشی امین چند ۔ ص 3

13۔ سیالکوٹ ڈسٹرکٹ گزٹیر 84-1883ء لاہور 1884ء ص 6

14۔ تواریخِ سیالکوٹ ۔ عبد الصمد غلام محمد

15۔ سیالکوٹ ڈسٹرکٹ گزٹیر لاہور 1884ء ص 15

16۔ تاریخِ سیالکوٹ ۔ منشی امین چند ۔ ص 4

17۔ فرحت الناظرین ص 81 بحوالہ چار باغِ پنجاب گنیش داس وڈہرہ ۔ مرتبہ کرپال سنگھ ۔ امرتسر 1965ء

18۔ عبرت نامہ ۔ محمد قاسم عبرت لاہوری ۔ مرتبہ ڈاکٹر ظہور الدین احمد ۔ ادارہ تحقیقاتِ پاکستان دانشگاہ پنجاب لاہور ، 1977ء ص 66

19- A Book of Readings on the History of the Punjab 1799 - 1947 - Ikram Ali Malik Research Society of Pak. University of Panjab - Lahore - 1970 P=xx to xxxii.

20۔ کئی تاریخیوں میں اس کی بجائے ایمن آباد کا علاقہ ہے ۔ دیکھئے : Studies in Indo-Muslim History by S.H. Hodivala - Bombay - 1939. P. 690 and History of India by Elliot and Dowson Vol. VIII P. 115.

21۔ یہ شہر نارووال ۔ لاہور ریلوے لائن پر بیجووالی سے چند فرلانگ کے فاصلے پر چند گھروں پر مشتمل ایک مختصر سے گاؤں کی شکل میں ان دنوں موجود ہے ۔

22- History of India - Elliot and Dowson; V= 8 P = 115.

23- -Do- P= 95.

24۔ "سرزمینِ ظفروال" کے صفحہ 11 پر مؤلف آتش کاشمیری کہتے ہیں کہ رنجیت دیو بڑا عادل ، منصف اور رعایا پرور راجا تھا ۔ اور اس کے عہد میں رعایا کو مکمل آزادی تھی ، سراسر غلط ہے ۔

25۔ منشی امین چند کی تاریخِ سیالکوٹ اور سرکاری گزٹیر میں اسے نظر (NAR) سنگھ کے نام سے موسوم کیا گیا ہے ۔ مگر بوٹے شاہ کی قلمی تاریخِ پنجاب میں اسے ناہر سنگھ لکھا ہے جو صحیح معلوم ہوتا ہے کہ مترجم سید نوازش علی نے تذکرہ رؤسائے پنجاب میں ناہر سنگھ لکھا ہے ۔

26۔ تذکرہ رؤسائے پنجاب لاہور 1911ء جلد 2 ۔ ص 637

27۔ امپیریل گیزیٹیر آف انڈیا ۔ آکسفورڈ ۔ 1908ء جلد 22 ۔ ص 328

28۔ تاریخِ پنجاب (قلمی) بوٹے شاہ ۔ صفحہ 223

29۔ تاریخِ سیالکوٹ ۔ منشی امین چند ، صفحہ 20-19

30۔ عبرت نامہ ۔ مفتی علی الدین ۔ مرتبہ ڈاکٹر محمد باقر ۔ پنجابی ادبی اکادمی لاہور 1961ء ص 405

31۔ تاریخِ سیالکوٹ ۔ منشی امین چند ۔ ص 20-19

32۔ امرتسر ڈسٹرکٹ گزٹیر ۔ 1914/A لاہور 1914ء ص 21

33۔ رپورٹ مجموعی انتظامِ ممالکِ پنجاب 67-1866ء لاہور ص 81 ۔ "سرزمینِ ظفروال" نامی تصنیف کے صفحہ 62 پر بتایا گیا ہے کہ 1858ء ہی میں بندوبست مکمل کر لیا تھا ، جو سراسر غلط ہے ۔

