لاہور کی مصروفیات اور تقریبات (آخری قسط)

پسرور کا نمبر 1 ڈیجیٹل پورٹل - اشتہار کی جگہ
یہاں اپنا اشتہار یا بینر لگانے کے لیے ہم سے رابطہ کریں
📌 اہم نکات (خلاصہ):
- تقریب کی صدارت معروف اسکالر، مفکر اور دانشور پروفیسر احمد جاوید۔
- جن کے بارے میں خود چیمہ صاحب نے کہا کہ دل چاہتا ہے باقی زندگی ایسے بڑے اسکالر کے قدموں میں گذار دی جائے۔
- مقرّرین نے تینوں کتابوں جہدِ مسلسل (خودنوشت)، افکارِ تازہ اور ’سمجھتا ہوں جسے حق‘ کے مختلف پہلوؤں کا ذکر کیا۔
لاہور (خصوصی نامہ نگار): ماہِ اکتوبر میں میری نئی تصانیف پر دوسری بڑی تقریب قائداعظم لائبریری کے اقبال ہال میں منعقد ہوئی، اس تقریب کے بارے میں معروف صحافی اور کالم نگار منشا قاضی نے لکھا کہ ’’یہ تقریب محض چند کتابوں کی تقریب رونمائی یا رسمی پذیرائی نہ تھی بلکہ علم وادب، قانون وانصاف، سیاست و سماج سول وعسکری سروسز اور فکری بصیرت سے وابستہ نامور شخصیات کا ایک ایسا اجتماع تھا جس میں کتاب کے وسیلے سے کردار، سچائی، اصول پسندی، اور انسانی زندگی کے بنیادی سوالات بھی زیرِ بحث آئے۔
اقبال ہال میں تین گھنٹے تک جاری رہنے والی اس تقریب میں سامعین کی مسلسل موجودگی اور آخر تک ہال کا بھرا رہنا اس امر کی ثبوت تھا کہ اعلیٰ کردار کی حامل قابلِ اعتماد شخصیات اور ان کی تحریر کے لیے ہمارے معاشرے میں آج بھی گہری دلچسپی موجود ہے۔ تقریب کی صدارت معروف اسکالر، مفکر اور دانشور پروفیسر احمد جاوید نے۔
جن کے بارے میں خود چیمہ صاحب نے کہا کہ دل چاہتا ہے باقی زندگی ایسے بڑے اسکالر کے قدموں میں گذار دی جائے۔ ان کی عملی وفکری شخصیت نے محفل کو خاص وقار عطا کیا‘‘۔ لاہور ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس، جسٹس انوارالحق تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے جب کہ نظامت کے فرائض معروف راوین مسز شیریں اسد (ریٹائرڈ جسٹس اسد صاحب کی بیگم) نے بے حد موثر اور دلنشین انداز میں انتہائی خوش اسلوبی سے ادا کیے۔
کتابوں پر گفتگو کرنے والے مقرّرین میں معروف صحافی مجیب الرحمن شامی، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق ممتاز قانون دان سینیٹر حامد خان، سلطنتِ عمان کے سابق قونصل جنرل اور ملک سے شدید محبت کرنے والے معروف بزنس مین جاوید نواز،سابق وفاقی سیکریٹری طارق نجمی، نیپا کے ڈائریکٹر جنرل فاروق مظہر اور مصنّف کے لاء کالج کے کلاس فیلو، دوست اور ایک لاء کالج کے بانی ہمایوں احسان کے علاوہ ایف سی کالج کے شعبۂ اردو کی سربراہ ڈاکٹر شاہدہ دلاور شاہ اور ہوم اکنامکس یونیورسٹی کی ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر مصباح جبیں شامل تھیں۔ مقرّرین نے تینوں کتابوں جہدِ مسلسل (خودنوشت)، افکارِ تازہ اور ’سمجھتا ہوں جسے حق‘ کے مختلف پہلوؤں کا ذکر کیا۔ کئی مقرّرین نے کتاب کے اقتباس بھی پڑھ کر سنائے۔ طارق نجمی صاحب نے مصنف کی کتابوں سے اقتباس سنانے سے پہلے بار بار وضاحت کی کہ یہ میں نہیں کہہ رہا یہ مصنّف کے الفاظ ہیں‘‘۔
