تاریخِ پسرور (قسط 1): پیش لفظ، مقدمہ اور تعارفِ پسرور — صفحات 1 تا 16

کتاب: تاریخِ پسرور (مستند دستاویزی اشاعت)
مصنف: ڈاکٹر سید سلطان محمود حسین (ماہرِ اقبالیات، سوانح نگار و مؤرخ) | ناشر: سنگ میل پبلی کیشنز، لاہور
کتاب کا حوالہ صفحہ نمبر: صفحات 1 تا 16 | سلسلہ اشاعت: قسط 1 از 16
تاریخِ پسرور
ڈاکٹر سید سلطان محمود حسین
سنگ میل پبلی کیشنز، چوک اردو بازار، لاہور
جملہ حقوق بحقِ مصنف محفوظ ہیں
اشاعتِ اوّل : اپریل 1987ء
ناشر : نیاز احمد
پبلشرز : سنگ میل پبلی کیشنز، لاہور
پرنٹرز : زاہد بشیر پرنٹرز لاہور
کتابت : محمد اشفاق زاہد پسروری
انتساب
شمس العلماء مولوی سید میر حسن کے نام
فہرست
(i) عرضِ مصنف ......................................................... 7
(ii) مقدمہ : ایس انوار الحق ........................................... 13
(iii) تعارف : کرنل کے ایم خاں (صدر سوشل ویلفیئر کونسل) ................ 14
1. پسرور — تاریخ کی روشنی میں ......................................... 17
2. میونسپل کمیٹی - مارکیٹ کمیٹی ....................................... 41
3. تعلیم - صحافت - چھاپہ خانہ - کتب خانے - مخطوطات - رفاہی ادارے اور مخیر حضرات ..... 50
4. صحت ................................................................ 107
5. پولیس .............................................................. 112
6. مواصلات ............................................................ 115
7. زراعت - صنعت و حرفت - بینکاری ...................................... 121
8. عبادت گاہیں - قبرستان - شہر کے قدیم دروازے - مزارات - تاریخی آثار ..... 133
9. جماعتیں اور تنظیمیں ................................................ 142
10. پسرور کے نوجوان میدانِ جنگ میں .................................... 176
11. آبادی - پیدائش و اموات - آفاتِ ارضی و سماوی ....................... 184
12. شخصیات :- ......................................................... 191
(i) عہد قدیم - ابتدا تا 1848ء ..................................... 191
(ii) عہد جدید - 1848ء تا حال
(الف) علماء، فضلاء اور فقرا ....................................... 221
(ب) مصنفین ، مؤلفین اور شعرا ...................................... 246
(ج) سماجی، سیاسی اور دیگر مشاہیر .................................. 291
13. کتابیات ........................................................... 326
عرضِ مصنف
