وادی گلوان میں بھارتی فوجیوں کی پٹائی، چین نے ویڈیو جاری کردی

بیجنگ : چین اور بھارت کے درمیان گزشتہ برس لداخ کی گلوان وادی میں ہونے والی جھڑپ کے بعد کی ویڈیو جاری کردی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ متعدد بھارتی فوجی انتہائی زخمی حالت میں ہیں اور ان کے جسم کے مختلف حصوں پر پٹیاں بندھی ہوئی ہیں۔ ان فوجیوں سے چلا بھی نہیں جا رہا جس کے باعث انہیں پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے یا چینی فوج) کے جوان سہارا دے کر لے جا رہے ہیں۔ یہ وہ فوجی ہیں جنہیں گلوان وادی میں گزشتہ برس جھڑپ کے دوران چین نے گرفتار کیا تھا۔ گزشتہ برس 15 جون کو چینی اور بھارتی فوج میں سرحد پر جھڑپ ہوئی تھی جس 20 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

چین کی جانب سے گزشتہ دنوں بھارتی فوجیوں کی تصاویر بھی جاری کی گئی تھیں جن میں متعدد زخمی بھارتی فوجیوں کو چینی فوج کی حراست میں دیکھا جاسکتا ہے۔ بی بی سی کے مطابق بھارتی میڈیا پر اس حوالے سے مکمل خاموشی ہے۔ حکومتی سطح پر بھی اس بارے میں کوئی بات نہیں کی جا رہی ۔ اپوزیشن کی جانب سے حکومت سے اس کی وضاحت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس کے ترجمان نے مودی سرکار سے سوال کیا ہے کہ وہ بتائے کہ ان ویڈیوز اور تصاویر کے بارے میں کیا کیا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیوز اور تصاویر ایک ایسے وقت میں جاری کی گئی ہیں جب بھارت اور چین کے سرحدی تنازعے پر ہونے والے مذاکرات کا 13 واں دور مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے۔ گزشتہ برس کی تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے چین یہ واضح کرنا چاہتا ہے کہ مذاکرات صرف ان کی شرطوں پر ہی ہوں گے۔