ڈاکٹر مصباح جبیں نے والدہ کی یاد میں لکھے گئے مضمون کی کچھ لائنیں سنائیں تو ہال کا ماحول سوگوار ہوگیا، ماں کی باتیں سن کر ہر شخص یہ سمجھنے لگتا ہے کہ یہ اس کی کہانی بیان کی گئی ہے۔ ڈاکٹر شاہدہ دلاور ایک شاعرہ بھی ہیں اور کالم نگار بھی، انھوں نے اپنے منفرد انداز میں کتابوں کے مختلف پہلوؤں پر تبصرہ کیا۔ ہمایوں احسان اور فاروق مظہر نے مصنّف کے ساتھ بیتے ہوئے دنوں کی سہانی یادیں تازہ کیں اور کتاب کے اسلوب کو سراہا۔ خواجہ سعد رفیق اور حامد خان ایڈووکیٹ مخالف پارٹیوں سے تعلق رکھنے ہیں مگر دونوں مصنف کے بے داغ کردار، دیانت داری اور جرات مندی کے معترف تھے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ’’میں چیمہ صاحب اور ان کی فیمیلی کو پچھلے چالیس سال سے جانتا ہوں، یہ سارے بھائی دیانتدار، بااصول اور محبِّ وطن ہیں۔ ذولفقار چیمہ کے متعلق میں وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ انھوں نے کبھی قصرِ سلطانی کے گنبد پر نشیمن بنانے کی کوشش نہیں کی‘‘۔ انھوں نے اپنے مخصوص انداز میں حالاتِ حاضرہ کے بارے میں کچھ کھری کھری باتیں بھی کردیں۔ حامد خان صاحب ایک صاف ستھرے کردار کے حامل سینئر قانون دان ہیں جو قانون کی حکمرانی پر ایمان رکھتے ہیں اور لگی لپٹی رکھے بغیر دو ٹوک بات کرتے ہیں، اس مجلس میں بھی انھوں نے ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کرنے پر زور دیا۔
جاوید نواز صاحب کئی دہائیوں سے مسقط میں مقیم ہیں اور اب وہاں کے ایک کامیاب اور بااثر بزنس مین ہیں جن کے حکمران خاندان سے گہرے تعلقات ہیں، مگر ان کا دل پاکستان میں ٹکا رہتا ہے اور وہ وطنِ عزیز ہی کے بارے میں سوچتے اور اسی کے دگرگوں حالات کے بارے میں مضطرب رہتے ہیں، وہ ہمیشہ اس نظرئیے کے علمبردار رہے ہیں کہ موجودہ سیاسی قیادت کو آزمایا جاچکا ہے، اس نے قوم کو مایوس کیا ہے اس لیے اس ملک کو صحیح معنوں میں ایک فلاحی ریاست بنانے کے لیے ضروری ہے کہ زمامِ کار تیس سے چالیس ایسے افراد کے ہاتھوں میں آئے جو باکردار بھی ہوں اور قابل بھی اور اداروں کو ٹھیک کرنے کا تجربہ اور عوام کو انصاف دینے کا جذبہ رکھتے ہوں۔ وہ ایسی ٹیم کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔اسی لیے انھوں نے اپنے لیے Lovers of pakistan(محبّانِ پاکستان) کا ٹائٹل پسند کیا ہے۔ جاوید نواز صاحب نے مسقط کے کئی واقعات سنائے جن میں وہاں کے حکمرانوں کی میرٹ اور انصاف سے وابستگی اور وہاں قانون کی صحیح معنوں میں حکمرانی کو اجاگر کیا گیا۔
پسرور اور سیالکوٹ کے لیے سپانسرڈ بینر اسپیس
سیالکوٹ اور پنجاب بھر میں اپنے برانڈ کو نمایاں کریں
اپنا پسرور کا آفیشل واٹس ایپ چینل فالو کریں
تمام بریکنگ نیوز، فوری الرٹس اور تصویری خبریں براہِ راست اپنے واٹس ایپ پر مفت پائیں











