وفاقی حکومت کے مشیر خزانہ نے ملک میں پیٹرول مزید مہنگا ہونے کا عندیہ دے دیا ، شوکت ترین کہتے ہیں کہ عالمی مارکیٹ میں تیل مہنگا ہوگا تو ہم بھ...
وفاقی حکومت کے مشیر خزانہ نے ملک میں پیٹرول مزید مہنگا ہونے کا عندیہ دے دیا ، شوکت ترین کہتے ہیں کہ عالمی مارکیٹ میں تیل مہنگا ہوگا تو ہم بھی مزید مہنگا کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ سمیت دیگر ملکوں میں بھی مہنگائی پر لے دے ہو رہی ہے کیوں کہ تیل کی قیمت میں47 ڈالراضافہ ہوا ، جس کی وجہ سے ساری درآمدی اشیا کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں لیکن اس کے باوجود دنیامیں جتنی قیمتیں بڑھی ہیں ہمارے ہاں اتنی نہیں بڑھیں ۔
شوکت ترین نے کہا ہے کہ جب حکومت سنبھالی تو معاشی مشکلات کا سامنا تھا کیوں کہ ہمارے پاس ڈالر نہیں تھے تو اس لیے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا لیکن کورونا کی وجہ سے ہماری معیشت منفی میں چلی گئی تاہم کوویڈ کو جس طرح وزیراعظم نے ہینڈل کیا اس کی پوری دنیا نے تعریف کی ، عمران خان کوعام آدمی کے مسائل کا احساس ہے ، اس وقت ہماری ترجیح کم آمدنی والوں کے مسائل حل کرنا ہے ، لوگوں کی قوت خرید آہستہ آہستہ بڑھے گی ، کامیاب پاکستان پروگرام سے ملک کی قسمت بدل جائے گی ، 40 لاکھ گھرانوں کو اپنے پیروں پر کھڑے کررہے ہیں ، معاشی ترقی کی شرح 5 فیصد سے زیادہ ہونے کی توقع ہے ، ہمیں ہر سال 15 سے 20 فیصد نوکریوں کی ضرورت ہے۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ انکم ٹیکس میں 32 فیصداضافہ ہوا ، ٹیکس دہندگان میں اضافہ ہمارا ہدف ہے ، کوشش ہے آئی ٹی کی برآمدات آئندہ سال 75 فیصد تک ترقی کرے ، ایسے گروتھ کرتے رہے تو 5 سال میں 20 فیصد پرچلے جائیں گے ، ہمیں کم از کم 20 سے 30 سال کے لیے ترقی چاہیے لیکن بچت نہ ہونے کی وجہ سے پائیدار ترقی نہیں کرپاتے ، پائیدار ترقی نہ ہونے کی ایک اور وجہ درآمدات اور برآمدات میں فرق ہے ، حکومت نے زراعت پر توجہ دی ، اس لیے زراعت پر اس بار بہت پیسے لگا رہے ہیں۔