پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 34 ارکان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد ک...
پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 34 ارکان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے استعفے منظور کر لیے ہیں۔
منگل کو الیکشن کمیشن کے جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفیکشن میں ارکان کی فہرست کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے سپیکر کی جانب سے استعفے منظور ہونے کے بعد ان ارکان کو ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے جن ارکان کے استعفے منظور ہوئے ان میں پرویز خٹک، اسد قیصر، علی امین گنڈا پور، قاسم سوری، نورالحق قادری، عطااللہ، شہریار آفریدی، راجہ خرم نواز، عمران خٹک، مراد سعید، عمرایوب خان، صداقت علی خان اور غلام سرور خان کے نام شامل ہیں۔
اس کے علاوہ فواد چوہدری، شفقت محمود، حماد اظہر، عامر ڈوگر، فہیم خان، سیف الرحمان، عالمگیر خان، علی زیدی، شاہ محمود قریشی اور زرتاج گل کے نام بھی ان ارکان میں شامل ہیں۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا نام بھی ڈی نوٹیفائی ہونے والوں کی فہرست میں شامل ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے استعفوں کی منظوری اور ان کی نشستیں خالی قرار دیے جانے کے بعد پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی 35 خالی نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں پی ڈی ایم حصہ نہیں لے گی۔
ایک بیان میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ الیکشن نہ لڑنے کی وجوہات کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نجی ٹی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو تین ماہ کے لیے کون کون الیکشن لڑے گا؟ ’ہمیں ضمنی الیکشن نہیں لڑنا چاہیے، میرا خیال ہےکہ ہمیں ان 35 حلقوں پر ضمنی الیکشن نہیں لڑنا چاہیے۔‘