پٹرول کے بعد ایل پی جی بھی مہنگی ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 18 روپے 84 پ...
پٹرول کے بعد ایل پی جی بھی مہنگی ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 18 روپے 84 پیسے کا اضافہ کردیا ۔ گھریلو سلنڈر 222 روپے 28 پیسے مہنگا ہوگیا ۔ 11.8 کلوگرام گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 1889 روپے 57 پیسے ہوگئی۔ حکومت نے31 مئی2021ء کو بھی ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کیا تھا ۔
یکم جون سے ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 94 روپے 89 پیسے مہنگا کیا گیا تھا۔ فی کلو ایل پی جی 8 روپے مہنگی کی گئی تھی۔ ایک ماہ قبل 11.8 کلوگرام کےگھریلو سلنڈر کی قیمت 1667 روپے 29 پیسے تھی۔ یاد رہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق اوگرا کی تجویز کے برعکس پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں صرف 2 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 44 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، نئی قیمت کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا اضافے کے بعد پٹرول کی فی لیٹر قیمت 112 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت 114 روپے ہوگئی۔ اس سے قبل گزشتہ روز اوگرا نے یکم جولائی سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی تھی۔ سمری میں یکم جولائی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی۔ اوگرا کی سمری میں پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر اضافے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے اضافے کی سفارش کی گئی۔
بتایا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ موجودہ پیٹرولیم لیوی کے مطابق ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے 4 دن قبل پٹرولیم مصنوعات پر عائد سیلز ٹیکس میں کمی کر دی تھی۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق مٹی کے تیل اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل پر عائد سیلز ٹیکس میں کمی کی گئی ہے، جبکہ پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر عائد سیلز ٹیکس کی موجودہ شرح برقرار رہے گی۔ مٹی کے تیل پر عائد سیلز ٹیکس 9 عشاریہ 15 فیصد سے کم کر کے 6 عشاریہ 70 فیصد، جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل پر عائد 2 روپے سے زائد کا سیلز ٹیکس کم کر کے صرف عشاریہ 20 فیصد کر دیا گیا ہے۔