آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ 2 میں سپر 12 مرحلے کے میچ میں پاکستان نے جیت کی ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے افغانستان کو سنسنی خیز مقاب...
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ 2 میں سپر 12 مرحلے کے میچ میں پاکستان نے جیت کی ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان نے 148 رنز کا ہدف بابر اعظم اور آصف علی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 19 اوورز میں مکمل کرلیا۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔
پاکستان کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ افغانستان نے بھی اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھلائی گئی ٹیم کو ہی میدان میں اُتارا۔
افغانستان نےآخری اوورز میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر147 رنز بنائے۔
کپتان محمد نبی اور گلبدین 35،35 رنز بناکر نمایاں رہے، افغانستان نے آخری 5 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 54 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے عماد وسیم نے 2،شاہین ، حسن ، شاداب اور حارث نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کی پہلی وکٹ 7 رنز پر گری،حضرت اللہ ززئی صفر پر عماد وسیم کا شکار بنے۔
ٹیم کا اسکور 13 رنز پر ہی پہنچا تھا کہ محمد شہزاد بھی شاہین شاہ کی گیند پر 8 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔
افغانستان کی تیسری وکٹ 33 رنز پر گر ی ، حارث رؤف نے اصغرافغان کو 10 رنز پر پویلین بھیجا۔
افغانستان نے جارحانہ انداز تو اپنایا لیکن ساتھ اپنی وکٹیں بھی گنواتیں رہے، حسن علی نے افغانستان کی چوتھی وکٹ 39 رنز پر گرائی ،رحمان اللہ 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
افغانستان کی یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کا سلسہ جاری رہا ، عمادوسیم نے کریم جنت کو 15 رنز پر آؤٹ کیا۔
اس کے علاوہ نجیب اللہ زادران 22 رنز بنا کر شاداب کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان نے 148 رنز کا ہدف بابر اعظم اور آصف علی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 19 اوورز میں حاصل کرلیا۔
کپتان بابر اعظم 51 رنز بنا کرنمایاں رہے جبکہ آصف علی نے 7 گیندوں پر برق رفتار 25 رنز بناکر ٹیم کو شاندار فتح دلوائی۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 12 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد رضوان 10 گیندوں پر 8 رنز بناکر مجیب الرحمان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
رضوان کے جلدی آؤٹ ہونے کے بعد کپتان بابر اور فخر زمان کے درمیان 63رنز کی شراکت قائم ہوئی لیکن یہ شراکت داری میچ کو پورا نہ کرسکی۔
75 کے مجموعی اسکور پر افغانستان کے کپتان نبی نے فخر زمان کو 30 رنز پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔
محمد حفیظ بھی 10 رنز بناکر راشد خان کا شکار ہوگئے۔
حفیظ کو آؤٹ کرتے ہی راشد خان نے تیز ترین 100 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشلز وکٹوں کا ریکارڈ بنالیا۔
راشد خان نے 53 میچز میں ٹی ٹوئنٹی انٹریشنل وکٹوں کی سنچری مکمل کی۔
پاکستان ٹیم کا مجموعی اسکور 122 رنز پر پہنچا تو کپتان بابر اعظم 51 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
پاکستان کو 12 گیندوں پر 24 رنز درکار تھے کہ آصف علی نے 19ویں اوور میں 4 چکھے لگاکر پاکستان کو 5 وکٹوں سے کامیابی دلوادی۔
محمد رضوان نے نجیب اللہ زادران کاکیچ پکڑ کر ایک سال میں بطور وکٹ کیپر سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی شکار کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا۔
رضوان کے سال 2021 میں مجموعی وکٹ کیپنگ شکار کی تعداد 39 ہوگئی جبکہ بھارت کے ایم ایس دھونی نے سال 2016 میں 39 شکار کیے تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے گروپ 2 میں پہلے بھارت اور پھر نیوزی لینڈ کو شکست سے دوچار کیا ہے لیکن اہم بات یہ ہے کہ پاکستان نے اپنے گزشتہ دونوں میچز میں ٹاس جیتا تھا اور پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