جنوری 1976ء میں راقم کالج میں اپنی تقرری کے سلسلے میں پہلی بار پسرور میں وارد ہوا۔ شہر کو ایک اونچے ٹیلے پر دیکھ کر اور چھوٹی اینٹ کی پختہ حویلیوں، ٹوٹی پھوٹی دیواروں، چھوٹی اینٹ سے پیوند یافتہ شکستہ گلیوں، بازاروں اور ٹیڑھے میڑھے راستوں سے اس کی قدامت کا احساس ہوا۔ انہی دنوں اپنے مقامی کالج کے میگزین "محافظ" کا شمارہ 5، 1974-75ء دیکھنے کا اتفاق ہوا۔ اس میں نوجوان شاعر طاہر نظامی کے قلم سے پسرور کے شعراء سے متعلق ایک مختصر مگر جامع تذکرہ پڑھ کر شہر کی علمی اور ادبی حیثیت سے آگاہی ہوئی۔ اردو فارسی کے مشہور و معروف شاعر جناب ضیاء محمد ضیاء سے بھی ایک علم دوست ساتھی کی معرفت جلد تعارف پیدا ہو گیا۔ اس کے علاوہ جناب طاہر شادانی اور جناب رضی شیرازی جیسی شخصیتوں سے ملاقات ہوئی اور معلوم ہوا کہ ادب میں بھی اس شہر کا کچھ مقام ہے۔ یہ سب حضرات قبل ازیں راقم کی تالیف "تاریخ رائے ونڈ" کو دیکھ چکے تھے۔ ان احباب نے مجھ سے خواہش کی کہ اسی طرز پر ان کے شہر "پسرور" کی تاریخ کو بھی اپنی تحقیق کا موضوع بناؤں۔ میں نے اپنے ان محترم دوستوں کی خواہش کے پیشِ نظر "تاریخِ پسرور" مرتب کرنے کی حامی بھر لی اور اپنے کام کا آغاز کر دیا۔
تحقیق کے دوران میں نے محسوس کیا کہ سیالکوٹ کی طرح پسرور بھی ایک مردم خیز شہر ہے۔ زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگ یہاں پیدا ہوئے اور اپنی یادیں چھوڑ کر گمنامی کے پردے میں جا چھپے۔ ماضی کے دھندلکوں میں گھرے ہوئے مشاہیر کا سراغ لگانا اور ان کی زندگی کے حالات و واقعات کو محفوظ کرنا ہر زندہ قوم کا فرض ہے۔ کیونکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یادوں کے نقوش دھندلا جاتے ہیں اور تاریخ کی کڑیاں ماضی کے اندھیروں میں گم ہو کر رہ جاتی ہیں۔ اس وقت مورخ کو ٹھوکریں کھانے کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ تاریخِ پسرور مرتب کرنے کا مقصد ہی یہ ہے کہ آنے والی نسلوں کے لیے اس تاریخی شہر کے قدیم اور جدید عہد کی ایک ایک چیز کتابی صورت میں محفوظ ہو جائے۔ کیوں کہ انسان اپنی طبعی عمر گزار کر موت کی آغوش میں سو جاتا ہے۔ مگر تاریخ کے اوراق میں محفوظ کی ہوئی ہر چیز ہمیشہ کے لیے باقی رہتی ہے۔
تاریخ نویسی کے لیے ضروری ہے کہ :-
1۔ قیاس آرائی پر تکیہ نہ کیا جائے۔ اگر قیاس یا روایت کو مجبورا ً اپنانا پڑے تو اسے علم و دانش کی کسوٹی پر پرکھ لیا جائے۔ یہ ہی فنِ درایت ہے جسے مسلمانوں نے حدیثِ نبویؐ کے لیے شروع کیا تھا۔
2۔ قدرت کی طرف سے یہ انتظام ہے کہ ہر علاقے ، ملک اور شخص کی تاریخ غیر شعوری طور پر مرتب ہو رہی ہے۔ کوئی بات پوشیدہ نہیں رہتی۔ ایک بالغ نظر مورخ اور محقق حالات و واقعات کے ایک ایک جز کو مطبوعہ اور غیر مطبوعہ تحریروں اور بوڑھے بوڑھوں کی زبانی معلوم کر لیتا ہے اور پھر اسے سلیقے سے ترتیب دے کر عوام کے سامنے پیش کر دیتا ہے۔
3۔ حقیقی مورخ اور محقق کا بنیادی اصول غیر جانبداری ہے۔ ایک صحیح مورخ ہر چیز، واقعہ اور شخصیت کو غیر جانبدار رہ کر پرکھتا ہے اور واقعات کو معروضی انداز میں پیش کرتا ہے۔ تاریخ نویسی میں جہاں بھی جانبداری کا مظاہرہ ہوا ، وہ تاریخ ، تاریخ نہیں رہتی بلکہ خوشامد کا دفتر اور ذاتی تاثرات کا ایک مجموعہ بن جاتی ہے۔
