فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطلب یورپی یونین سے تعلقات کا خاتمہ ہے ، شیخ رشید

اسلام آباد : وزیر داخلہ شیخ رشید نے فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے سے متعلق واضح کہہ دیا کہ فرانس کے سفیر کو نکالنے کا مطلب یورپی یونین سے تعلقات کا خاتمہ ہے ، عشق رسول ﷺ میں کسی نے مجھ سے زیادہ جیل کاٹی ہے تو آکر میڈیا پر اپنا نام لے ، میں گھر جا کر اسے مبارکباد دوں گا۔

اسلام آباد میں تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے سے متعلق واضح الفاظ میں کہہ دیا کہ دور حاضر میں یورپی یونین سے تعلقات منقطع نہیں کئے جا سکتے اور فرانس کے سفیر کو نکالنے کا مطلب یورپی یونین سے تعلقات بگاڑنا ہے ، ہم بھی عاشق رسول ﷺ ہیں ، وزیر اعظم ریاست مدینہ کیلئے کام کر رہے ہیں ، ہماری کوشش یہی ہوتی ہے کہ دنگا فساد کم سے کم ہو اور اپنے مقاصد حاصل کر لئے جائیں ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ دور حاضر میں میڈیا جتنی کوریج اپوزیشن کو دے رہا ہے یہ ا س بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں سیاسی اور جمہوری آزادی میسر ہے ، قانون کو ہاتھ میں لئے بغیر ہر طرح کے احتجاج کی اجازت ہے لیکن کسی نے قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو پھر بھرپور ایکشن لیں گے ۔