ڈسکہ: Sialkot Police (DPO Office) - Official Updates. ڈسکہ روڈ پر شادی کی تقریب میں بھگدڑ، ؛ ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے پولیس اور ریسکیو 1122 کی مشترکہ امدادی کارروائیاں، زخمی ہسپتال منتقل، بیشتر کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا سیالکوٹ: ڈسکہ روڈ پر واقع فراز اسپورٹس اسٹیڈیم میں شادی کی مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے ابتدائی اطلاعات کے مطابق 14 افراد زخمی ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد، ڈی ایس پی صدر، ڈی ایس پی ڈسکہ، ایلیٹ فورس اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تقریب میں انعامی قرعہ اندازی کے لیے بڑی تعداد میں لوگ اسٹیڈیم کے باہر جمع تھے۔ گیٹ کھلنے پر اچانک بھگدڑ مچنے سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس اور ریسکیو 1122 نے مشترکہ امدادی کارروائیوں کے دوران زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا، جہاں بیشتر افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا جبکہ دیگر کا علاج جاری ہے۔ ڈی پی او کی ہدایت پر پولیس نے موقع پر سکیورٹی انتظامات سنبھال کر ہجوم کو کنٹرول کیا اور ریسکیو سرگرمیوں کی بلاتعطل انجام دہی یقینی بنائی۔ ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ترجمان سیالکوٹ پولیس