Page Nav

HIDE

Grid

GRID_STYLE
True

Pages

بریکنگ نیوز

latest

حزب اللہ کے راکٹ حملے اور امریکہ و فرانس کی اپیل

حزب اللہ نے اسرائیل پر درجنوں کاٹیوشا راکٹ داغنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دوسری جانب، امریکہ اور فرانس نے مشرق وسطیٰ میں تمام فریقین پر زور دیا کہ و...

حزب اللہ نے اسرائیل پر درجنوں کاٹیوشا راکٹ داغنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دوسری جانب، امریکہ اور فرانس نے مشرق وسطیٰ میں تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ صورتحال کو علاقائی تنازع میں تبدیل ہونے سے روکنے کے لیے تحمل سے کام لیں۔
تصویر اے ایف پی


خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، حزب اللہ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے فلسطینی عوام کی حمایت میں سنیچر کو اسرائیل پر درجنوں راکٹ داغے۔ ایرانی حمایت یافتہ گروپ کے مطابق، یہ حملہ شمالی اسرائیل میں بیت ہلل پر کیا گیا، جو لبنان میں کفر کلا اور دیر سریان پر اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں تھا۔ حزب اللہ کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں شہری بھی زخمی ہوئے۔

فرانس کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ سٹیفن سیجورن نے اپنے امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے ٹیلی فونک گفتگو میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔ وزارت خارجہ کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے تمام فریقین سے تحمل سے کام لینے کی اپیل کی تاکہ علاقائی کشیدگی کو روکا جا سکے، جس کے خطے کے دیگر ممالک کے لیے تباہ کن نتائج ہو سکتے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ امریکہ اور فرانس غزہ میں دیرپا جنگ بندی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

یہ رابطہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب مشرق وسطیٰ میں ممکنہ فوجی کشیدگی کے حوالے سے خدشات بڑھ رہے ہیں اور ایران اور اس کے اتحادیوں کی طرف سے اسرائیل کے خلاف محاذ آرائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایران، فلسطینی اسلامک گروپ حماس اور اس کے لبنانی اتحادی گروپ حزب اللہ نے اسماعیل ہنیہ کے قتل کا الزام اسرائیل پر عائد کیا ہے۔ اسماعیل ہنیہ کے قتل سے چند گھنٹے پہلے اسرائیل نے حزب اللہ کے ملٹری چیف فواد شکر کو ایک فضائی حملے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ نے ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں کہا کہ ’حزب اللہ کے دہائیوں پرانے دشمن نے تمام حدیں عبور کر لی ہیں‘ اور اپنے کمانڈر کی ہلاکت کا بدلہ لینے کا عزم ظاہر کیا۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ کسی بھی قسم کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے ’اعلیٰ سطح‘ کی ’جارحانہ اور دفاعی‘ تیاری کی گئی ہے۔

سنیچر کو ہی اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے پر فضائی حملہ کیا جس میں حماس کا ایک کمانڈر اور اسلامی جہاد کے چار جنگجو مارے گئے تھے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ پہلے فضائی حملے میں طولکرم شہر کے قریب ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں عسکریت پسندوں کے ایک سیل کو ٹارگٹ کیا گیا تھا۔ حماس کے ایک میڈیا آؤٹ لیٹ نے تصدیق کی کہ جنگجوؤں کو لے جانے والی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا اور ہلاک ہونے والوں میں سے ایک اس کے تلکرم بریگیڈ کا کمانڈر تھا۔