Page Nav

HIDE

Grid

GRID_STYLE
True

Pages

بریکنگ نیوز

latest

پرچم (29) ۔ ترکمانستان

ازبکستان، قازقستان، تاجکستان، کرغزستان، ترکمانستان۔ سابق سوویت یونین سے آزاد ہونے والے وسطی ایشیا کے یہ پانچ “ستان” مسلمان اکثریت کے ممالک ...


ازبکستان، قازقستان، تاجکستان، کرغزستان، ترکمانستان۔ سابق سوویت یونین سے آزاد ہونے والے وسطی ایشیا کے یہ پانچ “ستان” مسلمان اکثریت کے ممالک ہیں جہاں پر قابل ذکر روسی اقلیت موجود ہے۔ ازبک، قازق، تاجک، کرغز اور ترک اقوام کے یہ قدیم کلچر ہیں لیکن نئی ریاستیں ہیں جو کہ 1991 میں معرض وجود میں آئیں۔ اس سے پچھلی دہائیوں میں یہ سوویت ری پبلک تھیں۔ آزاد ہونے کے بعد انہیں فٹافٹ قوم بننا تھا۔ جلد ہی سوویت جبر کی جگہ مقامی اشرافیہ نے لے لی۔ سوویت آثار کو مٹا دیا گیا۔ لیکن اس دور میں ہونے والی آبادی کی نقل مکانی نے نئی ریاستوں میں علاقائی مسائل پیدا کر دئے۔
ان میں سے بڑی مثال وادی فرغانہ کی ہے۔ یہاں پر تاجکستان، ازبکستان اور کرغزستان کی سرحد ملتی ہے۔ یہ سرحدیں سوویت نے اٹکل پچو سے لگائی تھیں اور یہ زہریلی رہیں ہیں۔ زمین پر بھی جھگڑے ہیں اور پانی پر بھی۔ ازبک، تاجک، ترک اور کرغز آپس میں الجھتے رہتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ترکمانستان کا جھنڈا علامتوں سے بھرپور ہے اور آرٹ کا کام ہے۔ یہ ماسکو سے آزادی کا اعلان کرتا ہے۔ سبز پس منظر میں سفید ہلال ہے۔ پانچ ستارے اوپر بائیں طرف اور ڈیزائن والی سرخ پٹی بائیں طرف سے نیچے کو آتی ہے۔
سبز رنگ اور ہلال اسلامی شناخت کی طرف اشارہ ہیں جو کہ اس علاقے میں آٹھویں صدی سے غالب مذہب ہے۔ ہلال اور ستاروں کی سفیدی امن کا نشان ہے۔ پانچ ستارے ملک کے پانچ علاقوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ آہل، بلقان، داس، اوگز، لیباپ۔ ایک کہانی یہ بھی ہے کہ یہ مادے کی پانچ حالتوں کی علامت بھی ہیں۔ ٹھوس، مائع، گیس، کرسٹل اور پلازما۔
بائیں ہاتھ پر سرخ پٹی میں پانچ گل ہیں۔ یہ ترکمانستان کی روایتی قالین بافی کی صنعت میں استعمال ہونے والا ڈیزائن ہے۔ اور علاقے کی خانہ بدوش روایتوں کی عکاسی کرتا ہے۔ قالین بافی آج بھی جاری ہے لیکن آبادی اب خانہ بدوش نہیں رہی۔ اگرچہ بڑی تعداد میں لوگ معاشی مواقع کے لئے ترک وطن کرتے ہیں۔  
ملک میں گیس کے بڑے ذخائر اور صنعت ہے۔ لیکن گیس یہاں سے شمال کی طرف جاتی ہے کیونکہ حکومت روس سے اچھے تعلقات رکھنا چاہتی ہے۔ تاہم، اس کی محل وقوع اور آبادی ایسی ہے کہ یہ ایران اور ترکیہ سے بھی خوشگوار تعلقات رکھتا ہے۔
لال پٹی کے نیچے زیتون کی شاخیں ہیں۔ یہ ملک کی غیرجانبداری کی پالیسی کی علامت ہیں۔ اس ریاستی پالیسی کا 1995 میں باقاعدہ اعلان کیا گیا تھا اور آئین میں کہا گیا ہے کہ۔ “ترکمانستان کا قومی پرچم ملک کی یکجہتی اور آزادی کی علامت ہے۔ اور ریاست کی عالمی غیرجانبداری کی بھی”۔
اپنی “مستقبل غیرجانبداری” کی پالیسی پر یہاں کے لوگ فخر کرتے ہیں تاہم، جہاں تک ملک کے اندر کے شہریوں کا تعلق ہے تو ریاست کی پالیسی “کڑی نگرانی” کی ہے۔
(جاری ہے)