مٹی کی خوشبو اور بچھڑے آنگن کی تڑپ، واہگہ پار سے آئے سکھ یاتریوں کی کہانی

📌 اہم نکات (خلاصہ):
- بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے ان یاتریوں کے لیے یہ سفر محض مذہبی زیارت نہیں بلکہ ایک جذباتی واپسی بھی۔
- یہی یادیں اگلی نسل تک منتقل ہوتی رہیں۔
- اب جب یہ لوگ پاکستان پہنچتے ہیں تو ان کے دل میں ایک ہی سوال اٹھتا ہے کہ کیا انہیں چند گھنٹوں کے لیے اس گاؤں، اس گھر یا اس گلی میں جانے کی اجازت مل سکتی ہے جہاں ان کے بزرگوں نے زندگی کے بہترین دن گزارے تھے؟۔
اپنا پسرور (مانیٹرنگ ڈیسک): واہگرو جی کا خالصہ، واہگرو جی کی فتح کے نعروں سے جب واہگہ بارڈر کی فضا گونجتی ہے اور بھارت سے آنے والے سکھ یاتری پاکستان کی سرزمین پر قدم رکھتے ہیں تو ان کے چہروں پر خوشی کے ساتھ ایک عجیب سی اداسی بھی دکھائی دیتی ہے۔ کوئی نم آنکھوں سے اس مٹی کو دیکھتا ہے، کوئی بار بار زمین کی طرف نگاہ کرتا ہے اور کسی کے ذہن میں وہ گھر، گلیاں اور محلے گھوم رہے ہوتے ہیں جن کے قصے اس نے اپنے والدین اور دادا دادی سے سنتے ہوئے زندگی گزاری۔
بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے ان یاتریوں کے لیے یہ سفر محض مذہبی زیارت نہیں بلکہ ایک جذباتی واپسی بھی ہے۔ ان میں ایسے بزرگ شامل ہیں جنہوں نے تقسیم کے وقت ابھی بولنا بھی نہیں سیکھا تھا، لیکن ان کے والدین نے پاکستان میں گزرے بچپن، اپنے گھروں، کھیتوں، دکانوں اور گاؤں کی یادیں عمر بھر اپنے دلوں میں محفوظ رکھیں۔
یہی یادیں اگلی نسل تک منتقل ہوتی رہیں۔ کسی نے اپنے والد سے ملتان کی مشہور قلفی کے قصے سنے، کسی نے دادا سے لالہ موسیٰ کے بازاروں کا ذکر سنا اور کسی کی دادی نے راولپنڈی کے گھر اور محلے کی ایسی تصویریں ذہن میں بنائیں جو اس نے کبھی اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھیں۔
اب جب یہ لوگ پاکستان پہنچتے ہیں تو ان کے دل میں ایک ہی سوال اٹھتا ہے کہ کیا انہیں چند گھنٹوں کے لیے اس گاؤں، اس گھر یا اس گلی میں جانے کی اجازت مل سکتی ہے جہاں ان کے بزرگوں نے زندگی کے بہترین دن گزارے تھے؟
چھ ماہ کی عمر میں بچھڑنے والا اپنا گاؤں دیکھنے کا خواہش مند۔
یاتریوں کے قافلے میں شامل بزرگ میل سنگھ کی کہانی بھی تقسیم کے اسی درد کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کے والد کا نام جیمل سنگھ اور دادا کا نام ودھاوا سنگھ تھا۔ ان کا آبائی گاؤں پڈھیالہ تھا اور ان کی پیدائش بھی اسی سرزمین پر ہوئی تھی۔
میل سنگھ کے مطابق تقسیم کے وقت ان کی عمر صرف چھ ماہ تھی۔ انہیں پاکستان سے بچھڑنے کا کوئی ذاتی واقعہ یاد نہیں، لیکن ان کی والدہ نے بارہا اس سرزمین، اپنے گاؤں اور خاندان کے لوگوں کے بارے میں بتایا۔
والدین کی سنائی ہوئی باتیں سنتے سنتے ان کے دل میں اپنے آبائی علاقے کو دیکھنے کی خواہش پیدا ہوئی، جو وقت گزرنے کے ساتھ کم ہونے کے بجائے مزید بڑھتی گئی۔
اپنا پسرور کا آفیشل واٹس ایپ چینل فالو کریں
تمام بریکنگ نیوز، فوری الرٹس اور تصویری خبریں براہِ راست اپنے واٹس ایپ پر مفت پائیں