34۔ تاریخِ سیالکوٹ ۔ منشی امین چند ۔ صفحہ 160-158

35۔ رپورٹ مجموعی انتظامِ ممالکِ پنجاب 66-1865ء لاہور 1866ء ص 189

36۔ روئدادِ جلسہ عام مسلمانان ضلع سیالکوٹ 4 اپریل ، 1897ء پنجاب پریس ۔ سیالکوٹ ۔ صفحہ نمبر 19 -

37۔ سیالکوٹ ڈسٹرکٹ گزٹیر 84-1883ء لاہور ۔ صفحہ 84

38۔ ڈسٹرکٹ گزٹیر سیالکوٹ 84-1883ء لاہور ص 107 - اصل عبارت ملاحظہ ہو :-

"Pasrur notwithstanding that it is the chief market for the central tracts, does not thrive: many of the houses are fallen into decay, and even the wealthier marchants seem to be losing their position and cradit. Its inhabitants are distinguished for the paractice of fraud: this one twon being the source of more litigation under British rule than all the towns of the Distt. put together"

39۔ روئدادِ جلسہ عام مسلمانانِ ضلع سیالکوٹ ، 1897ء

نوٹ برائے قارئین و محققین:

یہ تاریخی دستاویز اصل مطبوعہ کتاب سے من و عن قارئین کی علمی و تحقیقی رہنمائی کے لیے ڈیجیٹائز کی گئی ہے۔ اگر کوئی غلطی ہوئی ہے تو یہ ٹائپنگ کی غلطی ہو سکتی ہے۔ اگر کسی صاحبِ علم کو کسی مقام پر املا، تاریخ یا نام میں سہو نظر آئے تو برائے مہربانی تصحیح کے لیے ادارہ اپنا پسرور (pasrur.pk) کو مطلع فرمائیں تاکہ اسے فوری درست کیا جا سکے۔

← پچھلی قسط (1) سلسلہ تاریخِ پسرور — قسط 2 از 16 اگلی قسط (3) →

اپنا پسرور کا آفیشل واٹس ایپ چینل فالو کریں

تمام بریکنگ نیوز، فوری الرٹس اور تصویری خبریں براہِ راست اپنے واٹس ایپ پر مفت پائیں

چینل جوائن کریں ↗

شاید آپ یہ بھی پڑھنا چاہیں

تمام خبریں دیکھیں
28 نومبر 2026•1 گھنٹے پہلے•عائشہ نور

پنجاب: ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں 30 دن کی توسیع

پنجاب میں کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر عائد پابندی میں 30 دن کی توسیع کر دی گئی۔

28 نومبر 2026•2 گھنٹے پہلے•طاہر محمود

لاہور: سیف سٹی پولیس نے دس سال سے لاپتہ خاتون کے اہلخانہ سے ملوادیا

لاہور(28 نومبر 2026): لاہور سیف سٹی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دس سال قبل لاپتہ ہونے والی خاتون کا سراغ لگا کر اسے بحفاظت اہلخانہ کے سپرد کر دیا۔

28 نومبر 2026•3 گھنٹے پہلے•وقاص احمد

منشیات فروش معاشرے کا ناسور

منشیات فروش معاشرے کا ناسور

28 نومبر 2026•3 گھنٹے پہلے•عائشہ نور

پی ایس ایل 12: ٹم پین ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ برقرار

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز ملتان سلطانز نے پی ایس ایل 12 کےلیے بھی سابق آسٹریلوی کپتان ٹم پین کو کوچ برقرار رکھا۔

28 نومبر 2026•4 گھنٹے پہلے•وقاص احمد

منشیات فروش معاشرے کا ناسور

منشیات فروش معاشرے کا ناسور

28 نومبر 2026•4 گھنٹے پہلے•طاہر محمود

شہری گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک لگائیں، لاہور میں اعلان

لاہور: لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک سطح پر پہنچ گئی ہے، اے کیو آئی 330 ریکارڈ کی گئی۔

تاریخِ پسرور (قسط 2): باب اول — وجہ تسمیہ، حدود اربعہ، تاریخی واقعات اور مٹیکا کا واقعہ — صفحات 17 تا 40 | اپنا پسرور