یوگوسلاویہ کےٹوٹنے کے بعد کوسووو کا علاقہ سربیا میں آیا کیونکہ یہ یوگوسلاو ری پبلک آف سربیا کا حصہ تھا۔ اس کی آبادی کی اکثریت البانوی ...
یوگوسلاویہ کےٹوٹنے کے بعد کوسووو کا علاقہ سربیا میں آیا کیونکہ یہ
یوگوسلاو ری پبلک آف سربیا کا حصہ تھا۔ اس کی آبادی کی اکثریت البانوی
مسلمان ہیں۔ اور اس علاقے میں کچھ لوگ ہیں جو “عظیم البانیہ” کے حامی ہیں۔
بڑی ریاست جس میں میسیڈونیا کے علاقے بھی آتے ہیں۔
کوسووو جنگ 1999 میں
ہوئی جس میں ناٹو نے سربیا کو فضائی حملوں کے ذریعے روکا اور سرب افواج کو
مجبور ہونا پڑا کہ وہ اس علاقے کو چھوڑ دیں۔
کوسووو نے 2008 میں یک
طرفہ طور پر آزادی کا اعلان کر دیا۔ بہت سے ممالک نے اس کو آزاد ملک کے
طور پر قبول کیا لیکن سربیا سمیت بہت سے ممالک نے نہیں۔
کوسووو کے نیلے
رنگ کے جھنڈے پر ملک کا نقشہ بنا ہے اور اوپر چھ ستارے ہیں جو ملک کی
قومیتوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ملک میں اتحاد کی یہ اچھی علامت ہے۔ لیکن
ملک کے اندر قومیتوں میں ایسے اتحاد کا اس وقت کچھ فقدان ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بوسنیا
ہرزیگووینا صدیوں تک عثمانی سلطنت کا حصہ رہا۔ پھر یہ آسٹروہنگری سلطنت
کا حصہ بن گیا۔ اور پھر یوگوسلاویہ کا۔ یہاں پر سرب بڑی تعداد میں ہیں۔ جب
اس نے 1992 میں سربیا سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا تو یہ بوسنیا میں بسنے والے
سربوں کے لئے قابلِ قبول نہیں تھا۔ جنگ چھڑ گئی جس میں تین فریق تھے۔
بوسنیاک (جن میں بڑی تعداد میں مسلمان تھے)، بوسنیا کے کرویٹ اور بوسنیا کے
سرب۔ کروشیا اور سربیا کی پشت پناہی اپنے اپنے گروہوں کو تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تین
سال کی اس جنگ کے دوران بوسنیا کی حکومت نے جو جھنڈا استعمال کیا، یہ
چودہویں صدی سے لیا گیا تھا۔ سفید جھنڈے میں نیلی ڈھال تھی جس میں چھ پیلے
پھول تھے۔ اگرچہ یہ نیوٹرل تھا لیکن جنگ میں مسلمان استعمال کرتے رہے۔ جب
جنگ بندی ہوئی تو ملک کو نئے جھنڈے کی ضرورت تھی۔
پارلیمان میں (دوسرے
معاملات کی طرح) اس پر اتفاق نہیں ہو سکا کہ نیا ڈیزائن کیسا ہو۔ اس کی وجہ
جنگ کے سالوں میں ہونے والے قتل عام تھے۔ 1998 میں اقوام متحدہ کے کارلوس
وسٹینڈورپ نے موجودہ جھنڈا اپنانے پر ہر سائیڈ کو مجبور کیا۔ اس میں کوئی
تاریخی یا مذہبی علامت نہیں ہے۔ نیلے جھنڈے کے درمیان میں پیلی مثلث ہے۔ یہ
اس بات کی علامت ہے کہ ملک میں تین بڑی قومیتیں رہتی ہیں۔ نیلا اور پیلا
رنگ یورپی یونین کے بھی ہیں۔ جھنڈے والی سائیڈ پر نو سفید ستارے ہیں جو امن
کی علامت ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
جب اس جھنڈے کی رونمائی کی گئی تو پریس افسر
نے کہا کہ “یہ مستقبل کا جھنڈا ہے۔ اتحاد دکھاتا ہے، تقسیم نہیں۔ اور یہ
جھنڈا یورپ کا ہے”۔
بوسنیا نے یورپی یونین میں شمولیت کی درخواست 2016
میں کی تھی۔ اس پر کسی فیصلے تک پہنچتے شاید دس سال مزید لگ جائیں۔ اور اس
وقت تک یورپ کیسا ہو گا؟ کچھ کہنا مشکل ہے۔ کیونکہ یورپ کو خود کئی بڑے
سوالات کا سامنا ہے۔
(جاری ہے)