4۔ ایک مورخ کے تحقیقی کام کی سند اس دور کے عوام میں اس کی مقبولیت یا پریس سے منسلک چند اجارہ داروں کی ذاتی پسند نہیں ، بلکہ ایک نقاد کو یہ دیکھنا چاہیے کہ آیا یہ تحقیقی کام ایک صدی یا دو صدی بعد آنے والے مورخ کے ذہن میں پیدا ہونے والے سوالات کا اطمینان بخش جواب دے سکتا ہے ؟ کیا مستقبل کے مورخ اور محقق کے لیے اس کا جمع کیا ہوا مواد اس کے تحقیقی کام میں مفید اور معاون ثابت ہو سکتا ہے ؟
پسرور کی تاریخ مرتب کرتے وقت میں نے سب سے پہلے تاریخ کی ورق گردانی کی ہے۔ تاریخی اسناد و شواہد ہی کو بنیاد بنا کر میں نے اپنی تاریخ کی عمارت کھڑی کی ہے۔ میں نے ایسے مستند تاریخی حوالوں پر انحصار کیا ہے جنہیں کوئی بھی علمی ذہن ٹھکرانے کی جرات نہیں کر سکتا۔ پسرور کی قدامت کے متعلق عام روایت یہ ہے کہ یہ شہر قبل از مسیح کا ہے۔ میں اس قیاس پر یقین نہیں کرتا۔ تاریخ قیاس آرائی کو اپنے اوراق میں جگہ نہیں دیتی ، وہ حقائق چاہتی ہے۔ "فرحت الناظرین" کے مصنف قاضی محمد اسلم کے بیان کے مطابق پسرور "عہدِ غزنوی" میں آباد ہوا تھا۔ اس کے علاوہ ہمیں تاریخ میں امام میراں برخوردار کی شخصیت نظر آتی ہے جو مغل دور سے قبل ہو گزرے ہیں۔ امام صاحب کا دور ابھی تک صحیح طور پر متعین نہیں کیا جا سکا۔ اس لیے ہم "فرحت الناظرین" کے مصنف کے بیان کو صحیح تسلیم کرنے پر مجبور ہیں۔
اس سے پیچھے جانا کسی طرح مناسب نہیں ، جہاں تک پسرور کے نام کا تعلق ہے۔ اس بارے میں یہ حقیقت اظہر من الشمس ہے کہ اس کا پہلا نام "پُر سرور" تھا جو انیسویں صدی کے وسط تک مستعمل رہا۔ یہاں کے رتو راجپوت گھرانے میں ایسی دستاویزات (تحریریں) اب تک اس نام کی موجود ہیں۔ تاریخ میں پہلی بار "پُر سرور" کا نام اس وقت دیکھنے میں آتا ہے جب بابر پانی پت کی پہلی لڑائی سے قبل یہاں ایک رات کے لیے قیام کرتا ہے اور لاہور سے آئے ہوئے سردار یہاں اس سے آکر ملتے ہیں۔ اکبری عہد میں "پُر سرور" غلہ کی ایک اہم منڈی تھی۔ "آئین اکبری" سے اس امر کی تصدیق ہوتی ہے۔ اکبر اعظم سے لے کر عالمگیری عہد تک یہاں چند تعمیراتی کاموں کا ڈسٹرکٹ گزٹیر سے پتہ چلتا ہے۔ مغلوں کے عہدِ زوال کا مشہور و معروف فارسی شاعر دلشاد پسروری حافظ محمود شیرانی کی معروف تالیف "پنجاب میں اردو" کے ذریعے ہمارے سامنے آتا ہے۔ مقامِ مسرت ہے کہ دلشاد پسروری کے آبا و اجداد اور اس کی اولاد کی تفصیلات تک رسائی حاصل ہو گئی ہے۔ اس دور کی دو اور علمی شخصیتیں محمد مقیم اور احمد اپنی تحریروں میں "پُر سرور" کا ذکر کرتی ہیں۔ ان تینوں اصحاب کی نگارشات سے یہ بات بھی معلوم ہوتی ہے کہ ان دنوں "پُر سرور" پنجاب بھر میں فنِ خطاطی اور خوش نویسی کا ایک بڑا مرکز تھا۔ موجودہ صدی کی پہلی چوتھائی کی قلمی تحریروں سے بھی یہ حقیقت عیاں ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ "پُر سرور" ان دنوں پنجاب کا ایک ضلع (محال) تھا اور خود مختار تھا۔ کسی دوسرے علاقے کے زیرِ انتظام نہ تھا۔ انگریزوں نے اپنے ضلع سیالکوٹ میں ضم کر کے اس کی جداگانہ حیثیت کو کم کرنے کی کوشش کی جس میں وہ بڑی حد تک کامیاب رہے۔ الغرض میں نے ابتدا سے لے کر موجودہ دور تک کی ہر اُس چیز کو اپنی تالیف میں سمیٹنے کی کوشش کی ہے جو کسی نہ کسی حیثیت سے تاریخی اہمیت کی حامل ہے اور جس کی آنے والے مورخ و محقق کو کبھی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
