اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی کا اجلاس (آج)پیر کو شام چار بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا جس میں منی بجٹ منظور کیے جانے کا امکان ہے۔ پار...
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی کا اجلاس (آج)پیر کو شام چار بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا جس میں منی بجٹ منظور کیے جانے کا امکان ہے۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق اجلاس میں قومی اسمبلی اپنے نئے اجلاس میں مالیاتی (ضمنی) بل 2021 پر سینیٹ کی سفارشات پر غور کرے گی جسے وزیر خزانہ شوکت ترین نے 30 دسمبر کو قومی اسمبلی میں پیش کیا تھا۔
خیال رہے کہ ٹیکس اور ڈیوٹیز سے متعلق بعض قوانین میں ترمیم سے متعلق مالیاتی بل اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ترمیمی) بل 2021 کی منظوری اس بات کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ پاکستان کے 6 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت کے چھٹے جائزے کو آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ سے منظوری مل جائے، تقریباً ایک ارب ڈالر کی قسط کی تقسیم کا فیصلہ کرنے کے لیے آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس 12 جنوری کو ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی سمیت متحدہ اپوزیشن نے منی بجٹ کی بھرپور مخالفت کا اعلان کر رکھا ہے ۔