امریکہ اور یورپی ملکوں کے بعد مشرق وسطیٰ کے ممالک نے بھی اپنے شہریوں کو روس سے بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر اپنے شہریوں کو یوکرین کا سفر ملتوی کر...
امریکہ اور یورپی ملکوں کے بعد مشرق وسطیٰ کے ممالک نے بھی اپنے شہریوں کو روس سے بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر اپنے شہریوں کو یوکرین کا سفر ملتوی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کویت نے سنیچر کو تمام شہریوں سے یوکرین کا سفر ملتوی کرنے جبکہ وہاں موجود کویتی شہریوں سے ملک چھوڑے کا کہا ہے۔
ادھر متحدہ عرب امارات نے اپنے شہریوں کو یوکرین کا سفر کرنے کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔
خیال رہے کہ جمعے کو امریکہ کے وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے کہا تھا کہ روس نے یوکرین کی سرحد پر مزید فوجی بھیج دیے ہیں اور وہ کسی بھی وقت حملہ کر سکتا ہے جو بیجنگ میں جاری موسم سرما کے اولمپکس کے دوران بھی ہو سکتا ہے۔
آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہمیں روس کا حملہ واضح طور پر دکھائی دے رہا ہے، جو کسی بھی وقت ہو سکتا ہے اور یہ چین میں ہونے والے موسم سرما کے اولمپکس کے دوران بھی ہو سکتا ہے۔‘
امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن کے مطابق محکمہ خارجہ نے یوکرین میں موجود امریکی شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب روس نے مغربی ممالک کے خدشات سے انکار کیا ہے کہ وہ سوویت یونین کے سابقہ حصے پر حملے کی تیاری کر رہا ہے۔
گزشتہ ہفتے ونٹر اولپمکس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر چین اور روس نے مل کر اعلان کیا تھا کہ ان کی ’دوستی کی کوئی حدود نہیں‘ جبکہ یوکرین اور تائیوان کے معاملے پر ایک دوسرے کا ساتھ دینے اور مغرب کے خلاف متحدہ ہونے کے عزم کا اظہار بھی کیا تھا۔