تاریخِ پسرور مرتب کرتے ہوئے مجھے ان گنت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی لوگ ایسے بھی ملے جو اپنے باپ دادا کے بارے میں کچھ نہ جانتے تھے۔ بعض عمر رسیدہ لوگوں کو تو اپنے دادا کا نام بھی معلوم نہ تھا! ہماری قوم اس معاملے میں کتنی پیچھے ہے۔ ہمیں معلوم نہیں کہ ہمارے اسلاف کون تھے ؟ کیا تھے ؟ انہوں نے کس طرح زندگی بسر کی ؟ حقیقت یہ ہے کہ بزرگوں کے کارنامے اور روایات یاد رکھنے یا بھلا دینے میں ہی قوموں کی حیات و ممات کا راز مضمر ہے۔ مولانا شبلی نعمانی اپنے ایک خطبے میں کہتے ہیں :
"دنیا میں اگر قومیں زندہ ہیں تو بزرگوں کے کارنامے یاد رکھنے سے، مر گئی ہیں تو بزرگوں کے نام بھول جانے سے۔"
کاش تقسیمِ ملک سے قبل تاریخی ذوق رکھنے والا کوئی شخص یہاں کی تاریخ مرتب کر کے سرخرو ہوتا!۔ اس لیے کہ اس وقت ہندو بھی پسرور میں آرام و سکون کی زندگی بسر کر رہے تھے۔ اس شہر کی تعمیر و ترقی میں ان کا بھی گہرا دخل رہا ہے۔ یہاں کے سکھوں کو بھی خصوصی اہمیت حاصل تھی۔ ان غیر مسلموں کی موجودگی میں یہ تاریخ بڑی ٹھوس اور جامع ہوتی اور مسلم شخصیات کے ساتھ ساتھ تاریخی اہمیت کے حامل غیر مسلم افراد کا تذکرہ بھی محفوظ ہو جاتا۔ بہرحال آزادی کے 32 برس بعد اس ناچیز نے یہاں کی تاریخ مرتب کرتے وقت غیر مسلم مشاہیر کو بھی نظر انداز نہیں کیا۔ میری یہ انتہائی کوشش رہی کہ مذہب سے قطع نظر تاریخی اہمیت کی حامل ہر شخصیت کو اس کتاب میں مناسب جگہ دی جائے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ پسرور کی فضا میں صرف مسلمان ہی سانس نہیں لیتے تھے بلکہ ہندو اور سکھ بھی خوش و خرم زندگی بسر کرتے تھے اور وہ بھی تاریخ کا ایک حصہ تھے۔
شخصیات کے سلسلے میں، میں یہ عرض کر دینا مناسب سمجھتا ہوں کہ میں نے مقامی تعلیمی اداروں کے ریکارڈ، میونسپل کمیٹی پسرور کے رجسٹر اموات و پیدائش اور ان کی اولاد اور قرابت دار عزیزوں سے معلومات حاصل کر کے ان کے سوانح مرتب کیے ہیں۔ اس کے علاوہ قدیم دستاویزات سے بھی استفادہ کیا ہے۔ اخبارات میں مراسلے شائع کروا کر ملکی سطح پر مواد حاصل کرنے کی سعی کی ہے۔ غیر مسلم افراد کے سلسلے میں، میں نے پنڈت مایا دھاری جن کا حال مقیم نئی دہلی سے بھی بذریعہ مراسلت مدد لی ہے۔ جس کے لیے ان کا احسان مند ہوں۔ اس کے علاوہ وہ تمام اصحاب بھی دلی شکریے کے مستحق ہیں جنہوں نے مطلوبہ معلومات فراہم کر کے مجھے اس کتاب کو مکمل کرنے کے قابل بنایا۔
