امریکہ تاریخ کا ایک کامیاب ترین ملک ہے۔ اس کا سرخ، سفید اور نیلا جھنڈا پہنچانا جاتا ہے، عزت کی جاتی ہے، اس سے نفرت کی جاتی ہے، کہیں آزادی ک...
امریکہ تاریخ کا ایک کامیاب ترین ملک ہے۔ اس کا سرخ، سفید اور نیلا جھنڈا پہنچانا جاتا ہے، عزت کی جاتی ہے، اس سے نفرت کی جاتی ہے، کہیں آزادی کی علامت ہے اور کہیں پر جبر کی۔ اپنے ملک کی عمارتوں کے علاوہ دنیا کے ساٹھ ممالک میں موجود سات سو عسکری اڈوں پر بھی لہراتا ہے جہاں ڈھائی لاکھ فوجی تعینات ہیں۔
ان ممالک میں کچھ لوگوں کے لئے یہ اس بات کی یاددہانی ہے کہ ان کی سلامتی کا جزوی انحصار کسی اور ملک پر ہے۔ جبکہ نقادوں کے لئے یہ زور اور زبردستی کا نشان ہے۔ پولینڈ میں یہ جھنڈا اس سے بہت مختلف جذبات پیدا کرتا ہو گا جو کہ عراق میں ہے۔
جاپان کا مچھیرا گزرنے والے اس جھنڈے والے بحری جہاز کو چین کے جھنڈے والے جہاز سے ترجیح دیتا ہو گا۔
لیکن جو بھی ہے۔ یہ بتاتا ہے کہ امریکہ دنیا میں کتنا پھیلا ہوا ہے۔ جنگوں اور سیاست کی طویل تاریخ رہی ہے جن سے نکلنا بھی ممکن نہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
امریکی اپنے جھنڈے کی جتنی تعظیم کرتے ہیں، وہ دنیا میں کم کی جاتی ہے۔ اس کے تین رنگ قومی شناخت کی بنیادی علامت ہیں۔ چاند پر نیل آرمسٹرانگ کا نصب کردہ جھنڈا انسانی تاریخ کا اہم سنگ میل رہا ہے۔
سکول میں بچے “وفاداری کا وعدہ” پڑھتے ہیں کہ “میں امریکہ کے پرچم اور ملک کے لئے وفاداری کا عہد کرتا ہوں۔ ایک خدا کے نیچے ایک متحد ریاست جو ناقابل تقسیم ہے۔ اس میں سب کے لئے آزادی اور انصاف ہے”۔
یہ عہد 1892 میں لکھا گیا تھا اور رفتہ رفتہ ملک بھر میں مقبول ہو گیا۔ خانہ جنگی کے بعد یہ ملک کو قومی شناخت دینے کا سبب بنا۔ اوراس عہد کی مدد سے شکستہ ملک کی وفاداری اور اتحاد حاصل کیا گیا۔ اس وقت سے آج تک امریکیوں کی نسلیں دل پر ہاتھ رکھ کر روز صبح کے وقت ملک کی اس علامت کو تسلیم کرتی رہی ہیں۔
ملک میں نیشنل فلیگ کوڈ کو 1923 میں منظور کیا گیا۔ اور پارلیمان سے 1942 میں منظور ہوا۔ جدید جمہوری ممالک میں ایسے کسی عہد کی نظیر نہیں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنڈا اپنے ساتھ کچھ رسومات لے کر آتا ہے۔ جن سکولوں، دفاتر یا سرکاری عمارتوں پر یہ لہراتا ہے، وہاں پر اسے شام سے پہلے نیچے کر لیا جاتا ہے۔ اس میں اس بات کا خیال رکھا جاتا ہے کہ آہستہ آہستہ نیچے کیا جائے اور اس دوران یہ زمین سے نہ چھوئے۔ لیکن جہاں پر زیادہ قومی جذبہ دکھانا ہو، وہاں پر اسے چوبیس گھنٹے بھی لہرایا جاتا ہے۔ شرط یہ ہے کہ اس جگہ کو روشن رکھا جائے۔ تاریکی میں اسے نہیں لہرایا جاتا۔
(جاری ہے)