ویب ڈیسک: اسرائیل نےامریکا کو ایران پر مجوزہ حملے کی تاریخ دیدی ہے، اسرائیلی وزیر دفاع نے اپنی فوج کو ایران پر حملے کی تیاری مکمل کرنے کا حک...
ویب ڈیسک: اسرائیل نےامریکا کو ایران پر مجوزہ حملے کی تاریخ دیدی ہے، اسرائیلی وزیر دفاع نے اپنی فوج کو ایران پر حملے کی تیاری مکمل کرنے کا حکم دیا ہے، اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے سابق وزیراعظم نیتن یاہو کے دعوے کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ایران جوہری ریاست بننے کے قریب ہے، دوسری جانب ایران نے خبردار کیا ہے کہ جارحیت کرنے والوں کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
عالمی تنازعات کے مرکز، مشرقِ وسطیٰ پر ایک اور جنگ کے سائے منڈلانےلگے۔ اسرائیل نے ایران پر حملے کی تیاری شروع کردی۔ اسرائیل نے امریکا کو ایران پر مجوزہ حملے کی تاریخ بتا دی ہے، غیرملکی میڈیا نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی وزیردفاع بینی گینٹز نے دورۂِ واشنگٹن میں اہم ملاقاتوں کے دوران امریکی حکام کو آگاہ کیا کہ ایران پر حملے کیلئے حتمی تاریخ مقرر کردی ہے اور اسرائیلی فورسز کوایران پر حملے کی تیاری مکمل کرنے کا حکم دے دیا ہے،اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حکام نے اسرائیل کے ممکنہ اقدام پر کسی قسم کا منفی رد عمل نہیں دیا۔
اسرائیلی وزیردفاع نے ہفتے کے روز دعویٰ کیا تھا ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی،امریکا اور دیگر فریقین کے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے جبکہ ایران ایک جوہری ریاست بننے کے قریب ہے۔
گزشتہ دنوں اسرائیل نے امریکا سے ایرانی نیوکلیئر سائٹس کیخلاف’حقیقی مشقیں‘کرنے کیلئے حمایت کا تقاضا بھی کیا تھا،اسرائیل کی جانب سے امریکا کو ایران کے جوہری مقامات پر ٹارگٹڈ اسٹرائیکس کرنے کی تجویز بھی دی گئی تھی۔
ایران نے جوہری مقامات پر حملے کی ممکنہ تیاری پر سخت رد عمل دیا ہے، ایران کے عسکری حکام کا کہنا ہے ایران کیخلاف جارحیت کرنے والوں کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ ایسے کسی بھی اقدام کی صورت میں ایران کو اصل اہداف پر اپنے میزائل ٹیسٹ کرنے کا موقع ملے گا۔