آخر میں، میں اپنے علم دوست رفیق جناب ضیاء محمد ضیاء کا صمیمِ قلب سے سپاس گزار ہوں کہ انہوں نے اس کتاب کی نوک پلک سنوارنے اور اس کی تسوید کو زبان و بیان کے اعتبار سے بہتر بنانے میں معاونت فرمائی۔ ان کے علاوہ محترم جناب رفیق احمد چودھری پروفیسر اسلامیات، محترم رضی شیرازی اور طاہر نظامی کا بھی ممنون ہوں کہ وہ اس کتاب کی ترتیب و تدوین میں مجھے وقتاً فوقتاً اپنے گرانقدر مشوروں سے نوازتے رہے۔ محترم طاہر شادانی کے مشوروں سے بھی گاہے بگاہے استفادہ کرتا رہا۔ ان دوستوں سے اس کتاب کے موضوع پر تبادلۂ خیال کرتے وقت ہمیشہ اپنے ذہن کو تازہ اور توانا محسوس کیا۔ اسی ضمن میں راقم پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم صاحب ، اُستاد تاریخ پنجاب یونیورسٹی لاہور کا شکر گزار ہے جنہوں نے ازراہِ کرم کتاب کے مسودہ کے جستہ جستہ حصے ملاحظہ فرما کر مفید مشوروں سے نوازا۔
کتاب ہذا کی طباعت و اشاعت کے سلسلے میں، میں کرنل خان محمد خان ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی پسرور کا ممنون ہوں کہ انہوں نے کونسل کی جانب سے اسے منصۂ شہود پر لانے کا اہتمام کیا۔ بالخصوص عالی مرتبت جناب جسٹس ایس انوار الحق چیف جسٹس ، سپریم کورٹ آف پاکستان کا صدقِ دل سے سپاس گزار ہوں کہ آپ نے مجھ جیسے معمولی مصنف کی اس معمولی کاوش پر تقریظی الفاظ تحریر فرما کر میری عزت افزائی کی۔
میں اپنی اس تصنیف کو حرفِ آخر نہیں کہتا۔ مجھے اپنی کم مائیگی کا احساس ہے۔ دنیا میں اگر کسی کتاب کو حرفِ آخر یا مکمل کہا جا سکتا ہے تو وہ صرف کلامِ الہی یعنی قرآنِ مجید ہے۔ تاریخِ پسرور ایک معمولی سا تحقیقاتی کام ہے۔ اگر کوئی صاحب تاریخی اسناد و شواہد کی بنا پر اس کی غلطیوں کی نشاندہی کریں تو مجھے خوشی ہو گی اور اگر کوئی بے جا تنقید کا نشانہ بنائے تو اس کا معاملہ میں خدا کے سپرد کرتا ہوں۔
ڈاکٹر سید سلطان محمود حسین
ایم ۔ اے : اردو ، انگریزی
پی ایچ ڈی ۔ اردو
لیکچرر ۔ اردو ۔ گورنمنٹ ڈگری کالج
پسرور (ضلع سیالکوٹ)
پاکستان
جولائی 1980ء
مقدمہ
ڈاکٹر سید سلطان محمود کی تالیف "تاریخِ پسرور" اس وقت میرے سامنے ہے اور میں اس کا تعارف کرتے ہوئے ایک گونہ خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ ایک تو اس لحاظ سے کہ اہلِ علم کی قدر افزائی ہم میں سے ہر شخص کا قومی فرض ہے دوسری وجہ پسرور کی سرزمین سے میرا پرانا ذاتی اور خاندانی تعلق ہے اور میں اپنی زندگی کے اوائل میں بقولِ شاعر :
ادھر سے بارہا آیا گیا ہوں
پسرور کے بارے میں سنا تھا کہ یہ ایک مردم خیز قصبہ ہے اور ماضی میں متعدد بلند وبالا علمی شخصیات کا مولد و مسکن رہ چکا ہے۔ تاریخِ پسرور کے مطالعہ سے اس قول کی تصدیق ہوتی ہے۔ اہلِ پسرور کو بالخصوص اور تاریخ و سیر کے موضوع سے دلچسپی رکھنے والے حضرات کو بالعموم مؤلفِ کتاب کا شکر گزار ہونا چاہیے کہ انہوں نے بڑی محنت اور کاوش سے پسرور کے ماضی اور حال پر اتنا مواد جمع کر دیا ہے اور اس شہر کی تاریخ کے گم شدہ اوراق کی از سرِ نو شیرازہ بندی کر کے اس قیمتی مواد کو ضائع ہونے سے بچا لیا ہے۔ یقیناً یہ ان کی بہت بڑی علمی خدمت ہے، مجھے امید ہے یہ کتاب اہلِ ذوق سے خاطر خواہ پذیرائی حاصل کرے گی۔
