سیالکوٹ(ویب ڈیسک) :نجی نیوز ویب سائٹ اردو نیوز کے مطابق نیشنل پروگرام فار امپروومنٹ آف واٹر کورسسز فیز ٹو کے تحت ضلع سیالکوٹ میں 98کاشتکاربھ...
سیالکوٹ(ویب ڈیسک) :نجی نیوز ویب سائٹ اردو نیوز کے مطابق نیشنل پروگرام فار امپروومنٹ آف واٹر کورسسز فیز ٹو کے تحت ضلع سیالکوٹ میں 98کاشتکاربھائیوں کوبذریعہ قرعہ اندازی 2لاکھ 50روپے فی لیزر یونٹ سبسڈی دی جائے گی۔
اس سلسلہ میں اصلاحِ آبپاشی پروگرام پنجاب کے زیر اہتمام انوار کلب آڈیٹوریم سیالکوٹ میں ریجنل ڈائریکٹر اصلاح زرعی آ بپاشی گوجرانوالہ ڈاکٹر غلام عباس کی زیر صدارت لیزر یونٹس کی تقسیم کے سلسلہ میں قرعہ اندازی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر نمائندہ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ،تحصیلدار عمر مشتاق، ڈی ڈی اصلاح آبپاشی سیالکوٹ محمد عمران سمیت کاشتکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ریجنل ڈائریکٹر اصلاح آ بپاشی گوجرانوالہ ڈاکٹر غلام عباس نے بذریعہ قرعہ اندازی لیزر لینڈ لیولرزیونٹس کے خوش نصیب کاشتکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ اصلاحِ آبپاشی کا مقصد آبپاشی کے پانی کی ترسیل اور استعمال میں بہتری کو یقینی بنا تے ہوئے فصلوں اور پانی کی پیداواری صلاحیت کو زیادہ سے زیادہ بڑھانا اور صارفین کی شراکت کے ذریعہ اصلاحِ زرعی آبپاشی کی جدید ٹیکنالوجیز کو فروغ دینا ہے۔
ڈی ڈی اصلاح زرعی آبپاشی سیالکوٹ محمد عمران نے کہاکہ کھالاجات میں ضیاع کے علاوہ آبپاشی کے دوران تقریباً 40 فیصد پانی ناہموار کھیتوں اورزرعی رقبہ جات کی نامناسب حد بندیوں کی وجہ سے ضائع ہو جاتا ہے جو پیداوار میں کمی کا باعث بنتا ہے۔ شعبہ اصلاح آبپاشی نے اس مسئلے کا حل 1985 میں ہمواری زمین بذریعہ لیزر لینڈ لیولنگ ٹیکنالوجی متعارف کروائی۔ روایتی طریقے سے زمین کی ہمواری کے برعکس لیزر لینڈ لیولنگ سے آبپاشی کے پانی کے ضیاع میں 35 فیصد کمی اور فصلوں کی پیداوار میں 23 فیصد اضافہ ہوتا ہے۔ شعبہ اصلاحِ آبپاشی کی جانب سے حکومتِ پنجاب امسال 9500 لیزر یونٹس سبسڈی پر کاشتکاروں کو فراہم کرنے جارہی ہے اور یہ ٹیکنالوجی صوبہ بھر کے کاشتکاروں میں انتہائی مقبول ہے۔