ٹموتھی ٹریڈ ویل ماحولیات میں کام کرنے، ڈاکومنٹری فلمیں بنانے کی وجہ سے مشہور تھے۔ ان کی شہرت بھالوؤں کے درمیان رہنے کی وجہ سے تھی۔ ما...
ٹموتھی ٹریڈ ویل ماحولیات میں کام کرنے، ڈاکومنٹری فلمیں بنانے کی وجہ سے مشہور تھے۔ ان کی شہرت بھالوؤں کے درمیان رہنے کی وجہ سے تھی۔
ماہرینِ نفسیات ایسے افراد کے لئے جو اصطلاح استعمال کرتے ہیں، وہ سینسیشن سیکر یعنی سنسنی کے متلاشی کی ہے۔ ٹریڈ ویل ایسے ہی افراد میں سے تھے۔ کیلے فورنیا میں رہنے والے ٹریڈویل اپنی زندگی میں قسم قسم کے تجربات کر چکے تھے۔ ہر قسم کی منشیات کا استعمال، جس میں ہیروئن اور کوکین شامل تھیں کیا تھا۔ انہیں منشیات کی ایک کاک ٹیل کے استعمال سے مرتے مرتے بچے تھے۔ اس کے علاوہ ایک بار ایل ایس ڈی کے نشے کے زیرِ اثر اپنے گھر کی بالکونی سے نیچنے چھلانگ لگا دی تھی۔ تیسری منزل سے نیچے منہ کے بل گرے تھے۔ خوش قمستی یہ رہی کہ نیچے نرم کیچڑ تھا۔
ایک مرتبہ الاسکا کا سفر کیا اور ایک نئی محبت دریافت کر لی۔ یہ نئی محبت بھالو تھے جس نے ان کی منشیات کی عادت چھڑوا دی۔ کاٹمائی نیشنل پارک میں تمام گرمیاں بھالوؤں کے درمیان گزارتے اور ان سے انٹرایکشن کرتے فلمیں بناتے۔ ایک ہزار پاونڈ وزنی بھالو پیتیس میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بھاگ سکتے ہیں!! یہ گیارہ فٹ اونچی چھلانگ لگا سکتے ہیں!! یہ ٹریڈویل کا مشاہدہ تھا۔ ان کی لکھی کتاب “الاسکا کے بھالووٗں کے درمیان” اور ان کا بنایا ٹی وی شو “گرزلی مین ڈائری” مقبول ہوا۔ ان کے ذاتی زندگی کے خطرے ہالی ووڈ اور میڈیا کی کہانیاں بن گئے۔ ان کی ماحول پر بنائی گئی تنظیم کی فنڈ ریزنگ میں لیونارڈو ڈی کاپریو اور پئیرس بروسنان جیسے افراد اور پیٹاگونیا جیسے کارپوریشن نے حصہ لیا۔
یہ خاموشی سے گھات لگا کر اپنی شکار کو پکڑ لیتے ہیں۔ اپنے ایک ہاتھ کے وار سے آپ کو مار دیں گے۔ ٹریڈ ویل نے صبر سے اور بہادری سے یہ سب دریافت کیا۔ ٹریڈویل کے خیال میں ان کو رام کرنے کا فن وہ سیکھ گئے تھے۔ ان کو گانا سنایا جائے اور محبت کا اظہار کیا جائے تو پھر یہ اتنے خطرناک نہیں رہتے۔ تیرہ سال تک الاسکا میں ان کا وقت اسی طرح گزرا۔
انہوں نے دوسروں کو کہا کہ “آپ بھی الاسکا آئیں اور وہ کریں جو میں کر رہا ہوں۔ ہو سکتا ہے کہ آپ اس میں زندہ نہ بچیں لیکن ابھی تک میں بچا ہوا ہوں۔” اس کے بعد زیادہ عرصہ نہیں گزرا تھا کہ ٹریڈویل 2003 میں اپنی ساتھی ایمی ہوگینار کے ساتھ ہی شکار ہو گئے۔ بھالوؤں نے ان کو زندہ ہی کھا لیا تھا۔
خطروں کے کھلاڑی ہماری نوع کے لئے ضروری ہیں۔ یہ وہ نیا کر سکتے ہیں جو کوئی دوسرا کرنے کی جرات نیہں کرتا۔ یہی نئی دریافتیں کرنے میں پیش پیش ہوتے ہیں۔ یہ اپنی اس خاصیت کو منشیات کے استعمال میں یا دوسری منزل سے چھلانگ لگانے میں استعمال کرتے ہیں یا وہ کام کر کے جو کسی اور کے لئے کرنا ممکن نہ ہو۔ ٹریڈویل نے ہمارا علم بھالوؤں کے بارے میں بڑھایا۔ رات کو قبروں سے لاشیں چرا کر تجربے کرنے والے ویسلئیس نے جدید میڈیکل سائنس کی بنیاد رکھی۔ ان میں اور ایک پہئے پر موٹرسائکل دوڑانے والے کی طبیعت مشترک ہے۔ فرق اس خاصیت کے استعمال کا ہے۔
ٹموتھی ٹریڈ ویل پر
https://en.wikipedia.org/wiki/Timothy_Treadwell