انوار الحق
چیف جسٹس پاکستان
راولپنڈی
10 جولائی 1980ء
سوشل ویلفیئر کونسل (رجسٹرڈ) پسرور
تعارف
تاریخِ پسرور ایک ایسا کارِ نمایاں ہے جس پر نہ صرف مؤرخ بلکہ ہم سب بجا طور پر نازاں ہیں۔ مؤرخ کی ان تھک ، بے لاگ ، محققانہ کاوش قابلِ صد ستائش ہے اور وہ صحیح معنوں میں مبارکباد کے مستحق ہیں۔
ڈاکٹر سید سلطان محمود کی پسرور سے وابستگی صرف قلیل عرصہ ملازمت ہی تک محدود ہے۔ اس کے باوجود ان کی یہ خدمت اس بات کا بیّن ثبوت ہے کہ وہ علمِ تاریخ سے گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ ہم ان کی تالیف دیکھ کر اس بات کا بخوبی اندازہ کر سکتے ہیں کہ وہ اسے مرتب کرنے میں کن کن مراحل سے گزرے اور انہیں کہاں کہاں کے چکر کاٹنے پڑے ہوں گے، کبھی کار آمد اور کبھی بے سود۔ اس کے باوجود عرصہ دو سال سے کم میں اس ضخیم کتاب کا اس قدر حقائق سے پیش کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے۔
یہ تاریخ نہ صرف موجودہ نسل کے لیے دلچسپ تاریخی مطالعہ پیش کرے گی بلکہ آئندہ نسل کے لیے بھی مشعلِ راہ ثابت ہوگی اور وہ اپنے اسلاف کے کارہائے نمایاں سے سبق حاصل کرتے ہوئے اپنی منزل کا صحیح تعین کریں گے۔
ڈاکٹر موصوف نے کتابی مسودہ تیار کر کے سوشل ویلفیئر کونسل رجسٹرڈ پسرور کی طرف رجوع کیا تاکہ اسے عملی جامہ پہنانے میں ان کا ساتھ دیا جائے۔ اپنی گذشتہ روایات کے مدنظر اور محدود مالی وسائل کے باوجود کونسل نے حامی بھر لی۔
چنانچہ اللہ کے فضل و کرم سے آپ کے ہاتھ میں کتاب اسی محنت کا نتیجہ ہے۔ اللہ تعالیٰ ہماری کاوش کو شرفِ قبولیت بخشے۔ آمین، ثم آمین۔ میں جناب شیخ انوار الحق چیف جسٹس پاکستان کا دلی شکر گزار ہوں جنہوں نے ازراہِ نوازش ہماری درخواست پر اس کتاب کا مقدمہ لکھا۔ اللہ تعالیٰ انہیں جزائے خیر دے۔ ان کی یہ حوصلہ افزائی نہ صرف کونسل بلکہ تمام اہلِ پسرور کے ارادوں کو تقویت بخشے گی۔
(انشاء اللہ تعالیٰ)
لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ کے ۔ ایم ۔ خان
صدر سوشل ویلفیئر کونسل پسرور
11 جولائی 1980ء
نوٹ برائے قارئین و محققین:
یہ تاریخی دستاویز اصل مطبوعہ کتاب سے من و عن قارئین کی علمی و تحقیقی رہنمائی کے لیے ڈیجیٹائز کی گئی ہے۔ اگر کوئی غلطی ہوئی ہے تو یہ ٹائپنگ کی غلطی ہو سکتی ہے۔ اگر کسی صاحبِ علم کو کسی مقام پر املا، تاریخ یا نام میں سہو نظر آئے تو برائے مہربانی تصحیح کے لیے ادارہ اپنا پسرور (pasrur.pk) کو مطلع فرمائیں تاکہ اسے فوری درست کیا جا سکے۔
اپنا پسرور کا آفیشل واٹس ایپ چینل فالو کریں
تمام بریکنگ نیوز، فوری الرٹس اور تصویری خبریں براہِ راست اپنے واٹس ایپ پر مفت پائیں








