صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں پیش آئے وین حادثے سے متعلق اوگرا کی تحقیقاتی رپورٹ میں مزید انکشافات سامنے آگئے۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوال...
صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں پیش آئے وین حادثے سے متعلق اوگرا کی تحقیقاتی رپورٹ میں مزید انکشافات سامنے آگئے۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں مسافر وین میں آگ لگنے کے واقعے بعد اوگرا کی ٹیم نے حادثے کی جگہ کا معائنہ کیا جس کے بعد اوگرا ٹیم نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ اعلیٰ حکام کو پہنچا دی۔
ذرائع کے مطابق اوگرا کی جانب سے انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وین میں ایک نہیں بلکہ دو سلنڈر لگے ہوئے تھے ، وین کو پیچھے سے ٹکر لگی تو ایک سلنڈر کی نوزل کھل گئی ، سلینڈر کی نوزل کھلنے کی وجہ سے گیس گاڑی میں پھیلی اور آگ لگ گئی جب کہ گاڑی میں لگے دونوں سلینڈرز کے ٹینک درست حالت میں تھے۔ اوگرا کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا کہ وین میں غیر معیاری سلنڈر استعمال کیا گیا اور وین میں سلنڈر لگاتے وقت احتیاطی تدابیر نظر انداز کی گئیں جب کہ سلنڈر لگاتے وقت حفاظتی اقدامات بروئے کار نہیں لائے گئے ، اوگرار نے مسافر گاڑیوں میں ایل پی جی کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی ہے لیکن اس کے باوجود گاڑیوں میں سی این جی سلنڈرز میں ایل پی جی کا استعمال کیا جارہا ہے ، کمرشل گاڑیوں کو سرٹیفکیٹ دینے کا عمل شفاف بنایا جائے۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ میں مسافر وین میں آگ لگنے سے 10 افراد کے جاں بحق ہونے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، واقعے کا مقدمہ تھانہ کینٹ میں درج کیا گیا ، مقدمے کے مطابق وین میں آگ پیچھے سے آنے وانے والے منی ٹرک کی ٹکر سے لگی ، آگ لگنے کے بعد وین اور ٹینکر ڈرائیور فرار ہوگئے جب کہ حادثے کا شکار ہونے والی وین راولپنڈی کے رہائشی کی ملکیت ہے ، 2012 ماڈل کی وین کو 2015 میں امپورٹ کیا گیا ، جس کے بعد 8 جون 2015 کو وین کو ایل ای ایس 766 نمبر الاٹ کیا گیا اور وین کے مالک نے لاہور سے گاڑی کا روٹ پرمٹ حاصل کیا۔ دوسری جانب گوجرانوالہ میں پیش آئے افسوسناک مسافر وین حادثے کے نتیجے میں جاں بحق 10 افراد میں سے 6 کی شناخت ہو گئی ہے ، ایم ایس ڈاکٹر فضل الرحمٰن کے مطابق ڈی ایچ کیو ہسپتال میں لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے ، جہاں اب تک جاں بحق 10 افراد میں سے 6 کی شناخت ہو چکی ہے ، جن میں اسلام آباد کی ارم اور اس کا 7 سالہ بیٹا شامل ہے اس کے علاوہ مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی شناخت بھی ہوگئی ہے جن میں آمنہ نامی خاتون اور اس کے 2 بیٹے اور سسر بھی شامل ہیں جب کہ وین حادثے میں جاں بحق 4 افراد کی شناخت تا حال نہیں ہوئی ہے ، لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کے نمونے لیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گوجرانوالہ میں مسافر وین میں آگ لگنے سے بدقسمت وین میں سوار 10 افراد جھلس کر جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے تھے۔