اسلام آباد (آن لائن ) سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انویسٹی ٹیم (جے آئی ٹی) نے فیصل واوڈا، حماد اظہر اور ...
اسلام آباد (آن لائن ) سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انویسٹی ٹیم (جے آئی ٹی) نے فیصل واوڈا، حماد اظہر اور فیصل جاوید سمیت 35 افراد کو آج طلب کرلیا ہے ۔
نجی ٹی وی چینل "جیو نیوز"کے مطابق جے آئی ٹی نے پی ٹی آئی کے سابق رہنما فیصل واوڈا کو طلبی کیلئے مراسلہ جاری کیا ہے ، جس میں کہا ہے کہ فیصل واوڈا عمران خان پر حملےکی تحقیقات میں شامل تفتیش ہوں،مراسلے میں انہیں ہدایت کی گئی ہےکہ فیصل واوڈا تمام دستاویزات، قومی شناختی کارڈ کے ساتھ کل پیش ہوں ، جے آئی ٹی نے ڈاکٹر یاسمین راشد، حماد اظہر، فیصل جاوید، عمران اسماعیل، عمر سرفراز چیمہ کو بھی طلب کرلیا ہے،جے آئی ٹی نے ان رہنماؤں سمیت 35 افراد کو کل پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے آزادی مارچ میں خون خرابہ ہونے سے متعلق بیان دیا تھا،3 نومبر کو گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے کنٹینر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ عمران خان اور فیصل جاوید سمیت 13 افراد زخمی ہوگئے تھے۔