میں 2012 میں انڈونیشیا چودہ برس بعد گیا۔ کئی جگہوں پر خوشگوار حیرت ہوئی۔ پہلا تو فضائی سفر تھا۔ انڈونیشیا کی ائیرلائن اپنی سروس کے بارے میں ...
میں 2012 میں انڈونیشیا چودہ برس بعد گیا۔ کئی جگہوں پر خوشگوار حیرت ہوئی۔ پہلا تو فضائی سفر تھا۔ انڈونیشیا کی ائیرلائن اپنی سروس کے بارے میں بدنام تھی۔ رشوت عام تھی۔ لیکن 2012 تک گاروڈا علاقے کی بہترین ائیرلائن بن چکی تھی۔ رشوت طلب کرنے کی روایت نہیں رہی تھی۔
ایک فوجی کشتی نظر آئی۔ کسی نے بتایا کہ یہ غیرقانونی ماہی گیری کی نگرانی کیلئے ہے۔ یہ ایک اور خوشگوار حیرت تھی۔ جب نیوگنی میں لینڈ کیا تو یہاں حیران کن طور پر بڑے اور خوبصورت پرندے موجود تھے۔ غیرقانونی شکار ختم ہونے کے بعد انہیں پنپنے کا موقع ملا تھا۔ امپیریل کبوتر، پام کوکاٹو، ہورن بِل، اور دوسرے۔ پہلے یہ ڈھونڈے نہیں ملتے تھے۔
ایک دوست نے بتایا کہ ایک کرپٹ پولیس والے نے ان کے گاؤں کے چار لوگ مار دئے تھے۔ اور ان کا ضلعی ناظم بہت کرپٹ تھا۔ یہ اس علاقے کیلئے عام سی بات تھی۔ لیکن اس بار مختلف یہ تھا کہ پولیس والا اور ناظم جیل میں تھے۔ ایسا پہلے نہیں ہوتا تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ترقی کی بہت سی علامات ہیں لیکن انڈونیشیا کے بہت سے پرانے مسائل برقرار ہیں۔ رشوت ابھی بھی بہت ہے۔ انڈونیشیا کی فوج کی طرف سے یہ خوف رہتا ہے کہ وہ سیاسی مداخلت نہ کریں۔ جب فوجی جنرل کو 2014 کے انتخابات میں شکست ہوئی تو کئی مہینے تک خوف رہا کہ کچھ ہو نہ جائے۔ لیکن نظام چلتا رہا۔ انڈونیشیا کے نیوگنی میں علیحدگی پسندوں کی مسلح تحریک جاری ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
انڈونیشیا ایک کمسن ملک ہے۔ اس کی تاریخ مختصر ہے اور تنوع بہت زیادہ۔ یہاں پر یہ خطرہ اصل تھا کہ ملک جلد ہی ختم نہ ہو جائے اور کئی ٹکڑوں میں بٹ جائے۔ انڈو چائنہ کی ایسی کالونی ویت نام، کمبوڈیا اور لاوس میں تقسیم ہو گئی تھی۔ نیدرلینڈز نے اسے بھی تقسیم کرنے کی کوشش کی۔ لیکن انڈونیشیا قائم رہا۔ اس کے اتحاد کی ایک وجہ نیدرلینڈز کے خلاف لڑی گئی چار سال کی جنگِ آزادی بھی ہے۔ یہ آزادی کے ہیروز کی جدوجہد تھی، جس نے قوم کو شناخت دی۔ اور انڈونیشیائی اس پر فخر کرتے ہیں۔ اس کی قومی زبان بہاسا ملک کو اکٹھا رکھنے کا ایک اور بڑا فیکٹر ہے۔
قومی تشخص کی جڑوں کو مضبوط کرنے کے لئے انڈونیشیا کی حکومت پانچ نکاتی فریم ورک پنکاسیلا کی تروجیج کرتی ہے۔ سالانہ تقریب میں اس کا اعادہ کیا جاتا ہے۔ سات جنرلوں کے قتل سے جنم لینے والی تاریخ اب نمایاں نہیں رہی۔ انڈونیشیائی لوگ اب اپنی قومی شناخت کے بارے میں خود کو اتنا محفوظ سمجھتے ہیں کہ انہیں “کمیونسٹ بغاوت” جیسی جھوٹی کہانی کا سہارا لینے کی ضرورت نہیں رہی۔
مسائل اور مواقع کے انبار سے بھرا نوجوان انڈونیشیا اب ایک جاندار اور مضبوط ملک ہے۔
ختم شد