آپ نے شاید یہ نہ سوچا ہو کہ بچھو اور ساتھ لگی تصویر کے سائیکل سوار کے درمیان کچھ مشترک ہو گا۔ لیکن دونوں اپنی زندگی بچانے کے لئے ایک ہی حرب...
آپ نے شاید یہ نہ سوچا ہو کہ بچھو اور ساتھ لگی تصویر کے سائیکل سوار کے درمیان کچھ مشترک ہو گا۔ لیکن دونوں اپنی زندگی بچانے کے لئے ایک ہی حربہ استعمال کرتے ہیں (اگرچہ مخالف طریقے سے)۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شمالی امریکہ کے صحرا میں اماوس کی سرد اور خاموش رات میں کچھ بھی ڈھونڈ لینا ناممکن نظر آتا ہے۔ ستاروں کی مدھم روشنی میں کچھ دکھائی نہیں دیتا۔ لیکن ایک خاص چیز کو تلاش کرنے کے لئے ایک خاص قسم کی ٹارچ لے کر تاریکی میں نکلا جا سکتا ہے۔ یہ ٹارچ ایسی روشنی خارج کرے گی جو انسان نہیں دیکھ سکتے۔ یہ الٹراوائلٹ ہے جس کو “بلیک لائٹ” کہا جاتا ہے۔ جب اس کی شعاع زمین پر پڑے گی تو آپ کو معلوم نہیں ہو گا کہ یہ کہاں پڑ رہی ہے کیونکہ ہم اسے دیکھ نہیں سکتے۔ لیکن پھر ایک جھماکا ہو گا۔ صحرا کی تاریکی میں حیرت انگیز طور پر چمکدار نیلاہٹ والی سبز روشنی کا ٹکڑا نظر آئے گا۔
یہ وہ طریقہ ہے جس سے شوقین لوگ بچھو تلاش کرتے ہیں۔ ان کے باہری خول میں وہ پگمنٹ ہیں جو کہ الٹراوائلٹ روشنی لیتے ہیں (جسے ہم دیکھ نہیں سکتے) اور وہ روشنی منعکس کرتے ہیں جو ہمیں دکھائی دیتی ہے۔ یہ ہوشیار حربہ ہے۔ (اگر آپ کو بچھو خوفزدہ کرتے ہیں تو شاید اس کی داد نہ دیں)۔ روشنی کے اس حربے کو fluoresence کہا جاتا ہے۔ خیال ہے کہ اس چمک کا مقصد جھٹپٹے میں چھپنے کی جگہ ڈھونڈنا ہے۔
یہ وہ وقت ہے جب الٹراوائلٹ روشنی ابھی باقی ہوتی ہے۔ جبکہ سورج افق سے نیچے جا چکا ہوتا ہے اور عام روشنی باقی نہیں رہتی۔ اس وقت اگر بچھو چھپا نہ ہو تو چمکے گا اور آسانی سے پکڑا جائے گا۔ جب بچھو اپنی چمک دیکھ لیتا ہے تو اسے معلوم ہو جاتا ہے کہ یہ ٹھیک سے چھپ نہیں پایا۔ یہ سگنل کا ایک موثر نظام ہے۔
اور یہی ہم تصویر کے سائیکل سوار پر بھی دیکھ سکتے ہیں، جس نے محفوظ رہنے کے لئے روشن جیکٹ پہنی ہوئی ہے۔ یہ جیکٹ اپنے باقی ماحول سے زیادہ نمایاں لگ رہی ہے کیونکہ یہ واقعی میں نمایاں ہے۔ ابرآلود صبح میں بادلوں نے روشنی کو روکا ہوا ہے لیکن بہت سی الٹراوائلٹ روشنی پہنچ رہی ہے۔ اس جیکٹ کا پگمنٹ اس کو جذب کر کے نظر آنے والی روشنی منعکس کرتا ہے۔ یہ عین وہی حربہ ہے جو بچھو کا ہے۔ صرف وجہ الٹ ہے۔ سائیکل سوار چمکنا چاہتا ہے۔ کیونکہ نمایاں ہونے کا مطلب یہ ہے کہ یہ آسانی سے نظر آ جائے گا اور محفوظ رہے گا۔
یہ منظر دلچسپ ہے لیکن اصل لطف اس چیز کا ہے کہ یہ محض دلچسپ فیکٹ نہیں۔ فزکس کہیں پر بھی مفید ہو سکتی ہے۔ ایک ہی چیز بچھو اور سائیکل سوار کی زندگی کے لئے مفید ہے۔ اور اسی کے بہت سے اور استعمال بھی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جعلی نوٹ پکڑنے والی UV لائٹ بھی یہی کام کرتی ہے۔ کپڑے چمکانے والے لانڈری ایجنٹ بھی یہ حربہ استعمال کرتے ہیں اور ہائی لائٹ کرنے والے قلم کا بھی یہی جادو ہے۔ اگر آپ نے اپنی کتاب کے کسی حصے کو اس سے ہائی لائٹ کیا ہے تو اس کے نمایاں ہونے کی وجہ بھی الٹراوائلٹ روشنی کا عام روشنی کے طور پر منعکس ہونا ہے۔ اس کی سیاہی بھی الٹراوائلٹ ڈیٹکٹر ہے۔
(جاری ہے)