انڈین ہیکرز کے ایک گروپ نے پاکستانی سیاستدانوں، عسکری عہدیداروں اور سفارتکاروں کے ذاتی ای میلز کی جاسوسی کی ہے۔ اتوار کو برطانوی اخبار سنڈے ...
انڈین ہیکرز کے ایک گروپ نے پاکستانی سیاستدانوں، عسکری عہدیداروں اور سفارتکاروں کے ذاتی ای میلز کی جاسوسی کی ہے۔
اتوار کو برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز اور غیر سرکاری تنظیم بیورو آف انویسٹی گیٹو جرنلزم کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ہیکرز نے خفیہ ادارے کے احکامات پر درجنوں ہائی پروفائل پاکستانی عہدیداروں کے ای میلز کو نشانہ بنایا۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق معاشی سرگرمیوں کے مرکز ’دی سٹی آف لندن‘ سے منسلک نجی تفتیش کاروں نے انڈیا سے تعلق رکھنے والے کمپیوٹر ہیکرز کے ایک گروپ کو برطانوی کاروباری شخصیات، سرکاری عہدیداروں اور صحافیوں کی جاسوسی کے لیے استعمال کیا۔
اخبار سنڈے ٹائمز اور غیر سرکاری تنظیم بیورو آف انویسٹی گیٹو جرنلزم کو انڈین ہیکرز کے اس گروپ کے ڈیٹا بیس تک رسائی دی گئی ہے جس سے معلوم ہوا ہے کہ غیر معمولی نوعیت کے سائبر حملے کیے گئے۔
پاکستانی عہدیداروں میں سابق صدر جنرل پرویز مشرف بھی شامل ہیں۔
ہیکرز نے رواں سال 10 جنوری کو تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا ای میل اکاؤنٹ بھی ہیک کیا تھا جب وہ بطور وزیر اطلاعات فرائض انجام دے رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ’ہیکرز نے مال ویئر کے ذریعے سابق وزیر اطلاعات کے کمپیوٹرز کو ہیک کیا اور اعلٰی جرنیلوں کے علاوہ بیجنگ، شنگھائی اور کھٹمنڈو میں سفارتخانوں کو بھی نشانہ بنایا۔‘
ڈیٹا بیس سے معلوم ہوا کہ ہیکرز نے آمرانہ حکومتوں، برطانوی وکلا اور ان کے مالدار کلائنٹس کے احکامات پر ایک سو سے زائد نجی ای میل اکاؤنٹس کو نشانہ بنایا۔