Page Nav

HIDE

Grid

GRID_STYLE
True

Pages

بریکنگ نیوز

latest

پیالی میں طوفان (8) ۔ وہیل کا غوطہ

آخری اور بڑا سانس۔ دم کی آخری حرکت۔ اس دیوہیکل جانور کا اب اس فضا سے یہ آخری رابطہ ہے۔ اس وہیل کو اگلے پینتالیس منٹ کے لئے جو بھی چاہئے، وہ ...


آخری اور بڑا سانس۔ دم کی آخری حرکت۔ اس دیوہیکل جانور کا اب اس فضا سے یہ آخری رابطہ ہے۔ اس وہیل کو اگلے پینتالیس منٹ کے لئے جو بھی چاہئے، وہ اس کے جسم میں ہے۔ اب شکار کی باری ہے۔
کیا جائنٹ سکوئیڈ، وہ ربڑ جیسے بازوؤں والا اور خوفناک چونچ رکھنا والا دیو، قابو آئے گا؟ اپنے شکار کے لئے وہیل کو سمندر کی ان تاریکیوں میں اترنا ہے جہاں کبھی روشنی نہیں پہنچی۔ عام غوطہ بھی دو سے تین ہزار فٹ کی گہرائی کا ہوتا ہے اور سوا میل کا غوطہ بھی ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔ وہیل کو اس تاریکی میں اپنے سونار پر بھروسہ کرنا ہے۔ جائنٹ سکوئیڈ بے خبر ہے کیونکہ وہ بہرا ہے۔
اس تاریک دنیا میں وہیل کا سب سے قیمتی خزانہ آکسیجن ہے۔ اس سے وہ کیمیکل ری ایکشن ہوں گے جس پر اس کی حرکت اور زندگی کا انحصار ہے لیکن فضا سے حاصل کردہ آکسیجن کا ایک مسئلہ ہے۔ نیچے جاتے ہر گز کے ساتھ پھیپھڑوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ ہوا کے مالیکیول پھیپھڑوں سے ٹکراتے ہیں۔ سطح پر اندرونی اور بیرونی دباؤ کا اپنا توازن تھا۔ گہرائی میں بیرونی دباؤ بڑھ رہا ہے۔ پھیپھڑے کی دیوار اندر کی جانب دب رہی ہے۔ ہر بتیس فٹ کے بعد سطح جتنے دباؤ کا اضافہ ہو جاتا ہے۔ یہ اس قدر زیادہ ہے کہ اپنے شکار تک پہنچنے تک اس کے پھیپھڑوں کا حجم ایک فیصد رہ جائے گا۔
اب سونار نے سکوئیڈ کی موجودگی کا پتہ دیا۔ سکوئیڈ کے پاس اپنے دفاعی ہتھیار ہیں۔ وہیل کو دبے پھیپھڑوں اور گھپ اندھیرے میں یہ دنگل لڑنا ہے۔
پھیپھڑے میں پریشر کا مطلب یہ کہ اس کا نازک حصہ، ایلویولی، جو آکسیجن کو خون میں جذب کرتا ہے، وہاں یہ جذب کرنے کی رفتار بہت زیادہ ہو جائے گی اور بہت زیادہ آکسیجن اور نائیٹروجن جذب ہونے سے بینڈز کی وجہ سے موت واقع ہو جائے گی۔
وہیل کے پاس اس کا ایک حل ہے۔ وہ یہ کہ یہ ایلویولی مکمل طور پر بند کر دئے جائیں۔ اس کے سوا کوئی اور چارہ نہیں۔ وہیل وہ آکسیجن استعمال کرے گے جو اضافی طور پر اس کے پٹھوں اور خون میں سٹور ہے۔
وہیل کا ہیموگلوبن انسان سے دُگنا اور مائیوگلوبن انسان سے دس گنا زیادہ ہے۔ مائیوگلوبن وہ پروٹین ہے جو مسلز میں انرجی سٹور کرتی ہے۔ سطح پر وہیل نے یہ ذخیرے بھر لئے تھے۔ ان گہرے غوطوں میں پھیپھڑوں کی آکسیجن بے کار ہے۔ کیونکہ اس کا استعمال خطرناک ہے۔
آج تک کسی نے سمندر کی گہرائیوں میں ہونے والا یہ شکار نہیں دیکھا لیکن وہیل کے معدے میں سکوئیڈ کی چونچوں کی گنتی اس کی ٹرافی ہے کیونکہ یہ ہضم نہیں ہوتی اور یہ اس کی زندگی کے کامیاب شکاروں کی داستان ہے۔
کامیابی کے بعد اب یہ اوپر کا سفر کرے گی۔ پھیپھڑے اصل حالت کو واپس آئیں گے، پھیلیں گے اور ان کا فنکشن بحال ہو جائے گا۔
وہیل کے پھیپھڑوں کی یہ کہانی بوائلز لاء کی عملی مثال ہے۔
(جاری ہے)