یوگوسلاویہ کا ملک 1918 سے 1992 تک قائم رہا۔ 1918 میں سرب، کروشیا اور سلوانیہ کے بادشاہوں نے یوگوسلاویہ بنایا تھا تو اس میں روس کے تین رنگ اس...
یوگوسلاویہ کا ملک 1918 سے 1992 تک قائم رہا۔ 1918 میں سرب، کروشیا اور سلوانیہ کے بادشاہوں نے یوگوسلاویہ بنایا تھا تو اس میں روس کے تین رنگ استعمال کئے گئے تھے جو نیلا، سفید اور سرخ تھے اور درمیان میں ایک سرخ ستارے کا اضافہ تھا۔ جب یوگوسلاویہ ٹوٹا تو اس سے چھ (اور بعد میں سات) نئی ریاستیں بنیں۔ سب کو اپنا جھنڈا چاہیے تھا۔ سربیا، سلوانیہ اور کروشیا نے یہی تین رنگ استعمال کئے۔ مونٹینیگرو نے سرخ رنگ جس کے درمیان میں دو سروں والا عقاب۔ جبکہ میسیڈونیا نے کچھ پرانی تاریخ سے مدد لی۔
میسیڈونیا کا جھنڈا یورپ میں منفرد ہے۔ اس کے درمیان میں پیلے رنگ کا سورج ہے جس سے شعاعیں نکل رہی ہیں۔ یہ علامت چوتھی صدی سے مستعار لی گئی ہے۔ مقدون کے سکندر اعظم اور ان کے والد نے اسے استعمال کیا تھا۔ ان شعاعوں کی تعداد کتنی ہے؟ ایک وقت میں یہ سولہ ہوا کرتی تھی۔ لیکن اس کی اپنی کہانی ہے۔
سکندر اعظم پر گریس کا بھی دعویٰ ہے کہ وہ یونانی تھے۔ اور یہ معمول کی بحث نہیں۔ گریس نے یہ علامت استعمال کرنے پر خاصے غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔
یہ محض آثارِ قدیمہ کے ماہرین کا جھگڑا نہیں۔ بلکہ علاقے کا تنازعہ بھی ہے۔ گریس میں میسیڈونیا کے نام سے علاقہ ہے۔ اور میسیڈونیا (ملک) میں ایسے لوگ ہیں جو کہ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ میسیڈونیا (گریس والا) کو ایک بڑے میسیڈونیا کا حصہ ہونا چاہیے۔ اس لئے جب میسیڈونیا نے اپنے جھنڈے پر ایسی علامت کا انتخاب کیا جو گریس کے مطابق ان کی تھی۔ انہیں خوف تھا کہ اس سے بڑھ کر میسیڈونیا گریک علاقے پر دعوے دار نہ ہو جائے۔ اس نے میسیڈونیا پر اقتصادی پابندی عائد کر دی۔ یورپ اور اقوامِ متحدہ میں اپنے دوست ممالک کی مدد لی۔ اور انٹلکچوئل پراپرٹی کی تنظیم میں شکایت درج کروا لی۔ یہ کام آئی۔ میسیڈونیا کو اپنے جھنڈے کا ڈیزائن تبدیل کرنا پڑا اور کرنوں کی تعداد کم کر کے آٹھ کر دی۔
گریس کو میسیڈونیا کے ساتھ ایک اور مسئلہ بھی ہے۔ اور وہ ملک کا پورا نام ہے۔ یورپی یونین اور اقوام متحدہ میں ملک کا نام Former Yugoslav Republic of Macedonia ہے۔ لیکن کئی ممالک اس کو Republic of Macedonia کہتے ہیں جو کہ گریس کو ذرا بھی پسند نہیں۔
میسیڈونیا ملک کے اندر وہ نام استعمال کئے جاتے ہیں جو گریس کے لئے ناگوار ہیں۔ ملک کا نام ری پبلک آف میسیڈونیا، جبکہ سولہ کرنوں والا جھنڈا بھی عام ہے۔
اگر میسیڈونیا کے درالحکومت کے ائیرپورٹ پر اتریں تو اس کا نام (Alexander the Great) سکندر اعظم ائیرپورٹ ہے۔ ائیرپورٹ سے نکلیں تو سکندراعظم کا بڑا سا مجسمہ نظر آئے گا۔ ٹیکسی لیں تو یہ جس شاہراہ سے شہر تک پہنچائے گی، اس کا نام سکندر اعظم ہائی وے ہے۔
گریس اس وقت میسیڈونیا کے ناٹو میں شمولیت کی راہ میں حائل ہے۔ لیکن سفارتکاری سے معاملات کچھ بہتر ہوئے ہیں۔ بہرحال، گریس اور میسیڈونیا کے تعلقات ایک اور مثال ہے جو دکھاتی ہے کہ یورپی شناخت قومی شناخت کے مقابلے میں کس قدر کمزور ہے۔
(جاری ہے)