ریاض ( آن لائن)چینی صدر شی جن پنگ اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان سعودی دارالحکومت ریاض میں ملاقات ہوئی ہے، جس میں 30ارب ڈالرز کے ...
ریاض ( آن لائن)چینی صدر شی جن پنگ اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان سعودی دارالحکومت ریاض میں ملاقات ہوئی ہے، جس میں 30ارب ڈالرز کے تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے گئے ۔
نجی ٹی وی چینل "ڈان نیوز " کے مطابق دونوں ممالک کے دوران توانائی اور انفراسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے معاہدے کیے گئے ہیں ، شی جن پنگ اور شہزادہ محمد بن سلمان نے یمامہ پیلس میں ملاقات کی، دونوں نے ملاقات کے درمیان ماسک پہن رکھا تھا، سعودی پریس ایجنسی کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے معاہدوں میں ہائیڈروجن پر ہونے والا ایک معاہدہ بھی شامل ہے، جبکہ سعودی عرب کے ویژن 2030 اور چین کی کھربوں ڈالر مالیت کے "بیلٹ اینڈ روڈ‘" منصوبہ کو ہم آہنگ کرنے کے معاہدوں پر بھی دستخط ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق دیگر منصوبوں میں پیٹرو کیمیکل منصوبہ، رہائشی تعمیرات کا منصوبہ اور سعودی عرب میں چینی زبان کی تعلیم کا منصوبہ بھی شامل ہے، تاہم سعودی پریس ایجنسی نے اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں، قبل ازیں سرکاری ٹیلی ویژن پر شہزادہ محمد بن سلمان کو شی جن پنگ کا استقبال کرتے ہوئے دکھایا گیا، جس کے بعد دونوں رہنما شانہ بشانہ کھڑے ہوئے، اس موقع پر بینڈ نے دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق دورہ سعودی عرب کے دوران شی جن پنگ نے شہزادہ محمد بن سلمان کے والد اور 86 سالہ سعودی فرماں روا شاہ سلمان سے بھی ملاقات کی۔