لاہور (ویب ڈیسک )ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے سیالکوٹ واقعہ پر تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ واقعہ کا ...
لاہور (ویب ڈیسک )ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے سیالکوٹ واقعہ پر تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ واقعہ کا نوٹس لیا ہے ، واقعہ سے لوگوں میں اضطراب پھیلا ہے ، پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج ہو چکاہے اور انصاف نہ صرف ہو گا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا ، وزیراعلیٰ نے ایک سیل بنایا ہے جس کی نگرانی خود کر رہے ہیں ۔
ترجمان پنجاب حکومت نے بتایا کہ پولیس نے 200 چھاپوں کے دوران 118 افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں 13 مرکزی ملزمان بھی شامل ہیں ، کسی شخص کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی ، سرکاری اہلکاروں کی غفلت پائی گئی تو ان کے خلاف بھی باقاعدہ کارروائی ہو گی ، سی ڈی آر اور موبائل ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیاہے اور اس ویڈیو فوٹیج کا فرانزک جاری ہے ۔ان کا کہناتھا کہ واقعہ کا مثال بنانا ہے کہ آئندہ دوبارہ کبھی ایسا واقعہ پیش نہ آئے ۔
حسان خاور کا کہناتھا کہ یہ واقعہ صبح 10 بج کر دو منٹ پر شروع ہوا ، ایک گھنٹے کے بعد سری لنکن منیجر کو ہلاک کر دیا گیا اور پولیس کو واقعہ کی اطلاع 11بج کر 28 منٹ پر ملی ، پولیس کا سکواڈ کال موصول ہونے کے بعد 17 منٹ میں وہاں پہنچ گیا تھا جن میں ایس ایچ او خود اور کچھ اہلکار ان کے ساتھ تھے ۔موقع پر 800 سے 900 لوگ موجود تھے جنہوں نے پولیس کو آگے جانے سے روکا جس پر مزید نفری طلب کی گئی ۔ سری لنکن منیجر کو پولیس کو دی گئی پہلی اطلاع سے قبل ہی مار دیا گیا تھا ۔