سرخ، سفید اور نیلا۔ یونین جیک ایک عظیم ماضی رکھنے والی سلطنت کا نشان ہے جو اب ایک جزیرے تک سمٹ جانے والے (اور ابھی بھی طاقتور) ملک کا جھنڈا ...
سرخ، سفید اور نیلا۔ یونین جیک ایک عظیم ماضی رکھنے والی سلطنت کا نشان ہے جو اب ایک جزیرے تک سمٹ جانے والے (اور ابھی بھی طاقتور) ملک کا جھنڈا ہے۔
کسی بھی قومی پرچم کی طرح، اس کی خوبصورتی یا بدصورتی کا تعلق دیکھنے والے کی آنکھ سے ہے جو اس کے ساتھ منسلک تاریخ، سیاست اور تصورات سے وابستہ ہے۔
انگلینڈ، سکاٹ لینڈ، شمالی آئرلینڈ اور ویلز کی یونین میں انگلینڈ حاوی ہے۔ اور یونین جیک اس برٹش یونین کا جھنڈا ہے۔ انگلینڈ کا قومی پرچم اس سے الگ ہے۔
فٹبال کے ورلڈ کپ میں لندن کے سٹیڈیم میں جب انگلینڈ اور جرمنی کا فائنل مقابلہ تھا تو سٹیڈیم میں برطانوی جھنڈوں کا سمندر تھا۔ کہیں کہیں پر انگلینڈ کا جھنڈا نظر آتا تھا۔ انگلش کے لئے برٹش جھنڈا انگلینڈ کے ہم معنی ہے۔ اسی ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے علاوہ یونین کا دوسرا ممبر سکاٹ لینڈ بھی شریک تھا۔ اگر بالفرض سکاٹ لینڈ فائنل میں پہنچ جاتا تو شاید کوئی ایک سکاٹش شائق بھی یونین جیک کو نہ لے کر آتا بلکہ ہر طرف سکاٹ لینڈ کے جھنڈے لہرا رہے ہوتے۔
انگلینڈ اور ویلز کی یونین پہلے ہوئی تھی اور 1707 میں سکاٹ لینڈ کی بادشاہت بھی اس کا حصہ بن گئی تھی۔
جب یہ یونین ہوئی تو سکاٹ لینڈ کی آبادی 10 لاکھ تھی جبکہ انگلینڈ اور ویلز کی 55 لاکھ۔ عسکری اور معاشی لحاظ سے بھی سکاٹ لینڈ بہت پیچھے تھے۔ اس لئے یہ برابری کی شراکت کبھی نہیں رہی۔ اس وقت برطانیہ کے چار حصوں میں ملا کر 84 فیصد آبادی انگلش ہے، 8.3 فیصد سکاٹ، 4.8 فیصد ویلش جبکہ 2.9 فیصد شمالی آئرش۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
انگلینڈ کے جھنڈے میں سفید کپڑے پر سرخ صلیب ہے جو سینٹ جارج کی ہے۔ یہ تیرہوں صدی میں انگلش فوجیوں کی شناخت کا نشان تھا جو بعد میں قوم کا نشان بنا۔ سوال یہ کہ سینٹ جارج کیوں؟ وہ تو موجودہ ترکیہ میں پیدا ہوئے تھے اور وفات موجودہ فلسطین میں ہوئی تھی؟ اور سرخ رنگ کیوں؟ تو ان کے جواب مبہم ہیں۔
جبکہ دوسری طرف سکاٹ لینڈ کے جھنڈے میں X کی شکل کی سینٹ اینڈریوز کی صلیب نیلے رنگ میں ہے۔ تیرہویں صدی میں سکاٹ لینڈ کی حکومت اس کو استعمال کر رہی تھی۔
جب سکاٹ لینڈ اور انگلینڈ کی یونین ہوئی تو نئے جھنڈے کے ڈیزائن میں دونوں کو ملا دیا گیا۔ سکاٹ لینڈ کا diagonal اور انگلینڈ کا سیدھا cross، دونوں ہی جھنڈے پر آ گئے۔ یہ یونین کا پہلا جھنڈا بن گیا اور 1801 تک رہا جب آئر لینڈ بھی اس یونین کا حصہ بن گیا۔ آئرلینڈ کے جھنڈے میں سینڈ پیٹرک کا سرخ X کی شکل کا کراس تھا۔ اس کا بھی یونین کے جھنڈے میں اضافہ کر لیا گیا اور موجودہ شکل کا یونین جیک وجود میں آیا۔
آئرلینڈ نے 1922 میں آزادی حاصل کر لی لیکن یہ جھنڈے کا حصہ رہا۔ اور اس جھنڈے کو برٹش فلیگ، یونین فلیگ اور یونین جیک کہا جاتا ہے۔
یہ جھنڈا بنیادی طور پر فوج کے لئے یا پھر بحری جہازوں پر شناخت کے لئے لگانے کے لئے تھا۔ آہستہ آہستہ اس نے قومی شناخت اپنا لی۔ اگرچہ کہ قانونی طور پر ایسا کبھی نہیں کیا گیا۔ کسی بھی برطانوی قانون میں یونین جیک برطانیہ کے جھنڈا قرار نہیں دیا گیا۔
(جاری ہے)